اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
اللہ عَزَّوَجَلکے پیارے حبیب ، حبیب ِ لبیب،طبیبوں کے طبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ رحمت نشان ہے: جو مجھ پر شب ِ جمعہ اور روز جمعہ (یعنی جمعرات کے غروب آفتاب سے لے کر جمعہ کا سورج ڈوبنے تک) سوبار درود شریف پڑھے اللہ تعالٰی اُس کی سو حاجتیں پوری فرمائے گا 70آخرت کی اور 30 دنیا کی۔(شُعَبُ الْاِیمان ج۳ص۱۱۱حدیث۳۰۳۵)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی
اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
ہر وردکے اوّل وآخر ایک بار درود شریف پڑھ
لیجئے، فائدہ ظاہر نہ ہونے کی صورت میں شکوہ کرنے کے بجائے اپنی کوتاہیوں کی شامت
تصور کیجئے ،اللہ
عَزَّوَجَلکی حکمت پر نظر رکھئے۔
{۱}’’ ہُوَاللہُ الرَّحِیۡمُ ‘‘جو ہر نماز کے بعد سات بار پڑھ لیا کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ شیطان کے شرسے بچا رہے گا اور اُس کا ایمان پرخاتمہ ہوگا۔
{۲} ’’یَا اَللہُ ‘‘ 100بار سوتے وقت پڑھنے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ شیاطین کی شرارت و فالج اور لقوے کی آفت سے حفاظت ہو گی ۔
{۳}’’ یَا مَلِکُ ‘‘90 بار جو غریب و نادار روزانہ پڑھا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ غربت سے نجات پائے گا۔
{۴}’’ یَاقُدُّوۡسُ‘‘ کا جو کوئی دورانِ سفر ورد کرتا رہے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ تھکن سے محفوظ رہے گا۔
{۵}’’ یَاسَلَامُ ‘‘ 111 بار پڑھ کر بیمار پر دم کرنے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ شفا حاصل ہوگی۔
{۶}’’ یَامُھَیۡمِنُ ‘‘ 29 بار جو کوئی غمزدہ روزانہ پڑھ لے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کا غم دور ہو،نیز اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آفتوں اور بلا ؤں سے بھی محفوظ رہے ۔
{۷}’’ یَاعَزِیۡزُ ‘‘ 41 بار حاکم یا افسر وغیرہ کے پاس جانے سے قبل پڑھ لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ وہ حاکم یا افسر مہربان ہو جائے گا۔
{۸}’’ یَامُتَکَبِّرُ ‘‘ 21 بار روزانہ پڑھ لیجئے، ڈراؤنے خواب
آتے ہوں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نہیں آئیں گے۔ (مد ت علاج : تا حصول شفا )
{۹}’’ یَامُتَکَبِّرُ ‘‘ زوجہ سے ’’ملاپٖٖ‘‘ سے قبل 10 بار پڑھ لینے والا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نیک بیٹے کا باپ بنے گا۔
{۱۰}’’ یَابَارِئُ ‘‘ 10بار جو کوئی ہر جمعہ کو پڑھ لیا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کو بیٹاعطاہوگا۔
{۱۱}’’ یَاقَھَّارُ ‘‘ 100بار اگر کوئی مصیبت آ پڑے تو پڑھئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ مشکل آسان ہوگی۔
{۱۲}’’ یَاوَھَّابُ ‘‘ سات بار جو روزانہ پڑھا کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ مستجاب الدعوات ہوگا (یعنی اس کی دعائیں قبول ہوا کریں گی )
{۱۳}’’ یَافَتَّاحُ ‘‘ 70بار جو روزانہ بعد نمازِ فجر دونوں
ہاتھ سینے پر رکھ کرپڑھا کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کے دل کا زنگ ومیل دور ہوگا۔
{۱۴}’’ یَافَتَّاحُ ‘‘ سات بار جوروزانہ (کسی بھی وقت دن میں ایک مرتبہ)پڑھا کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کادل روشن ہوگا۔
{۱۵}’’ یَاقَابِضُ ،یَابَا سِطُ‘‘ 30بار جو ہر روز پڑھا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ وہ دشمن پرفتح پائے گا۔
{۱۶}’’ یَارَافِعُ ‘‘ 20 بار جوروزانہ پڑھا کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی مراد پوری ہوگی۔
{۱۷}’’ یَابَصِیۡرُ ‘‘ سات بارجوکوئی روزانہ بوقت عصر (یعنی ابتدائے وقت عصرتا غروب آفتاب کسی بھی وقت ) پڑھ لیا
کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اچانک موت سے محفوظ رہے گا۔
{۱۸}’’ یَاسَمِیۡعُ ‘‘ 100بار جوروزانہ پڑھے اوراس دوران گفتگونہ کرے اور پڑھ کردعا مانگے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ جو مانگے گا پائے گا ۔
{۱۹}’’ یَاحَکِیۡمُ ‘‘ 80بار جو روزانہ پانچوں نمازوں کے بعد پڑھ لیا کرے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کسی کا محتاج نہ ہو۔
{۲۰}’’ یَاجَلِیۡلُ ‘‘ دس بار پڑھ کر جو اپنے مال و اسباب اور رقم وغیرہ پر دم کردے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ چوری سے محفوظ رہے گا۔
{۲۱}’’
یَاشَھِیۡدُ ‘‘21بار،صبح(طلوع آفتاب سے پہلے پہلے ) نافرمان بچے یا بچی کی پیشانی پرہاتھ رکھ کرآسمان کی
طرف منہ کر کے جوپڑھے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کا وہ بچہ یابچی نیک بنے۔
{۲۲}’’ یَاوَکِیۡلُ ‘‘ سات بار جو روزانہ عصر کے وقت پڑھ لیا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آفتوں سے پناہ پائے ۔
{۲۳}’’ یَاحَمِیۡدُ ‘‘ 90 بار،جس کی گندی باتوں کی عادت نہ جاتی ہو وہ پڑھ کر کسی خالی پیالے یا گلاس میں دم کر دے۔ حسبِ ضرورت اُسی میں پانی پیا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ فحش گوئی (یعنی بے حیائی کی باتوں ) کی عادت نکل جائے گی۔ (ایک بار کا دم کیا ہوا گلاس برسوں تک چلاسکتے ہیں )
{۲۴}’’ یَامُحۡصِیۡ ‘‘ ایک ہزار بار ،جو کوئی ہر شب جمعہ
(یعنی جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب) پڑھ لیا کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ قبر و قیامت کے عذاب سے محفوظ ہو۔
{۲۵}’’ یَامُحۡیِیۡ ‘‘ 7 بارپڑھ کراپنے اوپردم کر لیجئے، گیس ہویاپیٹ یا کسی بھی جگہ دردہویاکسی عضوکے ضائع ہو جانے کا خوف ہو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ فائدہ ہوگا۔(مدتِ علاج : تاحصول شفا، روزانہ کم از کم ایک بار )
{۲۶}’’ یَامُحۡیِیۡ، یَامُمِیۡتُ ‘‘ سات بار روزانہ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ جادو اثر نہیں کرے گا۔
{۲۷}’’ یَاوَاجِدُ ‘‘ جو کوئی کھانا کھاتے وقت ہر نوالے پر پڑھا کریگا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ وہ کھانااُس کے پیٹ میں نور ہو گا اور بیماری دورہوگی۔
{۲۸}’’ یَامَاجِدُ ‘‘ 10 بارپڑھ کر شربت وغیرہ پر دم کر کے جو پی لیاکرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ (سخت)بیمار نہ ہوگا۔
{۲۹}’’ یَاوَاحِدُ ‘‘ ایک ہزار ایک بار،جس کواکیلے میں ڈر لگتا ہو، تنہائی میں پڑھ لے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کے دل سے خوف جاتارہے گا۔
{۳۰}’’ یَاقَادِرُ ‘‘ جو وضو کے دوران ہر عضو دھوتے ہوئے پڑھنے کا معمول بنا لے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دشمن اس کو اغوا نہیں کرسکے گا۔
{۳۱}’’ یَاقَادِرُ ‘‘41 بار، مشکل آپڑے تو پڑھ لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آسانی ہوجا ئے گی۔
{۳۲}’’ یَامُقۡتَدِرُ ‘‘ 20 بار، جو روزانہ پڑھ لیا کرے
گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ رحمتوں کے سائے میں رہے گا۔
{۳۳}’’ یَامُقۡتَدِرُ ‘‘20 بار، جو نیند سے بیدار ہوکر پڑھ لیا کرے گا اُس کے ہر کام میں مدد الٰہی شامل رہے گی۔
{۳۴}’’ یَااَوَّلُ ‘‘ 100بار، جو روزانہ پڑھ لیاکرے گا اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی زوجہ اُس سے محبت کر ے گی۔
{۳۵}’’ یَامَانِعُ ، یَا مُعْطِی‘‘ 20 بار، بیوی ناراض ہو تو شوہر اور اگر شوہر ناراض ہو تو بیوی سونے سے قبل بچھونے پر بیٹھ کر پڑھے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ صلح ہوجائے گی۔ (مدت : تا حصول مراد)
{۳۶}’’ یَاظَاھِرُ ‘‘ گھر کی دیوار پر لکھ لیجئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دیوار سلامت رہے گی۔
{۳۷}’’ یَارَءُوۡفُ ‘‘ جو کسی مظلوم کا کسی ظالم سے پیچھا چھڑانا چاہے، 10 بار پڑھے پھر اُس ظالم سے بات کرے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ وہ ظالم اُس کی سفارش قبول کرلے گا۔
{۳۸}’’ یَاغَنِیُّ ‘‘ ریڑھ کی ہڈی، گھٹنوں ، جوڑوں یا جسم میں کہیں بھی درد ہو، چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے پڑھتے رہئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ درد جاتا رہے گا۔
{۳۹}’’ یَامُغۡنِیُ ‘‘ ایک بارپڑھ کرہاتھوں پردم کر کے درد کی جگہ پر ملنے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سکون ملے گا۔
{۴۰}’’ یَانَافِعُ ‘‘ 20 بار، جو کوئی کام شروع کرنے سے قبل پڑھ لے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ وہ کام اُس کی مرضی کے مطابق پورا ہو گا۔
{۱۔۲}بال لمبے کرنے کے دو نسخے
٭ 250 گرام آملہ، 125گرام سکاکائی اور 125 گرام میتھی دانہ پیس کر محفوظ کر لیجئے۔ دو چمچ حسبِ ضرورت پانی میں رات کو بھگو دیجئے، صبح چھان کر سر دھولیجئے، ہفتہ میں ایک بار یہ عمل کیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ بال گرنا بند ہو ں گے اور بال لمبے ہونے بھی شروع ہوجائیں گے ٭ آملے کا سفوف (پوڈر) بنوالیجئے، حسب ضرورت پوڈر میں پانی ملاکر گاڑھا سا لیپ بنالیجئے، پھر اسے تمام بالوں کی جڑوں میں لگاکر کچھ دیر بعد سر دھولیجئے۔
مسوڑھوں میں سوجن ہو، خون یا پیپ نکلتا ہو تو تھوڑا سا گرم پانی لے کر اُس میں تھوڑی سی پھٹکری ڈا ل دیجئے، پھٹکری حل ہوجانے کے بعد وہ پانی دانتوں اور مسوڑھوں پر ملئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کافی فائدہ ہوگا۔
٭بڑی الائچی کے اندر سے دانے نکال کر روزانہ صبح و شام پانچ پانچ دانے چبالیا کریں ، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ جلدشفا حاصل ہو گی ٭ آمْلہ، جامن کے بیج اور کریلوں کے بیج یہ تینوں چیزیں ہم وزن لے کر ان کا سفوف (پوڈر) بنالیجئے، ذِیابِیْطُس (DIABETES) کی عمدہ دوا تیّار ہے، اِس سفوف کی ایک چھوٹی
چمچ دن میں ایک یا دوبار لینا مرض بڑھنے سے روکتا ہے۔
{۶}ماہواری کے درد کاطبّی علاج
جس کو ماہواری (M.C.) کے دِنوں میں پیٹ اور کمر وغیرہ میں درد ہوتا ہو، ناف میں تیل لگا لیا کرے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دَرد سے چھٹکارا مل جائے گا۔
٭ آدھی چمچ چائے کی پتی پانی سے پھانک لیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دست ختم ہوجائیں گے۔ چھوٹے بچوں کو ایک چٹکی چائے کی پتی پانی سے دینا ہی کافی ہے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ان کو بھی فائدہ ہوجائے گا ٭ سبز پودینہ دھوپ میں سکھا کر، پیس کر اس کا پوڈر کسی بوتل میں محفوظ کرلیجئے۔ اگر کبھی دست (لوز موشن) لگ
جائیں تو صبح و شام آدھا چمچ پانی سے استعمال کیجئے اِنْ شَآءَ اللہ معدے میں ٹھنڈک ہوجائے گی اور شفا حاصل ہوگی۔
لیموں کا رس کپڑے میں چھان کر ڈراپر سے ناک میں قطرہ قطرہ ڈالئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ خون بند ہوجائے گا۔
رات کو ناک بند ہوجائے اور سانس لینے میں رکاوٹ آتی ہو تو نیم کے تھوڑے سے تازہ پتے صاف کرکے ان کو پانی میں چولہے پر جوش دے کر کھانے کا نمک حل کرکے قابل برداشت ہوجانے پر اُس پانی سے ناک دھویئے اور دن میں دو بار اِسی سے غرارے کیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ناک کھل جائے گی۔
٭کاغذ کی تھیلی یا پلاسٹک کا شاپر منہ اور ناک پرچڑھاکر ہاتھوں سے ا س طرح دبا کر رکھئے کہ ناک اور منہ کی سانس کی ہوا باہر نہ نکلنے پائے، اُ سی شاپر کے اندر سانس لیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ایک دومنٹ کے اندر اندر ہچکی بند ہوجائے گی ٭ایک چھوٹی الائچی اچھی طرح چبا کرنگل لیجئے اور فوراً ٹھنڈے پانی کا ایک گلاس پی لیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہچکی بند ہوجائے گی۔
٭کچی پیاز اور کچّا لہسن کھانے سے منہ میں بدبو ہوجاتی ہے، ادرک کا ٹکڑا خوب چبا کر کھا لیجئے، اِسی طرح اجوائن یا، گڑ یا
سونف یا چند چھوٹی الائچیاں خوب چبا کر نگل لیجئے، اِنْ شَآءَ اللہ بدبو ختم ہوجائے گی ٭ نیم کے 12 پتے ایک گلاس پانی میں اچھی طرح ابال کر چھان لیجئے، پانی کی گرمی کچھ کم ہونے پر اس سے غرارے کیجئے، یہ جراثیم کش ہے، اس کے باقاعدہ استعمال سے منہ کا اندرونی حصہ صاف ہوتا اور منہ کی بدبو دور ہوجاتی ہے ٭ نیم گرم پانی میں نمک ملا کر غرارے کیجئے، نمک میں پائے جانے والے عناصر مردہ خلیوں کو نکال کر منہ کی بدبو دور کرتے ہیں۔
شادی غمی کی تقریبات،اجتماعات،اعراس اور جلوسِ میلاد و غیرہ میں مکتبۃ المدینہ کے شائع کردہ رسائل اور مدنی پھولوں پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کرکے ثواب کمائیے ، گاہکوں کو بہ نیتِ ثواب تحفے میں دینے کیلئے اپنی دکانوں پر بھی رسائل رکھنے کا معمول بنائیے ، اخبار فروشوں یا بچوں کے ذریعے اپنے محلے کے گھر گھر میں ماہانہ کم از کم ایک عدد سنتوں بھرا رسالہ یا مدنی پھولوں کا پمفلٹ پہنچاکر نیکی کی دعوت کی دھومیں مچائیے۔
غمِ مدینہ و بقیع و مغفرت و
بے حساب جنّت الفردوس میں آقا کے پڑوس کا طالب
![]()
۱۷ رجب المرجب ۱۴۳۵ھ 2014-05-17