دلچسپ معلومات
(سوالاً جواباً))حصہ1(
پیشکش
مجلس مدنی چینل
و
مجلس المدینۃ العلمیہ (دعوتِ اسلامی)
ناشر: مکتبۃ المدینہ باب المدینہ( کراچی)
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہ وَعَلٰی اٰلِکَ وَاَصْحَابِکَ یَاحَبِیْبَ اللہ
نام کتاب : دلچسپ معلومات (سوالاً جواباً) )حصہ1(
پہلی بار : ربیع الآخر۱۴۳۸ھ جنوری 2017ء
تعداد : 10000(دس ہزار)
ناشِر : مَکْتَبَۃُ الْمَدِیْنَہ فیضانِ مدینہ محلہ سوداگران پُرانی سبزی منڈی کراچی
تصدیق نامہ
تاریخ:۲۶ربیع الثانی ۱۴۳۸ھ حوالہ نمبر:۲۱۰
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِالْمُرْسَلِیْنَ وَعَلٰی اٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ اَجْمَعِیْن
تصدیق کی جاتی ہے کہ کتاب
”دلچسپ معلومات (سوالاً جواباً)“
(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ) پر مجلسِ تفتیشِ کتب ورسائل کی جانب سے نظرثانی کی کوشش کی گئی ہے۔مجلس نے اسے عقائد،کفریہ عبارات، اورفقہی مسائل وغیرہ کے حوالے سے مقدور بھر ملاحظہ کر لیا ہے،البتہ کمپوزنگ یا کتابت کی غلطیوں کا ذمہ مجلس پر نہیں۔
مجلس تفتیشِ کتب و رسا ئل (دعوتِ اسلامی)
2016 - 12 - 26
ilmia@dawateislami.netwww.dawateislami.net. E-mail:
کسی کو یہ کتاب چھاپنے کی اِجازت نہیں
دورانِ مطالعہ ضرورتاًانڈرلائن کیجئے،اشارات لکھ کرصفحہ نمبرنوٹ فرمالیجئے۔اِنْ شَآءَاللہعَزَّ وَجَلَّعلم میں ترقّی ہوگی۔
عنوان |
صفحہ نمبر |
عنوان |
صفحہ نمبر |
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
|
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
’’ذہنی آزمائش‘‘کے10 حُروف کی نسبت سےاس کتاب کو پڑھنے کی’’10 نیّتیں‘‘
فرمانِ مصطفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم :نِیَّۃُ الْمُؤْمِنِ خَیْرٌ مِّنْ عَمَلِہٖیعنی مسلمان کی نیّت اس کے عمل سے بہتر ہے۔(معجم کبير،۶/۱۸۵،حديث:۵۹۴۲)
دومَدَنی پھول: (۱)بِغیراچّھی نیّت کےکسی بھی عمَلِ خیرکا ثواب نہیں ملتا۔
(۲)جتنی اچّھی نیّتیں زِیادہ،اُتناثواب بھی زِیادہ۔
(۱)ہربارحمدوصلوٰۃ اورتَعَوُّذوتَسْمِیہسےآغازکروں گا۔(اسی صَفْحَہ پراُوپردی ہوئی دوعَرَبی عبارات پڑھ لینےسےاس پرعمل ہوجائےگا)(۲)رِضائےالٰہی کےلئےاس کتاب کااوّل تاآخِر مُطالَعَہ کروں گا۔(۳)حتَّی الْوَسْع اِس کاباوُضُواورقبلہ رُومُطالَعَہ کروں گا۔(۴)قرآنی آیات اوراَحادیْثِ مبارَکہ کی زِیارت کروں گا۔(۵)جہاں جہاں’’اللّٰہ‘‘ کانام پاک آئےگاوہاںعَزَّوَجَلَّ اورجہاں جہاں’’سرکار‘‘ کااِسْمِ مبارَک آئےگاوہاںصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّماورجہاں جہاں کسیصحابی یابزرگ کانام آئےگاوہاںرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہاوررَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہپڑھوں گا۔(۶)رضائےالٰہی کےلئےعلم حاصل کروں گا۔(۷) اگر کوئی بات سمجھ نہ آئی تو عُلَما سے پوچھ لوں گا۔(۸)(اپنےذاتی نسخےکے)’’یادداشت‘‘والے صَفْحَہ پرضَروری نِکات لکھوں گا۔(۹)دوسروں کویہ کتاب پڑھنے کی ترغیب دلاؤں گا۔ (۱۰)کتابت وغیرہ میں شَرْعی غلَطی ملی تو ناشرین کو تحریری طور پَر مُطَّلع کروں گا۔
(ناشِرین وغیرہ کو کتابوں کی اَغلاط صِرْف زبانی بتاناخاص مفید نہیں ہوتا)
٭…٭…٭…٭
از:شیخ طریقت، امیْرِ اہلسنّت ،بانِیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولاناابوبلال محمد الیاس عطّاؔرقادری
رضوی ضیائیدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ
اَ لْحَمْدُلِلّٰہِ عَلٰی اِحْسَا نِہٖ وَ بِفَضْلِ رَسُوْلِہٖصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمتَبْلیْغِ قرآن و سنّت کی عالمگیرغیرسیاسی تحریک’’دعوتِ اسلامی‘‘نیکی کی دعوت،اِحیائےسنّت اوراشاعَتِ عِلْمِ شریعت کودنیابھرمیں عام کرنےکاعزمِ مُصمّم رکھتی ہے،اِن تمام اُمُورکوبحسن خوبی سر انجام دینے کےلئےمُتَعَدَّدمجالِس کاقیام عمل میں لایاگیاہےجن میں سےایک مجلس’’اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیہ‘‘بھی ہےجودعوتِ اسلامی کےعُلَماومفتیانِ کرامکَثَّرَھُمُ اللہُ السَّلَامپرمشتمل ہے،جس نےخالِص علمی،تحقیقی او راشاعتی کام کابیڑااٹھایاہے۔اس کےمندرجہ ذیل چھ شعبے ہیں:
(۱)شعبہ کُتُبِ اعلیٰحضرت(۲)شعبہ تراجِمِ کُتُب (۳)شعبہ درسی کُتُب
(۴)شعبہ اِصلاحی کُتُب (۵)شعبہ تفتیْشِ کُتُب (۶)شعبہ تخریج ([1])
’’اَلْمَدِ یْنَۃُالْعِلْمِیہ‘‘کی اوّلین ترجیح سرکارِاعلیٰ حضرت،اِمامِ اَہلسنّت،عظیم البَرَکت، عظیمُ المرتبت،پروانَۂ شَمعِ رِسالت،مُجَدِّدِدین ومِلَّت،حامی سنّت،ماحی بِدعت،عالِم شَریعَت، پیر ِطریقت،باعِثِ خَیْروبَرَکت،حضرتِ علاّمہ مولاناالحاج الحافِظ القاری شاہ امام اَحمدرَضا خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰنکی گِراں مایہ تصانیف کوعصرحاضرکےتقاضوں کےمطابقحتَّی الْوَسْع سَہْل اُسلُوب میں پیش کرناہے۔تمام اسلامی بھائی اوراسلامی بہنیں اِس عِلمی،تحقیقی اوراشاعتی
مَدَنی کام میں ہرممکن تعاوُن فرمائیں اورمجلس کی طرف سےشائع ہونےوالی کُتُب کاخودبھی مُطالَعَہ فرمائیں اور دوسروں کوبھی اِس کی ترغیب دلائیں۔
اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ’’دعوتِ اسلامی‘‘کی تمام مجالِس بَشُمُول’’اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیہ‘‘کودن گیارہویں اوررات بارہویں ترقّی عطافرمائےاورہمارےہرعَملِ خیرکوزیورِاِخلاص سےآراستہ فرماکر دونو ں جہاں کی بھلائی کاسبب بنائے۔ہمیں زیرِگنبدِخضراشہادت،جنَّتُ البقیع میں مدفن اور جنَّتُ الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
رمضان المبارک ۱۴۲۵ھـ
٭…جنگ بدرکےموقع پرحضورنبی پاکصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنےچندجاں نثاروں کے ساتھ رات میں میدانِ جنگ کامعائنہ فرمایا،اس وقت دسْتِ انورمیں ایک چھڑی تھی۔آپ اُس چھڑی سے زمین پرلکیربناتےہوئےفرمارہےتھےکہ فلاں کافرکےقتل ہونےکی جگہ ہےاورکل یہاں فلاں کافرکی لاش پڑی ہوئی ملےگی۔چنانچہ ایساہی ہواکہ آپ نے جس جگہ جس کافرکی قتل گاہ بتائی تھی اس کافر کی لاش ٹھیک اسی جگہ پائی گئی ان میں سے کسی ایک نےلکیر سےبال برابربھی تجاوُزنہیں کیا۔(مسلم،کتاب الجھادوالسیر، باب غزوة بدر،ص۹۸۱، حدیث:۱۷۷۸۔ شرح الزرقانی علی المواھب، باب غزوة بدرالکبری،۲/ ۲۶۹)
٭…٭…٭…٭
علمِ دینکے دینی اور دنیاوی بے شمار فوائد ہیں۔علم کی تلاش عبادت ……اس کی جستجو جہاد……بے علم کو سکھانا صدقہ ……اور اہل کو پڑھانا نیکی ہے……یہ حلال وحرام کی پہچان ……جنتیوں کے راستے کا نشان ہے…… فرشتے علم والوں کی دوستی میں رغبت کرتے اورانہیں اپنے پرَوں سے چھوُتے ہیں……ان کے لیے ہر خشک و تَر شَے ، سمندر کی مچھلیاں اورخشکی کے درندے و چوپائے اِسْتِغْفار کرتے ہیں……بندہ علم کے سبب اولیاء کی منزلیں پالیتا ہے اور دنیا و آخرت میں بلند مرتبہ پر فائزہو جاتا ہے ۔
علم وحْشَت میں تسکین……سفر میں ہم نشین ……تنہائی کا ساتھی…… تنگی و خوشحالی میں راہنما……دشمن کے مقابلے میں ہتھیار اور دوستوں کے حق میں زینت ہے …… اس کے ذریعے قوموں کوبلندی وبرتری دے کرپیشوا بنادیاجاتاہے ……علم جہالت کے مقابلہ میں دلوں کی زندگی اور تاریکیوں کے مقابلہ میں آنکھوں کا نور ہے……علم عمل کا امام ہے اور عمل اس کے تابع ہے…… خوش بختوں کو علم کا اِلہام کیا جاتا ہے جبکہ بدبختوں کو اس سے محروم کردیاجاتا ہے ۔
”دعوتِ اسلامی“کے بنیادی مقاصد میں سے ایک عظیم مقصد علمِ دین کی روشنی پھیلانا اور دنیا بھر کے لوگوں کو نورِ علم سے منوّر کرناہے اوراس اہم کام کے لیے تحریری ، تقریری اور عملی کوششیں مسلسل جاری ہیں ۔ دارالافتاء اہلسنّت ہو یا جامعۃُ المدینہ ، المدینۃُ العلمیۃ ہویا مکتبۃ المدینہ ،دارُالمدینہ ہو یا مختلف تربیتی کورسز سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ”پیارے آقاصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی پیاری اُمت کوزیورِ علم سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرے۔“
”مدنی چینل“ کے مختلف سلسلے (پروگرامز)بھی اسی مقصد کی مختلف کڑیاں ہیں ، ہر سلسلہ اپنی جگہ اہم مگر بعض سلسلے عوام وخواص میں بے حد مقبول ہیں جن میں”مدنی مذاکرہ“سرِ فہرست ہے جس میں قبلہ شیخِ طریقت ،امیرِاہلسنّت ،بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ شرعی، روحانی، طبی اور سماجی سوالات کے علم وحکمت سے بھرپورجوابات ارشاد فرماتے ہیں ۔ یوں ہی حکمت بھرے انداز میں مسلمانوں کوعلمِ دین سکھانے کے لیےمدنی چینل کا سلسلہ”ذہنی آزمائش“بھی مقبول ترین سلسلوں میں سے ایک ہے ، اس مقبولِ عام سلسلے میں پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات قرآن و حدیث اورمستنددینی کُتُب سے اخذ شدہ معلومات اورمدنی پھولوں پرمشتمل ہوتے ہیں۔
دعوتِ اسلامی کی ”مجلس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّہ“نے ان سوالات وجوابات کو کانٹ چھانٹ،تنقیح و تحقیق،تقدیم وتاخیراورتصحیح وتخریج کے مراحل سے گزار کرتحریری شکل میں بنام”دلچسپ معلومات“ پیش کردیا ہے تاکہ معلومات کایہ خزانہ کتابی شکل میں محفوظ ہوجائے۔فی الحال حضور تاجدارِ انبیاوخَاتَمُ الرُّسُل صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے مقدس نام”محمد“کے عدد 92 کی نسبت سے 92 موضوعات رکھے گئے ہیں،ہرموضوع کے تحت بارہویں شریف کی نسبت سے 12 سوالات رکھے گئے ہیں اوران کوجنت کے8دروازوں کی نسبت سےان8عنوانات کے تحت لایاگیاہے:(1)ایمان وعقائد(2)مسائل واحکام (3)سنتیں اورآداب (4)قرآن کریم (5)اچھی خصلتیں (6)بری خصلتیں(7)سیرت وحالات(8)متفرقات۔
پیشِ نظر کتاب میں علمِ دین کا بہت بڑا خزانہ دلچسپ سوالات جوابات کی شکل میں
موجود ہے، کتاب مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کے لیے یکساں مفید ہے،سوالات کا انداز آسان ہونے کی وجہ سے بچے بھی انتہائی ذوق کے ساتھ اس کا مطالعہ کرسکتے ہیں ۔فرض علوم کے موضوعات بھی شامل ہیں جو ہرمسلمان کے لئے نہایت اہم ہیں،ساتھ ہی ساتھ کثیرسنتیں،آداب اور سیرت کے خوبصورت پہلو بھی اس کتاب میں موجود ہیں۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ ہمیں اس کتاب کو پڑھنے ،اس پر عمل کرنے اور دوسرے اسلامی بھائیوں کو اس کے مطالعہ کی ترغیب دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمین بجاہ النبی الامین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجلس المدینۃ العلمیہ(دعوتِ اسلامی)
حضرت اِیاس بن معاویہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : جو لوگ قرآنِ مجید پڑھتے ہیں اور وہ اس کی تفسیر نہیں جانتے ان کی مثال اُن لوگوں کی طرح ہے جن کے پاس رات کے وقت ان کے بادشاہ کا خط آیا اور ان کے پاس چراغ نہیں جس کی روشنی میں وہ اس خط کو پڑھ سکیں تو ان کے دل ڈر گئے اور انہیں معلوم نہیں کہ اس خط میں کیا لکھا ہے ؟ اور وہ شخص جو قرآن پڑھتا ہے اور اس کی تفسیر جانتا ہے اس کی مثال اس قوم کی طرح ہے جن کے پاس قاصد چراغ لے کر آیا تو انہوں نے چراغ کی روشنی سے خط میں لکھا ہوا پڑھ لیا اور انہیں معلوم ہوگیا کہ خط میں کیا لکھا ہے ۔ (تفسیر قرطبی، باب ماجاء فی فضل تفسیر القرآن واھلہ، ۱/۴۱، الجزء الاول ملخصاً)
سوال واجبُ الْوُجودکس کو کہتے ہیں اور اس سے کیا مراد ہے؟
جواب ذاتِ باری تعالٰی کو واجبُ الْوُجودکہتے ہیں اوراس سے مراد وہ ذات ہے جس کا وجود ضروری ہو ۔([2])
سوال اللہ تعالٰی کے قدیم اور اَزَلی ہونے کا کیامطلب ہے؟
جواب اللہ تعالٰی کے قدیم اور اَزَلی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہے۔([3])
سوال اللہ تعالٰی کےاَبَدی ہونے سےکیا مراد ہے؟
جواب اللہ تعالٰی کےاَبَدی ہونے سے مراد یہ ہےکہ وہ ہمیشہ رہے گا۔([4])
سوال عِلمِ ذاتی کا کیا معنیٰ ہے؟
جواب عِلمِ ذاتی کا یہ معنیٰ ہے کہ بے خدا کے دیئے خود حاصل ہو۔([5])
سوال عِلم ِذاتی کس کا خاصہ ہے؟
جواب عِلمِ ذاتیاللہ تعالٰی کا خاصہ ہے۔([6])
سوال اللہ تعالٰی کی ذاتی صفات کون کون سی ہیں؟
جواب (1)حیات(2)قدرت (3)سننا (4)دیکھنا(5)کلام(6)علم اور(7)ارادہ ۔یہ
اللہ تعالٰی کی ذاتی صفات ہیں۔([7])
سوال اللہ تعالٰی کےقادر ہونے سے کیا مراد ہے؟
جواب مراد یہ ہے کہ وہ ہرمُمکن پر قادر ہے کوئی ممکن اس کی قُدرت سے باہر نہیں۔([8])
سوال دنیا کی زندگی میں جاگتی آنکھوں سے اللہ تعالٰی کا دیدار کس کے لئے خاص ہے؟
جواب دنیا کی زندگی میں اللہ تعالٰی کا دیدار امامُ الْاَنْبیاحضرت محمدمُصْطَفےٰصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے لئے خاص ہے۔([9])
سوال آخرت میں کسے اللہ تعالٰی کا دیدار نصیب ہوگا؟
جواب آخرت میں ہرسُنّی مسلمان کو اللہتعالٰی کا دیدار نصیب ہوگا۔([10])
سوال کیا اللہ تعالٰی کی ذات وصِفات کے سوا کوئی چیز قدیم ہے؟
جواب جی نہیں بلکہ اللہ تعالٰی کی ذات وصفات کے سوا سب چیزیں حادث ہیں یعنی پہلے نہ تھیں پھر موجود ہوئیں۔([11])
سوال تقدیر کا مطلب کیا ہے ؟
جواب ہر بھلائی، بُرائی اُس نے اپنے علمِ اَزَلی کے موافق مُقَدّر فرما دی ہے جیسا ہونے والا تھا اورجو جیسا کرنے والا تھا اپنے علم سے جانا اور وہی لکھ لیا۔ تو یہ نہیں کہ جیسا
اُس نے لکھ دیا ویسا ہم کو کرنا پڑتا ہے بلکہ جیسا ہم کرنے والے تھے ویسا اُس نے لکھ دیا۔ زید کے ذمّہ برائی لکھی اس لیے کہ زید برائی کرنے والا تھا اگر زید بھلائی کرنے والا ہوتا وہ اُس کے لیے بھلائی لکھتا تو اُس کے علم یا اُس کے لکھ دینے نےکسی کو مجبور نہیں کر دیا۔([12])
سوال کوئی برائی سَرزَد ہوجانے پر اسے تقدیر کی طرف منسوب کرنا کیسا ہے؟
جواب بُرا کام کرکے تقدیرکی طرف نسبت کرنا اور مَشِیَّتِ الٰہی کے حوالہ کرنا بہت بُری بات ہے بلکہ حکم یہ ہے کہ جو اچھا کام کرے اسے مِنجانِبِ ﷲ کہے اور جو برائی سَر زَد ہو اُس کو شامتِ نفس تصوُّر کرے۔([13])
سوال نبی کسے کہتے ہیں ؟
جواب جس انسان کو اللہ عَزَّ وَجَلَّنے ہِدایت کے لیے وحی بھیجی ہو اسے نبی کہتے ہیں ۔([14])
سوال رسول کسے کہتے ہیں ؟
جواب اَنبیائے کرام میں سے جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے کوئی نئی آ سمانی کتاب اور نئی شریعت لے کر آ ئیں وہ رسول کہلاتے ہیں ۔([15])
سوال وحی کسے کہتے ہیں؟
جواب وحی اس کلام کو کہتے ہیں جو کسی نبی پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے نازل ہوا ہو۔([16])
سوال وحی کی کتنی اَقسام ہیں ؟
جواب اَنبیا کے حق میں وحی تین قسم پر ہے:
(۱)بِالواسطہ: فرشتے کی وَساطَت سے کلامِ رَبّانی نبی کے پاس آئے جیسے جبرائیل عَلَیْہِ السَّلَام کا وحی لانا ۔
(۲)بِلاواسطہ:فرشتے کی وساطت کے بغیر بَنَفسِ نفیس کلامِ رَبّانی کو سننا جیسے معراج کی رات حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے سنا اورکوہِ طور پر حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے سنا۔
(۳) اَنبیائے کرام کے قُلوب میں معانی کا اِلْقا کیا جائے (دلوں میں بات ڈال دی جائے)۔([17])
سوال کیا غیر نبی کے پاس وحی آسکتی ہے؟
جواب وحیٔ نُبُوَّت غیر نبی کے پاس نہیں آتی،جو اس کا قائل ہو وہ کافر ہے۔([18])
سوال کیا اَنبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام سے گناہ ممکن ہیں؟
جواب جی نہیں، وہ معصوم ہوتے ہیں ان سے کسی بھی طرح کا کوئی بھی گناہ ممکن نہیں۔([19])
سوال کیا سب اَنبیا پر ایمان لانا ضروری ہےیا کسی ایک پر ایمان لانا کافی ہے؟
جواب جی ہاں تمام اَنبیا پر ایمان لانا ضروری ہے ان میں سے کسی ایک کا انکار کرنا سب کا انکار کرنا ہے۔([20])
سوال سب سے پہلے اور آ خری پیغمبر کا نام بتائیں ؟
جواب سب سے پہلے پیغمبر حضرت سَیِّدُنا آ دم عَلَیْہِ السَّلَام ہیں اور سب سے آ خری پیغمبر حضرت سَیِّدُنا محمد مُصْطَفےٰصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّم ہیں ۔([21])
سوال انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَامکو غیب کا عِلم ہونے کے بارے میں ہمارا کیا عقیدہ ہے؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّنے انبیا عَلَیْہِمُ السَّلَام کو عِلمِ غیب عطا فرمایا، زمین و آسمان کا ہر ذرّہ ہر نبی کے پیشِ نظر ہے مگراِن کو یہ علمِ غیب اللہ عَزَّ وَجَلَّکے دیے سے ہے، لہٰذا اِن کا علم عطائی ہوااور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا علم ذاتی۔([22])
سوال عقیدۂ ختمِ نبوت سے کیا مراد ہے؟
جواب عقیدۂ ختم ِنبوت سے مراد یہ ماننا ہے کہ ہمارے آ قا ومولیٰ حضرت محمدمُصْطَفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ آ خری نبی ہیں ۔یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی ذات پر سلسلۂ نُبُوَّت کو ختم فرمادیا ۔ حضور کے زمانہ میں یا اس کے بعد قیامت تک کوئی نیا نبی نہیں ہو سکتا ۔([23])
سوال جو شخص ختمِ نبوت کو نہ مانے اس کے مُتَعَلِّق حکم کیا ہے ؟
جواب جو شخص سَرْوَرِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے زمانہ میں یا آ پ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے بعد کسی کو نبوت ملنے کا عقیدہ رکھے یا کسی نئے نبی کے آ نے کو ممکن مانے وہ کافر ہے۔([24])
سوال اَنْبیائے کِرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ السَّلَام کی حیاتِ طَیّبہ کے متعلق ہمارا عقیدہ کیا ہے ؟
جواب انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ السَّلَام کی حیاتِ طَیّبہ کے متعلق ہمارا عقیدہ یہ ہے کہ وہ اپنی اپنی قبروں میں اسی طرح بَحَیات ِحقیقی زندہ ہیں جیسے دنیا میں تھے،کھاتے پیتے ہیں اور جہاں چاہیں آ تے جاتے ہیں ۔([25])
سوال فِرشتے کونسی مخلوق ہیں ؟
جواب فرشتے ایک نوری مخلوق ہیں،وہ مردہیں نہ عورت ،البتہ وہ مختلف شکلیں اختیار کر سکتے ہیں۔([26])
سوال فِرشتوں کے وجود کا انکارکرنایا انہیں نیکی کی قوّت کہنا کیسا؟
جواب فِرشتوں کے وجود کا انکار کرنا یا یہ کہنا کہ فرشتہ نیکی کی قوّت کو کہتے ہیں، اسکے سوا کچھ نہیں۔یہ دونوں باتیں کُفر ہیں۔([27])
سوال ابلیس ذلیل و رُسوا ہونے سے پہلے کس مقام پر فائز تھا؟
جواب ابلیس جِنّات میں سے تھا مگر بہت بڑا عابدوزاہد تھایہاں تک کہ گروہِ ملائکہ میں اُس کا شمار تھا۔([28])
سوال اُن فِرشتوں کے نام بتائیں جو تمام ملائکہ پر فضیلت رکھتے ہیں؟
جواب حضرتِ جبرائیل، حضرتِ مِیکائیل،حضرتِ اِسرافیل اور حضرتِ عِزرائیل عَلَیْہِمُ السَّلَام۔([29])
سوال انسان کے ساتھ ہر وقت رہنے والے دو فرشتوں کو کیا کہتے ہیں؟
جواب کِراماً کاتِبین(یعنی اعمال لکھنے والے معززفرشتے)۔ ([30])
سوال قبر میں سوال کرنے والے فرشتوں کو کیا کہتے ہیں؟
جواب ان فرشتوں کو’’ مُنْکَر نکیر‘‘کہتے ہیں۔([31])
سوال سب سے آخر میں کس کو موت آئے گی؟
جواب سب سے آخر میں حضرت مَلَکُ الْمَوت عَلَیْہِ السَّلَام کو موت آئے گی۔([32])
سوال حضرتِ اسرافیل عَلَیْہِ السَّلَام کے ذِمّے کیا کام ہے؟
جواب حضرت اسرافیل عَلَیْہِ السَّلَام کے ذِمّے قیامت کے دن صُور پھونکنا ہے۔([33])
سوال فرشتوں کی کل تعداد کتنی ہے؟
جواب ان کی تعداد وہی جانے جس نے ان کو پیدا کیا اور اسکے بتائے سے اُسکا رسول ۔([34])
سوال وہ کون سا فِرشتہ ہے جسے پانی برسانااور رزق دینا وغیرہ ذمّہ داریاں سِپُرد ہیں؟
جواب حضرتِ میکائیل عَلَیْہِ السَّلَام ۔([35])
سوال تمام فرشتوں کے سردار کون ہیں؟
جواب حضرتِ جبرائیل عَلَیْہِ السَّلَام ۔([36])
سوال عَرش کا طواف کرنےوالے فرشتوں کو کیا کہتے ہیں؟
جواب جو ملائکہ عرش کا طواف کرنے والے ہیں انہیں’’ کَرّوبی‘‘( کَر۔رُو۔بی) کہتے ہیں اور یہ ملائکہ میں صاحبِ سِیادَت ہیں۔([37])
سوال جِنّات کون ہیں؟
جواب جِنّات ایک مخلوق ہے، اللہ عَزَّ وَجَلَّنے انہیں آگ کے شعلے سے پیدا فرمایا ہے، ان میں نیک بھی ہیں اور بد بھی ،یہ ایسے عجیب وغریب اور مشکل کام کرنے کی طاقت رکھتے ہیں جنہیں کرنا عام انسان کے بس کی بات نہیں۔([38])
سوال جِنّ کو جنّ کیوں کہتے ہیں؟
جواب لُغت میں جِن کا معنیٰ ہے’’سَتر اور خَفا‘‘اور جِن کو اسی لئے جِن کہتے ہیں کہ وہ عام لوگوں کی نگاہوں سے پوشیدہ ہوتا ہے۔([39])
سوال جِنّات کے وجود کا انکار کرنا کیسا؟
جواب جِنّات کے وجود کا انکار یا بدی کی قوّت کا نام جِنّ یا شیطان رکھنا کُفر ہے۔([40])
سوال اللہ تعالٰی نے انسانوں اور جِنّات میں سے پہلے کس کو پیدا فرمایا؟
جواب جنّوں کو انسانوں سے پہلے پیدا فرمایا،حضرت سَیِّدُنا آدم عَلَیْہِ السَّلَام کی تخلیق سے دو ہزار سال پہلے زمین پر جِنّات رہتے تھے۔([41])
سوال جِنّات کتنی تعداد میں ہیں؟
جواب اِنسانوں کے مقابلے میں جِنّات کی تعداد9گُنا ہے۔([42])
سوال بُرے جِنّات کو کیا کہا جاتا ہے؟
جواب بُرے جِنّات کو شَیاطین کہا جاتا ہے۔([43])
سوال جِنّات سے حفاظت کیلئے قراٰنِ پاک کی کن سورتوں اور آیات کی تلاوت کی جائے؟
جواب (1)آیۃُ الکرسی (2) یٰسٓ شریف(3)سورۂ مومنون کی آخری آیات (4)سورۂ مؤمن کی ابتدائی آیت (5) سورۃُ البَقَرہ (6) سورۂ اٰلِ عمران (7) سورۃُ الْاَعراف
(8)سورۂ حَشر کی آخری آیات(9)سورۂ اِخلاص(10)سورۃُ الْفَلق اورسورۃُ النّاس۔([44])
سوال کیا انسانوں کی طرح جِنّات پر شَرعی اَحکام لاگو ہوتے ہیں؟
جواب جی ہاں!جِنّات بھی شریعتِ مُطَہَّرَہ کے پابند ہیں۔مسلمان جِنّات نماز پڑھتے ، روزہ رکھتے، حج کرتے ،تلاوتِ قراٰن کرتے اورانسانوں سے دینی عُلوم اور روایتِ حدیث حاصل کرتے ہیں اگرچہ انسانوں کو پتا نہ چلے ۔([45])
سوال اِمامُ الْاَئِمَہ ،امامِ اعظم ابوحنیفہرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے وِصال پرجِنّات کیا کہہ رہے تھے؟
جواب جِنّات ایک دوسرے سے کہہ رہے تھے: فقیہ(قراٰن وسنت سے اَحکام نکالنے اوراُنہیں واضح کرنے والا عالِم )چلا گیا تو اب تمہارے لئے کوئی فقیہ نہ رہا لہٰذا اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے ڈرو اور ان کے پیروکار اور جانشین بنو۔([46])
سوال کیا جِنّات نے بھی سرکارِدوعالَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی ولادت کی خوشی منائی تھی؟
جواب جی ہاں!جب حضورنبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکی ولادتِ باسعادت ہوئی تو جَبلِ اَبی قُبَیس اور حَجُون کے پہاڑپر جن نے قسم کھا کریہ ندا کی:’’انسانوں میں سے کسی عورت نے ایسا بچہ نہیں جَنا جیسا فخر و صفات والا بچہ حضرت آمنہ رَضِیَ
اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا نے جَنا ہے۔‘‘([47])
سوال مدینۂ مُنَوَّ رہ میں نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی تشریف آوری کی خبر سب سے پہلے کس نے دی تھی؟
جواب یہ خبر مدینہ منورہ میں سب سے پہلےایک جِنّ نے دی تھی۔([48])
سوال وہ کونسی مسجد ہے جس کی تعمیر جِنّات سے کروائی گئی؟
جواب: بَیتُ الْمقدس ۔([49])
سوال جنَّت کیا ہے اور یہ اللہ تعالٰی نے کس کے لیے بنائی ہے؟
جواب جنَّت ایک مکان ہے جسے اللہتعالٰی نے ایمان والوں کیلئے بنایا ہے ، اس میں وہ نعمتیں مُہیا کی ہیں جن کو نہ آنکھوں نے دیکھا، نہ کانوں نے سنا، نہ کسی آدمی کے دل پر ان کا خطرہ گزرا۔([50])
سوال جنَّت کتنی وسیع ہے ؟
جواب جنَّت کی وُسْعَت کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اور اُس کے بتائے سے رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جانیں،مختصر یہ کہ اس میں سو(100)درجے ہیں۔([51])
سوال جنت کے دو دَرَجوں کے درمیان كتنی مُسافت ہے ؟
جواب جنت کےہر دو درجوں کے درمیان کی مسافت زمین و آسمان کے درمیان کے فاصلے کے برابر ہے ۔([52])
سوال جنت کا ایک درجہ اپنے اندر كتنی وُسعت رکھتا ہے ؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے کہ اگر تمام عالَم ایک درجے میں جمع ہوں تو وہ سب کے لئے وسیع ہے۔([53])
سوال جنّتوں کی تعداد اور نام بتائیں؟
جواب جنتیں آٹھ(8)ہیں:(۱)دَارُالْجَلَال(۲)دَارُالْقَرَار(۳)دَارُالسَّلام(۴)جنّتِ عَدْن(۵)جنّتُ المأویٰ(۶)جنّتُ الخُلد(۷)جنّتُ الفِردَوس(۸)جنّتُ النَّعیم۔([54])
سوال جنت کے کتنے دروازے ہیں؟
جواب جنت کے طبقے بہت ہیں ہر طبقہ کا علیحدہ دروازہ ہے، خود جنت ہی کے بہت دروازے ہیں۔([55])
سوال داروغۂ جنّت کا نام بتائیں؟
جواب حضرتِ رِضوان عَلَیْہِ السَّلَام ۔([56])
سوال اللہتعالٰی کی طرف سے جنّتیوں پر سب سے اعلیٰ اِنعام کیا ہوگا؟
جواب جنتیوں کیلئے سب سے بڑا انعام یہ ہے کہ انہیں دیدارِ الٰہی نصیب ہوگا۔([57])
سوال جنَّت میں کس کس قسم کی نہریں بہتی ہیں؟
جواب پانی، شہد، دودھ اور شرابِ طَہور کی ۔([58])
سوال جنت کے دروازے کتنے وسیع ہوں گے؟
جواب جنت کے دروازے اتنے وسیع ہوں گے کہ ایک بازو سے دوسرے تک تیز گھوڑے کی ستّر بَرس کی راہ ہو گی۔([59])
سوال حوضِ کوثر کیا ہے؟
جواب یہ حضور ساقیٔ کوثرصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا وہ حوض ہے جس سے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ میدانِ محشر میں اپنی اُمت کو سیراب فرمائیں گے۔([60])
سوال جنتی جنّت میں کتنی عمر کے دکھائی دیں گے؟
جواب تیس (30)یا تینتیس (33)سال کے۔ ([61])
سوال دوزخ کیا ہے؟
جواب دوزخ ایک مکان ہے جو اللہ قَہّاروجَبّارکے جَلال وقَہر کا مَظْہَر ہے۔
سوال دوزخ کے بارے میں ہمارا کیا عقیدہ ہے؟
جواب دوزخ حق ہے([62]) اس کا انکار کرنے والا کافر ہے([63])اوریہ پیدا ہوچکی ہے۔([64])
سوال دوزخ کی گہرائی کتنی ہے؟
جواب دوزخ کی گہرائی کواللہ عَزَّ وَجَلَّ ہی جانتا ہے ، حدیث شریف میں ہے:اگرایک بہت بڑاپتھر جہنّم کے کنارے سے پھینکا جائے اور وہ اس میں 70سال تک گرتا رہے تب بھی اس کی تہ تک نہ پہنچے گا۔([65])
سوال دوزخ پر مُقَرّر نگران فرشتوں کی تعداد بتائیں؟
جواب اِن کی تعداداُنیس(19)ہے،ایک حضرت مالک عَلَیْہِ السَّلَام اور اٹھارہ (18)اُن کے ساتھی۔([66])
سوال قیامت کے روز جہنّم کو کس حال میں لایا جائے گا؟
جواب قیامت کے روز جہنّم کو اس حال میں لایا جائے گا کہ اس کی ستّر(70) لگامیں ہوں گی اور ہر لگام کو70 ہزار فرشتے کھینچ رہے ہوں گے۔([67])
سوال جہنّم کی سختیاں کیسی ہیں ؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے: اگر جہنم کو سوئی کے ناکے کے برابر کھول دیا جائے تو تمام زمین والے اس کی گرمی سے مرجائیں،یہ دنیا کی آگ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے دُعا کرتی ہے کہ اسے جہنم میں پھر نہ لے جائے۔([68])
سوال جہنم کا سب سے کم درجے کا عذاب کیا ہوگا؟
جواب جس کو سب سے کم درجے کا عذاب ہوگا، اسے آگ کی جوتیاں پہنا دی جائیں گی، جس سے اُس کا دماغ ایسا کَھولے گا جیسے تانبے کی پتیلی کَھولتی ہے، وہ سمجھے گا کہ سب سے زیادہ عذاب اس پر ہو رہا ہے حالانکہ یہ سب سے ہلکا ہوگا۔([69])
سوال جہنم کی وہ کون سی وادی ہے جس سے خود جہنم بھی پناہ مانگتا ہے ؟
جواب اس وادی کا نام ”وَیل“ہے اورجان بوجھ کر نماز قَضا کرنے والے اُس کے مُسْتَحق ہیں ۔([70])
سوال دوزخ میں کتنی وادیاں ہیں ؟
جواب حدیث شریف میں ہے: دوزخ میں 70ہزار وادیاں ہیں،ہر وادی میں 70ہزار گھاٹیاں،ہر گھاٹی میں70ہزار بِل ہیں اور ہر بِل میں سانپ ہے جو جہنمیوں کےچہروں کو کھاتا ہے۔([71])
سوال دوزخ کی آگ کس رنگ کی ہے؟
جواب حضوراکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:دوزخ کی آگ کو ہزار سال جَلایا گیا یہاں تک کہ سفید ہو گئی،پھر ہزار سا ل جلایا گیا تو سرخ ہو گئی، پھر ہزار سال جلایا گیا حتّٰی کہ سیاہ ہو گئی،اب یہ تاریک رات کی طرح سیاہ (کالی) ہے۔([72])
سوال کون سی چیز سب سے زیادہ لوگوں کو دوزخ میں داخل کرے گی؟
جواب (۱)منہ اور (۲) شَرم گاہ۔([73])
سوال جہنم کی آگ دنیا کی آگ سے کتنی زیادہ شدید ہے؟
جواب دنیا کی آگ جہنم کی آگ کے ستّر جُزوں میں سے ایک ہے ۔([74])
سوال بَرْزَخْ کسے کہتے ہیں؟
جواب دنیا اور آخرت کے درمیان ایک اور عالَم ہے جسے عالَمِ برزخ کہتے ہیں۔([75])
سوال عالَمِ برزخ میں کب تک رہنا ہوگا؟
جواب مرنے کے بعد اور قیامت سے پہلے تمام اِنس و جِن کو حسبِ مَراتب اُس میں رہنا ہوتاہے۔([76])
سوال کیا روح و جسم دونوں مرجاتے ہیں؟
جواب موت کے معنی صرف روح کا جسم سے جدا ہوجانا ہیں، یہ مراد نہیں کہ روح مر جاتی ہے،روح ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔([77])
سوال بَرْزَخی زندگی کی کَیفِیَّت کیسی ہوتی ہے ؟
جواب برزخ میں کسی کو آرام ہے اور کسی کو تکلیف۔راحت و لذّت، کُلْفَت و اَذِیَّت (دُکھ و مصیبت)، سُرُوْر و غم سب حالتیں برزخ میں ہیں۔([78])
سوال قبرکے عذاب واِنعام کا انکار کرنے والے کا کیا حکم ہے ؟
جواب ایسا شخص گمراہ ہے ۔([79])
سوال کیا مرنے کے بعد بھی روح کا تَعَلُّق انسان کے بدن کے ساتھ باقی رہتا ہے؟
جواب جی ہاں!اگرچہ روح بدن سے جُدا ہوگئی مگر بدن پر جوگزرے گی رُوح ضرور اُس سے آگاہ ہوگی۔([80])
سوال برزخ میں مسلمان کی روح کہاں رہتی ہے؟
جواب مسلمان کی روح حسبِ مرتبہ مختلف مقاموں میں رہتی ہے۔([81])
سوال برزخ میں کافرکی روح کہاں رہتی ہے؟
جواب کافروں کی خبیث روحیں بعض کی اُن کے مَرْگَھٹ یا قبر پر رہتی ہیں، بعض کی چاہِ بَرْہُوت میں کہ یمن میں ایک نالہ ہے،بعض کی پہلی، دوسری، ساتویں
زمین تک، بعض کی اُس کے بھی نیچے سِجّین میں، اور وہ کہیں بھی ہو، جو اُس کی قبر یا مَرْگَھٹ پر گزرے اُسے دیکھتے، پہچانتے، بات سُنتے ہیں مگر کہیں جانے آنے کا اختیار نہیں کہ قید ہیں۔([82])
سوال کیا مرنے کے بعد روح کسی اور بدن میں منتقل ہوسکتی ہے ؟
جواب یہ خیال کہ روح کسی دوسرے بدن میں چلی جاتی ہے خواہ وہ آدمی کا بدن ہو یا کسی اور جانور کا جس کو تَناسُخ اور آواگون کہتے ہیں محض باطِل اور اس کا ماننا کفر ہے۔([83])
سوال ’’عَجْبُ الذَّنْب‘‘ کسے کہتے ہیں؟
جواب ریڑھ کی ہڈی کے وہ باریک اَجزا جن کو نہ کسی خورد بین سے دیکھا جاسکتا ہے،نہ آگ اُنہیں جلا سکتی ،نہ زمین اُنہیں گلاسکتی ہے،یہی تخمِ جسم ہیں،لہٰذا روزِ قیامت روحوں کااِعادہ (یعنی لوٹانا)اسی جسم میں ہوگا۔([84])
سوال وہ کون ہیں جن کے جسموں کوقبرکی مٹی نہیں کھاسکتی؟
جواب اَنبیا عَلَیْہِمُ السَّلَام،اولیائے کرام ، علمائے دین،شہداء، قراٰن مجید پر عمل کرنے والے حُفّاظ ،کبھی بھیاللہ عَزَّ وَجَلَّکی نافرمانی نہ کرنے والوں اوراپنے اوقات کو درود شریف میں مُستَغرق رکھنے والوں کے اَجسام کوقبرکی مٹی نہیں کھا سکتی۔([85])
سوال کیا قبر ہر مُردے کو دباتی ہے؟
جواب اَنبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے علاوہ ہرایک کو قبر دباتی ہے مگر مسلمان کو دبانا شفقت کے ساتھ ہوتا ہے جیسے ماں بچے کو سینے سے لگا کرچمٹائے اور کافر کو سختی سے حتّٰی کہ اُس کی پسلیاں اِدھر سے اُدھر ہوجاتی ہیں۔([86])
سوال قیامت کی نشانیوں سے کیا مراد ہے؟
جواب اِس سے مراد دنیا کے فنا ہونے سے پہلے ظاہر ہونے والی چھوٹی بڑی نشانیاں ہیں جن میں سے بعض واقع ہوچکیں اور کچھ باقی ہیں۔([87])
سوال قیامت کی بعض چھوٹی بڑی نشانیاں بیان کیجئے ؟
جواب عُلما کو اُٹھاکرعلم اٹھالیا جائے گا،جہالت زیادہ ہوجائے گی،زنا،گانے باجے، شراب خوری اور مال کی کثرت ہوگی،مرد کم ہوں گے عورتیں زیادہ ہوں گی، وقت میں برکت نہ ہوگی،بڑے دَجّال کے علاوہ نُبُوَّت کے جھوٹے دعویدار 30دَجّال اور ہوں گے،زکوٰۃ دینا بھاری ہوگا،مردبیوی کی پیروی کرے گااور ماں باپ کی نافرمانی ، لوگ اگلوں پر لعنت کریں گے،درندے اور جانور آدمی سے بات کریں گے،لباس وجوتوں سے محروم ذلیل لوگ محلّات میں فخر کریں گے،لوگ مسجد میں چِلائیں گے، دَجّال کا ظہور ہوگا،حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام
آسمان سے اُتریں گے ،حضرت امام مَہدی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہظاہر ہوں گے، یاجوج ماجوج نکلیں گے،ایک جانوردابّۃُ الْاَرض ظاہرگا اورسورج مغرب سے نکلے گا۔([88])
سوال تمام دنیا میں فقط ایک ہی دین،دینِ اسلام کب ہوگا ؟
جواب جب حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نُزول فرمائیں گے۔([89])
سوال حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کس وقت اورکہاں نُزول فرمائیں گے؟
جواب حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام آسمان سے جامع مسجد دمشق کے شَرقی مینارے پر صبح کے وقت نُزول فرمائیں گے جبکہ نمازِ فجر کی اِقامت ہوچکی ہوگی۔([90])
سوال حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کتنے سال دنیا میں قیام فرمائیں گے؟
جواب آپ عَلَیْہِ السَّلَام کے زمین پرقیام کامجموعی عرصہ 40 سال ہے، آسمان پر تشریف لے جاتےوقت آپ عَلَیْہِ السَّلَام کی عمر مبارک 33سال تھی، اب جوقربِ قیامت میں تشریف لائیں گے تو 7 برس قیام فرمائیں گے۔([91])
سوال دَجّال کی خاص نشانیاں بتائیں؟
جواب دَجّال کی ایک آنکھ ہوگی،وہ کانا ہوگا اور اس کی پیشانی پر” کافر“لکھا ہوگا۔([92])
سوال دجّال کے ساتھ کس کی فوجیں ہوں گی؟
جواب دجّال کے ساتھ یہود کی فوجیں ہوں گی۔([93])
سوال دجّال کتنے دن میں تمام رُوئے زمین کا گَشت کرے گا؟
جواب دجّال حَرَمَین طَیِّبَیْن کے سواتمام رُوئے زمین کاچالیس(40)دن میں گشت کرے گا۔([94])
سوال اتنے کم دنوں میں ساری زمین کا گشت کیسےہوگا؟
جواب کیونکہ چالیس دن میں پہلا دن سال بھر کے برابر ہوگا،دوسرا دن مہینے بھر کے برابر،تیسرا دن ہفتے کے برابراور باقی دن چوبیس گھنٹے کے ہوں گے اور وہ بہت تیزی کے ساتھ سفر کرےگاجیسے بادل کہ جس کو ہَو ا اُڑاتی ہے۔([95])
سوال حضرتِ سَیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کا دَجّال پر کیا اثر ہوگا ؟
جواب لعین دَجّال جب حضرتِ سَیِّدُناعیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کو دیکھے گاتوایسے پگھلے گاجیسے پانی میں نمک گُھلتا ہے اوروہ آپ سے بھاگے گا۔([96])
سوال دجّال کس کے ہاتھوں قتل ہوگا؟
جواب حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اسے جہنّم واصِل کریں گے ۔ ([97])
سوال قریبِ قیامت نکلنے والا جانور”دَا بَّۃُ الْاَرْضْ“ہرشخص پرکیا نشانی لگائے گا؟
جواب ہر مسلما ن کی پیشانی پر ایک نشان نورانی بنائے گا اور انگشتری (یعنی انگوٹھی)سے ہر کافر کی پیشانی پر ایک سخت سیاہ دھبّا، اُس وقت تمام مسلم و کافر علانیہ ظاہر ہوں گے۔([98])
سوال قیامت کے دن لوگ قبروں سے کس حالت میں اُٹھیں گے؟
جواب قیامت کے دن لوگ اپنی قبروں سے ننگے بدن، ننگے پاؤں، ناختنہ شُدہ اُٹھیں گے۔([99])
سوال قیامت کے دن کون حشر کے میدان میں منہ کے بَل چل کر جائیں گے؟
جواب قیامت کے دن کافر منہ کے بَل چل کر حَشر کے میدان میں جائیں گے۔([100])
سوال قیامت کا دن کتنے سال کا ہوگا؟
جواب پچاس ہزار سال کا۔([101])
سوال مُنکِرِقیامت کا کیا حکم ہے ؟
جواب اِس کا اِنکار کرنے والا کافر ہے ۔([102])
سوال اِسرافیل عَلَیْہِ السَّلَام جب دوسری بار صُور پھونکیں گے تو اپنی قبرِ مُبارک میں سے سب سے پہلے کون باہر تشریف لائیں گے؟
جواب سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم۔([103])
سوال میدانِ مَحشرکس زمین پر قائم ہوگا؟
جواب ملکِ شام کی سرزمین پر۔([104])
سوال جب اہلِ محشر شفاعت کے واسطے سرکارِدوعالَم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکی بارگاہ میں حاضر ہوں گے تو آپ کیا فرمائیں گے؟
جواب حضورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمفرمائیں گے:اَنَا لَھَایعنی میں شفاعت کے لیے ہوں۔([105])
سوال ’’پُل صِراط‘‘کسے کہتے ہیں؟
جواب ”صِراط“جہنم کا پُل ہے جو بال سے باریک اور تلوار سے تیز ہے، جنت کا راستہ اسی پر ہے۔([106])
سوال پُل صراط کہاں نَصب کیا جائے گا؟
جواب پُل صراط جہنم کی پُشت پر نَصب کیا جائے گا، سب سے پہلے سرکارِ دوعالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّماور آپ کی اُمت اس پل سے گزریں گے ۔([107])
سوال کیا قیامت کا دن ہر ایک کے لئے یکساں طویل ہوگا ؟
جواب نہیں، روزِ قیامت کی درازی بعض کافِروں کے لئے ہزار بَرس اور بعض کے لئے پچاس ہزار برس ہوگی جبکہ بندہ ٔمومن کے لئے یہ دن فقط ایک فرض نَماز کے برابرہوگا جو دنیا میں پڑھتا تھا ۔([108])
سوال میزان کیا ہے؟
جواب وہ تَرازو ہے جس میں لوگوں کے اَعمال تولے جائیں گے ۔ اس کی ایک زبان اور دوپَلڑے ہیں، نیکیاں خوبصورت شکل میں اور گناہ بری شکل میں میزان میں رکھے جائیں گے ۔([109])
سوال میدانِ محشر میں زمین کس چیز کی کردی جائے گی؟
جواب تانبےکی ۔ ([110])
سوال اِیمان کسے کہتے ہیں؟
جواب سچے دل سے اُن سب باتوں کی تصدیق کرنا جو ضروریاتِ دین سےہیں،ایمان کہلاتا ہے۔([111])
سوال کفر کسے کہتے ہیں ؟
جواب کسی ایک ضرورتِ دینی کے اِنکار کو کفر کہتے ہیں اگرچہ باقی تمام ضروریاتِ دین کی تصدیق کرتا ہو۔([112])
سوال ضروریاتِ دین سے کیا مراد ہے ؟
جواب ضروریاتِ دین سے مراد اسلام کے وہ اَحکام ہیں جن کو ہر خاص و عام جانتے ہوں جیسے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا ایک ہونا ،اَنبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی نُبُوَّت،نماز و زکوٰۃ، جنّت ودوزخ ،قیامت میں اُٹھایا جانا،حساب و کتاب لینا وغیرہ ۔([113])
سوال ایمانِ مُفَصَّل وایمانِ مُجْمَل بتائیے؟
جواب ایمانِ مفصل: اٰمَنْتُ بِاللہِ وَمَلٰئِکَتِہٖ وَکُتُبِہٖ وَرُسُلِہٖ وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَالْقَدْرِ خَیْرِہٖ وَشَرِّہٖ مِنَ اللہِ تَعَالٰی وَالْبَعْثِ بَعْدَ الْمَوْتْ ط
ایمانِ مجمل: اٰمَنْتُ بِاللہِ کَمَا ہُوَ بِاَسْمَآئِہٖ وَصِفَاتِہٖ وَقَبِلْتُ جَمِیْعَ اَحْکَامِہٖ اِقْرَارٌ بِااللِّسَانِ وَتَصْدِیْقٌ بِالْقَلْبْ ط
سوال کیاایمان و کفر کے درمیان کوئی تیسرادَرَجہ بھی ہے ؟
جواب ایمان و کفر کے درمیان کوئی واسطہ (درجہ) نہیں ہے یا تو بندہ مسلمان ہوگا یا کافر
تیسری کوئی صورت نہیں کہ نہ مسلمان ہو نہ کافر۔([114])
سوال کافر کے لئے اس کے مرنے کے بعد مغفرت کی دعا کرنا کیسا ہے؟
جواب جو کسی کافر کے لئے اس کے مرنے کے بعد مغفرت کی دعا کرے یا کسی مُردہ مُرتَد کو مرحوم یا مغفور کہے وہ خود کافر ہے۔([115])
سوال نفاق کسے کہتے ہیں؟
جواب زبان سے اسلام کا دعویٰ کرنا اور دل میں اس کا انکار کرنا نفاق ہے اور یہ بھی خالص کفر ہے ۔([116])
سوال مُرتَد کسے کہتے ہیں؟
جواب مُرتَد وہ شخص ہے کہ اسلام کے بعد کسی ایسے اَمْرکا انکار کرے جو ضروریاتِ دین سے ہو۔ یعنی زبان سے (ایسا)کلمۂ کُفر بکے جس میں تاویلِ صحیح کی گنجائش نہ ہو۔ یونہی بعض افعال بھی ایسے ہیں جن سے کافر ہو جاتا ہے مثلاً بُت کو سجدہ کرنا۔ مُصْحَف شریف(قرآنِ پاک) کو نجاست کی جگہ پھینک دینا۔([117])
سوال شِرک کسے کہتے ہیں؟
جواب شرک کے معنی غیرِ خدا کو واجِبُ الوُجود یا مُستَحقِ عبادت جاننا ۔([118])
سوال اسلام کی بنیاد کتنی چیزوں پر ہے؟
جواب اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے :(1)اس بات کی گواہی دینا کہ اللہکے سوا کوئی معبود نہیں اورحضرت محمدصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّماس کے بندے اور رسول ہیں (2)نَماز قائم کرنا (3)زکوٰۃ دینا(4)رمضان کے روزے رکھنا اور (5) حج کرنا ۔([119])
سوال ایمان کی کتنی شاخیں ہیں؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے کہ ایمان کی ستّر(70)سے کچھ زائد شاخیں ہیں۔([120])
سوال حرام کو حلال اور حلال کو حرام جاننے والےکا کیا حکم ہے ؟
جواب جس چیز کی حِلَّت نَصِّ قطعی سے ثابت ہو اس كو حرام كہنا اور جس کی حُرمت یقینی ہو اسے حلال بتانا کُفر ہے جبکہ یہ حکم ضروریاتِ دین سے ہویا مُنکر اس حکمِ قطعی سے آگاہ ہو ۔([121])
سوال وِلایت کسے کہتے ہیں؟
جواب ولایت ایک قربِ خاص ہے کہ مولیٰ عَزَّ وَجَلَّ اپنے بَرگُزیدہ بندوں کو مَحض اپنے فضل و کرم سے عطا فرماتا ہے۔([122])
سوال کیا کوئی ولی کسی صحابی سے افضل ہوسکتاہے ؟
جواب کوئی ولی کتنے ہی بڑے مرتبے کا ہو کسی صحابی کے رُتبے کو نہیں پہنچ سکتا ۔([123])
سوال کیا اکابر اولیا بھی گناہوں سے پاک ہوتے ہیں؟
جواب اکابر اولیا کو اللہتعالٰی محفوظ رکھتا ہے،اُن سے گناہ ہوتا نہیں، اگر ہو تو اس پر اِصرار نہیں کرتے فوری توبہ کرتے ہیں۔([124])
سوال کرامت کسے کہتے ہیں؟
جواب ولی سے جوبات خلافِ عادت صادرہواس کوکرامت کہتے ہیں۔ ([125])
سوال اولیائے کرام سے کس طرح کی کرامات مُمکن ہیں؟
جواب مُردہ زندہ کرنا، مادَر زاد اندھے اور کوڑھی کو شِفا دینا،مشرق سے مغرب تک ساری زمین ایک قدم میں طے کرجانا، غرض تمام خلافِ عادت باتیں اولیا سے ممکن ہیں۔([126])
سوال کراماتِ اولیا کا انکار کرنا کیساہے؟
جواب کرامتِ اولیا حق ہے ، اس کا منکر گمراہ ہے۔([127])
سوال اِلہام کسے کہتے ہیں؟
جواب اولیا کے دل میں بعض اوقات سوتے یا جاگتے میں کوئی بات اِلقا ہوتی ہے اُسے اِلہام کہتے ہیں ۔([128])
سوال وَسْوَسَہ اور اِلہام میں کیا فرق ہے؟
جواب برے خیالات،فاسِد فکر کو وسوسہ کہتے ہیں اور اچھے خیالات کو اِلہام۔وسوسہ شیطان کی طرف سے ہوتا ہے،اِلہام رب عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے۔([129])
سوال کیا اولیائے کرام کو بھی عِلِم غیب عطا ہوتا ہے ؟
جواب جی ہاں! اولیائے کرام کو بھی عِلِم غیب عطا ہوتا ہےمگر اَنبیاء کے واسطے سے۔([130])
سوال کیا کسی جاہل ، بے علم شخص کو ولایت مل سکتی ہے ؟
جواب جی نہیں ! ولایت بے علم کو نہیں ملتی(بلکہ اس کے لئے علم ضروری ہے )خواہ علم بطورِ ظاہر حاصل کیا ہو، یا اس مرتبہ پر پہنچنے سے پیشتر اللہ عَزَّ وَجَلَّنے اس پر علوم مُنْکَشِف کر دئیے ہوں۔([131])
سوال سب سے افضل اولیائے کرام کس امت کے ہیں ؟
جواب سب سے افضل اولیائے کرام حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی اُمَّت کے ہیں ۔([132])
سوال کیا کوئی ولی اَحکامِ شَرعِیہ کی پابندی سے آزاد ہوسکتا ہے ؟
جواب جی نہیں ،کوئی ولی کیسا ہی عظیم ہواَحکامِ شَرعِیہ کی پابندی سے سُبُکْدوش نہیں ہوسکتا ۔([133])
سوال قراٰن ِپاک کی روشنی میں طہارت کی اَہمیت بیان کریں؟
جواب پاکیزگی اور پاکیزہ لوگ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کو پسند ہیں چنانچہ ارشاد ہوتا ہے: (وَاللّٰهُ یُحِبُّ الْمُطَّهِّرِیْنَ(۱۰۸))(پ۱۱،التوبۃ: ۱۰۸)ترجمۂ کنز الایمان:’’اورستھرے اللہ کو پیارے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ناپاکی کو اتنا ناپسند کیا گیا کہ بغیر وضو قرآنِ پاک کو ہاتھ تک لگانے سے منع فرمادیاگیا،چنانچہ ارشادہوا: (لَّا یَمَسُّهٗۤ اِلَّا الْمُطَهَّرُوْنَؕ(۷۹)) (پ۲۷،الواقعۃ:۷۹)ترجمۂ کنزالایمان:’’اسے نہ چھوئیں مگر باوضو۔‘‘
سوال پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے طہارت کی اہمیت سے مُتعلِّق کیا ارشاد فرمایا؟
جواب فرمایا:”طہارت نِصف ایمان ہے۔“([134])
سوال وہ طہارت جو نَماز کی شَرط ہے اس سے کیا مراد ہے ؟
جواب اس سے مراد یہ ہے کہ نمازی کا بدن،اس کے کپڑے اور وہ جگہ جہاں نماز پڑھنی ہے نَجاست سے پاک ہو ۔([135])
سوال طہارت کی کتنی قسمیں ہیں ؟
جواب طہارت کی دو قسمیں ہیں: (1) طہارتِ صُغریٰ (2) طہارتِ کُبریٰ۔ طہارتِ صُغریٰ سے مراد وضو اور طہارتِ کُبریٰ سے مراد غسل ہے ۔([136])
سوال طہارت کے بغیر نَماز پڑھنے والے کاکیا حکم ہے؟
جواب بِلاعذر جان بوجھ کربغیر طہارت کے نماز پڑھنا کُفر ہے جبکہ اسے جائز سمجھے یا اِستِہزاءً (یعنی مذاق اُڑاتے ہوئے) یہ فعل کرے۔([137])
سوال مچھلی ، مچھر یا مکھی وغیرہ کا خون اگر کپڑوں پر لگ جائے تو کیا حکم ہے؟
جواب مچھلی اور پانی کے دیگر جانوروں اورکھٹمل اور مچھر کا خون اورخچر اور گدھے کا لُعاب اور پسینہ پاک ہے۔([138])
سوال بلی اگر پانی میں منہ ڈال دے تو اس پانی کا کیا حکم ہے؟
جواب گھر میں رہنے والے جانور جیسے بلّی،چوہا، سانپ، چھپکلی کا جھوٹا مکروہ ہے۔([139])
سوال کتے کا لُعاب کیا حکم رکھتاہے؟
جواب کتے کا لُعاب ناپاک ہے۔([140])
سوال کیادودھ پیتے بچے کا پیشاب پاک ہوتا ہے؟
جواب جی نہیں،ایک دن کے دودھ پیتے بچے کا پیشاب بھی اسی طرح ناپاک ہے جس طرح عام لوگوں کا۔([141])
سوال کن پرندوں کی بیٹ پاک ہے؟
جواب جو پرند حلال اُونچے اُڑتے ہیں جیسے کبوتر، مینا، مرغابی، ان کی بیٹ پاک ہے۔([142])
سوال ناپاک کارپیٹ(CARPET)کو کیسے پاک کیا جائے؟
جواب کارپَیٹ کا ناپاک حصّہ ایک بار دھوکر لٹکادیجئے یہاں تک کہ پانی ٹپکنا مَوقوف ہوجائے پھر دوبارہ دھوکر لٹکائیے حتّٰی کہ پانی ٹپکنا بند ہو جائے پھر تیسری بار اِسی طرح دھوکر لٹکادیجئے جب پانی ٹپکنا بند ہوجائے گا تو کارپیٹ پاک ہوجائے گا ۔چَٹائی ،چمڑے کے چپل اورمِٹّی کے برتن وغیرہ جن چیزوں میں پتلی نَجاست جَذب ہو جاتی ہو اِسی طریقے پر پاک کیجئے۔([143])
سوال دوسرے کے کپڑے پر نجاست لگی دیکھی تو کیا کیا جائے؟
جواب کسی دوسرے مسلمان کے کپڑے میں نَجاست لگی دیکھی اور غالِب گمان ہے کہ اس کو خبر کرے گا تو پاک کر لے گا تو خبر کرنا واجِب ہے۔ (ایسی صورت میں خبر نہیں دے گا تو گنہگار ہوگا)۔([144])
سوال وضو سے متعلق قرآنِ پاک میں کیا اِرشاد ہوا؟
جواب وُضو کے متعلق قرآنِ پاک میں اِرشاد ہوتا ہے: (یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِذَا قُمْتُمْ اِلَى الصَّلٰوةِ فَاغْسِلُوْا وُجُوْهَكُمْ وَ اَیْدِیَكُمْ اِلَى الْمَرَافِقِ وَ امْسَحُوْا بِرُءُوْسِكُمْ وَ اَرْجُلَكُمْ اِلَى الْكَعْبَیْنِؕ )(پ۶،المائدۃ:۶) ترجمۂ کنز الایمان:اے ایمان والو جب نماز کو کھڑے ہونا چاہو تو اپنا منھ دھوؤ اور کہنیوں تک ہاتھ اور سروں کا مسح کرو اور گٹوں تک پاؤں دھوؤ۔
سوال حدیثِ پاک میں وُضو کی کیا فضیلت آئی ہے ؟
جواب حضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا:”جب آدمی وضو کرتا ہے تو ہاتھ دھونے سے ہاتھوں کے اور چہرہ دھونے سے چہرے کے اور سَر کا مَسح کرنے سے سر کے اور پاؤں دھونے سے پاؤں کے گناہ جَھڑ جاتے ہیں۔“([145])
سوال ہمیشہ باوُضو رہنے والے کو کونسی سات فضیلتیں ملتی ہیں ؟
جواب (1)ملائکہ اُس کی صحبت میں رَغبت کریں(2)قلم اُس کی نیکیاں لکھتا رہے (3) اُس کے اَعضاء تسبیح کریں(4)اُس سے تکبیرِ اُولیٰ فوت نہ ہو(5)جب سوئے اللہ تعالٰی کچھ فِرشتے بھیجے کہ جِن و اِنس کے شر سے اُس کی حفاظت کریں (6) سَکراتِ موت اس پر آسان ہو(7)جب تک باوُضو ہو امانِ الٰہی میں رہے۔([146])
سوال وضو کے کتنے فرائض ہیں؟
جواب وُضو میں چار فرض ہیں: (1) مونھ دھونا (2) کُہنیوں سمیت دونوں ہاتھوں کا دھونا (3) سر کا مسح کرنا (4) ٹخنوں سمیت دونوں پاؤں کا دھونا۔([147])
سوال کسی عُضْوْ کو دھونے کے کیا معنیٰ ہیں؟
جواب کسی عُضْوْ کے دھونے کے یہ معنی ہیں کہ اس عُضْوْ کے ہرحصہ پر کم سے کم دو بوند پانی بہہ جائے۔ بھیگ جانے یا تیل کی طرح پانی چُپَڑلینے یا ایک آدھ بوند بہہ جانے کو دھونا نہیں کہیں گے نہ اس سے وُضو یا غُسل ادا ہو۔([148])
سوال کیا مِسواک نَماز کے لئے سُنّت ہے یا وضو کے لئے ؟
جواب مِسواک نماز کے لیے سنت نہیں بلکہ وُضو کے لیے ،تو جو ایک وُضو سے چند نمازیں پڑھے، اس سے ہر نماز کے لیے مِسواک کا مطالبہ نہیں، جب تک تَغَیُّرِ رائِحہ (سانس بدبودار) نہ ہو گیاہو،ورنہ اس کے دفع کے لیے مُستقل سنّت ہے ۔([149])
سوال ہاتھ وغیرہ سے خون نکلنے کے باوجود کب وُضو نہیں ٹوٹتا؟
جواب خون نکلا لیکن بہا نہیں تو یہ وضو کو نہیں توڑتا۔([150])
سوال خون نکل کر بہہ گیا مگر وُضو نہ ٹوٹا،اس کی کیا صورت ہے؟
جواب اگرخون بہا مگر بہہ کر ایسی جگہ نہیں پہنچا جس کا وضو یا غُسل میں دھونافَرض ہو
مثلاً خون نکل کر آنکھ یا کان میں بہا مگر ان سے باہر نہیں آیا تو وُضو نہیں ٹوٹا۔([151])
سوال اِنجِکشن لگانے سے وضو ٹوٹے گا یا نہیں ؟
جواب گوشت میں اِنجِکشن لگانے میں صرف اسی صورت میں وضو ٹوٹے گا جب کہ بہنے کی مقدار میں خون نکلے ۔([152])
سوال کیانَس کاانجکشن لگانے یا ٹیسٹ کیلئے خون نکالنے سے وضو ٹوٹ جائے گا؟
جواب نس کا انجکشن لگاکر پہلے اوپر کی طرف خون کھینچتے ہیں جو کہ بہنے کی مقدار میں ہوتا ہے لہٰذا وضو ٹوٹ جاتا ہے یونہی سرنج کے ذریعے ٹیسٹ کرنے کے لیے خون نکالنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ یہ بہنے کی مقدار میں ہوتا ہے۔([153])
سوال کیا گلوکوز وغیرہ کی ڈرپ لگوانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب گلوکوز وغیرہ کی ڈرپ نس میں لگوانے سے وضو ٹوٹ جائے گا کیوں کہ بہنے کی مقدار میں خون نکل کر نلکی میں آ جاتا ہے۔([154])
سوال دکھتی آنکھ سے نکلنے والے آنسوؤں کاکیا حکم ہے ؟
جواب آنکھ کی بیماری کے سبب جو آنسو بہا وہ ناپاک ہے اور وُضو بھی توڑ دے گا۔([155])
سوال غُسل کے کتنے فرائض ہیں؟
جواب غُسل کے تین فرائض ہیں:(1)کلّی کرنا(2)ناک میں پانی چڑھانا(3)تمام ظاہری بدن پر پانی بہانا۔([156])
سوال ’’تمام ظاہری بدن پر پانی بہانا ‘‘سے کیا مراد ہے؟
جواب اس سے مراد یہ ہے کہ سر کے بالوں سے لے کر پاؤں کے تلووں تک جسم کے ہر پُرزے اور ہر رونگٹے پر پانی بہہ جائے ،اگر ایک ذرہ بھر جگہ یا کسی بال کی نوک بھی پانی بہنے سے رہ گئی تو غُسل نہ ہوگا۔([157])
سوال مَرد کے بال اگر گُندھے ہوئے ہوں تو غُسل کس طرح ہو گا؟
جواب اگر مرد کے سر کے بال گُندھےہوئے ہوں تو انہیں کھول کر جڑ سے نوک تک پانی بہانا فرض ہے ۔([158])
سوال اگر ناخن پر نیل پالش لگی ہوئی ہو توکیا غسل ہو جائے گا ؟
جواب اگر نیل پالش ناخنوں پر لگی ہوئی ہے تو اس کا چھڑانا فرض ہے ورنہ غسل نہیں ہو گا ۔([159])
سوال اگر ہاتھ میں سِیاہی کی تہ لگی رہ جائے تو کیا غسل ہو جائے گا؟
جواب پکانے والے کے ناخن میں آ ٹا ،لکھنے والے کے ناخن میں سیاہی کا جِرْم ، عام لوگوں کے لیے مکھی ،مچھر کی بیٹ لگی ہوئی رہ گئی اور توجُّہ نہ رہی تو غسل ہو
جائے گا ، ہاں معلوم ہو جانے کے بعد جدا کرنا اور اس جگہ کا دھونا ضروری ہے پہلے جو نَماز پڑھی وہ ہو گئی ۔([160])
سوال بہتے پانی میں غسل کا کیا طریقہ ہے؟
جواب اگر بہتے پانی مثلًا دریا یا نہر میں غسل کیا تو تھوڑی دیر اس میں رُکنے سے تین بار دھونے ،ترتیب اور وضو یہ سب سنّتیں ادا ہو گئیں۔([161])
سوال عورت کے بال اگر گُندھے ہوئے ہوں تو اس کے لیے کیاحکم ہے؟
جواب عورت پر صرف بالوں کی جَڑ تر کر لینا ضروری ہے کھولنا ضروری نہیں ،ہاں اگر چوٹی اتنی سخت گُندھی ہوئی ہو کہ بے کھولے جڑیں تر نہ ہوں گی تو کھولنا ضروری ہے ۔([162])
سوال جن پر غسل فرض ہو کیا وہ اَذان کا جواب دے سکتے ہیں؟
جواب جن پر غسل فرض ہو ان کو اذان کا جواب دینا جائز ہے۔([163])
سوال ناپاکی کی حالت میں درود شریف پڑھ سکتے ہیں ؟
جواب جن پرغسل فرض ہو ان کو درود شریف اور دعائیں پڑھنے میں حَرج نہیں ، مگر بہتر یہ ہے کہ وضو یا کُلّی کر کے پڑھیں۔([164])
سوال ایسے دن غسل فرض ہوا جس دن غسل کرنا سنت یا مُستَحب ہے تو کیا اسے فَرض
کے ساتھ دوسرا غسل الگ سے کرنا ہوگا؟
جواب جس پر چند غُسل ہوں مثلًاً عید بھی ہے اور جمعہ کا دن بھی مزید فرض غسل بھی ہو تو تینوں کی نیت کر کے ایک غسل کر لیا ،سب ادا ہو گئے اور سب کا ثواب ملے گا ۔([165])
سوال کن اَیّام میں غسل کرنا سنت ہے؟
جواب جمعہ،عیدُ الفطر،بقر عید ،عَرفہ کے دن (یعنی 9 ذوالحجۃ الحرام)اور اِحرام باندھتے وقت نہانا سنّت ہے ۔([166])
سوال کن مواقِع پر غسل کرنا مُستَحب ہے؟
جواب (1)وقوفِ عَرَفات(2)وقوفِ مُزدلفہ(3)حاضریِ حرم (4)حاضریِ سرکارِ اعظم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ (5)دُخولِ مِنیٰ (6)جمروں پرکنکریاں مارنے کے لئے تینوں دن (7)شبِ بَراء ت (8)شبِ قدر (9) طواف(10)عَرَفہ کی رات (11) مجلسِ میلاد شریف (12)دیگر مجالسِ خیرمیں حاضری کےلئے (13)مُردہ نہلانے کے بعد (14)مجنون کو جنون جانے کے بعد (15)غشی سے اِفاقہ کے بعد۔([167])
سوال قراٰنِ پاک میں تیمم کے بارے میں کیا حکم ہے؟
جواب قراٰنِ پاک میں ارشاد ہوا: (وَ اِنْ كُنْتُمْ جُنُبًا فَاطَّهَّرُوْاؕ-وَ اِنْ كُنْتُمْ مَّرْضٰۤى اَوْ عَلٰى سَفَرٍ اَوْ جَآءَ اَحَدٌ مِّنْكُمْ
مِّنَ الْغَآىٕطِ اَوْ لٰمَسْتُمُ النِّسَآءَ فَلَمْ تَجِدُوْا مَآءً فَتَیَمَّمُوْا صَعِیْدًا طَیِّبًا فَامْسَحُوْا بِوُجُوْهِكُمْ وَ اَیْدِیْكُمْ مِّنْهُؕ ) (پ۶،المائدۃ:۶)ترجمۂ کنزالایمان:اور اگر تم بیماریا سفر میں ہو یا تم میں کوئی قضائے حاجت سے آیایا تم نے عورتوں سے صحبت کی اور ان صورتوں میں پانی نہ پایا تو پاک مٹی سے تیمّم کرو تو اپنے منھ اور ہاتھوں کا اس سے مسح کرو۔
سوال حدیثِ پاک میں تیمم کے مُتعلِّق کیا آیا ہے ؟
جواب نبیٔ پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ”پاک مٹی مسلمان کا وُضو ہے اگرچہ دس برس پانی نہ پائے۔“([168])
سوال تیمم کا حکم کب اور کس مقام پر نازل ہوا؟
جواب تیمم کا حکم ہجرت کے پانچویں سال مقامِ بَیداء یا ذاتُ الْجَیش میں نازل ہوا۔([169])
سوال آیت ِتیمم کو کس کی برکت کہا گیا؟
جواب حضرت سَیِّدنا صدیقِ اکبر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی آل کی۔([170])
سوال تیمم کے کتنے اور کون کونسے فرائض ہیں ؟
جواب تیمم میں تین فرائض ہیں:(1)نیت (2)سارے منہ پر ہاتھ پھیرنا (3) دونوں ہاتھ کا کہنیوں سمیت مَسح کرنا ۔([171])
سوال تیمم کی کتنی اور کون کونسی سنتیں ہیں ؟
جواب تیمم کی دس سنتیں ہیں:(1)بِسْمِ اللہ شریف کہنا (2)ہاتھوں کو زمین پر مارنا (3)زمین پر ہاتھ مار کر لَوٹ دینا (یعنی آگے بڑھانا اور پیچھے لانا )(4)انگلیاں کھلی ہوئی رکھنا (5)ہاتھوں کو جھاڑ لینا (6)پہلے منہ پھر ہاتھوں کا مَسح کرنا (7)دونوں کا مسح پے درپے ہونا (8)پہلے سیدھے پھر الٹے ہاتھ کا مسح کرنا (9)داڑھی کا خِلال کرنا (10)انگلیوں کا خلال کرنا جبکہ غُبار پہنچ گیا ہو۔([172])
سوال کس صورت میں انگلیوں کا خلال کرنا فرض ہے؟
جواب اگر (انگلیوں میں )غبار نہ ہو تو خلال فرض ہے۔([173])
سوال تیمم کس چیز سے کرنا جائز ہے ؟
جواب جو چیز آ گ سے جل کر نہ راکھ ہوتی ہے نہ پگھلتی ہے نہ نرم ہوتی ہے وہ زمین کی جنس (یعنی قسم )سے ہے اس سے تیمم جائز ہے ۔([174])
سوال تیمم کن چیزوں سے ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب جن چیزوں سے وضو ٹوٹ جاتا ہے یا غُسل فرض ہو جاتا ہے ان سے تیمم بھی ٹوٹ جاتا ہے اور پانی پر قادر ہونے سے بھی تیمم ٹوٹ جاتا ہے۔([175])
سوال وضو اور غسل کے تیمم میں کیا فرق ہے؟
جواب وضو اور غسل دونوں کے تیمم کا ایک ہی طریقہ ہے۔([176])
سوال کیا زَم زَم شریف کے علاوہ دوسرا پانی نہ ہونے کی صورت میں تیمم کیا جاسکتا ہے؟
جواب اگر اتنا آبِ زم زم شریف پاس ہے جو وضو کیلئے کا فی ہے تو تیمم جائز نہیں۔([177])
سوال کیا نمک سے تیمم جائز ہے؟
جواب جو نمک پانی سے بنتا ہے اس سے تیمم جائز نہیں اور جو کان سے نکلتا ہے جیسے سیندھا نمک اس سے جائز ہے۔([178])
سوال اَذان کی ابتدا کب ہوئی اور اسلام کے سب سے پہلے مُؤذِّن کا نام بتائیے؟
جواب اذان کی ابتدا ہجرت کے پہلے سال ہوئی اور اسلام کے سب سے پہلے مُؤذِّن حضرت سَیِّدُنَا بلال حبشی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ہیں۔([179])
سوال دینِ اسلام میں اذان کو کیا اہمیت حاصل ہے؟
جواب اذان کی اہمیت کا انداز اس بات سے لگائیے کہ پانچوں فرض نمازیں بَشمول جمعہ مبارک جب جماعتِ مُسْتَحبّہ کے ساتھ مسجد میں وقت پر ادا کی جائیں تو ان کے لیے اَذان سنتِ مُؤکَّدہ ہے اور اس کا حکم مثل واجب ہے کہ اگر اذن نہ کہی تو
وہاں کے سب لوگ گنہگار ہوں گے۔”فتاویٰ خانیہ “میں ہے :اَذان شعائرِ اسلام میں سے ہے حتّٰی کہ اگر کسی شہر،بستی یا محلہ کے لوگ اذان کہنا چھوڑ دیں تو حاکم انہیں اس پر مجبور کرے گا اور اگر وہ پھر بھی نہ مانیں تواُن سے لڑائی کرے گا۔([180])
سوال کیاپیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمسے اذان دینا ثابت ہے؟
جواب جی ہاں! حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے سفر میں اذان دینا ثابت ہے جس میں آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے کلماتِ شہادت یوں ارشاد فرمائے: اَشْہَدُ اَنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہ۔([181])
سوال آنکھیں دُکھنے سے حفاظت کا کوئی عمل بتائیں؟
جواب حضرت سَیِّدُنا خضر رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہفرماتے ہیں جوشخص مُؤذِّن سے اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللّٰہ سُن کر مَرْحَبًا بِحَبِیْبِیْ وَقُرَّۃِ عَیْنِیْ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِاللّٰہِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کہے پھر دونوں انگوٹھے چُوم کر آنکھوں پر رکھے اس کی آنکھیں کبھی نہ دُکھیں۔([182])
سوال پانچوں نمازوں کی اَذان و اِقامت کا جواب دینے پر مَردوں کو کتنی نیکیاں ملتی ہیں؟
جواب تین کروڑ چوبیس لاکھ(32400000)۔ ([183])
سوال اَذان دینے والا کیسا ہو؟
جواب مُستَحب یہ ہے کہ مُؤذِّن مرد، عاقل، صالح، پرہیزگار، عالِم بِالسُّنَّۃ، ذی وَجاہت، لوگوں کے اَحوال کا نگراں اور جو جماعت سے رہ جانے والے ہوں، ان کو زَجر کرنے والا ہو، اَذان پر مُداوَمَت (ہمیشگی) کرتا ہو اور ثواب کے ليے اَذان کہتا ہو۔([184])
سوال حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے کتنے مؤذن تھے؟
جواب حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکےپانچ مؤذن تھے(1)حضرت سَیِّدُنَابلال بن رَباح رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ(2)حضرت سَیِّدُنَا عَمرو بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ (3)حضرت سَیِّدُنَا سعد بن عائذ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ (4)حضرت سَیِّدُنَا ابو محذورہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ اور(5)حضرت سَیِّدُنَا زیادہ بن حارث صُدائی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ۔([185])
سوال تلاوتِ قرآن کے دوران اذان شروع ہوجائے تو کیا کرے؟
جواب جب اذان ہو تواُتنی دیر کیلئے سلام وکلام اورجوابِ سلام اورتمام کام مَوقوف کردیجئے یہاں تک کہ تِلاوت بھی، اذان کو غور سے سنئے اورجوا ب دیجئے۔ اِقامت میں بھی اِسی طرح کیجئے۔([186])
سوال کیا اذان ہو جانے کے بعد بھی اذان کا جواب دیا جا سکتا ہے؟
جواب اگر بوقتِ اذان جواب نہ دیااور زیادہ دیر نہ گزری ہو تو جواب دے سکتے ہیں۔([187])
سوال بوقتِ اذان باتیں کرنے والے کے لیے کیا وعید ہے ؟
جواب جو شخص اذان کے وقت باتوں میں لگا رہے اس پر مَعَاذَاللہ خاتمہ بُرا ہونے کا خوف ہے۔([188])
سوال کیا اذان صرف نمازوں کے لیے دی جاسکتی ہے؟
جواب جی نہیں! بلکہ درج ذیل مواقِع پر بھی اذان دینا مُستَحب ہے (1)بچے (2)غمگین (3)مِرگی والے(4)غَضبناک اور بد مزاج آدمی اور (5)بد مزاج جانور کے کان میں(6) لڑائی کی شدت کے وقت(7)آگ لگنے کے وقت (8)میت دفن کرنے کے بعد (9)جِن کی سَرکَشی کے وقت (یا کسی پر جن سوار ہو ) (10) اُس وقت جب جنگل میں راستہ بھول جائیں اور کوئی بتانے والا نہ ہو۔([189]) اور (11)وبا کے زمانے میں بھی اذان دینا مُستَحب ہے ۔
سوال اِقامت کے وقت کوئی شخص آیا تو اس کا کھڑے ہوکر انتظار کرنا کیسا ؟
جواب اِقامت کے وقت کوئی شخص آیا تو اسے کھڑے ہو کر انتظار کرنا مکروہ ہے بلکہ بیٹھ جائے جب اقامت کہنے والا حَیَّ عَلَی الْفَلَاح پر پہنچے اس وقت کھڑا ہو۔ یوہیں جو لوگ مسجد میں موجود ہیں، وہ بھی بیٹھے رہیں، اس وقت اٹھیں، جب
اِقامت کہنے والا حَیَّ عَلَی الْفَلَاح پر پہنچے، یہی حکم امام کے ليے ہے۔([190])
سوال حدیث پاک میں نَماز کا چور کسے کہا گیا ہے؟
جواب نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:لوگوں میں بد ترین چور وہ ہے جو اپنی نماز میں چوری کرے۔عرض کی گئی : یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم!نماز کا چور کون ہے؟ارشادفرمایا:جورکوع اورسجدے پورے نہ کرے۔([191])
سوال اللہ تعالٰی کیسی نماز کی طرف نظر نہیں فرماتا؟
جواب پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: اللہ تعالٰی بندے کی اُس نماز کی طرف نظر نہیں فرماتا جس میں رُکوع و سجود کے درمیان پیٹھ سیدھی نہ کرے۔([192])
سوال طویل قیام کرنا افضل ہے یا زیادہ رکعتیں پڑھنا ؟
جواب نماز میں قیام طویل ہونا کثرتِ رکعات سے افضل ہے یعنی جب کہ کسی وقتِ مُعَیَّن تک نماز پڑھنا چاہےمثلاً دو رکعت میں اُتنا وقت صَرف کر دینا چار رکعت پڑھنے سے افضل ہے۔([193])
سوال کس نَماز کی جماعت میں نیاآنے والا مُقتدی شریک نہیں ہوسکتا؟
جواب اگرفرض چھوٹ جانے کے علاوہ کسی سبب سےنمازِ باجماعت دہرائی جارہی ہو تو نیا آنے والا مقتدی اُس میں شریک نہیں ہوسکتا ،البتہ اگر ترکِ فرض کے سبب دہرائی جائے تو نیا شخص شریک ہوسکتا ہے۔([194])
سوال ایک رُکن میں کتنی بار کُھجانے سے نماز فاسِد ہوجاتی ہے؟
جواب ایک رُکن میں تین بار کُھجانے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے،یعنی یوں کہ کُھجا کر ہاتھ ہٹالیاپھر کُھجا یا پھر ہٹالیا ،یہ دوبار ہوا اگر اب اسی طرح تیسری بار کیا تو نماز جاتی رہے گی۔([195])
سوال کب اٰمین کہنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے اس کی کوئی صورت بیان کریں؟
جواب نماز پڑھنے والے کو چھینک آئی تو دوسرے نے کہا: یَرْحَمُکَ اللہ ،اس پر چھینک والے نے اٰمین کہا تو اس صورت میں اٰمین کہنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے۔([196])
سوال نماز کی حالت میں اِدھر اُدھر دیکھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب اِدھر اُدھر منہ پھیر کر دیکھنا چاہے پورا منہ پھیرا یا تھوڑا مکروہِ تحریمی ہے، منہ پھیرے بغیر صرف آنکھیں پِھرا کر اِدھر اُدھر بے ضرورت دیکھنا مکروہِ تنزیہی ہے اور نادراً کسی غرضِ صحیح سے ہو تو اصلاً حَرج نہیں، حالتِ نماز میں
نگاہ آسمان کی طرف اٹھانا بھی مکروہِ تحریمی ہے۔([197])
سوال سُترہ کسے کہتے ہیں اور اس کی مقدار کتنی ہو؟
جواب نمازی کے آگے کسی ایسی چیز کا ہونا جس سے آڑ ہوجائے اُسے سترہ کہتے ہیں ۔ سُترہ بقدر ایک ہاتھ کے اونچا اور انگلی برابر موٹا ہو۔([198])
سوال کس صورت میں دورانِجماعت ایک شخص نمازیوں کے آگے سے گزرنے کے باوجود گناہ گار نہیں ہوتا؟
جواب جب امام کے آگے سُترہ موجود ہوتواب امام کا سُترہ مقتدیوں کے ليے بھی سُترہ ہے، ان کے لئے الگ سُترہ کی حاجت نہیں ،اس صورت میں کوئی مقتدیوں کے آگے سے گزرا تو گناہ گار نہیں۔([199])
سوال نماز میں قراٰن پاک سے دیکھ کر پڑھنا کیسا ہے؟
جواب نماز میں مُصْحَف شریف(قراٰن پاک) سے دیکھ کر قراٰن پڑھنا مُطْلَقاً مُفْسِدِ نماز ہے، يوہيں اگر محراب وغيرہ میں لکھا ہو اسے ديکھ کر پڑھنا بھی مفسد ہے، ہاں اگر یاد پر پڑھتا ہو مصحف یا محراب پر فقط نظر ہے، تو حَرج نہیں۔([200])
سوال تعدیلِ اَرکان کسے کہتے ہیں؟
جواب تعدیلِ اَرکان یعنی رُکوع،سُجود،قَومہ اور جَلسہ میں کم از کم ایک بار’’سُبْحٰنَ
اللہ‘‘کہنے کی مقدار ٹھہرنا ۔([201])
سوال عملِ کثیرکیا ہے اور کب اس سے نماز فاسد ہوتی ہے؟
جواب عملِ کثیر کہ نہ اعمالِ نماز سے ہو نہ نما زکی اصلاح کے ليے کیا گیا ہو، نماز فاسد کر دیتا ہے، جس کام کے کرنے والے کو دُور سے دیکھ کر اس کے نماز میں نہ ہونے کا شک نہ رہے، بلکہ گمان غالب ہو کہ نماز میں نہیں تو وہ عملِ کثیر ہے۔([202])
سوال نماز کی کتنی اور کون کونسی شرائط ہیں؟
جواب نماز کی چھ شرائط ہیں (1)طہارت (2)سَترِ عورت(3)اِستقِبالِ قبلہ (4) وقت (5)نیّت (6)تکبیرِ تحریمہ۔([203])
سوال وہ کونسی جگہ ہے جہاں کسی بھی طرف منہ کرکے نماز پڑھی جاسکتی ہے؟
جواب کعبہ شریف کی عمارت کے اندر یا اس کی چھت پر نماز پڑھے تو جس طرف بھی چاہے مُتَوَجّہ ہوکر نماز پڑھنا جائز ہے۔([204])
سوال وہ کونسا پاک وصاف کپڑا ہے جسے پہن کر نماز پڑھنا جائز نہیں ؟
جواب چُرایا ہوا کپڑا یا دھوبی وغیرہ کے یہاں سے بدلا ہوا کپڑا اگرچہ پاک و صاف ہو مگراسے پہن کر نماز پڑھنا مکروہِ تحریمی ،ناجائزاور گناہ ہے،نماز واجِبُ الْاِعادَہ
ہوگی اورایسے کپڑے کا پہننا مردو عورت سب کو حرام ہے۔([205])
سوال وہ کون ہے جوپانی پرقُدرت اور یاد ہوتے ہوئے بغیروضو نماز پڑھے تو گناہ گار نہیں؟
جواب نابالغ بچہ ایسا کرے تو گناہگار نہیں کیونکہ نابالغ پر وضو فرض نہیں۔([206]) مگر ان سے وُضو کرانا چاہئے تاکہ عادت ہو اور وُضو کرنا آجائے اور مسائلِ وُضو سے آگاہ ہو جائیں۔
سوال وہ کونسی زمین ہے جس سے تیمم نہیں کرسکتا لیکن وہاں نماز پڑھ سکتاہے ؟
جواب ایسی نَجس زمین جو دھوپ یا ہوا سے پاک ہوگئی اس پر مُصَلّیٰ بچھائے بغیر نماز پڑھنا جائز ہےمگر اس سے تیمم کرنا جائز نہیں([207])
سوال مکروہ اَوقات کتنے اور کون کونسے ہیں ؟
جواب مکروہ اَوقات تین ہیں:(1)طلوعِ آفتاب سے لیکر 20منٹ بعد تک (2) غروبِ آفتاب سے 20منٹ پہلے (3)نِصفُ النَّہار یعنی ضَحْوَۂ کُبریٰ سے لیکر زوالِ آفتاب تک۔([208])
سوال ایک پاؤں پر کھڑے ہوکر نماز پڑھی تو کیا حکم ہے ؟
جواب بِلا ضرورت ایک پاؤں پر کھڑے ہوکر نَماز پڑھی تو مکروہ ہے ہاں جس جگہ پاؤں رکھنا ہے وہ جگہ ناپاک ہے تو ایک پاؤں اٹھا کر نماز پڑھ سکتا ہے۔([209])
سوال سجدے میں پیشانی پاک جگہ جبکہ ناک نجس جگہ پر ہو تو کیا نماز ہوجائے گی ؟
جواب جی ہاں نماز ہوجائے گی کہ ناک درہم سے کم جگہ پر لگتی ہے لیکن بلاضرورت یہ بھی مکروہ ہے۔([210])
سوال اگر نماز کی حالت میں صرف منہ قبلے سے پھیر دیا تو کیا حکم ہے ؟
جواب اگر منہ قبلے سے پھیرا تو واجب ہے کہ فوراً قبلے کی جانب کر لے اس صورت میں نماز فاسِد نہ ہوگی لیکن بلاضرورت یہ بھی مکروہ ہے۔([211])
سوال اگر کسی نے نماز کی یوں نیت کی کہ ’’میں چار رَکعت مغرب کی یا تین رکعت ظہر کی ادا کرتا ہوں‘‘ نماز ہوجائے گی ؟
جواب جی ہاں نماز ہوجائے گی کیونکہ نیت میں تعدادِ رکعات کی ضرورت نہیں البتہ افضل ضرور ہے۔([212])
سوال امام نے اگر کسی مخصوص شخص کے متُعلِّق یہ قصد کرلیا کہ ’’میں فلاں کا امام نہیں ہوں‘‘تو ایسی صورت میں اس شخص کی نماز ہوگی یا نہیں؟
جواب اس شخص کی نماز ہوجائے گی کیونکہ امام کو نیتِ امامت کرنا ضروری نہیں۔([213])
سوال ایسے کپڑوں میں نماز پڑھی جس میں بدن نظر آتا ہو تو نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب اتنا باریک کپڑا جس میں بدن چمکتا ہو سَتر کے لیے کافی نہیں اس میں نماز پڑھی تو نماز نہ ہوگی۔([214])
سوال نماز کے فرائض کتنے اور کون کونسے ہیں؟
جواب نماز کے سات فرائض ہیں: (1)تکبیرِ تحریمہ(2)قیام(3)قرأت (4) رُکوع (5)سُجود(6)قعدۂ اَخیرہ (7) خُروج بِصُنْعِہٖ۔([215])
سوال نماز میں قِرأت کس طرح کرنی چاہیے؟
جواب قِرأت اِس طرح کرنی چاہیے کہ تمام حُروف مَخارِج سے ادا کئے جائیں کہ ہر حَرف دوسرے سے صحیح طور پرمُمتاز (نمایاں)ہوجائے۔([216])
سوال مُقتدی نے تکبیرِ تحریمہ امام سے پہلے ختم کرلی تو نماز کا کیا حکم ہوگا؟
جواب مقتدی نے تکبیرِ تحریمہ کا لفظِ”اللہ“امام کے ساتھ کہا مگر ”اَکْبَر“ امام سے پہلے ختم کر لیا تو نماز نہ ہوگی۔([217])
سوال جو رُکوع میں’’سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْعَظِیْم‘‘ کا’’عظیم‘‘صحیح ادا نہ کرسکے وہ کیا پڑھے؟
جواب اُسے چاہیے کہ وہ’’سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْکَرِیْم‘‘پڑھے۔([218])
سوال رُکُوع کا ادنیٰ درجہ کیا ہے؟
جواب اتنا جُھکنا کہ ہاتھ بڑھائے تو گُھٹنے کو پہنچ جائے، یہ رُکُوع کا ادنیٰ درجہ ہے۔([219])
سوال رکوع کا مکمل درجہ کیا ہے؟
جواب اتنا جھکنا کہ پیٹھ سیدھی بچھادےیہ رکوع کا پورا درجہ ہے۔([220])
سوال ہر رکعت میں کتنی بار سجدہ فرض ہے؟
جواب ہر رکعت میں دوبارسجدہ فرض ہے۔([221])
سوال سجدے میں پیشانی جَمنے کا کیا مطلب ہے؟
جواب جمنے کے معنیٰ یہ ہیں کہ زمین کی سختی محسوس ہو اگر کسی نے اس طرح سجدہ کیا کہ پیشانی نہ جمی تو سجدہ نہ ہوگا۔([222])
سوال نماز میں تکبیر ِتحریمہ کی بجائےسُبْحَانَ اللہکہہ کر نماز شروع کی تو کیا حکم ہے ؟
جواب اس صورت میں نماز شروع ہوجائے گی لیکن اَللہُ اَکْبَر کی جگہ سُبْحَانَ اللہ کہنا مکروہِ تحریمی ہے۔([223])
سوال کس صورت میں سامنے نماز پڑھنے والے کی پیٹھ پر سجدہ کرنا جائز ہے؟
جواب جب بِھیڑ بہت زیادہ ہو تو سامنے والے کی پیٹھ پر سجدہ کرنا جائز ہے جبکہ وہ اس کی نماز میں شریک ہو۔([224])
سوال سجدۂ سَہْوْ کرنے کے بعد بغیر تَشَہُّد پڑھے سلام پھیر دیا تو کیا حکم ہے ؟
جواب فرض ادا ہوجائے گا لیکن ایسا کرنے سے گناہ گار ہوگا اور نماز پھر سے پڑھنی واجب ہوگی۔([225])
سوال قراءت کی جگہ صرف بِسْمِ اللہ پڑھ لی تو کیا نماز ہوجائے گی ؟
جواب نماز نہیں ہوگی کیونکہ صرف بِسْمِ اللہ پڑھنے سے فرض ادا نہ ہوگا۔([226])
سوال واجباتِ نماز میں سے اگر کوئی واجب بھولے سے رہ جائے تو کیا حکم ہے؟
جواب واجباتِ نماز میں سے اگر کوئی واجب بھولے سے رہ جائے تو سجدۂ سَہْوْ واجب ہے۔([227])
سوال سجدۂ سہو کا کیا طریقہ ہے؟
جواب اَلتَّحِیّات پڑھ کر بلکہ افضل یہ ہے کہ درود شریف بھی پڑھ لیجئے ،سیدھی طرف سلام پھیر کر دو سجدے کیجئے پھر تَشَہُّد ،درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دیجئے۔([228])
سوال اگر داہنی طرف سلام پھیرے بغیر سجدۂ سہو کر لیا تو کیا حکم ہے ؟
جواب اگر بغیر سلام پھیرے سجدۂ سہو کرلیا تو نماز ہوجائے گی لیکن ایسا کرنا مکروہِ تنزیہی ہے۔([229])
سوال سجدۂ سہو کے بعد اَلتَّحِیّات پڑھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب سجدۂ سہو کے بعد بھی اَلتَّحِیّات پڑھنا واجب ہے۔([230])
سوال قیام میں کوئی شخص سورۂ فاتحہ پڑھ کرکچھ دیر سوچتا رہا کہ کونسی سورت پڑھوں تو کیا حکم ہے؟
جواب اگر بقدرِ ادائے رُکن یعنی جتنی دیرمیں3 بار’’سُبْحٰنَ اللہ‘‘ کہہ لیتا اتنے وقت تک سوچتا رہا تو سجدۂ سہو لازم ہے۔([231])
سوال اگر سجدۂ سہو واجب ہونے کے باوجود نہ کیا تو کیا حکم ہے؟
جواب اصل حکم یہ ہے ( کہ ) سجدۂ سہو واجب ہوا اگر نہ کیا نماز مکروہِ تحریمی ہوئی جس کا اِعادَہ واجب (ہے)۔ ([232])
سوال جان بوجھ کر واجب ترک کیا تو کیا حکم ہے؟
جواب جان بوجھ کر واجب ترک کیا تو سجدۂ سہو کافی نہیں بلکہ نماز دوبارہ لوٹانا واجب ہے۔([233])
سوال فرض ترک ہو گیا تو کیا سجدۂ سہو سے اس کی تَلافی ہوجائے گی ؟
جواب فرض ترک ہو جانے سے نماز جاتی رہتی ہے سجدۂ سہو سے اس کی تلافی نہیں ہوسکتی لہٰذا دوبارہ پڑھئے۔([234])
سوال نماز میں قرآن پاک پڑھنے سے کب سجدۂ سہو واجب ہوتا ہے ؟
جواب قیام کے علاوہ دیگر اَرکان میں قرآنِ مجید پڑھنے سے سجدۂ سہو واجب ہوتا ہے۔([235])
سوال ایک سے زائد واجب ترک ہوئے تو کتنے سجدۂ سہو کرنے ہوں گے ؟
جواب نماز میں اگرچہ دس واجب ترک ہوئے ،سہو کے دو ہی سجدے سب کیلئے کافی ہیں۔([236])
سوال قعدۂ اُولیٰ میں تَشَہُّد کے بعد اگر بے خیالی میںاَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍیا اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَاکہہ لیا تو اس سے نماز پر کیا اثر پڑے گا؟
جواب فَرْض،وِتْر اور سنّتِ مُؤکَّدہ کے قعدۂ اُولیٰ میں تشہد کے بعد اگر بے خیالی میں ایسا ہواتوسجدۂ سہو واجب ہوجائے گا اوراگرجان بوجھ کر کہا تو نماز لوٹانا واجب ہے۔([237])
سوال کس صورت میں نمازی سلام پھیرنے کے باوجود نماز سے باہر نہیں ہوتا؟
جواب جس پر سجدۂ سہو واجب ہو مگر سہو ہونا یاد نہ ہوتو اس صورت میں سلام پھیرنے کے باوجود نماز کے باہر نہیں بَشرطیْکہ سجدۂ سہو کرلے لہٰذا جب تک کوئی فعل
مُنافیٔ نماز نہ کیا ہو اسے حکم ہے کہ سجدۂ سہو کرے اور تشہد وغیرہ پڑھ کر نماز پوری کرے۔([238])
سوال نمازِ وتر کا وقت کب سے کب تک ہے؟
جواب وتر کا وقت عشاء کے فرضوں کے بعد سے صبحِ صا دِق تک ہے ۔([239])
سوال نمازِوترکب ادا کرنا افضل ہے ؟
جواب جو سو کر اٹھنے پر قادر ہو اس کے لیے افضل ہے کہ رات کے آخری حصے میں اٹھ کر پہلے تَہَجُّد ادا کرے پھر وتر۔([240]) حدیثِ پاک میں ہے :”جس شخص کو یہ خَدْشَہ ہو کہ وہ رات کے پچھلے پہر نہیں اُٹھ سکے گا وہ وتر پڑھ کر سویا کرےاور جس شخص کو رات کے اُٹھنے پر اعتماد ہو وہ رات کے پچھلے پہر وتر پڑھے“([241])
سوال نمازِ وتر کا حکم بتائیے ؟
جواب نمازِ وتر واجب ہے۔([242]) اگر یہ چھوٹ جائے توا س کی قضا لازم ہے۔([243])
سوال وتر میں تکبیرِ قنوت کہنے کا کیا حکم ہے؟
جواب تیسری رکعت میں قراء ت کے بعد تکبیرِ قنوت کہنا واجب ہے۔([244])
سوال مشہور دعائے قنوت کونسی ہے ؟
جواب مشہور دعائے قنوت یہ ہے :’’اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَسْتَعِیْنُکَ وَ نَسْتَغْفِرُکَ وَ نُؤْمِنُ بِکَ وَ نَتَوَکَّلُ عَلَیْکَ وَنُثْنِیْ عَلَیْکَ الْخَیْرَ وَنَشْکُرُکَ وَلَا نَکْفُرُکَ وَ نَخْلَعُ وَنَتْرُکُ مَنْ یَّفْجُرُکَ ؕاَللّٰھُمَّ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَلَکَ نُصَلِّیْ وَنَسْجُدُ وَاِلَیْکَ نَسْعٰی وَنَحْفِدُ وَنَرْجُوْ رَحْمَتَکَ وَنَخْشٰی عَذَابَکَ اِنَّ عَذَابَکَ بِالْکُفَّارِ مُلْحِقْ۔‘‘([245])
سوال جو شخص دعائے قنوت نہ پڑھ سکےتو وہ کیا پڑھے ؟
جواب وہ یہ پڑھے:”اَللّٰھُمَّ رَبَّنَا اٰ تِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارْ“یا تین مرتبہ یہ پڑھے :”اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِیْ“۔([246])
سوال اگر دعائے قنوت پڑھنا بھول جائیں تو کیا کریں ؟
جواب اگر دعائے قنوت پڑھنا بھول گئے اور رکوع میں چلے گئے تو واپس نہ لَوٹئے بلکہ سجدۂ سہو کر لیجئے ۔([247])
سوال دعائے قنوت بلند آواز سے پڑھی جائے یا آہستہ ؟
جواب دعائے قنوت آہستہ آواز سے پڑھے امام ہو یا مُنْفَرِد یا مُقتدی، ادا ہو یا قضا، رمضان میں ہو یا اور دنوں میں۔([248])
سوال کس شخص کو وتر کی نماز میں دُعائے قنوت پڑھنا منع ہے؟
جواب جو شخص وتر کی جماعت میں تیسری رکعت کے رکوع میں شامل ہو ااور امام کے ساتھ قنوت نہ پڑھ سکا وہ اپنی بقیہ نماز میں بھی قنوت نہیں پڑھے گا۔([249])
سوال مُقتدی کی دعائے قنوت ختم ہونے سے قبل امام رکوع میں چلا گیا تو مقتدی کیلئے کیا حکم ہے؟
جواب اگر مقتدی دعائے قنوت سے فارغ نہ ہوا تھا کہ امام رکوع میں چلا گیا تو مقتدی بھی امام کی اِتّباع کرتے ہوئے رکوع میں چلا جائے ۔([250])
سوال کیا وتر کے علاوہ کسی اور نماز میں دعائے قنوت پڑھ سکتے ہیں ؟
جواب وتر کے سوا اور کسی نماز میں قنوت نہ پڑھے۔([251])
سوال قعدۂ اخیرہ کے علاوہ نماز میں کب درود شریف پڑھنا مستحب ہے؟
جواب قعدۂ اخیرہ کے علاوہ نماز میں دعائے قنوت کے بعد دُرود شریف پڑھنا مُسْتَحَب ہے۔([252])
سوال سب سنّتوں میں قوی تر سُنّت کون سی ہے؟
جواب سنتِ فجر۔([253])
سوال حدیثِ پاک میں فرض نماز کے بعد سب سے افضل نما ز کسے کہا گیا ؟
جواب حدیثِ پاک میں فرض نماز کے بعد رات کی نماز کوسب سے افضل کہا گیا۔([254])
سوال کس صورت میں ظہر کی دورکعت سنت کو ظہر کی چاررکعت سنّت سے پہلے پڑھنا افضل ہے؟
جواب جبکہ ظہر کی چار رکعت سنّت کو فرض سے پہلے نہ پڑھ سکا ہو تو اس صورت میں ظہر کی دوسنّت کو ظہر کی چاررکعت سنّت سے پہلے پڑھنا افضل ہے۔([255])
سوال دن بھر میں کتنی رکعتیں سنتِ مُؤکَّدَہ ہیں؟
جواب جمعہ کے دن جمعہ پڑھنے والے پر چودہ رَکعتیں اور علاوہ جمعہ کے باقی دنوں میں ہر روز بارہ رکعتیں سنتِ مُؤکَّدَہہیں:(1)دو رکعت نما زِفجر سے پہلے(2)چار ظہر سے پہلے، دو بعد (3)دو مغرب کے بعد (۴)دو عشا کے بعد اور (5)چار جمعہ سے پہلے، چار بعد۔([256])
سوال وہ کونسی سنتیں ہیں جن کی مَشْرُوْعِیَّت کا جان بوجھ کر بلاشُبہہ انکار کرناکفر ہے؟
جواب فجر کی سنتیں۔([257])
سوال صَلَاۃُ الْاَوَّابین کسے کہتے ہیں؟
جواب مغرب کے فرضوں کے بعد جو چھ رَکعتیں ادا کی جاتی ہیں انہیں صَلَاۃُ الْاَوَّابِیْن کہتے ہیں۔([258])
سوال وہ کونسی نماز ہے جو سواری پر پڑھی جائے تو اس میں قبلہ کو منہ کرنا شرط نہیں؟
جواب وہ نفل نماز جو بیرونِ شہر(جہاں سے مسافر پر قَصر واجب ہوتا ہے )سواری پر ادا کی جائے۔([259])
سوال نمازِ چاشت کا وقت کب تک ہے اور اس کی کتنی رکعتیں ہیں؟
جواب نمازِ چاشْت کا وقت آفتاب بلند ہونے سے زوال یعنی نِصفُ النَّہار شرعی تک ہے ،اس کی کم سے کم دو اور زیادہ سے زیادہ بارہ رَکعتیں ہیں۔([260])
سوال صَلاۃُ اللَّیل کسے کہتے ہیں؟
جواب نمازِ عشاء کے بعد جو نَوافل پڑھے جائیں ان کو صَلاۃُ اللَّیل کہتے ہیں۔([261])
سوال وہ کون سی نفل نماز ہے جس کےلئے سو نا ضروری ہے؟
جواب وہ نمازِ تَہَجُّدہے کہ عشا کے بعد رات میں سو کر اُٹھیں اور نوافل پڑھیں، سونے سے قبل جو کچھ پڑھیں وہ تَہَجُّدنہیں۔([262])
سوال دن رات کے نوافل میں ایک سلام کے ساتھ کتنی رکعتیں پڑھی جاسکتی ہیں؟
جواب دن کے نفل میں ایک سلام کے ساتھ چار رکعت سے زیادہ اور رات میں آٹھ رکعت سے زیادہ پڑھنا مکروہ ہے اور افضل یہ ہے کہ دن ہو یا رات ہو چار چار رکعت پر سلام پھیرے۔([263])
سوال صَلوٰۃُ التَّسبِیح میں کون سی تسبیح پڑھی جاتی ہے ؟
جواب سُبْحٰنَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرْ۔([264])
سوال باقاعدہ طور پر تراویح کی جماعت کب سے شروع ہوئی؟
جواب حضرت سَیِّدُنا عمر بن خطاب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے دَورِ خلافت میں۔([265])
سوال مولائے کائنات شیرِ خدا کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْمنے اس مبارک کام پر کیا دعائیہ کلمات ارشاد فرمائے؟
جواب ” اللہ عَزَّ وَجَلَّحضرت عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی قبر کو روشن و مُنَوَّر فرمائے جیسے انہوں نے ہماری مسجدوں کو مُنَوَّر کر دیا۔“([266])
سوال اُن پہلے حافظِ قرآن کا نام بتائیں جنہوں نےتراویح میں قرآنِ پاک کی تلاوت فرمائی؟
جواب حضرت سیِّدُنا اُبَی بن کعب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ۔([267])
سوال تراویح کی کتنی رکعتیں ہیں ؟
جواب تراویح کی20رکعتیں ہیں ۔امیر المؤ منین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے عہدمبارک میں20 رکعتیں ہی پڑھی جاتی تھیں ۔([268])
سوال نمازِ تراویح کا حکم بیان کریں؟
جواب ہر عاقل و بالغ مسلمان پر تراویح پڑھنا سنتِ مُؤکَّدَہ ہے اور اِسے چھوڑنا جائز نہیں۔([269])
سوال تراویح میں پورا قرآن مجید پڑھنے یا سننے کی شرعی حیثیت کیا ہے ؟
جواب تراویح میں پورا کلامُ اللہ شریف پڑھنا اور سننا سُنّتِ مُؤکَّدَہ ہے ۔([270])
سوال تنہا نمازِ تراویح ادا کرنا کیسا؟
جواب تراویح کی جماعت سنتِ مُؤکَّدَہ عَلَی الْکِفَایَہ ہےیعنی اگر مسجد کے سارے لوگوں نے چھوڑ دی تو سب اِساءَ ت کے مُرْتَکِب ہوئے (یعنی برا کیا )اور اگر چند افراد نے باجماعت پڑھ لی تو تنہا پڑھنے والا جماعت کی فضیلت سے محروم رہا۔([271])
سوال کیا بالغ افراد نابالغ امام کے پیچھے تراویح پڑھ سکتے ہیں؟
جواب جی نہیں ! نا بالغ کے پیچھے بالغ افرادکی تراویح (بلکہ کوئی بھی نماز) نہیں ہوگی۔([272])
سوال تراویح میں”بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمْ“بلند آواز سے پڑھنا چاہئے یا آ ہستہ ؟
جواب تراویح میں”بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمْ“ ایک بار اونچی آ واز سے پڑھنا سُنَّت ہے اور ہر سورۃ کی ابتدا میں آہستہ پڑھنا مُسْتَحَب ہے۔([273])
سوال کیا تراویح بیٹھ کر پڑھ سکتے ہیں ؟
جواب جی نہیں ! تراویح بلا عذر بیٹھ کر پڑھنا مکروہ(تنزیہی )ہے،بلکہ بعض فقہائے کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کے نزدیک تو (بلا عذر بیٹھ کر ) تراویح ہوتی ہی نہیں۔([274])
سوال عشاء کے فرضوں سے پہلے تراویح ادا کرلی تو ہوجائے گی؟
جواب تراویح کا وقت عشاء کے فرض پڑھنے کے بعد سے صبحِ صادق تک ہے۔اگر عشاء کے فرض ادا کرنے سے پہلے پڑھ لی تو نہ ہو گی ۔([275])
سوال کیا نمازِوتر پڑھنے کے بعد تراویح پڑھی جاسکتی ہے؟
جواب عام طور پر تراویح وِتروں سے پہلے پڑھی جاتی ہے لیکن اگر کوئی وتر پہلے پڑھ لے تو تراویح بعد میں بھی پڑھ سکتا ہے ۔([276])
سوال کیا قضا نمازکے لئےکوئی وقت مُعَیَّن ہے اور کب قضا نماز پڑھنا جائز نہیں؟
جواب قضا کے ليے کوئی وقت معین نہیں عمر میں جب پڑھے گا بَرِیُٔ الذِّمَّہ ہو جائے گا مگر طلوع و غروب اور زوال کے وقت کہ ان وقتوں میں نماز جائز نہیں۔([277])
سوال جان بوجھ کر نماز قضاء کرنے والوں کے لئے کیا وعید ہے؟
جواب قرآنِ پاک میں اِرشاد ہوتا ہے: (فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَۙ(۴)الَّذِیْنَ هُمْ عَنْ صَلَا تِهِمْ سَاهُوْنَۙ(۵)) (پ۳۰،الماعون:۵،۴)ترجمۂ کنز الایمان: ’’تو ان نمازیوں کی خرابی ہے جو اپنی نماز سے بھولے بیٹھے ہیں۔‘‘حدیثِ پاک میں ہے :اس سے مراد وہ ہیں جو نماز کا وقت گزار کر پڑھیں۔([278])
سوال وہ کون سی نماز ہے جسے لوگوں پر ظاہر کرنا گناہ ہے؟
جواب قضاء نماز کا لوگوں پر ظاہر کرنا گناہ ہے کیونکہ نماز کا ترک کرنا گناہ ہے اور گناہ کا ظاہر کرنا بھی گناہ ہے۔([279])
سوال قضا ء نمازوں میں تاخیر کرنے کا گناہ کیسے معاف ہوگا؟
جواب قضاء نمازوں میں تاخیر کرنے کا گناہ توبہ یا حجِ مقبول سے معاف ہوجائے گااور جو نماز چھوٹ گئی ہے اس کی قضا ضروری ہے۔([280])
سوال کس اندیشہ کی وجہ سے نماز قضاء کرنا جائز ہے؟
جواب مسافر کو چور اور ڈاکوؤں کا صحیح اندیشہ ہے یونہی دائی کو نماز پڑھنے کی وجہ سے بچے کے مرجانے کا اندیشہ ہے تو نماز قضاء کرنا جائز ہے۔([281])
سوال وہ کونسا تندرست مسلمان ہے جس سے نمازیں فوت ہوجائیں تو اُس پر قضاء واجب نہیں؟
جواب دارُ الحرب میں کوئی مسلمان ہوا اور اُسے اَحکامِ شَرْعِیَّہ نماز،روزہ اور زکوٰۃ وغیرہ کی اِطلاع نہ ہوئی تو جب تک وہاں رہا اُن دِنوں کی قضا اُس پر واجب نہیں۔([282])
سوال وہ کون سا مریض ہے جس سے نمازیں فوت ہوجائیں تو اس پر قضاء نہیں؟
جواب ایسا مریض کہ اشارہ سے بھی نماز نہیں پڑھ سکتا اگر یہ حالت پورے چھ وقت تک رہی تو اس حالت میں جو نمازیں فوت ہوئیں ان کی قضا واجب نہیں۔([283])
سوال جس پر قضاء نمازیں ہوں کیا وہ انہیں چھوڑ کر سُنَن ونَوافل پڑھ سکتا ہے؟
جواب قضا نمازیں نوافل سے اہم ہیں یعنی جس وقت نفل پڑھتا ہے انھيں چھوڑ کر ان کے بدلے قضائیں پڑھے کہ بَرِیُٔ الذِّمَّہ ہو جائے البتہ تراویح اور بارہ رَکعتیں سُنّتِ مُؤکَّدہ کی نہ چھوڑے۔([284])
سوال نمازِ فجر قضاء ہونے کا اندیشہ ہو توبلاضرورتِ شَرْعِیَّہ رات دیر تک جاگنا کیسا؟
جواب نمازِ فجرقضاء ہونے کا اندیشہ ہو تو بلاضرورتِ شرعیہ رات دیر تک جاگنا ممنوع ہے۔([285])
سوال ایک دن کی قضاء نمازوں کی کتنی رکعتیں ہیں؟
جواب ایک دن کی قضاء نمازوں کی 20رکعتیں ہیں۔ دورکعتیں فجرکی ،چار ظہر،چار عصر،تین مغرب ،چار عشاء کی اور تین وتر۔([286])
سوال جس نے کبھی نمازیں ہی نہ پڑھی ہوں وہ قضائے عمری کیسے پڑھے؟
جواب جس نے کبھی نمازیں نہ پڑھی ہوں اور اب توفیق ہوئی اور قضائے عمری پڑھنا چاہتا ہے وہ جب سے بالغ ہوا ہے اُس وقت سے حساب لگائے اور تاریخِ بلوغ بھی نہیں معلوم تو احتیاط اسی میں ہے کہ عورت نوسال کی عمرسے اور مرد بارہ سال کی عمر سے نمازوں کا حساب لگائے۔([287])
سوال جس کے ذمہ قضا نمازیں ہوں وہ کیا کرے؟
جواب جس کے ذمہ قضا نمازیں ہوں اُن کا جلد سے جلد پڑھنا واجب ہے مگر بال بچوں کی پرورش اور اپنی ضروریات کی فراہمی کے سبب تاخیرجائز ہے لہٰذا کاروبار بھی کرتا رہے اور فُرصَت کا جو وقت ملے اُس میں قضا پڑھتا رہے یہاں تک کہ پوری ہوجائیں۔([288])
سوال آ یتِ سجدہ پڑھ کر سجدہ کرنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حضورنبیٔ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ جنت نشان ہے:جب جب آدمی آیتِ سجدہ پڑھ کر سجدہ کرتا ہے ،شیطان ہٹ جاتا ہے اور رو کر کہتا ہے:ہائے میری بربادی ! ابنِ آدم کو سجدہ کا حکم ہوا اس نے سجدہ کیا اس کےلئے جنت ہے اور مجھے حکم ہوا میں نے انکار کیا میرے لئے دوزخ ہے۔([289])
سوال قرآنِ پاک میں آیاتِ سجدہ کتنی ہیں ؟
جواب سجدہ کی چودہ آیتیں ہیں۔([290])
سوال سجدۂ تلاوت کا کیا طریقہ ہے؟
جواب کھڑا ہو کر اَللہُ اَکْبَرْ کہتا ہوا سجدہ میں جائے اور کم سے کم تین بار سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی کہے پھر اَللہُ اَکْبَرْ کہتا ہوا کھڑا ہو جائے ،سجدۂ تلاوت کے لیے اَللہُ اَکْبَرْ کہتے وقت نہ ہاتھ اٹھانا ہے نہ اس میں تَشَہُّد ہے نہ سلام ۔([291])
سوال كيا سجدۂ تلاوت بھی فاسِد ہو جاتا ہے؟
جواب جی ہاں جو چیزیں نماز کو فاسد کرتی ہیں ان سے سجدہ بھی فاسد ہو جائے گا۔([292])
سوال سجدۂ تلاوت کب واجب ہوتا ہے؟
جواب آ یتِ سجدہ پڑھنے یا سننے سے سجدہ واجب ہو جاتا ہے، پڑھنے میں یہ شرط ہے کہ اتنی آ واز میں ہو کہ اگر کوئی عذر نہ ہو تو خود سن سکے ۔([293])
سوال كيا آیتِ سجدہ لکھنے یا دیکھنے سے سجدہ واجب ہوتا ہے؟
جواب نہیں آیتِ سجدہ لکھنے یا دیکھنے سے سجدہ واجب نہیں ہوتا۔([294])
سوال اگر آ یتِ سجدہ سننے کی نیت نہ تھی بلکہ بلا قصد سن لی تو کیا حکم ہو گا؟
جواب سننے والے کے لئے یہ ضروری نہیں کہ بالقصد سنی ہو، بلا قصد سننے سے بھی سجدہ واجب ہو جاتا ہے ۔([295])
سوال اگر آ یت ِسجدہ کا ترجمہ سنا تو اس صورت میں کیاحکم ہے؟
جواب کسی بھی زبان میں آ یت کا ترجمہ پڑھنے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہو گیا، سننے والے نے سمجھا ہو یا نہ سمجھا ہو کہ آ یتِ سجدہ کا ترجمہ ہے ۔البتہ یہ ضرور ہے کہ اسے نہ معلوم ہو تو بتا دیا گیا ہو کہ یہ آ یتِ سجدہ کا ترجمہ ہے۔([296])
سوال اگرنمازکے باہر آ یت ِسجدہ پڑھی تو کیا فوراً سجدہ کر لینا واجب ہے؟
جواب آ یت ِسجدہ نمازکے باہر پڑھی تو فوراً سجدہ کر لینا واجب نہیں ہے ۔البتہ وضو ہو تو (بلا عذر) تاخیرکرنا مکروہِ تنزیہی ہے۔([297])
سوال کوئی شخص اپنی نماز پڑھتے ہوئے آ یتِ سجدہ سن لے تو کیا حکم ہے ؟
جواب جو شخص نماز میں نہیں اُس نے آیتِ سجدہ پڑھی اور نمازی نے سن لی تو نماز کے بعد سجدہ کرے اور اگر نماز ہی میں سجدہ کرلیا تو کافی نہ ہوگا بعدِ نماز پھر کرنا ہوگا۔([298])
سوال اگر کسی نابالغ بچہ سے آ یتِ سجدہ سنی تو کیاحکم ہو گا ؟
جواب نابا لغ سے آ یتِ سجدہ سننے سے بھی سجدہ ٔتلاوت واجب ہو جائے گا۔([299])
سوال پوری سورت پڑھنا اور آیتِ سجدہ چھوڑدینا کیسا ہے ؟
جواب مکروہِ تحریمی ہے۔([300])
سوال شرعی سفر کی مسافت کیا ہے؟
جواب شرعا ًمسافر وہ شخص ہے جو ساڑھے 57میل (تقریباً 92کلو میٹر )کے فاصلے تک جانے کے ارادے سے اپنے مقامِ اِقامت(ٹھہرنے کی جگہ،وطن) مثلا ًشہر یا گاؤں سے باہر ہو گیا۔([301])
سوال کیا سفر کی نیت کرتے ہی بندہ شرعاً مسافر بن جائے گا؟
جواب محض نیتِ سفر سے مسافر نہ ہوگا بلکہ مُسافر کا حکم اُس وقت ہے کہ بستی کی
آبادی سے باہر ہوجائے،شہر میں ہے تو شہر سے،گاؤں میں ہے تو گاؤں سے۔([302])
سوال نمازِ قَصر کسے کہتے ہیں ؟
جواب سفر میں چار فرضوں کو دو پڑھناقصرکہلاتا ہے۔([303])
سوال کیا مسافر کے لئے قصر کرنا ضروری ہے ؟
جواب جی ہاں مسافر پر نماز میں قصر کرنا واجب ہے۔([304])
سوال کیا مُسافر سنتیں بھی قصر کرکے پڑھے گا؟
جواب سُنّتوں میں قصر نہیں بلکہ پوری پڑھی جائیں گی البتہ خوف اور رَوارَوی (گھبراہٹ) کی حالت میں معاف ہیں اور امن کی حالت میں پڑھی جائیں۔([305])
سوال اگر کوئی شخص تین دن کی راہ پر جارہا ہے لیکن اس کا دورانِ مَسافت دودن کی راہ پر کسی کام کے حوالے سے رُکنے کا ارادہ ہے توکیا وہ بھی نماز قصر پڑھے گا؟
جواب جی نہیں وہ مسافر نہیں ہوا نماز پوری پڑھے گا،قصر نماز کے لئے اس مسافت کا تین دن پورا اور راہ کا مُتَّصِل(ملا ہوا،لگاتار) ہونا ضروری ہے۔([306])
سوال وطنِ اصلی کسے کہتے ہیں؟
جواب وہ جگہ جہاں اس کی پیدائش ہوئی ہے یا اس کے گھر کے لوگ وہاں رہتے ہیں یا
وہاں سُکونت کرلی اور یہ ارادہ ہے کہ یہاں سے نہ جائے گا۔([307])
سوال نیتِ اِقامَت صحیح ہونے کے ليےکتنی شرائط ہیں؟
جواب نیتِ اقامت صحیح ہونے کے ليے چھ شرطیں ہیں:(1)چلنا ترک کرے اگرچلنے کی حالت میں اقامت کی نیت کی تو مقیم نہیں۔ (2)وہ جگہ اقامت کی صلاحیت رکھتی ہو جنگل یا دریا غیر آباد ٹاپُو (جزیرہ، خشکی کے ٹکرے)میں اقامت کی نیت کی مقیم نہ ہوا۔ (3)پندرہ دن ٹھہرنے کی نیت ہو اس سے کم ٹھہرنے کی نیت سے مقیم نہ ہوگا۔ (4)یہ نیت ایک ہی جگہ ٹھہرنے کی ہو اگر دو موضعوں میں پندرہ دن ٹھہرنے کا ارادہ ہو، مثلاً ایک میں دس دن دوسرے میں پانچ دن کا تو مقیم نہ ہوگا۔(5)اپنا ارادہ مستقل رکھتا یعنی کسی کا تابع نہ ہو۔(6)اس کی حالت اس کے ارادہ کے مُنافی نہ ہو۔([308])
سوال وطنِ اقامت کی تعریف بتائیں؟
جواب وطنِ اقامت وہ جگہ جہاں مسافِر نے15دن یا اس سے زیادہ ٹھہرنے کا ارادہ کیا ہو۔([309])
سوال مسافر کسی کام کے لئے یا ساتھیوں کے انتظار میں دو چار روز یا تیرہ چودہ دن کی نیت سے ٹھہرا اور یہ ارادہ ہے کہ کام ہوجائے گاتو چلا جائے گا اگر اس صورت میں ’’آج کل آج کل کرتے‘‘ زیادہ دن گزر جائیں تو نماز قصر پڑھے یا پوری ؟
جواب اس صورت میں اگر آج کل آج کل کرتے کئی برس گزر جائیں جب بھی مسافر ہی ہے، نماز قصر پڑھے۔([310])
سوال مسافر نے چار رکعت کی نیت کر لی تو اب کیا حکم ہو گا ؟
جواب مسافر نے قصر کی بجائے چار رکعت فرض کی نیت باندھ لی پھر یاد آ نے پر دو پر سلام پھیر دیا تو نماز ہو جائے گی۔([311])
سوال مسافر کو کس صورت میں چار رکعت فرض پڑھنا ضروری ہے؟
جواب مسافر جبکہ مقیم کی اِقتدا کرے تو اس کو چار رکعت فرض پڑھنا ضروری ہے۔([312])
سوال وہ کونسا دن ہے جس کو بروزِ قیامت دُلہن کی طرح اُٹھایا جائے گا؟
جواب جمعہ کا دن۔([313])
سوال جمعہ نہ پڑھنے والوں کے لئے کیا وعید ہے؟
جواب سَرْوَرِ کائنات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا: لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آئیں ورنہ اللہ تعالٰی ان کے دلوں پر مُہر کردے گا پھر وہ غافلوں میں سے ہوجائیں گے۔([314])
سوال یومِ جمعہ میں وہ مختصر گھڑی کونسی ہے جس میں بھلائی مانگنے والے مسلمان کو ضرور دیا جاتا ہے۔
جواب اس بارے میں اَکابِر مُحَقِّقِین علماء اور کثیر اَئمۂ کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہ ُ السَّلَام کے نزدیک راجح اور قوی قول دو ہیں: (1) وہ روزِ جمعہ کی آخری ساعت یعنی غروبِ آفتاب سے کچھ پہلے کا وقت ہے۔(2)جب امام منبر پر بیٹھے اس وقت سے فرضِ جمعہ کے سلام تک۔البتہ امام کے منبر پر آنے کے بعد سے فرضِ جمعہ کاسلام پھیرنے تک کسی بھی قسم کا کلام منع ہونے کی وجہ سے دعا فقط دل سے کی جاسکتی ہے۔([315])
سوال دورانِ خطبہ کھانے پینے یا بات چیت کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب خطبہ کے دوران کھانا پینا، بات کرنا، سُبْحٰنَ اللہ کہنا ، سلام کا جواب دینا یا نیکی کی بات بتانا حرام ہے۔([316])
سوال خطبہ کی آواز نہ پہنچتی ہوتو کیا حکم ہے؟
جواب جس تک خطبہ کی آواز نہ پہنچتی ہو وہ بھی خاموش رہے۔([317])
سوال کیاخاموشی کے علاوہ خطبہ سننے کے کچھ اوربھی آداب ہیں ؟
جواب خطبہ کے وقت صرف زبان سے خاموشی کافی نہیں بلکہ سکون و اِطمینان سے بیٹھنا بھی ضروری ہے،کنکر پتھروں سے کھیلنا بھی ممنوع ہے۔ علماء فرماتے ہیں
کہ خطبہ کے وقت دامن یا پنکھے سے ہوا کرنا بھی منع ہے اگرچہ گرمی ہو،اس وقت ہَمہ تَن خطبہ کی طرف مُتَوَجِّہ ہونا ضروری ہے۔([318])
سوال پہلاخطبہ ہاتھ باندھ کراور دوسرا زانوؤں پرہاتھ رکھ کرسننے کا کیا اجر ہے؟
جواب بزرگانِ دِین فرماتے ہیں کہ دوزانو بیٹھ کر خطبہ سُنے، پہلے خطبہ میں ہاتھ باندھے اور دوسرے میں زانوؤں پر ہاتھ رکھے تو اِنْ شَآءَاللهعَزَّ وَجَلَّ دو رکعت کا ثواب ملے گا ۔([319])
سوال جمعہ کے دن مسجد آنے والے کن افراد کا نام فرشتے نہیں لکھتے؟
جواب جب جمعہ کا دن آتا ہے فرشتے مسجد کے دروازے پر کھڑے ہوجاتے ہیں اور جلدی آنے والوں کا نام لکھتے ہیں ۔پھرجب امام خطبہ کے لیے منبر پر آتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفتر لپیٹ کر انسانوں کے ساتھ خطبہ سننے لگتے ہیں،اب جو اس وقت آئے گا نہ اس کا نام ان کے دفتر میں لکھا جائے گا نہ اسے جلد آنے کا ثواب ملے گا۔([320])
سوال حضورنبیٔ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنے کتنے جمعہ ادا فرمائے؟
جواب حضورنبیٔ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنے تقریبًا پانچ سو جمعے پڑھے ہیں کیونکہ جمعہ بعدِ ہجرت شروع ہوا جس کے بعدآپ کی ظاہری زندگی مبارک دس
سال رہی،اس عرصہ میں جمعے اتنے ہی ہوتے ہیں۔([321])
سوال وہ کونسی نماز ہے جسے اداکرنافرضِ عَین ہے مگراس کی قضا پڑھنا حرام ہے؟
جواب وہ نمازِ جمعہ ہے کہ جس کا پڑھنا فرضِ عَین ہے لیکن اگر وہ چھوٹ جائے تو اس کی قضاء پڑھنا حرام ہے بلکہ اُس کی قضا کی جگہ وہ ظہر پڑھے گا۔([322])
سوال کیا سُستی کے سبب جمعہ میں دیر سے پہنچنے والے کا جمعہ ہوجائے گا؟
جواب جو جمعہ میں سستی سے آئے اور دیر میں پہنچے اگرچہ اس کا جمعہ تو ہوجائے گا مگر وہ ثواب نہ ملے گا جو جلدی پہنچنے والے کو ملتا ہے۔([323])
سوال جمعہ کیلئے الگ جوڑا رکھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب مُسْتَحب ہے کہ جمعہ کا جوڑا الگ رکھے جو بوقتِ نماز پہن لیا کرے اور بعد میں اتار دیا کرے۔امام زَینُ العابِدین تو نمازِ پَنجگانہ کے لئے الگ جوڑا رکھتے تھے۔([324])
سوال عیدُالفطر اور عیدُ الاضحیٰ کن چیزوں کے شُکرانے کے طور پر منائی جاتی ہیں؟
جواب عیدُالفطرعباداتِ رمضان کی توفیق ملنے کے شکریے کی ہے اور بقرعیدحضرت ابراہیم و اسماعیل عَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی کامیابی کے شکریہ میں۔([325])
سوال پہلی نمازِ عید کب ادا کی گئی؟
جواب سن۲ہجری میں جب رمضان کے روزے فرض ہوئے،اسی سال نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے پہلےنمازِعید پڑھی پھربقرعید۔([326])
سوال عِیْدَیْن کی نماز کا حکم بیان کریں؟
جواب عِیْدَیْن کی نماز واجب ہے مگر سب پر نہیں بلکہ انہیں پر جن پر جمعہ واجب([327]) ہے۔([328])
سوال نمازِ عید میں کتنی تکبیریں زائد ہوتی ہیں؟
جواب نمازِ عید میں چھ تکبیریں زیادہ کہی جاتی ہیں۔([329])
سوال نمازِ عید میں زائد تکبیریں کس وقت کہی جاتی ہیں؟
جواب زائدتکبیریں ہر رکعت میں تین تین ہیں، پہلی رکعت میں قراءت سے پہلے اور تکبیرِتحریمہ کے بعد اور دوسری رکعت میں رکوع سے پہلے اور قراءت کے بعد
کہی جاتی ہیں۔([330])
سوال نمازِ عید میں تکبیرِ تحریمہ کے علاوہ ہاتھ کانوں تک کب اٹھائے جاتے ہیں؟
جواب نمازِعید میں کہی جانے والی چھ زائدتکبیروں میں کانوں تک ہاتھ اٹھائے جاتے ہیں۔([331])
سوال نمازِ عید میں امام کو رکوع میں پانے والا زائد تکبیریں کیسے کہے گا؟
جواب اگر امام کو رکوع میں پایا اور غالب گمان ہے کہ تکبیریں کہہ کر امام کو رکوع میں پالے گا تو کھڑے کھڑے تکبیریں کہے پھر رکوع میں جائے ورنہ اَللہُ اَکْبَر کہہ کر رکوع میں جائے اور رکوع میں تکبیریں کہے۔([332])
سوال عیدکی نماز سے پہلے کچھ کھانا چاہیے یا نہیں ؟
جواب عیدُالفطر میں نماز سے پہلے چند کھجوریں طاق عدد میں تین ،پانچ،سات یا کوئی بھی میٹھی شے کھالینا مُسْتَحب جبکہ عیدُالْاَ ضحیٰ(بقرعید) میں نماز سے پہلے کچھ نہ کھانا مستحب ہےاگر چہ قربانی نہ کرے۔([333])جیسا کہ حدیثِ پاک میں ہے کہ حضورنبیِّ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ عیدُ الفطر کے دن کچھ کھا کر نماز کے لئے تشریف لے جاتے تھے اور عیدُ الْاَضحیٰ کے روز نہیں کھاتے تھے جب تک نماز سے فارغ نہ ہوجاتے ۔([334])
سوال قربانی سے پہلے حجامت بنوانے اور ناخن تَرَشْوانے کا کیا حکم ہے؟
جواب قربانی کرنی ہو تو مُسْتَحب یہ ہے کہ پہلی سے دسویں ذی الحجہ تک نہ حجامت بنوائے اور نہ ناخن تَرشوائے۔([335])
سوال تکبیرِ تشریق اور اس کا حکم بیان کریں؟
جواب نویں ذی الحجہ کی فجر سے تیرہویں کی عصر تک پانچوں وقت کی فرض نمازیں جو مسجد کی جماعتِ اُوْلیٰ کے ساتھ ادا کی گئیں اُن میں (سلام پھیرنے کے بعد فوراً) ایک بار بلند آواز سے تکبیر کہنا واجب اور تین بار افضل۔([336])تکبیر ِتشریق یہ ہے: اَللہُ اَکْبَرْ اَللہُ اَکْبَرْ لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرْ اَللہُ اَکْبَرْ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ۔([337])
سوال عید کے دن کی مُسْتَحب چیزیں کیا ہیں ؟
جواب غسل کرنا،مسواک کرنا،اچھے کپڑے پہننا،خوشبو لگانا،عیدگاہ جلد چلے جانا، عیدگاہ پیدل جانا وغیرہ۔([338])
سوال نمازِ عید کے بعد مُصافحہ ومُعانقہ کرنا کیسا ہے؟
جواب صدرُالشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں :بعدنمازِ عید مصافحہ و معانقہ کرنا جیسا عموماً مسلمانوں میں رائج ہےبہتر ہے کہ اس میں اظہارِ مَسَرَّت ہے۔([339])
سوال حدیثِ پاک میں بیمار اور بیماری کی کیا فضیلت آئی ہے ؟
جواب حضورنبیٔ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمايا:”مومن جب بیمار ہو پھر اچھا ہو جائے، اس کی بیماری گناہوں سے کَفّارہ ہو جاتی ہے اور آئندہ کے ليے نصیحت جبکہ منافق کے بیمار ہوکراچھا ہونے کی مثال اونٹ کی ہے کہ مالک نے اسے باندھا پھر کھول دیا تو نہ اسے یہ معلوم کہ کیوں باندھا، نہ یہ کہ کیوں کھولا؟ایک شخص نے عرض کی:یارسولَ اللہ(صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم)!بیماری کیا چیز ہے، میں تو کبھی بیمار نہ ہوا؟ فرمایا: ہمارے پاس سے اٹھ جا کہ تو ہم میں سے نہیں۔([340])
سوال حقیقی بیماری کونسی ہے ؟
جواب صدرُ الشَّریعہ مفتی امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں: حقیقی بیماری اَمراضِ روحانیہ ہیں کہ یہ البتہ بہت خوف کی چیز ہے اور اسی کو مرض سمجھنا چاہئے ۔([341])
سوال عیادت کے وقت مریض سے کیا کلمات کہنا سنت ہے؟
جواب لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہُ تَعَالٰییعنی کوئی حرج کی بات نہیں، اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے چاہا تو یہ مرض گناہوں سے پاک کرنے والا ہے۔([342])
سوال مریض کے پاس بیٹھ کر کس طرح کی بات کرنی چاہیے ؟
جواب حضورنبیٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:” جب مریض کے پاس جاؤ تواُسے زندگی کی اُمید دلاؤ،یہ تقدیر تو نہیں بدلے گا مگراُس کے دل کو خوش کرے گا ۔“([343])
سوال مریض کی دعا کس کی دعا کے مانند ہے ؟
جواب مریض کی دعا کو ملائکہ کی دعا کی مانند کہا گیا ہے۔([344])
سوال مریض کی عیادت کرنے والے کو آسمان سے کیا ندا کی جاتی ہے ؟
جواب حدیث شریف میں ہے:جوشخصاللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رضا کے لئے مریض کی عیادت یا اپنے بھائی سے ملاقات کرنے جاتا ہے آسمان سے مُنادی نِدا کرتا ہے: تُو اچھا ہے اور تیرا چلنا اچھا اور جنت کی ایک منزل کو تُو نے ٹھکانا بنایا۔([345])
سوال مصیبتوں سے تنگ آکر موت کی تَمَنّا کرنا کیسا ہے ؟
جواب حضور نبیٔ کریم، رؤوف رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی مصیبت وتکلیف پہنچنے پرموت کی آرزو نہ کرے اگر ناچار کرنی ہی ہے تو یوں کہے:”الٰہی مجھے زندہ رکھ جب تک زندگی میرے ليے خیر ہو اور موت دے جب موت میرے ليے بہتر ہو۔([346])
سوال کیا معمولی بیماری میں بھی بیمار پُرسی کی جائے؟
جواب معمولی بیماری میں بھی بیمار پُرسی کرنا سنت ہے جیسے آنکھ یا کان یا ڈاڑھ کا درد کہ یہ اگرچہ خطرناک نہیں مگر بیماری تو ہیں۔([347])
سوال تلقین کس وقت کرنی چاہئے ،نیز تلقین کرنے کا طریقہ بیان کریں؟
جواب جان کَنی کی حالت میں جب تک روح گلے کو نہ آئی ہو اس وقت تلقین کریں اور مریض کے پاس اَشْھَدُ اَنْ لَّآ اِلٰـہَ اِلَّا اللہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللہ بلند آواز سے پڑھیں مگر اس کو پڑھنے کا نہ کہیں۔([348])
سوال نَزع میں سختی دیکھیں تو کیا کرنا چاہیئے ؟
جواب نزع میں سختی دیکھیں تو سورۂ یٰس اور سورۂ رَعد پڑھیں۔([349])
سوال موت کی علامات پائے جانے پر مریض کوکیسے لِٹایا جائے ؟
جواب جب موت کا وقت قریب آئے اور علامتیں پائی جائیں تو سنت یہ ہے کہ دہنی کروٹ پر لِٹا کر قبلہ کی طرف منہ کر دیں اور یہ بھی جائز ہے کہ چَت لٹائیں اور قبلہ کو پاؤں کریں کہ یوں بھی قبلہ کو منہ ہو جائے گا مگر اس صورت میں سر کو قدرے اونچا رکھیں اور قبلہ کو منہ کرنا دُشوار ہو کہ اس کو تکلیف ہوتی ہو تو جس حالت پر ہے چھوڑ دیں۔([350])
سوال کس چیز کو حدیثِ پاک میں قاطعِ لَذّات کہا گیا ہے؟
جواب موت کو قاطعِ لذّات کہا گیا ہے،حدیثِ پاک میں ہے: لذتوں کو ختم کرنے والی موت کو کثرت سے یاد کرو۔([351])
سوال میت کو نہلانے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب پیارےآقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنےارشادفرمایا:جوکسی میت کو نہلائے، کفن پہنائے،خوشبو لگائے، جنازہ اُٹھائے،نماز پڑھے اور جو ناقص بات نظر آئے اسے چھپائے وہ اپنے گناہوں سے ایسا پاک ہوجاتاہے جیسا جس دن ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا تھا۔([352])
سوال میت کے غسل و کفن میں جلدی کرنی چاہیے یا نہیں ؟
جواب جواب: جی ہاں، غسل و کفن و دفن میں جلدی چاہيے کہ حدیث میں اس کی بہت تاکید آئی ہے۔([353])
سوال میت کو غسل دیتے ہوئے کتنی بار پانی بہانا ضروری ہے ؟
جواب ایک مرتبہ سارے بدن پر پانی بہانا فرض ہے اورتین مرتبہ بہاناسنت ہے۔([354])
سوال اگر میت کو غسل دینے والا جَنابت کی حالت میں ہو تو غسل ادا ہوجائے گا ؟
جواب جی ہاں مگر ایسی حالت میں غسل دینا مکروہ ہے۔([355])
سوال مرد اور عورت کی کَفنی میں کیا فرق ہے؟
جواب مرد کی کفنی مونڈھے پرچیری جاتی ہے جبکہ عورت کے ليے سینہ کی طرف سے۔([356])
سوال اگر اتنی بارش برسے کہ میت کے سارے بدن پر پانی بہہ جائے تو کیا پھر بھی غسل دینا ضروری ہے ؟
جواب میت کے سارے بدن پر پانی بہہ جانے سے غسل توہوجائے گامگر زندوں پر اسے غسل دینا واجب ہی رہے گا لہٰذا غسل دینا ضروری ہے۔([357])
سوال میت کو کفن پہنانے کی کیا فضیلت ہے ؟
جواب سَرْوَرِکائنات،شاہِ مَوجوداتصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنےفرمایا:جس نے میت کو کفنایا (یعنی کفن پہنایا) تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے سُنْدُس کا لباس (جنت کا انتہائی نفیس ریشمی لباس) پہنائے گا۔([358])
سوال مرد و عورت کے لئے کفنِ سُنّت کیا ہے ؟
جواب مرد کے لئے کفن تین کپڑے ہیں:(1)لِفافہ (2)اِزار (3)قمیص۔ عورت کے لئے کفنِ سنت پانچ کپڑے ہیں: (1)لفافہ (2)اِزار (3)قمیص (4) سینہ بند (5)اوڑھنی۔([359])
سوال بچوں کو کونسا کفن دیا جائے گا ؟
جواب جو نابالغ حدِ شَہْوَت کو پہنچ گیا وہ بالغ کے حکم میں ہے یعنی بالغ کو کفن میں جتنے کپڑے دئیے جاتے ہیں اسے بھی دئیے جائیں اور اس سے چھوٹےلڑکےکو ایک کپڑا (اِزار) اور چھوٹی لڑکی کو دو کپڑے (لِفافہ اور اِزار) دے سکتے ہیں اور لڑکے کو بھی دو کپڑے (لفافہ اور ازار) دئیے جائیں تو اچھا ہے اور بہتر یہ ہے کہ دونوں کو پورا کفن دیں اگرچہ ایک دن کا بچہ ہو۔([360])
سوال میت کو عام سا کفن دینا چاہیے یا قیمتی ؟
جواب کفن اچھا ہونا چاہئے یعنی مرد عِیْدَیْن وجمعہ کے لیے جیسے کپڑے پہنتا تھا اور عورت جیسے کپڑے پہن کر میکے جاتی تھی اس قیمت کا ہونا چاہئے۔([361])حدیثِ پاک میں ہے:”مُردوں کو اچھا کفن دو کہ وہ قبروں میں باہم ملاقات کرتے ہیں۔“([362])
سوال میت کو غسل کیسے شخص سے دلوایا جائے؟
جواب امانت دار اور پرہیزگار شخص سے غسل دلوایا جائے تاکہ وہ دورانِ غسل عیب والی بات دیکھے تو اسے چھپائے اور بھلائی والی بات دیکھے تو ظاہر کرے۔ بہتر یہ ہے کہ نہلانے والا میت کا قریبی رشتے دار ہو۔([363])
سوال میت کا کفن کس کے مال سے خریدا جائے ؟
جواب میت نے اگر کچھ مال چھوڑا تو کفن اسی کے مال سے ہونا چاہئے۔میّت نے مال نہ چھوڑا تو کفن اس کے ذمہ ہے جس کے ذمہ زندگی میں نَفَقَہ تھا اور اگر کوئی ایسا نہیں یا وہ نادار ہے تو وہاں کے مسلمانوں پر کفن دینا فرض ہے۔([364])
سوال نمازِ جنازہ فرض ہے یا واجب یا پھرسنت؟
جواب نماز جنازہ فرضِ کِفایَہ ہے۔([365])
سوال نمازِ جنازہ میں کتنے رُکن اور کتنی سُنَّتیں ہیں؟
جواب نمازِ جنازہ میں دو رُکن ہیں:(1)چار تکبیریں اور (2)قیام ۔اورقیام میں تین سنّتِ مُؤکَّدَہ ہیں: (1)ثنا (2)درود ِپاک اور (3)میت کے لیے دعا۔([366])
سوال کیا غائبانہ نمازِ جنازہ ہوسکتی ہے؟
جواب میِّت کا سامنے ہونا ضروری ہے،غائبانہ نمازِ جنازہ نہیں ہوسکتی۔([367])
سوال نمازِ جنازہ کا امام کہاں کھڑا ہو؟
جواب مُستَحَب یہ ہے کہ امام میِّت کے سینے کے سامنے کھڑا ہو۔([368])
سوال کس نماز کی آخری صف سب سے افضل ہے؟
جواب نمازِ جنازہ کی آخری صف تمام صفوں سے افضل ہے۔([369])
سوال جنازے میں کتنی صفیں ہونی چاہیں؟
جواب بہتر یہ ہے کہ جنازے میں تین صفیں ہوں کہ حدیثِ پاک میں ہے:جس کی نماز(جنازہ)تین صفوں نے پڑھی اُس کے لیے جنت واجب ہوگئی۔([370])
سوال اگرجنازہ پڑھنے والےافراد بہت ہی کم ہوں تو تین صفیں کیسے بنائیں؟
جواب اگر کل سات آدمی ہوں تو ایک امام بن جائے اب پہلی صف میں تین کھڑے ہوجائیں دوسری میں دواور تیسری میں ایک۔([371])
سوال جنازےکو کندھا دینے کا کیا ثواب ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:جو جنازے کو چالیس قدم لے کر چلے اُس کے چالیس کبیرہ گناہ مٹادئیے جائیں گے۔([372])
سوال نمازِجنازہ کے بعد دُعا کرنا کیسا ہے؟
جواب جنازہ کی نماز کے بعد دعا کرنا رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّماور حضرات صحابۂ کرام رِضْوَان اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن کی سنّت ہے۔([373])
سوال نمازِ جنازہ کی ابتدا کب ہوئی ؟
جواب حضرتِ سَیِّدُناآدم عَلَیْہِ السَّلَام کے دورِ مبارک سے ہوئی۔([374])
سوال جنّتی شخص کا جنازہ لے کر چلنے والوں پر کیا انعام فرمایاجاتا ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے کہ جب کوئی جنتی شخص فوت ہوتا ہے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کا جنازہ اُٹھانے ،اُس کے پیچھے چلنے اور اُس کی نمازِ جنازہ ادا کرنے والوں کوعذاب دینے سے حیا فرماتا ہے۔([375])
سوال حضرت سَیِّدُناعثمانِ غنی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ جنازہ دیکھ کر کیا کہا کرتے تھے؟
جواب آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ یہ پڑھا کرتےتھے:’’سُبْحٰنَ الْحَیِّ الَّذِیْ لَایَمُوْتُیعنی پاک ہے وہ ذات جسے موت نہیں۔“([376])
سوال میت کو دفن کرنے کا کیا حکم ہے ؟
جواب میت کو دفن کرنا فرضِ کِفایَہ ہے۔([377])
سوال تدفین میں شرکت کرنےکی کیافضیلت ہے ؟
جواب تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نبوت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جومسلمان کے جنازے کے ساتھ ایمان سے بَہ نیتِ ثواب جائے اور اس کے ساتھ ہی رہے
حتّٰی کہ اس پرنماز پڑھ لے اور اس کے دفن سے فارغ ہوجائے تو وہ ثواب کے دو قیراط(حصے)لےکر لَوٹے گا ہرحصہ اُحد کے برابر۔([378])
سوال قبر کی کتنی اور کون کونسی قسمیں ہیں ؟
جواب بناوٹ کے اعتبار سے قبر کی دو قسمیں ہیں:(1) لَحد (یعنی بَغلی قبر)(2)شَق (یعنی صندوق)۔ ([379])
سوال لحد کیسے بنائی جاتی ہے ؟
جواب صندوق نُما گڑھا کھود کر اس میں قبلہ کی طرف دیوار میں اتنی جگہ کھودیں جس میں میت کو با آسانی رکھا جا سکے۔([380])
سوال ’’شق‘‘کیسے بنائی جاتی ہے ؟
جواب یہ صندوق نُما گڑھا کھود کر تیار کی جاتی ہے اور عام طور پر ہمارے یہاں یہی رائج ہے، لحد سنت ہے اگر زمین اس قابل ہو تو یہی کریں اور نرم زمین ہو تو صندوق میں حَرج نہیں۔([381])
سوال قبر کی لمبائی ، چوڑائی اور گہرائی کتنی ہونی چاہیے ؟
جواب قبر کی لمبائی میت کے قد سے کچھ زائد ہو اور چوڑائی آدھے قد کی اور گہرائی کم سے کم نصف قد کی اور بہتر یہ کہ گہرائی بھی قد برابر ہو اور مُتَوَسِّط (درمیانی)
درجہ یہ کہ سینہ تک ہو۔([382]) اس سے مراد یہ کہ لَحد یا صندوق اتنا ہو، یہ نہیں کہ جہاں سے کھودنی شروع کی وہاں سے آخر تک یہ مقدار ہو۔([383])
سوال کیا قبر کے اندرونی حصے میں اینٹیں لگائی جاسکتی ہیں ؟
جواب قبر کے اندر کی دیواریں وغیرہ کچی مٹی کی ہوں، آگ کی پکی ہوئی اینٹیں استعمال نہ کی جائیں۔([384]) اگر اندر میں پکی ہوئی اینٹ کی دیواریں ضروری ہوں تو پھر اندرونی حصہ مٹی کے گارے سے اچھی طرح لیپ دیا جائے۔([385])
سوال کیا قبر میں چٹائی وغیرہ بچھاسکتے ہیں ؟
جواب قبر کے اندر چٹائی وغیرہ بچھاناجائزنہیں ہے کہ بے سبب مال ضائع کرنا ہے۔([386])
سوال میت کو قبر میں لِٹانے کا کیا طریقہ ہے ؟
جواب میت کو سیدھی کَروَٹ پر اس طرح لِٹائیں کہ اس کا منہ اور سینہ قبلے کی طرف ہو جائے۔([387])
سوال کیا میت کو قبر میں لِٹانے کے بعد کفن کی بندش کھول سکتے ہیں ؟
جواب جی ہاں!قبر میں رکھنے کے بعد کفن کی بندش کھول دیں کہ اب ضرورت نہیں
اور اگر بندش نہیں کھولی تو بھی حَرج نہیں ۔([388])
سوال قبر اوپر سے کس شکل کی بنائی جائے ؟
جواب قبر اونٹ کی کوہان کی طرح ڈھال والی بنائیں چَوکَھٹی نہ بنائیں۔([389])
سوال قبر پر پانی چھڑکنا کیسا ہے ؟
جواب بعدِ دفن قبر پر پانی چھڑکنا مَسنُون ہے۔([390])اس کے علاوہ بعد میں پودے وغیرہ کو پانی دینے کی غرض سے چھڑکیں تو جائز ہے۔([391]) بعض لوگ اپنے عزیز کی قبر پر بلا مقصدِ صحیح محض رسمی طور پر پانی چھڑکتے ہیں یہ ناجائز اور اِسراف ہے۔([392])
سوال زکوٰۃ کا کیا مطلب ہے؟
جواب زکوٰۃ سے مراد شریعت کے مقرر کَرْدَہ مال کے ایک حصہ کو اللہ تعالٰی کے لیے کسی مسلمان فقیر (مُستَحق)کو مالک بنا دینا ہے جو ہاشمی ہو اور نہ ہی کسی ہاشمی کا آزاد کردہ غلام ہواور مالک بنانے والا اُس مال سے اپنا نفع بالکل جدا کرلے۔([393])
سوال زکوٰۃ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
جواب زکوٰۃ فرض ہے ،اس کا مُنکرکافر اور ادا میں تاخیر کرنے والا گُنہگار ہے۔([394])
سوال قراٰن کریم میں زکوٰۃ ادا نہ کرنے والوں کے لیے کیا وعید آئی ہے؟
جواب ایسوں کو قیامت میں دردناک عذاب ہوگا۔ارشادِ باری تعالٰی ہے۔(وَ الَّذِیْنَ یَكْنِزُوْنَ الذَّهَبَ وَ الْفِضَّةَ وَ لَا یُنْفِقُوْنَهَا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِۙ-فَبَشِّرْهُمْ بِعَذَابٍ اَلِیْمٍۙ(۳۴) یَّوْمَ یُحْمٰى عَلَیْهَا فِیْ نَارِ جَهَنَّمَ فَتُكْوٰى بِهَا جِبَاهُهُمْ وَ جُنُوْبُهُمْ وَ ظُهُوْرُهُمْؕ-هٰذَا مَا كَنَزْتُمْ لِاَنْفُسِكُمْ فَذُوْقُوْا مَا كُنْتُمْ تَكْنِزُوْنَ(۳۵))
(پ۱۰،التوبۃ:۳۴،۳۵) ترجمۂ کنز الایمان:اور وہ کہ جوڑ کر رکھتے ہیں سونا اور چاندی اور اسے اللّٰہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتےانہیں خوشخبری سناؤ دردناک عذاب کی جس دن وہ تپایا جائے گا جہنّم کی آگ میں پھر اس سے داغیں گے ان کی پیشانیاں اور کروٹیں اور پیٹھیں یہ ہے وہ جو تم نے اپنے لئے جوڑ کر رکھا تھا اب چکھو مزااس جوڑنے کا۔
سوال اَحادیثِ کریمہ میں زکوٰۃ ادا کرنے کے کیا فوائد بیان ہوئے ہیں ؟
جواب احادیثِ مُبارکہ میں زکوٰۃ کی ادائیگی کے بعض فوائد یہ بیان ہوئے ہیں :(1) زکوٰۃ دینابندے کے اسلام کی تکمیل ہے۔([395]) (2)زکوٰۃ کی ادائیگی سے مال کی حفاظت ہوتی ہے۔([396]) (3)زکوٰۃ ادا کرنے سے مال کا شر دور ہوجاتا ہے۔([397])
سوال زکوٰۃ کس پر اور کب واجب ہوتی ہے؟
جواب زکوٰۃ واجب ہونے کی دس شرائط ہیں:(1)مسلمان ہونا (2)بلوغ (3)عقل (4)آزاد ہونا (5)مال بقدرِ نصاب اس کی مِلک میں ہونا، اگر نصاب سے کم ہے تو زکوٰۃ واجب نہ ہوئی (6)پورے طور پر اس کا مالک ہو یعنی اس پر قابِض بھی ہو (7)نصاب کا دَین سے فارغ ہونا (8)نصاب حاجتِ اَصْلِیَّہ سے فارغ ہو (9)مال نامی ہونا یعنی بڑھنے والا خواہ حقیقۃً بڑھے یا حکماً (10)سال گزرنا، سال سے مراد قَمری سال ہے یعنی چاند کے مہینوں سے بارہ(12)مہینے۔([398])
سوال کیا رشتہ داروں کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے ؟
جواب رشتے داروں میں سے کوئی حاجت مند اور شرعی فقیر ہو تو اس کو زکوٰۃ دینا افضل ہے مگر ان کو دینے کی چند شرائط ہیں:(1)سَیِّد یا ہاشمی نہ ہو (2) والدَین (3)یا اپنی اولاد میں سے نہ ہوں(4)میاں بیوی نہ ہوں(5)ایسا نابالغ نہ ہو جس کا والد غنی(صاحبِ نصاب مالدار) ہو۔ان کے علاوہ بھائی،بہن، ساس، سُسَر،بہو، داماد،خالہ، پھوپھی، چچا،ماموں۔ان سب کو زکوٰۃ دینا جائز ہے بَشَرْطیْکہ مُستَحق ہوں(یعنی ان کو زکوٰۃ لگتی ہو)۔([399])
سوال کیا پلاٹ پر زکوٰۃ ہوتی ہے ؟
جواب اگر پلاٹ بیچنے کی نیت سے لیے تھے تو ان پر زکوٰۃ ہوگی ورنہ نہیں۔([400])
سوال شادی کرنے ، یا حج عمرے کے لئے جانے یا مکان خریدنے کے لئے جمع کی گئی رقم پر زکوٰۃ ہے ؟
جواب اگر یہ رقم تنہا یا دوسرے مالِ زکوٰۃ سے مل کر نصاب کے برابر ہے اور اس پر سال بھی گزرچکا ہے تو اس جمع کی گئی رقم پر زکوٰۃ ہے۔([401])
سوال کیا عورت کے استعمالی زیورات کی بھی زکوٰۃ نکالنی ہوگی ؟
جواب جی ہاں ،ان میں بھی زکوٰۃ ہے اگرچہ وہ استعمال میں ہوں۔([402])
سوال زکوٰۃ کے مَصارف کیا ہیں ؟
جواب زکوٰۃ کے مصارِف سات (7) ہیں: (1) فقیر (2)مسکین (3) عامل (زکوٰۃ وصول کرنے کے لیے حاکمِ اسلام کا مُقَرَّر کَردَہ شخص) (4) رِقاب(مُکاتَب غلام) (5) غارِم (مَدیون/مَقروض) (6) فِیْ سَبِیْلِ اللہ (جہادیا حج کا ارادہ رکھنے والایا طالبِ علم وغیرہ) اور (7) ابنِ سبیل(مسافرجس کے پاس مال نہ رہا)۔([403])
سوال کن جانوروں پر زکوٰۃ ہوتی ہے ؟نیز ان کی تعداد کتنی ہونا ضروری ہے ؟
جواب تین قسم کے جانوروں پر زکوٰۃ واجب ہے جبکہ وہ سائمہ ہوں۔(1)اونٹ (2) گائے،بھینس(3)بکری۔اونٹ پانچ یا پانچ سے زیادہ ہوں،گائے تیس یا تیس سے زیادہ ہوں اوربکریاں چالیس یا اس سے زیادہ ہوں تو زکوٰۃ واجب ہے۔([404])
سوال کیا زمین کی پیدا وار پر بھی زکوٰۃ فرض ہے ؟
جواب جی ہاں !عُشری زمین سے ایسی چیز پیدا ہوئی جس کی زراعت سے مقصود زمین سے منافع حاصل کرنا ہے تو اس پیداوار کی زکوٰۃ فرض ہےاور اس زکوٰۃ کا نام عُشر ہے۔([405])
[1]…تادمِ تحریر(ربیع الاٰخر۱۴۳۷ھ)شعبےمزیدقائم ہوچکےہیں:(۷)فیضانِ قرآن(۸)فیضانِ حدیث (۹)فیضانِ صحابہ واہْلِ بیت(۱۰)فیضانِ صحابیات وصالحات(۱۱)شعبہ امیراہلسنّتمَدَّظِلُّہٗ(۱۲)فیضانِ مدنی مذاکرہ(۱۳)فیضانِ اولیاوعلما(۱۴)بیاناتِ دعوتِ اسلامی(۱۵)رسائِلِ دعوتِ اسلامی(۱۶)عربی تراجم۔
(مجلس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیہ(
4… بخاری،کتاب التوحید،باب قول اللہ تعالی:وجوہ یومئذ ناضرۃ،۴/۵۵۱،حدیث:۷۴۳۷ ۔الفقہ الاکبر، ص۸۳۔
بہار شریعت ،حصہ۱، ۱/۲۱، ملتقطاً۔
5…شرح اصول اعتقاد اھل السنۃ والجماعۃ، ماورد فی کتاب اللہ …الخ، ۱/۲۰۲۔ الحبائک فی اخبار الملائک، ص ۲۷۲-۲۷۳۔
5…تفسیر کبیر، الکتاب الاول فی العلوم المستنبطۃ من قولہ: اعوذ با للّٰہ …الخ ، الباب الثانی …الخ، ۱/۸۵۔
4…الترغیب والترھیب، کتاب صفۃ الجنۃ والنار، الترہیب من النار، فصل فی اودیتھا وجبالھا، ۴/۲۵۴، حدیث: ۴۰۔
4…روح البیان، پ ۱۰، التوبۃ، تحت الآیۃ: ۴۱، ۳/۴۳۹۔
شرح الصدور، باب نتن المیت …الخ، ص۳۱۷-۳۱۸۔جامع کرامات الاولیاء، ۱/۲۷۶۔
1…فیض القدیر، ۵/۴۲۴، تحت الحدیث: ۷۴۹۳۔منح الروض الازھر ، ضغطة القبر وعذاب القبر، ص۱۰۱۔
ترمذی،کتاب صفة القیامة، ۴/۲۰۸، حدیث: ۲۴۶۸، ملتقطاً۔
2…بخاری، کتاب احادیث الانبیاء، باب نزول عیسی …الخ، ۲/۴۵۹، حدیث: ۳۴۴۸۔
تفسیر طبری،پ۶، النساء، تحت الآیة: ۱۵۹، ۴/۳۵۶۔
2…بریقة محمودیة، الباب الثانی، الفصل الاول، مطلب کرامات الاولیاء…الخ، ۱/۲۶۵۔
رسالة قشیریة، باب کرامات الاولیاء، ص۳۸۱۔
3…روح البیان،پ ۲۹، الجن، تحت الآیة: ۲۷، ۱۰/۲۰۱۔
ارشاد الساری، کتاب التفسیر، سورۃ الرعد، تحت الحدیث: ۴۶۹۷، ۱۰/۳۶۹۔
4…فتاوی ھندیۃ،کتاب الطھارۃ،الباب الثالث فی المیاہ،الفصل الثانی،۱/ ۲۴۔
رد المحتار،کتاب الطھارۃ،باب المیاہ،فصل فی البئر،مطلب فی السؤر،۱/ ۴۲۶۔
4…شرح المواھب،باب بدء الاذان،۲/۱۹۵۔مسند احمد،مسند الانصار، ۸/ ۲۶۴۔
الاوائل للطبرانی،باب اول من اذن، ص۱۱۶ ، رقم:۸۵۔
1…بہار شریعت،حصہ ۳،۱/ ۴۶۴ماخوذا۔فتاوی ھندیۃ، کتاب الصلاۃ، الباب الثاني في الاذان، ۱/۵۳۔
درمختار، کتاب الصلاۃ، ۲/۶۰۔ فتاوی خانیۃ، کتاب الصلاۃ، باب الاذان، ۱/ ۳۴۔
2…فتاوی ھندیۃ، کتاب الصلاۃ، الباب السابع فیما یفسد الصلاۃ، النوع الثاني، ۱/۱۰۴۔
غنیۃ المتملي، مفسدات الصلاۃ، ص۴۴۸۔
4…در مختار ورد المحتار، کتاب الصلاۃ، مطلب: یشترط العلم بدخول الوقت، ۲/۳۷-۴۰۔
بہارِ شریعت، حصہ۳، ۱/۴۵۴، ملخصاً۔
4…غنیۃ المتملي، صلاۃ الوتر، ص۴۱۴ ۔ ۴۱۸۔
درمختار و ردالمحتار، کتاب الصلاۃ، باب الوتر و النوافل، مطلب في منکر الوتر…الخ، ۲/۵۳۴، ملتقطاً۔
3…فتاوی ھندیۃ، کتاب الصلاۃ، الباب الثالث عشر في سجود التلاوۃ، ۱/۱۳۲-۱۳۵۔
در مختار، کتاب الصلاۃ، باب سجود التلاوۃ، ۲/۷۰۰ ۔ ۷۰۲، ملتقطاً۔
2…جمعہ واجب ہونے کے لیے گیارہ شرطیں ہیں:(1)شہر میں مقیم ہونا (2)صحت یعنی مریض پر جمعہ فرض نہیں مریض سے مراد وہ ہے کہ مسجد جمعہ تک نہ جاسکتا ہو یا چلا تو جائے گا مگر مرض بڑھ جائے گا یا دیر میں اچھا ہوگا۔شیخِ فانی مریض کے حکم میں ہے۔(3)آزاد ہونا،غلام پر جمعہ فرض نہیں اور اس کا آقا منع کر سکتا ہے(4)مرد ہونا (5) بالغ ہونا (6)عاقل ہونا۔یہ دونوں شرطیں خاص جمعہ کے لیے نہیں بلکہ ہر عبادت کے وجوب میں عقل و بلوغ شرط ہے(7)انکھیارا ہونا(8)چلنے پر قادر ہونا(9) قید میں نہ ہونا (10)بادشاہ یا چور وغیرہ کسی ظالم کا خوف نہ ہونا(11)مینہ یا آندھی یا اولے یا سردی کا نہ ہونا یعنی اس قدر کہ ان سے نقصان کا خوف صحیح ہو۔(بہار شریعت، حصہ ۴، ۱/۷۷۰-۷۷۲)
3…مسلم،کتاب الجنائز، باب فی تحسین کفن المیت، ص۴۷۰ ،حدیث: ۹۴۳،
الکامل لابن عدی،الرقم:۷۳۴، سلیمان بن ارقم ،۴/ ۲۳۷۔
5…دلائل النبوة ، باب ماجاء فی غزوة مؤتة…الخ،۴/ ۳۶۹۔
سنن کبری للبیھقی، کتاب الجنائز، باب الرجل تفوتہ الصلاة …الخ، ۴/ ۷۴، حدیث: ۶۹۹۶۔