سوال صدقہ کسے کہتے ہیں ؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ سے ثواب پانے کی امید پر جو عَطیہ دیاجائے اسے صدقہ کہتے ہیں۔([1])
سوال حدیثِ پاک میں صدقہ کرنے کی کیا فضیلت آئی ہے ؟
جواب حضور نبیٔ مُکَرَّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:صدقہ رب تعالٰی کے غضب کو بُجھاتا اور بُری موت کو دفع کرتا ہے۔([2])
سوال صدقہ کرنے کے کوئی دس فائدے بیان فرمائیے ؟
جواب صدقہ کرنے کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے دس یہ ہیں: (1) بری موت سے بچنا (2) عمر زیادہ ہونا (3) رزق اور مال میں برکت ہونا (4) بَلائیں دور
ہونا (5) مددِ الٰہی کا شاملِ حال ہونا (6) درجات کا بلند ہونا (7)رضائے الٰہی نصیب ہونا (8) گناہوں کا معاف ہونا (9) محبتوں میں اضافہ ہونا اور(10) ٹیڑھے کام درست ہونا وغیرہ۔([3])
سوال صدقہ عَلانیہ کرنابہتر ہے یا پوشیدہ ؟
جواب پوشیدہ صدقہ کرنا بہتر ہے مگر دوسروں کی ترغیب کے لیے علانیہ صدقہ کرنا افضل ہے ۔([4])
سوال صدقہ کہاں خرچ کرے ؟
جواب صدقہ رشتے داروں ،یتیموں،مسکینوں،مسافروں ،سائلوں اورغلام لونڈیاں آزاد کرانے میں خرچ کیا جائے ۔ (پ۲، البقرۃ:۱۷۷)
سوال صدقہ وخیرات کن لوگوں کو دینا افضل ہے؟
جواب صدقہ و خیرات اُن غریب علماء ،طلباء ، مُدَرِّسِین اوردِین کے خادِموں وغیرہ کو دینا افضل ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں خدمتِ دین کے لئے وقف کر دی ہیں۔اگر ان کی خدمت نہ کی گئی اور یہ طلبِ معاش کے لئے مجبورًا مشغول ہوئے تو دینِ اسلام کا سخت نقصان ہو گا۔([5])
سوال کیا حرام مال سے صدقہ کیا جاسکتا ہے ؟
جواب حرام مال سے صدقہ نہیں کیا جاسکتا، حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے
مروی ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: جو حرام مال جمع کرے پھر اس سے صدقہ دے تو اس میں اس کے لیے کوئی اجر نہیں اور اس کا وبال اسی پر ہوگا ۔([6])
سوال کیا قرض دینے کی بھی کوئی فضیلت ہے ؟
جواب جی ہاں !حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا : ’’ہر قرض صدقہ ہے۔‘‘([7])
سوال کیا بیوی اپنے شوہر کا مال صدقہ کرسکتی ہے ؟
جواب جی ہاں ! حصولِ ثواب کی نیت سے شوہر کی رضامندی سے بیوی مال صدقہ کرسکتی ہے ۔([8])
سوال کیا صدقہ کرنے کے بعد واپس لے سکتے ہیں؟
جواب نہیں لے سکتے کیونکہ حدیثِ پاک میں اس کی ممانعت ہے ۔([9])
سوال صدقاتِ واجبہ ،نفلی صدقات اور اَوقاف کی آمدنی بنی ہاشم کو دینا کیسا؟
جواب صدقاتِ واجبہ(جیسےزکوٰۃ،صدقۂ فطروغیرہ)نہیں دے سکتے صدقۂ نفل اور اَوقاف کی آمدنی دے سکتے ہیں، خواہ وقف کرنے والے نے ان کی تعیین کی ہو یا نہیں۔([10])
سوال کیا کسی کا دیا ہوا تحفہ صدقہ کرسکتے ہیں ؟
جواب جی ہاں!حدیث شریف میں ہے : جب تمہیں بن مانگے کچھ دیا جائے توکھاؤ اور صدقہ کرو۔([11])
سوال روزے کب فرض ہوئے؟
جواب روزے 10شعبان 2ہجری کو فرض ہوئے۔([12])
سوال روزہ رکھنے کی فضیلت اور اجروثواب بتائیے ؟
جواب حضور نبیِّ رحمت،شفیعِ اُمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: آدمی کے ہر نیک عمل کا بدلہ دس سے سات سو گُنا تک دیا جاتا ہے۔اللہ تعالٰی نے فرمایا: سوائے روزے کے کہ روزہ میرے لیے ہے اور اس کی جزا میں خود دوں گاکیونکہ بندہ اپنی خواہش اور کھانے کو صرف میری وجہ سے ترک کرتا ہے، روزہ دارکے لیے دو خوشیاں ہیں ،ایک اِفطار کے وقت اور ایک اپنے رب عَزَّ وَجَلَّ سے ملاقات کے وقت اورروزہ دار کے منہ کی بُواللہ عَزَّ وَجَلَّکے نزدیک مشک سے زیادہ پاکیزہ ہے۔([13])
سوال کیا روزہ رکھنے کا کوئی طبی فائدہ بھی ہے ؟
جواب جی ہاں ،روزہ رکھنے سے شوگر کنٹرول،دل کی گھبراہٹ دور،ذہنی ڈپریشن و نفسیاتی اَمراض کا خاتمہ ہوتا ہے۔نیز معدے،جگر اور پٹھوں کے امراض میں اِفاقہ ہوتا ہے۔([14])
سوال کیا روزہ رکھنے کے لئے نیت کرنا ضروری ہے ؟
جواب جی ضروری ہے۔اگر کوئی شخص بغیر نیت کے پورا دن بھوکا پیاسا رہے تو اس کا روزہ نہ ہوگا۔([15])
سوال کیا روزہ رکھنےکے لئے سَحری کرنا ضروری ہے ؟
جواب ضروری تو نہیں،ہاں سنت ہے۔([16]) لہٰذا جان بوجھ کر اس عظیم سنت کو نہ چھوڑا جائے۔
سوال کیا روزہ بند کرنے یا کھولنے کے لئے اذان ضروری ہے ؟
جواب جی نہیں! ”روزہ بند کرنے کا تعلق اذانِ فجر سے نہیں۔ صبحِ صادق سے پہلے پہلے کھانا پینا بند کرنا ضروری ہے۔“ یوں ہی ”جب غروبِ آفتاب کا یقین ہوجائے، افطار کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیئے۔ نہ سائرن کا انتظار کیجئے، نہ اذان کا۔ فوراً کوئی چیز کھا یا پی لیجئے۔“([17])
سوال کس سفر کی وجہ سے روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے؟
جواباعلیٰ حضرت مولانا شاہ احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن کی تحقیق کے مطابق شرعاً سفر کی مقدار ساڑھے ستاون میل(یعنی تقریباً بانوے کلومیٹر) ہے جو کوئی اتنی مقدار کا فاصلہ طے کرنے کی غرض سے(پندرہ دن سے کم کے لئے) اپنے شہر یا گاؤں کی آبادی سے باہر نکل آیا، وہ اب شرعاً مسافر ہے۔ اسے روزہ قضا کرکے رکھنے کی اجازت ہے۔([18])
سوال قے آنے سے روزہ کب ٹوٹتا ہے؟
جواب روزہ یاد ہونے کے باوجود جان بوجھ کر قے کی اور وہ منہ بھر ہو اور اس قے میں کھانا،پانی،کڑوا پانی یا خون آئے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔ بلااختیار قے ہوئی اب اگر وہ منہ بھر ہے اور اس میں ایک چنے کے برابر واپس لوٹادی تو بھی روزہ ٹوٹ جائےگا۔([19])
سوال کیا جس پر غسل فرض ہواُس کا روزہ ہوجاتا ہے ؟
جواب جی ہاں،جَنابَت(یعنی غسل فرض ہونے) کی حالت میں صبح کی بلکہ سارا دن کوئی جَنابَت کی حالت میں رہا تو روزہ ہو جائے گا۔([20]) مگر اتنی دیر تک جان بوجھ کر غسل نہ کرنا کہ نماز قضا ہو جائےگناہ و حرام ہے۔
سوال روزے کے کوئی6مکروہات بیان کیجئے ؟
جواب جھوٹ،غیبت،بدنگاہی،گالی دینا،بلا اجازتِ شرعی کسی کا دل دُکھانا،داڑھی
منڈانا ویسے بھی ناجائز وحرام ہیں روزہ میں اور زیادہ حرام اور ان کی وجہ سے روزہ میں کَراہِیَّت آتی اور روزہ کی نورانِیَّت چلی جاتی ہے۔([21])
سوال مجبوری کے سبب روزہ نہ رکھاتومجبوری ختم ہونے پرکیا حکم ہے؟
جواب بعض مجبوریاں ایسی ہیں جن کے سبب رمضانُ المبارک میں روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے مگر یہ یاد رہے کہ مجبوری میں روزہ معاف نہیں وہ مجبوری ختم ہو جانے کے بعد اس کی قضا رکھنا فرض ہے۔ البتہ قضا کا گناہ نہیں ہوگا۔([22])
سوال روزے کا کَفّارہ کیا ہے ؟
جواب ممکن ہو تو ایک باندی یاغلام آزاد کرے اور یہ نہ کرسکے تو پے درپے ساٹھ روزے رکھے۔یہ بھی اگر ممکن نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو پیٹ بھر کر دونوں وقت کھانا کھلائے۔([23])
سوال اِحرام کے کیا معنی ہیں؟
جواب اِحرام کے لفظی معنیٰ ہیں:حرام کرنا کیونکہ اِحرام باندھنے والے پر بعض حلال باتیں بھی حرام ہوجاتی ہیں۔([24])
سوال اِحرام کی حالت میں عطر کی شیشی ہاتھ میں لی اور ہاتھ میں خوشبو لگ گئی تو کیا
کَفّارہ ہے؟
جواب اگر لوگ دیکھ کر کہیں کہ یہ بہت سی خوشبو لگ گئی ہے اگرچہ عُضْوْ کے تھوڑے سے حصّے میں لگی ہو تو دَم واجِب ہے،ورنہ معمولی سی خوشبو بھی لگ گئی تو صَدَقہ ہے۔([25])
سوال کیا اِحرام کی حالت میں جُوں بھی نہیں مارسکتے؟
جواب جی ہاں!جُوں مارنا،پھینکنا،کسی کو مارنے کے لیے اِشارہ کرنا،کپڑا اُس کے مارنے کے لیے دھونا یا دھوپ میں ڈالنا،بالوں میں جُوں مارنے کے لیے کسی قِسم کی دوا وغیرہ ڈالنا،غَرْضیْکہ کسی طرح اُس کے ہلاک پر باعث ہونایہ سب حرام ہے۔([26])
سوال اِضْطِباع کسے کہتے ہیں؟
جواب مرداپنی چادر سیدھے ہاتھ کی بغل کے نیچے سے نکال کر اُس کے دونوں پَلّے اُلٹے کندھے پر اِس طرح ڈالے کہ سیدھا کندھا کُھلا رہے۔([27])
سوال اِسْتِلام کیا ہے؟
جواب حجرِ اَسْوَد کو بوسہ دینے یا ہاتھ یالکڑی سے چھوکرچوم لینے یااشارہ کرکے ہاتھوں کوبوسہ دینے کواِسْتِلام کہتے ہیں۔([28])
سوال سَعی کسے کہتے ہیں؟
جواب صَفا و مَرْوَہ کے درمیان دوڑنےکوسعی کہتےہیں۔([29])
سوال رمی کسے کہتے ہیں؟
جواب جَمَرات(یعنی شیطانوں)پر کنکریاں مارنارَمی کہلاتا ہے۔([30])
سوال رَمَل کسے کہتے ہیں؟
جواب اَکڑکرشانے(کندھے)ہِلاتے ہوئے چھوٹے چھوٹے قدم اُٹھاتے ہوئے قدرے (یعنی تھوڑا)تیزی سے چلنا۔([31])
سوال طواف میں کتنے پھیرے اور کتنے اِسْتِلام ہوتے ہیں؟
جواب سات(7)پھیرے اور آٹھ(8)اِسْتِلام۔([32])
سوال تَقْصِیر کی تعریف بتائیے؟
جواب تَقصِیر یعنی کم از کم چوتھائی(1/4)سَر کے بال اُنگلی کے پَورے برابر کٹوانا۔([33])
سوال اِسلامی بہنوں کی تقصیر کاآسان طریقہ کیا ہے؟
جواب اِس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اپنی چُٹیا کے سِرے کو اُنگلی کے گرد لپیٹ کر اُتنا حصّہ کاٹ لیں،لیکن یہ اِحتیاط لازِمی ہے کہ کم از کم چوتھائی(4/1)سَر کے بال
پَورے کے برابر کٹ جائیں۔([34])
سوال طواف میں کتنی اورکون کون سی باتیں حرام ہیں؟
جواب طواف میں سات باتیں حرام ہیں: (1)بےوضوطواف کرنا (2) جوعُضْوْسَتْر میں داخل ہےاس کاچوتھائی (4/1) حصہ کھلاہونا،مثلاًران یاآزادعورت کا کان یاکلائی (3)بےمجبوری سواری پریاکسی کی گودمیں یاکندھوں پرطواف کرنا (4) بلاعذربیٹھ کر سَرکنایاگھٹنوں پرچلنا (5) کعبےکوسیدھے ہاتھ پر لے کر الٹا طواف کرنا (6) طواف میں’’حطیم‘‘کےاندرہوکرگزرنا (7) سات پھیروں سےکم کرنا۔([35])
سوال قربانی کسے کہتے ہیں؟
جواب مخصوص جانورکومخصوص وقت میں ثواب کی نیت سےذبح کرناقربانی کہلاتا ہے۔([36])
سوال یَوْمُ النَّحر کس دن کو کہا جاتا ہے؟
جواب ذُوالحجہ کی10تاریخ کو”یومُ النحر“کہتے ہیں۔([37])
سوال قربانی کس پر واجب ہے؟
جواب ہربالغ ،مُقیم، مسلمان مَردو عورت ، مالکِ نصاب([38])پر قربانی واجِب ہے۔([39])
سوال جس پر قربانی واجب ہو لیکن پیسے نہ ہوں تو کیا کرے؟
جواب اگر قربانی اُس پر واجِب ہے اور اس وَقت اس کے پاس روپیہ نہیں توقَرض لے کر یا کوئی چیز فروخت کر کے قربانی کا جانور حاصل کرے اور قربانی کرے۔([40])
سوال قربانی کے جانور وں میں کس کی کتنی عمر ہونا ضروری ہے؟
جواب قربانی کے جانوروں میں اونٹ کی عمر پانچ سال، گائے کی عمر دو سال اور بکرے کی ایک سال ہونا ضروری ہے اس سے کم ہوتو قربانی نہ ہوگی البتہ دُنبہ یا بھیڑ کا چھ ماہ کا بچہ جو دیکھنے میں سال کا لگے اس کی قربانی جائز ہے۔([41])
سوال ذَبْح میں کاٹی جانے والی چار رگوں کے نام بتائیے؟
جواب وہ چار رگیں یہ ہیں :(1)حُلقوم ،(2)مُری اور(3۔4)وَدَجَین۔ ([42])
سوال جانور کو ذَبْح کرنے میں کتنی رگوں کا کٹنا ضروری ہے؟
جواب ذبح کی چار رگوں میں سے تین کا کٹ جانا کافی ہے اور اگر چاروں میں سے ہر ایک کااکثر حصہ بھی کٹ گیا تو جانور حلال ہے۔([43])
سوال جانور کے پیٹ سے اگر بچہ نکلا تو کیا قربانی ہوجائے گی؟
جواب جی ہاں!اس صورت میں قربانی ہوجائے گی۔([44])
سوال ایک اُونٹ میں قربانی کے کتنے حصے ہوتے ہیں ؟
جواب حدیث شریف کے مطابق ایک اونٹ کی قربانی میں7افراد شریک ہوسکتے ہیں۔([45])
سوال حِجَّۃُ الْوَداع کے موقع پرحضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے کتنے اُونٹ نَحر فرمائے؟
جواب اس موقع پر حضور نبیِّ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنے مُقَدَّس ہاتھ سے 63اُونٹ نحر فرمائے۔([46])
سوال پیارے آقاصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم بقر عید کے دن سب سے پہلے کھانے میں کیا کھاتے؟
جواب حضورنبیِّ کریمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمعیدُالْاَضحیٰ میں سب سے پہلے قربانی کی کلیجی تَناوُل فرماتے۔([47])
سوال قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے کتنی نیکیاں ملتی ہیں؟
جواب قربانی کرنے والے کو قربانی کے جانور کے ہر بال کے عِوَضْ ایک نیکی ملتی ہے۔([48])
سوال پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنے نکاح کی اِستِطاعَت ہونےیا نہ ہونے کی صورت میں نکاح کرنے کے متعلق کیا حکم دیا ہے؟
جواب پیارےآقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنےارشادفرمایا:اےجوانو!تم میں جوکوئی نکاح کی اِستِطاعَت رکھتا ہے وہ نکاح کرے کہ یہ اَجنبی عورت کی طرف نظر کرنے سے نگاہ کو روکنے والا ہے اور شَرْمْگاہ کی حفاظت کرنے والا ہے اور جس میں نکاح کی اِستِطاعت نہیں وہ روزے رکھے کہ روزہ قاطعِ شَہْوَت (یعنی شہوت کو توڑنے والا) ہے۔([49])
سوال نکاح میں کون سے اُمور کالحاظ رکھنا مُسْتَحَب ہے؟
جواب نکاح میں یہ اُمور مُسْتَحَب ہیں:(1)عَلانِیَہ ہو نا(2)نکاح سے پہلے خطبہ پڑھنا (3)مسجد میں ہونا (4)جمعہ کے دن(5) گَواہانِ عادل کے سامنے(6)عورت عمر،حَسب(خاندانی شرف) ،مال،عزت میں مرد سے کم ہو اور (7)چال چَلن اور اَخلاق و تقویٰ و جمال میں بیش(یعنی زیادہ) ہو۔([50])
سوال عورت سے اُس کی عزت یا مال کی وجہ سے نکاح کرنے والے کے لیے کیا وعيد ہے؟
جواب رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عِبْرَت نشان ہے :جو کسی عورت سےاس کی عزت کے باعث نکاح کرے گااللہ عَزَّوَجَلَّاس کی ذلت میں اضافہ کرے گا اورجوکسی عورت سےاس کےمال کےسبب نکاح کرے گا اللہ تعالٰی اس کی محتاجی ہی بڑھائےگا۔([51])
سوال کم سے کم مَہرکتناہے؟
جواب مہرکم سے کم دس درہم(یعنی دوتولہ ساڑھے سات ماشہ(618.30گرام)چاندی یااس کی قیمت)ہےاس سے کم نہیں ہوسکتا۔([52])
سوال کیاعورت کے مہرمعاف کردینے سے معاف ہوجائےگا؟
جواب عورت کُل مَہریاجُز(بعض)معاف کردے تومعاف ہوجائے گابَشَرطیْکہ شوہر نے انکارنہ کردیاہو۔([53])
سوال مَہرکی کتنی قِسمیں ہیں؟
جواب مہرتین قسم( کا)ہے:(۱)مُعَجَّل کہ خَلْوَت سے پہلےمہردیناقرارپایاہے۔(۲) مُؤجَّل جس کے لئےکوئی میعادمقررہو۔(۳)مُطْلَق جس میں نہ وہ ہونہ یہ(یعنی نہ خَلْوَت سے پہلے دیناقرارپایاہو،نہ ہی اس کے لئے کوئی مدت مقررہو)۔ ([54])
سوال مہرنہ دینے کی نیت سے نکاح کرنے والے کےلئے کیاوعیدہے؟
جواب حضورنبی پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا:جوشخص نکاح کرے اورنیت یہ ہوکہ عورت کومہرمیں سے کچھ نہ دے گا،توجس روزمَرے گازانی مرے گا۔([55])
سوال کیامردکاپَری سے اورعورت کاجن سے نکاح ہوسکتاہے؟
جواب مردکا پری سے یاعورت کاجن سے نکاح نہیں ہوسکتا۔([56])
سوال بچے کو ماں کا دودھ کتنے سال تک پلانے کی اجازت ہے؟
جواب بچہ کو دو برس تک دودھ پلایا جائے،اس سے زیادہ کی اجازت نہیں اور برس سےمرادہجری برس ہے۔([57])
سوال کیالڑکے اور لڑکی کو دودھ پلانے کی مدت میں کوئی فرق ہے؟
جواب جو بعض عوام میں مشہور ہے کہ لڑکی کو دو برس تک اور لڑکے کو ڈھائی برس تک پلا سکتے ہیں یہ صحیح نہیں ۔([58])
سوال کیامدت پوری ہونے کے بعدبَطَورِ علاج دودھ پلایا جاسکتا ہے؟
جواب مدت پوری ہونے کے بعد بطورِ علاج بھی دودھ پلانا جائز نہیں ۔([59])
سوال حُرْمَتِ رَضاعَت یعنی نکاح حرام ہونےکے لیے دودھ پلانے کی مدت کیا ہے ؟
جواب نکاح حرام ہونے کے لیے ڈھائی برس کا زمانہ ہے یعنی دو برس کے بعد اگرچہ دودھ پلانا حرام ہے مگر ڈھائی برس کے اندر اگر دودھ پلا دے گی حُرْمَتِ نکاح ثابت ہو جائے گی۔([60])
سوال اللہ عَزَّ وَجَلَّ کو کونسی حلال چیز سب سے زیادہ ناپسندہے؟
جواب حدیث شریف میں ہے: اَبْغَضُ الْحَلَالِ اِلَی اللہِ تَعَالٰی اَلطَّلَاق.یعنیاللہ عَزَّ وَجَلَّ کےنزدیک حلال چیزوں میں سب سے ناپسندیدہ شے طلاق ہے۔([61])
سوال طلاق کسے کہتے ہیں ؟
جواب نکاح سے عورت شوہر کی پابند ہو جاتی ہے اس پابندی کے اُٹھا دینے کو طلاق کہتے ہیں اوراس کے لیے کچھ الفاظ مُقَرَّر ہیں۔([62])
سوال طلاقِ بائن اوررَجعی میں کیافرق ہے؟
جواب طلاق کی دوصورتیں ہیں:ایک یہ کہ عورت اسی وقت نکاح سے باہرہوجائے اسے بائن کہتے ہیں۔دوم یہ کہ عِدَّت گزرنے پرباہرہوگی،اسے رَجعی کہتے ہیں۔([63])
سوال کیا نشے کی حالت میں طلاق دینے سے طلاق ہوجائے گی؟
جواب نشہ والے نے طلاق دی تو واقع ہو جائے گی ،نشہ خواہ شراب پینے سے ہو یا بھنگ وغیرہ کسی اور چیز سے۔ افیون کی پِیْنَک میں طلاق دے دی جب بھی واقع ہو جائے گی طلاق میں عورت کی جانب سے کوئی شرط نہیں نا بالغہ ہو یا مجنونہ بہر حال طلاق واقع ہوگی۔([64])
سوال عِدَّت سے کیامرادہے؟
جواب نکاح ختم ہونے کے بعد عورت کونکاح کی ممانعت ہونا اورایک مدت تک انتظار کرناعدت ہے۔([65])
سوال جس کا شوہر فوت ہوگیا تو اس کی عدّت کیاہے؟
جواب اللہ تعالٰی ارشاد فرماتا ہے: )وَالَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَ یَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا یَّتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ اَرْبَعَةَ اَشْهُرٍ وَّ عَشْرًاۚ- (ترجمۂ کنز الایمان:’’اور تم میں جو مریں اور بیبیاں چھوڑیں وہ چار مہینے دس دن اپنے آپ کو روکے رہیں۔‘‘ (پ۲، البقرۃ:۲۳۴)تفسیر خزائنُ العرفان میں ہے : یہاں غیر حاملہ کابیان ہے جس کا شوہر مرجائے اس کی عِدَّت چار ماہ دس روز ہے۔(3)
سوال حاملہ عورت کی عِدَّت کیاہے؟
جواب اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے):وَ اُولَاتُ الْاَحْمَالِ اَجَلُهُنَّ اَنْ یَّضَعْنَ حَمْلَهُنَّؕ-( (پ۲۸،الطلاق: ۴) ترجمۂ کنزالایمان:’’اور حَمل والیوں کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپنا
حَمل جَن لیں۔‘‘مسئلہ:حاملہ عورتوں کی عِدَّت وضعِ حَمل (بچے کی پیدائش تک) ہے خواہ وہ عدّت طلاق کی ہو یا وفات کی ۔([66])
سوال حمل کی کم سے کم اورزیادہ سے زیادہ مدت کیاہے؟
جواب حمل کی مدت کم سے کم چھ مہینے اورزیادہ سے زیادہ دوسال ہے۔([67])
سوال سوگ کے کیا معنی ہیں؟
جواب سوگ کے یہ معنی ہیں کہ زینت کو تَرک کرے ۔([68])
سوال کس عورت پر سوگ واجب ہے ؟
جواب سوگ اُس پر ہے جو عاقلہ بالغہ مسلمان ہواور موت یا طلاقِ بائن کی عدت ہو۔([69])
سوال شوہرکے مرنے پرعورت کو کتنے دن کے سوگ کا حکم ہے؟
جواب حضورنبیِّ رحمت،شفیعِ اُمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: جو عورت اللہ عَزَّ وَجَلَّ اورقیامت کے دن پرایمان رکھتی ہے،اُسے حلال نہیں کہ کسی میت پرتین راتوں سے زیادہ سوگ کرے،مگرشوہرپرکہ چارمہینے دس دن سوگ کرے۔([70])
سوال قریبی رشتے دارکے مرجانے پرعورت کوکتنے دن سوگ کرنے کی اجازت ہے؟
جواب کسی قریبی کے مرنے پرعورت کوتین دن تک سوگ کرنے کی اجازت ہےاس سے زائد کی نہیں اورعورت شوہروالی ہوتوشوہراس سے بھی منع کر سکتاہے۔([71])
سوال یَمین یعنی قَسم کی کتنی قِسمیں ہیں ؟
جواب قسم کی تین قسمیں ہیں : (1)غَمُوس (2)لَغْوْ (3)مُنْعَقِدَہ۔([72])
سوال یمینِ غموس کسے کہتے ہیں ؟
جواب غموس یہ ہے کہ کسی گزرے ہوئے یا موجودہ اَمر (یعنی معاملے )پر دانِسْتَہ (یعنی جان بوجھ کر )جھوٹی قسم کھائے۔([73])
سوال یمینِ غموس کا حکم بتائیں ؟
جواب یمینِ غمو س کھا نے والا سخت گنہگار ہوا ،اِستِغفار و توبہ فرض ہے مگر کَفّارہ لازم نہیں۔([74])
سوال یمینِ لَغْوْ کسے کہتے ہیں ؟
جواب لغو یہ ہے کہ کسی گزرے ہوئے یا موجودہ اَمر (یعنی معاملے )پر اپنے خیال میں (یعنی غلط فہمی کی وجہ سے )صحیح جان کر قسم کھائےاور درحقیقت وہ بات اس کے
خلاف(یعنی الٹ ) ہو ۔([75])
سوال یمینِ لَغْوْ کا حکم بتائیں ؟
جواب یمینِ لغو معاف ہے اوراس پر کَفّارہ نہیں۔([76])
سوال یمینِ مُنْعَقِدَہ کسے کہتے ہیں ؟
جواب یمینِ منعقدہ یہ ہے کہ مُستَقْبِل میں کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کی قسم کھائی۔([77])
سوال یمینِ منعقدہ کا حکم بتائیں ؟
جواب یمینِ مُنْعَقِدَہ میں اگر قسم توڑے گا کَفّارہ دینا پڑے گا اور بعض صورتوں میں گُنہگار بھی ہوگا۔([78])
سوال جھوٹی قسم کھانے سے متعلق نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا کیا فرمان ہے؟
جواب نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمان ہے: ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ساتھ شرک کرنا، والدَیْن کی نافرمانی کرنا ،کسی جان کو قتل کرنا اورجھوٹی قسم کھانا کبیرہ گناہ ہیں۔‘‘([79])
سوال سب سے پہلے جھوٹی قسم کس نے کھائی ؟
جواب پہلا جھوٹی قسم کھانے والا ابلیس ہی ہے ۔([80])
سوال غلطی سے قسم کھا لی تو کیا اُس پر بھی کفارہ ہو گا؟
جواب غلطی سے قسم کھا بیٹھا مثلاً کہنا چاہتا تھا کہ پانی پلاؤ اور زبان سے نکل گیا کہ ’’خدا کی قسم پانی نہیں پیوں گا۔ ‘‘تو یہ بھی قسم ہے اگر توڑے گا کفارہ دینا ہو گا ۔([81])
سوال بھول کریا کسی کے مجبور کرنے پرقسم توڑی تو بھی کفارہ دینا ہو گا؟
جواب قسم توڑنا کسی کے مجبور کرنے سے ہو یا بھول چوک سے ہر صورت میں کفارہ ہے۔([82])
سوال کیا دوسرے کے قسم دلانے سے قسم ہو جائے گی ؟
جواب دوسرے کے قسم دلانے سے قسم نہیں ہوتی۔ مثلاً کہا : تمہیں خدا کی قسم یہ کام کر دو ۔تو اِس کہنے سے (جس سے کہا گیا )اُس پر قسم نہ ہوئی یعنی نہ کرنے سے کفارہ لازم نہیں ۔([83])
سوال لُقْطَہ کسے کہتے ہیں ؟
جواب لقطہ اس مال کو کہتے ہیں جوکہیں پڑا ہوا مل جائے ۔([84])
سوال لقطہ کس صورت میں اٹھا لینا مُستحب ہے؟
جواب پڑا ہوا مال کہیں ملا اور یہ خیال ہو کہ میں اس کے مالک کو تلاش کر کے دے دوں گا تو اٹھا لینا مُستحب ہے ۔([85])
سوال کس صورت میں لقطہ چھوڑ دینا بہتر ہے؟
جواب اگر اندیشہ ہو کہ لقطہ شایدمیں خود ہی رکھ لوں اور مالک کو تلاش نہ کروں تو چھوڑ دینا بہتر ہے ۔([86])
سوال کس صورت میں لقطہ اٹھانا جائز نہیں ؟
جواب اگر ظنِّ غالب ہو کہ مالک کو نہ دوں گا تو اٹھاناجائز نہیں اور اپنے لئے اٹھانا حرام ہے کیونکہ یہ غصب (یعنی کسی کا مال چھین لینے )کی طرح ہے ۔([87])
سوال کس صورت میں لقطہ اٹھا لینا ضروری ہے؟
جواب اگر ظنِّ غالب ہو کہ میں نہ اٹھاؤں گا تو یہ چیز ضائع اور ہلاک ہو جائے گی تو اٹھا لینا ضروری ہے لیکن اگر نہ اٹھائے اور ضائع ہو جائےتو اس پر تاوان نہیں۔([88])
سوال لقطہ کواستعمال کی نیت سے اٹھایامگر پھر ندامت ہوئی تو کیا حکم ہے؟
جواب لقطہ کو اپنے تَصَرُّف میں لانے کیلئے اٹھایا پھر نادم ہوا کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہئے اور جہاں سے لایا وہیں رکھ آیا تو بَریُٔ الذِّمہ نہ ہو گا یعنی اگر ضائع ہو گیا تو تاوان دینا پڑے گا بلکہ اس پر لازم ہے کہ مالک کو تلاش کرے اور اس کے حوالہ کر دے ۔([89])
سوال وہ کونسی صورت ہے کہ لقطہ اٹھایا ،پھر وہیں رکھ دیا اور ضائع ہوگیا مگر تاوان نہیں؟
جواب اگرلقطہ مالک کو دینے کے لیے اٹھایا تھامگر پھروہیں رکھ آیا جہاں سے لایا تھا تو ضائع ہونے کی صورت میں تاوان نہیں ۔([90])
سوال کیا لقطہ کا اعلان کرنا ضروری ہے؟
جواب جی ہاں،حدیث ِپاک میں اعلان کاحکم دیاگیاہے۔([91])
سوال لقطہ اٹھانے کے لیے کتنے عرصے تک اس کا اعلان کرنا ضروری ہے؟
جواب لقطہ اٹھانے والےپراُس کی تشہیر کرنالازم ہے یعنی بازاروں اور شارعِ عام اور مَساجد میں اُس وقت تک اعلان کرے کہ ظن غالب ہو جائے کہ مالک اب تلاش نہ کرتا ہو گا ۔([92])
سوا ل شادی میں لُٹانے کے لیے دیئے گئے پیسے کسی اور کولُٹانے کے لیے دینا کیسا ؟
جواب شادیوں میں روپے پیسے لٹانے کے لیے جس کو دیئے وہ خود لٹائے ،دوسرے کو لٹانے کے لیے نہیں دے سکتا اورکچھ بچا کر اپنے لئے رکھ لے یا گرا ہوا (روپیہ پیسہ) خود اٹھالے یہ جائز نہیں۔([93])
سوال شادی میں چھوہارے وغیرہ لُٹانے کے لیے کسی کو دیئے تو کیا حکم ہے ؟
جواب شکر چھوہارے لٹانے کو دیئے تو بچا کر کچھ رکھ سکتا ہے اور دوسرے کو بھی لُٹانے کے لیے دے سکتا ہے اور دوسرے نے لُٹائے تو اب وہ بھی لُوٹ سکتا ہے۔([94])
سوال کیا کوئی ایسی دعا ہے جس کے پڑھنے سے گمی ہوئی چیز مل جائے؟
جواب جی ہاں، جب کوئی چیز گم ہو جائے تو یہ دعا پڑھیں:’’یَاجَامِعَ النَّاسِ لِیَوْمٍ لَّا رَیْبَ فِیْہِ اِنَّ اللہَ لَا یُخْلِفُ الْمِیْعَادَ اِجْمَعْ بَیْنِیْ وَبَیْنَ ضَآلَّتِیْ‘‘ضَآلَّتِی کی جگہ اس گمشدہ چیز کا نام ذکر کرے وہ چیز مل جائے گی۔ امام نووی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: اس کو میں نے آزمایا ہے گمی ہوئی چیز جلد مل جاتی ہے۔([95])
سوال وقف کے کیا معنی ہیں؟
جواب وقف کے یہ معنی ہیں کہ کسی شے کو اپنی ملک سے خارج کرکے خالص اللہعَزَّوَجَلَّ کی ملک کردیا جائے اس طرح کہ اس کا نفع بندگانِ خدا میں سے جس کو چاہے ملتا رہے۔([96])
سوال وقف کی چیز میں مالکانہ تصرف کرنا کیسا ہے؟
جواب وقف میں تصرفِ مالکانہ حرام ہے اور مُتولِّی جب ایسا کرے تو فرض ہے کہ اسے نکال دیں اگرچہ (وہ)خود واقف (یعنی وقف کرنے والا ہی)ہو۔([97])
سوال چندہ کیسے استعمال کیا جائے ؟
جواب چندے کا اُصو ل یہ ہے کہ جس مَدّ (یعنی عُنوان)میں وُصول کیا اُس کے علاوہ کسی
اور مَدّ میں استعمال کرنا گناہ ہے۔([98])
سوال اجتماع کے لیے کیا گیا چندہ بچ گیا تو کیا کریں؟
جواب چندہ دینے والے اگر معلوم ہوں توبچی ہوئی رقم اُنہیں کو لوٹانی ضَروری ہے، اُن کی اجازت کے بِغیر کسی دوسرے مَصرف میں استعمال کرنا جائز نہیں اور اگر معلوم نہ ہوں تو جس کام کے لئے چندہ دینے والوں نے دیاتھا اسی میں صَرف کریں (مَثَلاً سنّتوں بھرے اجتماع کے لئے دیا تھا تو کسی دوسرے سنّتوں بھرے اجتماع پر خرچ کریں)اگر اس طرح کا کوئی دوسرا کام نہ پائیں تو فقرا پر تصدُّق کریں۔([99])
سوال رمضانُ المبارک میں لوگ مسجِد میں جو اِفطاری بھجواتے ہیں کیا غیر روزہ دار اُسے کھاسکتاہے؟
جواب جو افِطاری روزہ داروں کے لیے بھیجی جاتی ہے وہ غیر روزہ دار نہیں کھاسکتا، بِالفرض کوئی مریض یا مُسافِر ہے یا کسی وجہ سے اُس کا روزہ ٹوٹ چکا ہے تو وہ اُس اِفطاری میں شریک نہ ہو۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰنفرماتے ہیں: غیر روزہ دار وں کو اس کا کھانا حرام ہے۔([100])
سوال کیا مُتولِّی مسجد کا چندہ کسی کو ادھاردے سکتا ہے؟
جواب اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں:مُتولِّی کو روا(یعنی جائز)نہیں کہ مالِ وَقْف کسی کو قرض(دے) یا بطورِ قرض اپنے تَصرُّف
میں لائے۔([101])
سوال کیا بچ جانے کی صورت میں مدرسے میں پکایا گیا کھانا محلے میں تقسیم کرسکتے ہیں؟
جواب وہ کھانا جو مدرَسے میں پکایا گیا ہو اور بچ جائے،دوسرے وَقْت طَلَبہ بھی نہ کھائیں،خراب ہوجانے کا اندیشہ ہونے کی صُورت میں محلے یا عام مسلمانوں میں تقسیم کرسکتے ہیں۔([102])
سوال اپنی دکان پر یا گھر میں پینے کے لیے مسجد یا مدرَسے کے کولر سے ٹھنڈا پانی بھر کر لے جانا کیسا؟
جواب ناجائز ہے،مؤذِّن،خادم یا امام بلکہ مُتولِّی بھی چندے کی ان چیزوں کو خلافِ شریعت استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔([103])
سوال کسی سے مدرسے کا ڈیسک ٹوٹ گیا تو کیاحکم ہے؟
جواب اگر اس کی اپنی غلَطی سے ڈَیسک ٹوٹا یا کوئی سا نقصان ہوا تو تاوان دینا ہوگا اگر اپنی غلَطی سے ایسا نہیں ہوا تو اِس پر مُؤاخذَہ نہیں۔([104])
سوال مدرسے کے ڈیسک ،دروازے اور دیوار وغیرہ پر کچھ لکھنا کیسا؟
جواب مدرسَہ اور مسجِد کی چیزوں پر کُجا، کسی دوسرے کے مکان،دُکان دیوار،دروازے یا گاڑی اور بس وغیرہ چیزوں پر بھی بِلا اجازتِ شرعی کچھ لکھنا اسٹیکر یا اِشتِہار
چَسپاں کرنا ممنوع ہے۔([105])
سوال زکوٰۃ و فِطرے کا حیلہ کرنے کا آسان طریقہ بتائیے؟
جواب کسی فَقیرِ شَرعی کو یا اس کے وکیل کو مالِ زکوٰۃ و فِطرہ کا مالِک بنادیا جائے مثلاً اُس کو نوٹوں کی گڈّی یہ کہہ کر دیدی کہ یہ آپ کی مِلک ہے۔وہ اُس کو ہاتھ میں لے کر یا کسی طرح قبضہ کرلے اب یہ اِس کا مالک ہوگیا اور کسی بھی کام(مثلاً مسجِد کی تعمیر وغیرہ)میں صَرْف کردے۔یوں زکوٰۃ ادا ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ثواب کے بھی حقدار ہوں گے۔اِنْ شَآءَاللهُ عَزَّ وَجَلَّ۔([106])
سوال مَدَنی قافلے کے اختتام پر اگر مُشترکہ رقم بچ جائے توکیا کیا جائے؟
جواب واجِب ہے کہ پائی پائی کا حساب کرکے ہر ایک کو اُس کے حصّے کی رقم لوٹادی جائے۔ہاں جو مرضی سے اپنے حصّے کی رقم کسی کار خیر میں دینا چاہے تو دے سکتا ہے،باہَم مشورہ سے مثلاً یہ بھی طے کیا جاسکتا ہے کہ ہم بچی ہوئی رقم اسی مسجد کے چندے میں پیش کردیتے ہیں۔([107])
سوال کونسی عمارت شیطان سے بچاؤکے لیے قلعہ ہے؟
جواب مروی ہے کہ اَلْمَسْجِدُ حِصْنٌ حَصِینٌ مِّنَ الشَّیْطٰن۔یعنی مسجد شیطان سے بچنے کے لیے ایک مضبوط قَلعہ ہے۔([108])
سوال رضائے الٰہی کے لیے مسجد بنانے کا کیا ثواب ہے؟
جواب حضور نبیِّ مکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: جواللہ عَزَّ وَجَلَّ کے لئے ایک مسجد بنائے گا اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کے لئے جنت میں ایک گھر بنائے گا۔([109])
سوال کسی عمارت کے مسجد ہونے کے لیے کیا ضروری ہے؟
جواب مسجد ہونے کے لیے یہ ضرور ہے کہ بنانے والا کوئی ایسا فعل کرے یا ایسی بات کہے جس سے مسجد ہونا ثابت ہوتا ہو محض مسجد کی سی عمارت بنا دینا مسجد ہونے کیلئے کافی نہیں۔([110])
سوال مسجد بنائی اور جماعت کی اجازت دے دی تو کیا یہ مسجد ہونے کیلئے کافی ہے؟
جواب مسجد بنائی اور جماعت سے نماز پڑھنے کی اجازت دیدی مسجد ہو گئی اگرچہ جماعت میں دو ہی شخص ہوں مگر یہ جماعت علی الاعلان یعنی اذان و اقامت کےساتھ ہو۔([111])
سوال مسجدیں خوشبودار رکھنے کے متعلق حدیثِ پاک میں کیاحکم ہے؟
جواب اُم المؤ منین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَافرماتی ہیں کہ حضور نبیِّ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مَحَلّوں میں مسجِدیں بنانے کا حکم دیا اور یہ کہ وہ صاف اور خوشبودار رکھی جائیں۔([112])
سوال کونسے صحابی مسجدِنبوی شریف میں خوشبو کی دھونی دیتے تھے؟
جواب امیرالمومنین حضرت سیدنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہجمعۃ المبارک کے دن مسجدِ نبوی شریفعَلٰی صَاحِبِہَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَاممیں خوشبو کی دھونی دیا کرتے تھے۔([113])
سوال منہ میں بدبو ہوتو کیا مسجد جاسکتے ہیں ؟
جواب جی نہیں !مُنہ میں بدبو ہو تو مسجِد میں جانا حرام ہے۔([114])
سوال مسجد میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے کیا کرنا چاہئے؟
جواب جب سے(مسجد میں) داخل ہو باہر آنے تک اعتکاف کی نیت کرلے انتظارِ نماز وادائے نماز کے ساتھ اعتکاف کا بھی ثواب پائے گا۔([115])
سوال کچّا لہسن اور کچّی پیاز کھاکر مسجِد میں جانا کیسا؟
جواب صدرُالشریعہ حضرت مفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں: مسجِد میں کچا لہسن اور کچی پیاز کھانا یا کھاکر جانا جائز نہیں جب تک کہ بو باقی ہو۔([116])
سوال مسجد میں کونسی بدبودار چیزوں کی ممانعت ہے؟
جواب (۱)کچّا لہسن(۲)کچّی پیاز (۳)گَندنا (یہ لہسن سے ملتی جُلتی ترکاری ہے)(۴)مُولی (۵)کچّا گوشت (۶)مِٹّی کا تیل(۷)وہ دِیا سَلائی جس کے رگڑنے میں بُو اُڑتی ہو (۸)رِیاح خارج کرنا (۹)بدبودار زَخم (۱۰)کوئی بدبودار دوا لگانا۔([117])
سوال مسجد میں دنیاوی باتیں کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب مسجد میں دنیا کی باتیں کرنی مکروہ ہیں۔ مسجد میں کلام کرنا نیکیوں کو اس طرح کھاتا ہے جس طرح آگ لکڑی کو کھاتی ہے، یہ جائز کلام کے متعلق ہے ناجائز کلام کے گناہ کا کیا پوچھنا۔([118])
سوال مسجد کے کچھ آداب بیان کریں؟
جواب (۱)مسجِد میں دوڑنایازورسے قدم رکھنا،جس سے دَھمک پیداہومنع ہے۔(۲) مسجِدکے اندر کسی قسم کاکُوڑاہرگزنہ پھینکیں۔(۳)مسجِد میں جھاڑو دینے میں جو گَرد اور کُوڑا وغیرہ نکلے وہ ایسی جگہ مت ڈالئے جہاں بے اَدَبی ہو۔(۴) مسجِدکے فرش پرکوئی چیزپھینکی نہ جائے بلکہ آہِستہ سے رکھ دی جائے۔(۵) وُضُوکرنے کے بعد اَعضائے وُضُوسے ایک بھی چھینٹ پانی فرشِ مسجد پر نہ گرے۔(۶) مسجِدمیں اگرچھینک یاکھانسی آئے توکوشِش کریں آہِستہ آواز نکلے۔(۷) مسخرہ پن ویسے ہی ممنوع ہے اورمسجِدمیں سخت ناجائز۔ (۸)مسجِد میں کسی طرف پاؤں نہ پھیلائے۔([119])
سوال سب سے بہترکمائی کونسی ہے؟
جواب حضورِ اَنور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنےاِرشاد فرمایا: سب سے بہتر غذا وہ ہے جو
انسان اپنے ہاتھوں کی کمائی سے کھائے ،حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام بھی اپنی کمائی سے کھاتے تھے۔([120])
سوال اِسلام میں حلال کمائی کی کیا اہمیت ہے؟
جواب حضورنبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: حلال روزی طلب کرنا فر ض کے بعد فرض ہے۔([121])
سوال جھوٹ سے رزق میں کیا اثرپڑتا ہے؟
جواب حضورِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: والدین کے ساتھ نیک سلوک عمر میں اضافہ کرتا، جھوٹ رزق میں کمی کرتا اور دعا قضا کو ٹال دیتی ہے۔([122])
سوال تاجر کو کیسا ہونا چاہئے؟
جواب حضوررحمتِ عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: بے شک سب سے پاکیزہ کمائی ان تاجروں کی ہے جو بات کریں تو جھوٹ نہ بولیں، جب ان کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت نہ کریں، وعدہ کریں تو خلاف ورزی نہ کریں، جب کوئی چیز خریدیں تو اس میں برائی نہ نکالیں اور جب کچھ بیچیں تو ا س کی بیجاتعریف نہ کریں، جب ان پر کسی کا کچھ آتا ہو تو دینے میں پس وپیش نہ کریں اور جب انہوں نے کسی سے لینا ہو تو وصولی کے لیےتنگی نہ کریں۔([123])
سوال کیا کمانے کے لیے بھی علمِ دین ضروری ہے؟
جواب جی ہاں کیونکہ حرام روزی سے وہی بچ سکے گا جسے حلال وحرام کا علم ہوگا۔ حضرت سَیّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے حکم فرمادیا تھا کہ ہمارے بازار میں وہی خریدوفروخت کریں جو فقیہ(یعنی علم والے ) ہوں۔([124])
سوال کس تاجر پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ غضب فرماتا ہے؟
جواب وہ تاجر جو بہت قسمیں کھاکر اپنا مال بیچتا ہے۔([125])
سوال عام مسلمانوں کی طرح کس چیز کا حکم پیغمبروں کو بھی دیاگیا؟
جواب حضور امامُ الانبیا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمارشاد فرماتے ہیں:اللہ عَزَّ وَجَلَّنے مسلمانوں کو وہی حکم دیا ہے جو رسولوں کو حکم دیا،ارشادفرمایا: (یٰۤاَیُّهَا الرُّسُلُ كُلُوْا مِنَ الطَّیِّبٰتِ وَ اعْمَلُوْا صَالِحًاؕ-اِنِّیْ بِمَا تَعْمَلُوْنَ عَلِیْمٌؕ(۵۱)) (پ۱۸، المؤمنون: ۵۱) ترجمۂ کنز الایمان:’’اے پیغمبروپاکیزہ چیزیں کھاؤ اوراچھا کام کرو میں تمہارے کاموں کو جانتا ہوں۔‘‘اورفرمایا: (یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُلُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا رَزَقْنٰكُمْ) (پ۲،البقرۃ:۱۷۲) ترجمۂ کنزالایمان:اے ایمان والو کھاؤ ہماری دی ہوئی ستھری چیزیں۔“([126])
سوال بھیک مانگنے سے بچنے والوں کے لیے حدیث شریف میں کیا خوشخبری ہے؟
جواب سرکار نامدار ،مدینے کے تاجدارصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکا فرمانِ جنت نشان ہے:
جو کوئی بھیک نہ مانگنے کا ضامن بن جائے میں اس کے لیے جنت کا ضامن ہوں۔([127])
سوال سچا اور امانت دارتاجر قیامت میں کس کے ساتھ ہوگا؟
جواب حدیث پاک میں ہے :سچا اور امانت دار تاجر نبیوں،صدیقوں اور شہیدوں کے ساتھ ہوگا۔([128])
سوال ابوالبشر حضرت سَیّدُنا آدم عَلَیْہِ السَّلَام نے کونسا پیشہ اختیار فرمایا؟
جواب حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلَام نے اولاً کپڑا بُننے کا کام کیا۔([129]) اور بعد میں کھیتی باڑی کو اختیار فرمایا۔([130])
سوال حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام کا ذریعۂ معاش کیا تھا؟
جواب حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام کاذریعہ ٔمعاش لکڑی کا کام(بڑھئی کاپیشہ)تھا۔([131])
سوال حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کا مبارک پیشہ کیا تھا؟
جواب حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کھیتی باڑی کیا کرتے تھے۔([132])
سوال قرض دے کر اُس پر نفع لینا کیسا ہے ؟
جواب امام اہلسنّت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنَّان فتاویٰ رضویہ ،جلد17،صفحہ 713 پرفرماتے ہیں :قرض دینے والے کو قرض پر جو نفع وفائدہ حاصل ہووہ سب سود اور نرا حرام ہے۔حدیث میں ہے رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمفرماتے ہیں: کُلُّ قَرْضٍ جَرَّ مَنْفَعَۃً فَھُوَ رِبًا۔قرض سے جو فائدہ حاصل کیا جائے وہ سود ہے۔([133])
سوال قرآنِ کریم میں سود کی مذمت کے حوالے سے کیا ارشاد فرمایا گیا ہے؟
جواب قرآنِ کریم کی سورہ ٔبقرۃ کی آیت 275تا279میں سود کی بھرپور مذمت فرمائی گئی ہےجس کا خلاصہ یہ ہے کہ سود کھانے والے بروزِ قیامت ایسے کھڑے ہوں گے جیسے آسیب زدہ شخص سیدھا کھڑا ہونے کی بجائے گرتے پڑتے چلتاہے،اللہ تعالٰی نے سود کو حرام کیا ہے، سود نہ چھوڑنے والا مدتوں دوزخ میں رہے گا اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ سود کو ہلاک(برکت سے محروم ) کرتا ہے پس اگر تم سود نہیں چھوڑتے تو اللہ تعالٰی اور اس کے رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمسے لڑائی کے لیے تیار ہوجاؤ ۔
سوال حدیث شریف میں سود کی کیا مذمت بیان ہوئی ہے ؟
جواب حدیث پاک میں ہے کہ حضور سید عالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے سودلینے والے ،سود دینے والے ،اس کی تحریر لکھنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اورفرمایا:یہ سب(گناہ میں)برابر ہیں۔([134])اور ارشاد فرمایا:سود کا گناہ
ایسے ستر گناہوں کے برابر ہے جن میں سب سے کم درجہ کا گناہ یہ ہے کہ مرد اپنی ماں سے بدکاری کرے۔([135])
سوال بینک میں دُگنا ہونے کے لیے پیسہ جمع کرناکیسا ہے ؟
جواب بینک میں اس طرح پیسہ جمع کروانا ناجائز و حرام ہے کیونکہ اس پر جو منافع مل رہا ہے یہ سود ہے اور سود کواللہ جَلَّ مَجْدُہُ نے قرآن ِ مجید میں حرام قرار دیا ہے۔([136])
سوال دکاندار کو مخصوص رقم پیشگی دینا اور تھوڑاتھوڑا سامان خریدکر پیسے کٹواتے رہنا کیساہے؟
جواب اس طرح روپیہ دینا ممنوع ہے کہ اس قرض سے یہ نفع ہوا کہ اپنے پاس رہنے میں پیسے ضائع ہونے کا احتمال تھا اب یہ احتمال جاتا رہا اور قرض سے نفع اٹھانا جائزنہیں۔ ([137])
سوال کیاموبائل کمپنی سے ایڈوانس بیلنس لینا سودی معاملہ ہے؟
جواب یہ ہر گز سود نہیں ہے ، بلکہ ایک جائز طریقہ ہے ، کیونکہ یہ اجارہ ہے قرض نہیں ہے، کیونکہ یہاں کمپنی سے پیسے وصول نہیں کئے جارہے بلکہ ان کی سروس استعمال کی جارہی ہے ۔ البتہ اس کو لون(Loan) کا نام نہ دیا جائے کیونکہ اس سے یہ شبہ ہوتا ہے کہکمپنی قرض دے کر اس پر نفع وصول کررہی ہے۔([138])
سوال سود سے بچنے کے کوئی دو علاج بیان کیجئے ؟
جواب (۱) انسان قناعت اختیار کرے ، اس طرح وہ مال کی حرص سے بچے گا اور حرام ذرائع اختیار نہیں کرے گا ۔(۲) ہر دم موت کو یاد رکھا جائے ، جب یہ سوچ بن جائے گی کہ مرنا ہے اور موت کا کوئی بھروسا نہیں کب آجائے تو حرام روزی کی طرف بڑھنے سے رکنا نصیب ہوجائے گا (اِنْ شَآءَالله عَزَّ وَجَلَّ)۔ ([139])
سوال کوئی چیز گروی رکھوا کر قرض لیا ہو تو کیااُس چیزکواستعمال کرسکتے ہیں ؟
جواب جی نہیں ،اسے استعمال کرناجائزنہیں ہے ۔([140])
سوال احادیثِ کریمہ میں قرض دینے کے کیا فضائل آئے ہیں ؟
جواب حضورتاجدارِ رِسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا : ہر قرض صدقہ ہے ۔([141]) اوریوں ہی ارشاد فرمایا : صدقے کا ثواب دس گنا جبکہ قرض دینے کا ثواب اٹھارہ گنا ہے ۔([142])
سوال اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ قرض کی واپسی کا مطالبہ کرتے تھے نہ قرض کو ہبہ کرتے اس کی کیا وجہ تھی ؟
جواب امام اہلسنّت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ المَنَّانْ فرماتے ہیں : میرے پندرہ سو روپے لوگو ں پر قرض ہیں ، جب قرض دیا یہ خیال کرلیا کہ دے دے تو
خیر و رنہ طلب نہ کرو ں گا ۔ جن صاحبوں نے قرض لیا دینے کا نام نہ لیا۔ (پھر فرمایا) جب یوں قرض دیتا ہوں تو ہبہ کیوں نہیں کر دیتا؟اس کی وجہ یہ ہے کہ حدیث شریف میں ارشاد فرمایا :جب کسی کا دوسرے پر دَین (یعنی قرض )ہو اور اس کی میعاد گزر جائے تو ہر روز اسی قدر روپیہ کی خیرات کا ثواب ملتا ہے جتنا دَین ہے ۔([143]) اِس ثوابِ عظیم کے لئے میں نے قرض دیئے، ہبہ نہ کئے کہ پندرہ سوروپے روز میں کہا ں سے خیرات کرتا ۔([144])
سوال مقروض اگرتنگدست ہو تو اسے مہلت دینے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:جس کو یہ بات پسند ہو کہ قیامت کی سختیوں سےاللہعَزَّ وَجَلَّ اُسے نجات بخشے،وہ تنگ دست کو مہلت دے یامعاف کردے۔([145])
سوال قرض لیتے وقت چیز کی قیمت کم تھی مگر لوٹاتے وقت زیادہ ہوجائے تو کیااب وہی چیز دینی ہوگی یا کم قیمت شے بھی دے سکتے ہیں؟
جواب قرض کی ادائیگی میں چیز کے سستے اور مہنگے ہونے کا اعتبار نہیں ہوتا، وہی چیز واپس کرنی ہوتی ہے۔لہٰذا چیزمہنگی ہوجائے یاسستی وہی چیز لوٹائی جائے گی۔([146])
سوال کس صورت میں کھانا کھانا فرض ہے ؟
جواب اگر بھوک کا اتنا غلبہ ہو کہ جانتا ہو کہ نہ کھانے سے مرجائے گا تو اتنا کھالینا جس سے جان بچ جائے فرض ہے اور اس صورت میں اگر نہیں کھایا یہاں تک کہ مر گیا تو گنہگار ہوا۔([147])
سوال پیٹ کا قفلِ مدینہ کسے کہتے ہیں؟
جواب اپنے پیٹ کو حرام غذا سے بچانا اور حلال خوراک بھی بھوک سے کم کھانا ’’پیٹ کا قفلِ مدینہ ‘‘لگانا ہے۔([148])
سوال اِمام غزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ الِی نے تندرستی کے لیےکیا رہنمااصول بتایا ہے ؟
جواب حجۃ الاسلام امام محمد بن محمد غزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ الِیفرماتے ہیں:’’کھانے سے پہلے بھوک لگی ہونا ضروری ہے ،جو کوئی کھانا شروع کرتے وقت بھی بھوکا ہو اور ابھی بھوک باقی ہو اور ہاتھ کھینچ لے وہ ہرگز طبیب کا محتاج نہ ہو گا ۔‘‘([149])
سوال قیامت کے دن کون لوگ بھوکے ہوں گے؟
جواب حضورنبیِّ کریم ،رءُوفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:دنیا میں پیٹ بھرکے کھانے والے کل آخرت میں بھوکے ہوں گے۔([150])
سوال پیٹ بھر کر کھانا کس صورت میں مستحب ہے ؟
جواب اس لیے سیر ہو کر کھانا کہ نوافل کثرت سے پڑھ سکے گا اور پڑھنے پڑھانے میں کمزوری پیدا نہ ہوگی، اچھی طرح اس کام کو انجام دے سکے گا یہ مندوب ہے۔([151])
سوال حضورنبیِّ اکرمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمروزانہ کتنی بار کھاناکھاتے؟
جواب حضرت سیدنا ابوسعید خُدری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: حضورتاجدارِنبوت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّماگر صبح کو کھانا کھالیتے تورات کو نہ کھاتے اور اگررات کو کھانا کھاتے تو صبح کو تناول نہ فرماتے۔([152])
سوال کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونے کا مسنون طریقہ بیان کریں؟
جواب سنت یہ ہے کہ قبلِ طعام اور بعدِ طعام دونوں ہاتھ گٹوں تک دھوئے جائیں، بعض لوگ صرف ایک ہاتھ یا فقط انگلیاں دھولیتے ہیں بلکہ صرف چٹکی دھونے پر کفایت کرتے ہیں اس سے سنت ادا نہیں ہوتی۔([153])
سوال سب سے پہلی بدعت کونسی ظاہر ہوئی؟
جواب حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں:سلطانِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے وصالِ ظاہری کے بعد سب سے پہلی بدعت([154])پیٹ بھر کر کھانے کی پیدا ہوئی جب لوگوں کے پیٹ بھر جاتے ہیں تو ان کے نفس دنیا کی طرف سرکش ہو جاتے ہیں۔ (5)
سوال برتن کھانا کھانے والے کے لئے کب استغفار کرتا ہے؟
جواب رسولُ ﷲ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا:جو کھانے کے بعد برتن کو چاٹ لے گا وہ برتن اس کے لیے استغفار کرے گا۔([155])
سوال بروزِ قیامت کس شخص پرحساب کی شدت نہ ہو گی ؟
جواب حضرتِ سیِّدُنا ابو ہُریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مَروی ہے کہ رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمارشاد فرماتے ہیں :اُس بھوکے پرحساب کی شدّت نہ ہوگی جس نے (دنیا میں ) فاقہ اور بھوک پرصَبْر کیاہو گا۔([156])
سوال حضرتِ سیِّدُنا عمرفاروقرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کتنے لقمے کھایا کرتے تھے ؟
جواب امیر المومنین حضرتِ سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سات یا نو لقموں سے زیادہ کھانا نہیں کھاتے تھے۔([157])
سوال مومن اور کافر و منافق کے کھانے میں کیا فرق ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے : مومِن ایک آنت میں کھاتا ہے اور کافِر یا مُنافِق سات آنتوں میں کھاتا ہے۔([158])
سوال حدیث ِپاک میں مہمان کے اِکرام کی اہمیت کس طرح بیان ہوئی ہے؟
جواب رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: جوشخصاللہ عَزَّ وَجَلَّاور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اُسے چاہئے کہ (۱)وہ مہمان کا اکرام کرے (۲) اپنے پڑوسی کو ایذا نہ دے اور(۳)وہ بھلی بات بولے یا چپ رہے۔([159])
سوال مہمان کے لیے کونسی چارباتیں ضروری ہیں؟
جواب (۱)جہاں بٹھایا جائے وہیں بیٹھے(۲)جو کچھ اس کے سامنے پیش کیا جائے اس پر خوش ہو(۳)صاحبِ خانہ کی اجازت کے بغیر وہاں سے نہ اٹھےاور (۴)جب وہاں سے جائے تو اس کے لیے دعاکرے۔([160])
سوال اگر ہماری مہمان نوازی نہ کرنے والا ہمارے ہاں آئے تو ہم کیا کریں؟
جواب ایک صحابی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہنےعرض کی :یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! یہ فرمائیے کہ میں ایک شخص کے یہاں گیا،اس نے میری مہمانی نہیں کی، اب وہ میرے یہاں آئے تو میں اس کی مہمانی کروں یا بدلا دوں؟ارشاد فرمایا:’’بلکہ تم اس کی مہمانی کرو۔‘‘([161])
سوال کیامہمان میزبان کے گناہ معاف ہونے کا سبب بھی بنتا ہے؟
جواب جی ہاں ،حضور نبیٔ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:جب کوئی مہمان کسی کے یہاں آتا ہےتو اپنا رزق لے کر آتا ہے اور جب اس کے یہاں سے جاتا ہے تو صاحبِ خانہ کے گناہ بخشے جانے کا سبب ہوتا ہے۔([162])
سوال مہمان کو رخصت کرنے کا سنت طریقہ کیا ہے؟
جواب حضورنبیٔ پاک، صاحبِ لَولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا :سنت یہ ہے کہ مہمان کو دروازے تک رخصت کرنے جائے۔([163])
سوال جس کو دعوتِ ولیمہ دی گئی اس کے لیے کیا حکم ہے؟
جواب دعوتِ ولیمہ کا قبول کرنا سنت مُؤکَّدَہ ہے جبکہ وہاں کوئی گناہ مثلاً گانے باجے کا کام اور کوئی اور شرعی رکاوٹ نہ ہو، قبول کرنے کا معنی وہاں جانا ہے، کھانے نہ کھانے میں اختیار ہے۔([164])
سوال سب سے براکھانا کونسا ہے؟
جواب حضور نبیٔ رحمت، شفیعِ امت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: سب سے برا کھانا ولیمے کا وہ کھانا ہے جس میں مالدار لوگ بلائے جائیں اور غریب محتاج لوگوں کو نہ پوچھا جائے۔([165])
سوال دعوتِ ولیمہ کتنے دن ہو سکتی ہے؟
جواب دعوت ولیمہ پہلے دن یا اس کے بعد دوسرے دن بس ان ہی دو دن تک ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد کی تو وہ سنت نہیں بلکہ رِیا وسُمْعَہ (یعنی لوگوں کو دکھانا سنانا ہے)۔([166])
سوال حضرت صفیہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَاکے ولیمہ میں کیا کھلایا گیا تھا؟
جواب آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَاکے ولیمے میں ستو اور کھجوریں تھیں۔([167])
سوال بِن بلائے دعوت میں جانے والے کے لیے کیا وعید ہے؟
جواب ایسے شخص کے متعلق حضور نبیٔ پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکایہ فرمان ہے: جو بغیر بلائے گیا وہ چور ہو کر گھسا اور غارت گری(یعنی لوٹ مار) کر کے نکلا۔ ([168])
سوال دعوت میں بوڑھے اور جوان دونوں ہوں تو پہلے کس کے ہاتھ دُھلائے جائیں ؟
جواب کھانے سے قبل جوانوں کے ہاتھ پہلے دھلائے جائیں اور کھانے کے بعد پہلے بوڑھوں کے ہاتھ دھلائے جائیں،اس کے بعد جوانوں کے۔([169])
سوال کس صورت میں میزبان کومہمانوں کے ساتھ کھانے پر بیٹھنا چاہئے؟
جواب اگر مہمان تھوڑے ہوں تو میزبان ان کے ساتھ کھانے پر بیٹھ جائے کہ یہی تقاضائے مُروت ہے اور بہت سے مہمان ہوں تو ان کے ساتھ نہ بیٹھے بلکہ ان کی خدمت اور کھلانے میں مشغول ہو۔([170])
سوال کتنا لباس فرض ہے؟
جواب اتنا لباس جس سے سَتْرِ عورت([171]) ہوجائے اور گرمی سردی کی تکلیف سے بچے
فرض ہے۔([172])
سوال ٹخنوں سے نیچے کپڑا لٹکانے کی کیا وعید ہے؟
جواب حضورنبیٔ مُحتَشَم ،شفیعِ اُمَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جو کپڑا ٹخنے سے نیچے ہو وہ آگ میں ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ قیامت کے دن اس شخص کی طرف نظرِ رحمت نہیں فرمائے گا۔([173])
سوال کپڑوں میں دامن اور آستین کی لمبائی کتنی ہونی چاہیے ؟
جواب سنت یہ ہے کہ دامن کی لمبائی آدھی پنڈلی تک ہو اور آستین کی لمبائی زیادہ سے زیادہ انگلیوں کے پوروں تک اور چوڑائی ایک بالشت ہو۔([174])
سوال نابالغ لڑکوں کو ریشمی کپڑے پہنانے کا حکم بیان کریں؟
جواب نابالغ لڑکوں کو بھی ریشم کے کپڑے پہنانا حرام ہے اور گناہ پہنانے والے پر ہے۔([175])
سوال کیا ریشم کا لحاف اوڑھ سکتے ہیں؟
جواب ریشم کا لحاف اوڑھنا ناجائز ہے کہ یہ بھی لُبس (پہننے)میں داخل ہے۔([176])
سوال اُون اور بالوں کے کپڑے سب سے پہلے کس نے پہنے؟
جواب اُون اور بالوں سے بنے کپڑےسب سے پہلے حضرت سَیِّدنا سلیمان عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے پہنے ۔([177])
سوال رحمتِ عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی انگوٹھی کا نگینہ کس طرف ہوتا تھا؟
جواب حضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی انگوٹھی کا مُقَدّس نگینہ ہتھیلی کی طرف ہوتا تھا۔([178])
سوال انگوٹھی کس کے لیے سنت ہے ؟
جواب جن کو مہر کرنے کی حاجت ہوتی ہےجیسے سلطان،قاضی اور علماء جو فتویٰ پر مہرکرتے ہیں۔([179])
سوال کس رنگ کے لباس کو حدیثِ پاک میں بہتر کہا گیا ہے؟
جواب سفید رنگ کے لباس کو۔نبیٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا:سفید کپڑے پہنو کہ وہ زیادہ پاک وستھرے ہیں اور انہیں میں اپنے مردے کَفناؤ۔([180])
سوال مرد کو کیسی انگوٹھی پہننا جائز ہے؟
جواب صرف چاندی کی ایک انگوٹھی ایک نگینے والی جائز ہے، جو وزن میں ساڑھے چار ماشہ سے کم ہو۔ بغیر نگینے کی یا ایک سے زیادہ نگینے کی انگوٹھی اگرچہ چاندی کی ہومرد کے لیے ناجائز ہے۔([181])
سوال کیالڑکوں کے کان چھدوا نا اور اس میں بالی پہنانا جائز ہے؟
جواب لڑکوں کے کان چھدوانا اور اس میں بالی پہناناناجائز ہے۔([182])
سوال گُھنگروکے متعلق حدیث شریف میں کیا ارشاد ہوا؟
جواب حضرت عمرفاروقرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے مروی ہے کہ رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:’’ہر گھنگرو کے ساتھ شیطان ہوتا ہے۔‘‘([183])
سوال کیا چھوٹے لڑکوں کے ہاتھ پاؤں میں مہندی لگاسکتے ہیں؟
جواب چھوٹے لڑکوں کے ہاتھ پاؤں میں بلا ضرورت مہندی لگانا ناجائز ہے۔([184])
سوال کیا مرد اپنے کان چھدواکر اس میں زیور پہن سکتا ہے ؟
جواب مردوں کا اپنے کان چھدوانا اور اس میں زیور پہننا دونوں ناجائز ہیں ۔([185])
سوال عورتوں کاناک ،کان چھدوانا فرض ہے واجب ہے یاسنت؟
جواب نہ فرض ہےنہ واجب نہ سنت صرف مُباح (یعنی جائز)ہے ۔ہاں اچھی نیت ہو تو کارِ ثواب ہے۔([186])
سوال عورت کو زیبائش وآرائش کے لئے مِسّی سیاہ(دنداسہ) لگانا کیسا ہے؟
جواب مِسِّی کسی رنگ کی ہو عورتوں کو علاجِ دنداں (دانتوں کے علاج کےلئے)یا شوہر کے واسطے آرائش کے لئےمطلقاًجائز بلکہ مستحب ہے۔ صرف حالتِ روزہ میں لگانا منع ہے۔([187])
سوال کیا عورت جوڑا باندھ سکتی ہے؟
جواب جی ہاں باندھ سکتی ہے ۔([188])
سوال عورت کا اپنے شوہر کے لئے بناؤ سنگار کرنا کیسا ؟
جواب اعلیٰ حضرت،اِمامِ اَہلسنّت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہفرماتے ہیں: عورت کا اپنے شوہر کے لئے گَہنا(زیور) پہننا، بناؤ سنگارکرنا باعثِ اجر ِعظیم اور اس کے حق میں نمازِ نفل سے افضل ہے۔ ([189])
سوال مرد کا اپنی بیوی کے لئے جمال اختیار کرنا کیسا؟
جواب حضرت ابنِ عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: بلاشُبہ میں اپنی بیوی کے لئے زینت اختیار کرتا ہوں جس طرح وہ میرے لئے بناؤ سنگھار کرتی ہے اور مجھے یہ بات پسند ہے کہ میں وہ تمام حُقُوق اچھی طرح حاصل کروں جو میرے اُس پر ہیں اوروہ بھی اپنے حُقُوق حاصل کرے جو اس کے مجھ پر ہیں۔([190])
سوال کیا مرد زنانہ یا عورتیں مردانہ کپڑے یا جوتے پہن سکتے ہیں ؟
جواب جی نہیں۔ حدیثِ مبارکہ میں ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے عورتوں کی مشابہت اختيار کرنے والے زنانے مردوں اور مردوں کی مشابہت اختيار کرنے والی مردانی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔([191])
سوال سرمہ کب لگانا سنت ہے؟
جواب حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:سنت یہ ہی ہے کہ رات کو سوتے وقت سرمہ لگائے۔ دن میں سرمہ لگانا جمعہ کی نماز کے لئے،عیدین کے لئے سنت ہے، یوں ہی عاشورہ کے دن اور روزانہ شب کو سنت ہے۔([192])
سوال مرد اور عورت کی خوشبو میں کیا فرق ہونا چاہیے ؟
جواب حدیث مبارکہ میں ہے : مردانہ خوشبو وہ ہے کہ اس کی خوشبو تو ظاہر ہو مگر رنگ ظاہرنہ ہواور زنانہ خوشبو وہ ہے کہ اس کا رنگ تو ظاہر ہومگر خوشبو ظاہر نہ ہو ۔([193])
سوال کیا مکان میں جاندار کی تصویر آویزاں کرسکتے ہیں ؟
جواب جی نہیں ، مکان میں جاندار کی تصویر آویزاں کرنا ناجائز ہے ۔([194])
سوال میلاد شریف کی خوشی میں نیز اجتماعِ میلاد کیلئے زیب وزینت اختیار کرنا کیسا ہے؟
جواب جائززینت اختیار کرنا از خود جائز ہے اور اگر پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمکی ولادت باسعادت کی خوشی اور آپ کے مبارک ذکر کی تعظیم کی نیت سے ہو پھر تو اس عمل کا مستحب ہونا واضح ہے۔([195])علما فرماتے ہیں : بھلائی کے کاموں میں خرچ کرنے میں کوئی اسراف نہیں۔ جس چیز کے ذریعے سرکارصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ذکر کی تعظیم مقصود ہووہ ہر گز ممنوع نہیں ہوسکتی ۔([196])
سوال کسی کے آنے پراسکے بیٹھنے کیلئے جگہ کشادہ کرنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حضرت ابوموسیٰ اشعری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے: رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: جب کوئی شخص کسی قوم کے پاس آئے اور اس کی خوشنودی کے لیے وہ لوگ جگہ میں وسعت کردیں تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ پر حق ہے کہ ان کو راضی کرے۔([197])
سوال کس طرح کی چھت پر سونے کی ممانعت ہے؟
جواب حضرت جابر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ حضوررحمتِ عالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ایسی چھت پرسونے سے منع فرمایا جس پرمنڈیر(دیوار کی آڑ) نہ ہو۔([198])
سوال قیلولہ کرناکس کے لیے مستحب ہے؟
جواب صدرُالشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ لِی فرماتے ہیں:غالبًایہ ان
لوگوں کے لیے ہوگاجوشب بیداری کرتےہیں،رات میں نمازیں پڑھتے، ذکرِالٰہی کرتے ہیں یا کُتب بینی میں مشغول رہتے ہیں کہ شب بیداری میں جو تکان ہوا قیلولہ سے دفع ہوجائے گا۔([199])
سوال کس طرح لیٹنا جہنمیوں کا طریقہ ہے؟
جواب حدیث شریف میں ہے:پیٹ کے بل لیٹنا جہنمیوں کا طریقہ ہے۔([200])
سوال سونے كامستحب طریقہ بیان کیجئے ؟
جواب سونے میں مستحب یہ ہے کہ باطہارت سوئے اور کچھ دیر دہنی کروٹ پر دہنے ہاتھ کو رخسار کے نیچے رکھ کر قبلہ رو سوئے پھر اس کے بعد بائیں کروٹ پر۔([201])
سوال سوتے وقت کیا دُعا پڑھنی چاہیئے؟
جواب اَللّٰهُمَّ بِاسْمِكَ اَمُوْتُ وَاَحْيَا۔ ([202])
سوال جاگنے کے بعد کیا دعا پڑھنی چاہیئے ؟
جواب اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّـذِیْۤ اَحْیَانَا بَعْدَ مَآ اَمَا تَنَا وَاِلَیْہِ النُّشُوْر۔([203])
سوال صبح اٹھ کر کس بات کا پکا ارادہ کرنا چاہیئے ؟
جواب صبح اٹھنے، دعا پڑھنے اور یادِ خدا کرنے کے بعد اس بات کا پکا ارادہ کرے کہ تقویٰ و پرہیزگاری کرے گا کسی کو ستائے گا نہیں۔([204])
سوال کون کون سے اوقات میں سونا مکروہ ہے ؟
جواب دن کے ابتدائی حصے میں سونا یا مغرب اور عشاء کے درمیان سونا مکروہ ہے۔([205])
سوال عصر کے بعد سونے والے کو حدیث پاک میں کیا تنبیہ کی گئی ہے ؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے: جو شخص عصر کے بعد سوئے اور اس کی عقل چلی جائے تو وہ اپنے آپ کو ہی ملامت کرے۔([206])
سوال کیانمازِ عشاء کے بعد باتیں کرسکتے ہیں ؟
جواب بعد نمازِ عشاءعلمی گفتگو،مسئلہ پوچھنایا جواب دینایا مسئلہ کی تحقیق وتفتیش کرنا ایسی گفتگو سونے سے افضل ہے جبکہ جھوٹے قصے کہانی کہنا ،مسخرہ پن اور ہنسی مذاق کی باتیں مکروہ ہیں البتہ میاں بیوی کا باہم یا مہمان سے اُنسیت کے لیے کلام کرنا جائز ہے اس قسم کی باتیں کرے تو آخر میں ذِکرِ الٰہی کرے اور تسبیح و استغفار پر کلام کا خاتمہ ہونا چاہیے۔([207])
سوال راہ چلنے کے آداب بیان کیجیئے؟
جواب راہ چلنے میں تمام تَر اُمور کو ملحوظ رکھنا ہوتا ہے،بیچ راہ میں چلنے سے بچنا چاہیے، پریشان نظری(اِدھر اُدھر دیکھنے )سے بچتے ہوئے ،نگاہیں نیچی کئے پُر وقار طریقے سے چلنا چاہئے،نیز راستے میں خلافِ تہذیب اور ناپسندیدہ کام کرنے سے بھی بچنا چاہیے۔([208])
سوال وہ کون سا عمل ہے جس سے مسلمانوں میں باہمی محبت پیدا ہوتی ہے ؟
جواب وہ سلام ہے ۔پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا:کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتاؤں کہ جب تم اسے کرو تو آپس میں محبت کرنے لگو! وہ یہ ہے کہ آپس میں سلام پھیلاؤ۔([209])
سوال سلام کرنے میں کیا نیت ہونی چاہئے؟
جواب سلام کرتے وقت دل میں یہ نیت ہو کہ جس کو سلام کرنے لگاہوں اس کا مال اور عزت وآبرو سب کچھ میری حفاظت میں ہے اور میں ان میں سے کسی چیز میں دخل اندازی کرنا حرام جانتا ہوں ۔([210])
سوال کیا سلام اُسی مسلمان کو کرے جسے پہچانتا ہے ؟
جواب نہیں ! بلکہ ہر مسلمان کو سلام کرے چاہے پہچانتا ہو یا نہ پہچانتا ہو۔([211])
سوال سلام کے جواب میں تاخیرکرنا کیسا؟
جواب سلام کا جواب فوراً دینا واجب ہے ،بلا عذر تاخیر کی تو گناہگار ہوگا ، جواب کے ساتھ ساتھ توبہ بھی کرنی ہوگی صرف جواب سے گناہ معاف نہ ہوگا۔([212])
سوال کیاخط میں لکھے سلام کا جواب بھی واجب ہے اور وہ کس طرح دیا جائے؟
جوابخط میں لکھے ہوئے سلام کا بھی جواب دینا واجب ہے اوراس کے جواب کی دو صورتیں ہیں۔ ایک یہ کہ زبان سے جواب دے ، دوسری صورت یہ ہے کہ سلام کا جواب لکھ کر بھیجے مگر چونکہ سلام کا جواب فوراً دینا واجب ہےاورخط کا جواب فوراً ہی نہیں لکھا جاتا عموماً کچھ تاخیر ہو جاتی ہےلہٰذا زبان سے جواب فوراً دے دے، تاکہ تاخیر کاگناہ نہ ہو۔([213])
سوال کونسے اوقات میں سلام کرنا سنت ہے؟
جواب حکیمُ الامت مفتی احمد یارخان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنَّان فرماتے ہیں :تین وقت سلام کرنا سنت ہے: گھر میں آنے کی اجازت چاہتے وقت،ملاقات کے وقت اوررخصت کے وقت۔([214])
سوال اگر خالی گھرمیں جانا ہو تو کس طرح سلام کرنا چاہیے؟
جواب حضرت عَمرو بن دینار عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَفَّار فرماتے ہیں کہ اگر گھر میں کوئی نہ ہو تو یوں کہو:اَلسَّلَامُ عَلَی النَّبِیِّ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہُ اَلسَّلَامُ عَلَیْنَا وَعَلٰی عِبَادِ اللّٰہِ الصّٰلِحَیْن۔حضرت علامہ علی قاری حنفی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِینے فرمایا:یہ اس لیے کہ مسلمانوں کے گھروں میں حضوررحمت عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی روح مبارک تشریف فرما ہوتی ہے۔([215])
سوال سلام کے جواب میں’’وَعَلَیْکُمُ السَّلَام وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہُ‘‘کہنے پر کتنی نیکیاں ملتی ہیں؟
جواب حدیث شریف میں ہے کہ ایک شخص نے بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوکر عرض کی: اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم۔حضور اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے سلام کا جواب عطا فرمایا ۔جب وہ شخص بیٹھ گیا توارشاد فرمایا:”دس نیکیاں ہیں۔“پھر دوسرا شخص حاضر ہوا اورعرض کی:اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ۔آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اسے بھی سلام کاجواب دیا۔ وہ بیٹھ گیا تو ارشاد فرمایا: ”بیس نیکیاں ہیں۔“پھر ایک اور شخص نے حاضر ہوکر عرض کی:اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہ۔پھر وہ بیٹھ گیا تو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: ”تیس نیکیاں ہیں۔“([216])
سوال انگلی یا ہتھیلی کے اشارے سے سلام کرنا کیسا ہے؟
جواب انگلی یا ہتھیلی سے سلام کرنا ممنوع ہے۔ حدیث میں فرمایاکہ انگلیوں سے سلام کرنا یہودیوں کا اورہتھیلیوں کے اشارے سے سلام کرنا نصاریٰ کا طریقہ ہے۔([217])
سوال مصافحہ کا سنت طریقہ کیا ہے؟
جواب اس طرح مصافحہ کرنا سنت ہے کہ دونوں ہاتھوں سے مصافحہ کیا جائے اور دونوں کے ہاتھوں کے مابین کپڑا وغیرہ کوئی چیز حائل نہ ہو۔([218])
سوال ملاقات کے وقت کیا جانے والا کونسا عمل مغفرت کا سبب بنتا ہے ؟
جواب فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہے:”جب دو مسلمان ملاقات کرتے وقت مصافحہ کرتے ہیں تو اُن دونوں کے جدا ہونے سے پہلے اُن کی مغفرت کردی جاتی ہے۔“([219])
سوال ایک مؤمن کے دوسرے مؤمن پر کتنے حقوق ہیں؟
جواب حضورنبیِّ مکرم،شفیعِ معظّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پرچھ حق ہیں:(۱)جب وہ بیمار ہو تو عیادت کرے (۲) جب وہ مرجائے تو اس کے جنازے میں حاضر ہو (۳)جب وہ دعوت دے تو قبول کرے(۴)جب اس سے ملے تو سلام کرے (۵)جب وہ چھینکے تو جواب دے اور (۶)حاضر و غائب اس کی خیر خواہی کرے۔([220])
سوال حدیث شریف میں چھینک کی کیا فضیلت اور جماہی کی کیا مذمت آئی ہے؟
جواب حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ حضور نبیٔ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: اللہتعالٰی کو چھینک پسند اور جماہی ناپسند ہے۔([221])
سوال دنیا میں سب سے پہلے چھینک کس کو آئی ؟
جواب حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلَام کو پیدا ہوتے ہی سب سے پہلے چھینک آئی۔([222])
سوال چھینک آنے کے بعد حمد کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب چھینک آنے کے بعد حمد کرنا سنت ہے۔([223])
سوال چھینک کا جواب دینے کا کیا حکم ہے ؟
جواب چھینک کا جواب دینا واجب ہے جبکہ چھینکنے والا اَلْحَمْدُ لِلّٰہ کہے اور اس کا جواب بھی فوراً دینا ہوتا ہے اور اتنا آواز میں جواب دے کہ وہ سن لے واجب ہے جس طرح سلام کے جواب میں ہے یہاں بھی ہے۔([224])
سوال ایک مجلس میں اگر کئی بار چھینک آجائے تو کیا ہر مرتبہ جواب دینا ہوتا ہے ؟
جواب ایک مجلس میں اگر کسی کو کئی بار چھینک آئے تو صرف تین مرتبہ جواب دینا ہے،ایک مرتبہ واجب ، دوبارہ مُستحب ہے،اس کے بعد اختیار ہے جواب دے یا نہ دے۔([225])
سوال چھینکنے والے سے پہلے سننے والااَلْحَمْدُ لِلّٰہکہہ دے تو کیا فضیلت ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں آیا ہے کہ ایساشخص دانتوں اور کانوں کے درداوربدہضمی سے محفوظ رہے گا اورایک حدیث میں ہے کہ کمر کے درد سے محفوظ رہے گا۔([226])
سوال چھینکتے وقت کیا کرنا چاہئے؟
جواب چھینک کے وقت سرجھکالے اور مونھ چھپالے اور آواز کو پَست کرے، چھینک کی آواز بلند کرنا حماقت ہے۔([227])
سوال جہاں ایک سے زائد افراد ہوں تو کتنے لوگ چھینک کا جواب دیں؟
جواب چھینک کا جواب بعض حاضرین نے دیدیا تو سب کی طرف سے ہوگیا اور بہتر یہ ہے کہ سب حاضرین جواب دیں۔([228])
سوال جماہی شیطان کو کیوں پسند ہے؟
جواب کیونکہ جماہی کی وجہ سے عبادات میں چستی نہیں رہتی اور غفلت آتی ہےاسی لیے شیطان کو یہ پسند ہے۔([229])
سوال جب کسی کو جماہی آئے تو اسے کیا کرنا چاہیئے؟
جواب منہ پر ہاتھ رکھ لینا چاہیئے ،حدیثِ پاک میں ہے :جب کسی کو جماہی آئے تو منہ پر ہاتھ رکھ لے کیونکہ شیطان منہ میں گھس جاتا ہے۔([230])
سوال جماہی کو روکنے کا طریقہ بیان کیجیئے ؟
جواب جماہی آئے تو منہ بند کيے رہے اور نہ رُکے تو ہونٹ دانت کے نیچے دبائے۔ جماہی روکنے کا مجرب طریقہ یہ ہے کہ دل میں خیال کرے کہ انبیاء عَلَیْہِمُ السَّلَام
کو جماہی نہیں آتی تھی۔([231])
سوال اگر نماز میں کسی کو جماہی آئے اور ہاتھ کے ذریعے روکے بغیر کوئی چارۂ کار نہ رہے تو کیا کرے؟
جواب قیام میں داہنے ہاتھ کی پُشت سے مونھ ڈھانک لے اور غیرِ قیام میں بائیں کی پُشت سے یا دونوں میں آستین سے۔([232])
سوال عزیزواَقارب کی قبروں پر جانے کے لئے بہتر اَیّام کون سے ہیں؟
جواب جمعہ یا جمعرات یا ہفتہ یا پیر کے دن مناسب ہے، سب ميں افضل روزِ جمعہ وقتِ صبح ہے۔([233])
سوال قبروالوں کو سلام کرنے کا کیا طریقہ ہے ؟
جواب قبر والوں کے چہروں کی طرف منہ کر کے اس طرح سلام کہئے:اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ یَا اَھْلَ القُبُوْرِ یَغْفِرُ اللہُ لَنَا وَلَکُمْ اَنْتُمْ سَلَفُنَا وَنَحْنُ بِالْاَثَرْ۔([234])
سوال اگر قبرستان کا راستہ قبریں مِسمار کر کے بنایا گیا ہو تو اس پر چلنا کیسا ؟
جواب (قبرستان میں قبریں مٹا کر)جو نیا راستہ نکالا گیا ہو اس پر چلنا حرام ہے۔([235]) بلکہ نئے
راستے کا صرف گمان ہو تب بھی اس پر چلنا ناجائز وگناہ ہے۔([236])
سوال گھر سے فاتحہ پڑھ کر اِیصال کرنے میں زیادہ ثواب ہے یا قبرستان جاکر ؟
جواب قبرستان میں جاکے پڑھنے میں زیادہ ثواب ہے کہ زیارتِ قبور بھی سنّت ہے اور وہاں پڑھنے میں اَموات(مُردوں) کا دل بھی بہلتا ہے اور جہاں قرآنِ مجید پڑھا جائے رحمتِ الٰہی اترتی ہے ۔([237])
سوال قبر کو سجدہ کرنے کا شرعی حکم کیا ہے ؟
جواب قبر کو سجدۂ تعظیمی کرنا حرام ہےاور اگر عبادت کی نیت ہو تو کفر ہے۔([238])
سوال کیاقبر پر اگربتی یا موم بتی جلاسکتے ہیں ؟
جواب قبر پر اگربتی یا موم بتی نہ جلائی جائے کہ یہ آگ ہے اور قبر پر آگ رکھنے سے میت کو تکلیف ہوتی ہے۔ہاں اگر حاضرین کو خوشبو پہنچانا مقصود ہو تو قبر کے پاس خالی جگہ پر اگربتی لگا سکتے ہیں۔([239])
سوال مزار پر کس طرح حاضری دی جائے ؟
جواب مزارشریف پر قدموں کی طرف سےحاضرہو اور چہرے کے سامنے کم از کم چار ہاتھ کے فاصلے پر کھڑا ہو اور درمیانی آواز میں سلام عرض کرے:اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَاسَیِّدِیْ وَرَحْمَۃُ اللہِ وَبَرَکَاتُہُ پھر درودِ غوثیہ([240])تین بار،سورۂ فاتحہ
وآیتُ الکرسی ایک ایک بار،سورۂ اخلاص اور درودِ غوثیہ سات سات بار پڑھ کر اللہ عَزَّ وَجَلَّسے دعا کرے کہ الٰہی!اس پڑھائی پر مجھے اپنے کرم کے مطابق ثواب دے اور اِسے میری طرف سے صاحبِ مزار کو نذر پہنچا،پھر اپنی جائزطلب کے لیے صاحبِ مزار کی روح کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں اپنا وسیلہ قرار دے،پھر سلام کر کے واپس آجائے۔([241])
سوال کیا مزاراتِ اولیاء پر حاضری دینے کے ارادے سے سفر کرنا جائز ہے ؟
جواب بالکل جائز ہے کیونکہ وہ اپنے زائر کو نفع پہنچاتے ہیں۔([242]) زیارتِ قبور کا حکم تو حدیثِ پاک میں دیا گیا ہے۔رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:میں نے تم کو زیارتِ قبور سے منع کیا تھا اب تم قبروں کی زیارت کیا کرو۔([243]) اورحضور نبیٔ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم خودبھی ہرسال شہدائے غزوۂ اُحد کے مزارات پر تشریف لے جاتے تھے۔([244])
سوال مزار ات پر غلط کام ہوتے ہوں تو کیا حاضری ترک کردی جائے ؟
جواب علامہ سَیِّدمحمدامین ابنِ عابدین شامی نے امام ابنِ حجر رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمَاکے حوالے سے لکھاہے:مزار پر کوئی مُنْکَر ِشرعی(ناپسندیدہ کام)ہو مثلاًعورتوں سے اِختلاط(ٹکراؤ،میل جول) وغیرہ ہو تو اس کی وجہ سے زیارت ترک نہ کی جائے کہ ایسی باتوں سے نیک کام ترک نہیں کیا جاتا بلکہ اسے بُرا جانے اور ممکن ہو تو
بُری بات کوختم کرے۔([245])
سوال مزار پر پھول ڈالنا اور مزار کو بوسہ دینا کیسا ہے ؟
جواب قبر پر پھول ڈالنا بہتر ہے کہ جب تک تر رہیں گےتسبیح کریں گےاور میت کا دل بہلے گا۔([246]) اور امامِ اہلسنّت اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہفرماتے ہیں :مزار کونہ ہاتھ لگائے نہ بوسہ دے ۔([247])
سوال کیا اسلامی بہنیں مزارات پر حاضری دے سکتی ہیں؟
جواب اسلامی بہنیں مزارات پر نہ جائیں بلکہ گھر سے ہی ایصالِ ثواب کردیا کریں۔ عورت جب گھر سے قبور کی طرف چلنے کا ارادہ کرتی ہےاللہ عَزَّ وَجَلَّ اور فرشتوں کی لعنت میں ہوتی ہے اور جب واپس آتی ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی لعنت میں ہوتی ہے۔([248])
سوال دعوتِ اسلامی کی’’مجلس مزاراتِ اولیا‘‘کس مقصد سے بنائی گئی ہے ؟
جواب یہ مجلس حتّی المقدور صاحبِ مزار کے عرس کے موقع پر اجتماع ذکر ونعت کرتی ہے۔مزار شریف کے اِحاطے میں (بالخصوص عرس کے دنوں میں)سنتوں بھرے مدنی حلقے لگاتی ہے جن میں وضو،غسل،تَیَمُّم اور نماز کا طریقہ نیز سنتیں سکھائی جاتی ہیں اور عاشقانِ رسول کو با جماعت نماز کی ادائیگی، دعوتِ اسلامی
کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات میں شرکت،درسِ فیضان سنت دینے یا سننے کی ترغیب دی جاتی ہے۔([249])
سوال قرآنِ پاک کے کتنے اور کونسے مشہور نام ہیں؟
جواب قرآنِ عظیم کے کثیر اَسماء ہیں جو کہ اس کتاب کی عظمت و شرف کی دلیل ہیں، ان میں سے چھ مشہوراسماء یہ ہیں :(1)قرآن(2)بُرہان(3)فُرقان(4) کتاب (5)مُصحف(6)نور۔([250])
سوال قرآن پاک کی تلاوت کی کوئی فضیلت بیان کریں؟
جواب حضور نبیٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّفرماتا ہے: جس کو قرآن نے میرے ذکر اور مجھ سے سوال کرنے سے مشغول رکھا، اُسے میں اُس سے بہتر دوں گا جو مانگنے والوں کو دیتا ہوں۔ اور کلامُ ﷲکی فضیلت دوسرے کلاموں پر ویسی ہی ہے جیسی اللہ (عَزَّ وَجَلَّ)کی فضیلت اسکی مخلوق پر ہے۔([251])
سوال قرآن کے ایک حرف کی تلاوت کے بدلے کتنی نیکیاں ملتی ہیں؟
جواب جس نے قرآن مجید سے ایک حرف پڑھا اس کیلئے دس نیکیاں ہیں ۔([252])
سوال وہ کونسا خوش نصیب ہے جو اپنے گھر کے دس افراد کی شفاعت کرے گا؟
جوابجس نے قرآن پڑھا اور اس کو یاد کرلیا، اس کے حلال کو حلال سمجھا اور حرام کو حرام جانا۔ اس کے گھر والوں میں سے دس شخصوں کے بارے میںﷲتعالٰی اس کی شفاعت قبول فرمائے گاجن پر جہنم واجب ہوچکا تھا۔([253])
سوال حدیثِ پاک میں کس سینے کو ویران مکان کی طرح قرار دیا گیا ہے؟
جواب سر کار مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : جس کے سینے میں کچھ قرآ ن نہیں وہ ویران مکان کی طرح ہے۔([254])
سوال زبان آسانی سے نہ چلنے کے باعث رُک رُک کر تکلیف کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کرنے والے کو کتنا اجر ملتا ہے؟
جواب ایسے شخص کو دوگنا ثواب ملتا ہے۔([255])
سوال امیر المؤمنین حضرت سیدنا عثمان غنی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے تیار کردہ مصاحف (یعنی قرآن پاک )کی تعداد کتنی تھی ؟
جواب امامِ اہلسنت،اعلیٰ حضرت شاہ امام احمد رضا خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنّانْ فتاویٰ رضویہ، جلد۲۶،صفحہ۴۴۹پرنقل فرماتےہیں کہ حضرت عثمان نےسات مصحف تحریر فرمائے۔ ایک مکہ مکرمہ، ایک شام، ایک یمن، ایک بحرین، ایک بصرہ اورایک کوفہ میں بھیج دیا جبکہ ایک مدینہ منورہ میں رکھ لیا۔([256])
سوال قرآ نِ کریم میں کتنے نبیوں اور رسولوں کے نام موجود ہیں ؟
جواب قرآنِ کریم میں 26نبیوں اور رسولوں کے نام موجود ہیں ۔([257])
سوال قرآنِ پاک میں کس واقعے کواحسنُ القَصَص کہاگیا؟
جواب سورۂ یوسف میں حضرت یوسف عَلَیْہِ السَّلَام کے واقعے کواحسنُ القَصَص (سب سے اچھا بیان) کہاگیا۔([258])
سوال قرآنِ پاک میں مبارک درخت کس درخت کو کہا گیا ہے؟
جواب زیتون کے درخت کو۔([259])
سوال ان سواریوں کی تعداد اور نام بتائیں جن کی صراحت قرآنِ پاک میں خاص طور پرموجود ہے؟
جواب وہ چارہیں:(1) اُونٹ([260])(2) گھوڑا (3)خچر اور (4)گدھا۔([261])
سوال قرآن کریم میں کن لوگوں کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنی عجیب نشانی فرمایا ہے؟
جواب اصحابِ کہف کو۔([262])
سوال قرآ نِ پاک کی کون سی آیات سب سے پہلے نازل ہوئیں ؟
جواب سب سے پہلے سورۃ العلق کی ابتدائی پانچ آیات نازل ہوئیں۔([263])
سوال قرآنِ پاک کی کونسی آ یت سب سے آ خر میں نازل ہوئی ؟
جواب سب سے آ خر میں سورۃُ البقرہ کی یہ آ یتِ مبارکہ نازل ہوئی:) وَ اتَّقُوْا یَوْمًا تُرْجَعُوْنَ فِیْهِ اِلَى اللّٰهِۗ-ثُمَّ تُوَفّٰى كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَ هُمْ لَا یُظْلَمُوْنَ۠(۲۸۱)( (پ۳، البقرة:۲۸۱)ترجمۂ کنز الایمان: اور ڈرو اس دن سے جس میں اللہ کی طرف پھرو گے اور ہر جان کو اس کی کمائی پوری بھردی جائے گی اور ان پر ظلم نہ ہوگا۔([264])
سوال سورۂ رحمٰن میں)فَبِاَیِّ اٰلَآءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبٰنِ(۱۳)( کتنی مرتبہ آیا ہے ؟
جواب اکتیس(31)بارآیا ہے۔
سوال کس آیت میں امتِ مُحمدِیَّہ کو سب سے بہتر اُمت فرمایا گیا ہے؟
جواب)كُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِؕ-(
(پ۴، آل عمرٰن:۱۱۰)ترجمۂ کنزالایمان:تم بہتر ہواُن سب اُمتوں میں جو لوگوں میں ظاہر ہوئیں بھلائی کا حکم دیتے ہو اور بُرائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو ۔
سوال وہ کونسی سورت ہے جو ایک ہی رات میں مکمل نازل ہوئی تھی؟
جواب سورۂ اَنعام جو مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی۔([265])
سوال وہ کونسی پہلی سورت ہے جس کا رسولِ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے اعلان
فرمایا اور حرم شریف میں مشرکین کے رُوبرو پڑھی؟
جواب سورۃُ النّجم۔([266])
سوال وہ کون سی سورت ہے جس کی ہر آیت میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا نام آیا ہے؟
جواب سورۃُ المُجادلہ ۔
سوال کس سورت کو ایک بار پڑھنے سے دس مرتبہ قرآن ِ پاک پڑھنے کا ثواب ملتا ہے ؟
جواب سورۂ یٰسین شریف۔([267])
سوال کس سورت کی تلاوت کرنے کی فضیلت چوتھائی قرآن کے برابر ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:جس نے سورت قُلْ یٰۤاَیُّہَا الْکَافِرُوْنپڑھی تو گویا کہ اس نے قرآنِ مجید کے چوتھائی حصے کی تلاوت کی۔([268])
سوال رات کے وقت سورۂ ملک کی تلاوت کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حدیثِ مبارکہ کا خلاصہ ہے کہ جب بندہ قبر میں جائے گا تو عذاب اس کے قدموں ، سینے، پیٹ یاپھر اس کے سر کی طرف سے آئے گا تو یہ سب اَعضاء کہیں گے تیرے لئے ہماری طرف سے کوئی راستہ نہیں کیونکہ یہ رات میں سورۂ ملک پڑھا کرتاتھا ۔ ([269])
سوال حدیثِ پاک میں کس سورت کوہر مرض کے لئے شفا کہا گیا ہے؟
جواب سوۂ فاتحہ،حدیثِ پاک میں ہے:سورۂ فاتحہ ہر مرض کے لئے شفا ہے ۔ ([270])
سوال ہر بری چیز سے حفاظت کیلئے کونسی سورتوں کی تعلیم فرمائی گئی ہے؟
جواب نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:صبح شام تین تین بار قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَد ، قُلْ اَعُوذُ بِرَبِّ الفَلَقاور قُلْ اَعُوذُ بِرَبِّ النَّاس پڑھو!ان کی تلاوت کرنا تمہیں ہر بری چیز سے بچائے گا۔([271])
سوال حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی چارخاص فضیلتیں بتائیے؟
جواب (۱)اللہتعالٰی نے حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اپنے دستِ قدرت سے تخلیق فرمایا(۲)ان میں اپنی طرف کی خاص معززروح پھونکی (۳)فرشتوں کو ان کے حضور سجدہ کرنے کا حکم دیا (۴) انہیں دنیا کی تمام چیزوں کے نام سکھائے۔([272])
سوال حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی عمر مبارک کتنی تھی؟
جواب حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی عمرشریف ایک ہزارسال تھی۔([273])
سوال حضرت ادریس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا نام کیا ہے؟
جواب آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا نام اَخْنُوخْ ہے اور کتبِ الٰہیہ کی کثرتِ درس کے باعث
آپ کا نام ادریس ہوا ۔([274])
سوال حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کتنے سال تک قوم کو تبلیغ فرماتے رہے؟
جواب حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ساڑھے نو سو سال تک اپنی قوم کو دعوت و تبلیغ فرماتے رہے۔([275])
سوال سرمبارک کٹ جانے کے باوجود کونسے نبی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام حق بیان کرتے رہے؟
جواب حضرت یحییٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ۔([276])
سوال سب سے پہلے زرہ کس نبی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے بنائی؟
جواب حضرت داؤد عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے۔([277])
سوال حضرت سلیمان عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی وفات کا کس طرح پتہ چلا؟
جواب آپ عَلَیْہِ السَّلَام حسبِ عادت نماز کے لئے اپنے عصا پر تکیہ لگا کر کھڑے ہوئےاور اسی حالت میں آپ کی وفات ہوگئی۔آپ کی وفات کے پورے ایک سال بعد تک جِنّات آپ کی وفات پرمطلع نہ ہوئے اور اپنی خدمتوں میں مشغول رہے یہاں تک کہ بحکمِ الٰہی دیمک نے آپ کا عصا کھا لیا اور آپ کا جسمِ مبارک جو لاٹھی کے سہارے سے قائم تھا زمین پر آیا ، اس وقت جِنّات کو آپ کی وفات کا علم ہوا ۔([278])
سوال وہ کونسے میزبان ہیں جوبغیر مہمان کےکھانا تناوُل نہیں فرماتے تھے؟
جواب حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام۔([279])
سوال ’’اُولُو الْعَزم‘‘رُسُل عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کونسے ہیں؟
جواب وہ پانچ ہیں: (۱)حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام(۲) حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام (۳) حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام (۴)حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام اور(۵)پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم۔([280]) سب میں افضل ہمارے آقا و مولیٰ سیّدالمرسلین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہیں، حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے بعد سب سے بڑا مرتبہ حضرت ابراہیم خلیلُ اﷲ عَلَیْہِ السَّلَام کا ہے،پھر حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام، پھر حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام اور حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام کا، یہ پانچوں حضرات باقی تمام اَنبیا و مُرسَلینِ اِنس و مَلَک و جن و جمیع مخلوقاتِ الٰہی سے افضل ہیں۔([281])
سوال کس نبی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی دعا سے ان کے بھائی کو نبوت ملی ۔
جواب حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے دعا کی کہ یارب میرے گھر والوں میں سے میرے بھائی ہارون کو میرا وزیر بنا اللہ تعالٰی نے اپنے کرم سے یہ دعا قبول فرمائی اور حضرت ہارون عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو آپ کی دعا سے نبی کیا۔([282])
سوال وہ کونسے نبی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ہیں جنہوں نے ماں کی گود میں اپنے نبی ہونے کی خبر دی؟
جواب حضرت عیسیٰعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ۔([283])
سوال حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کےکچھ معجزات بتائیں ؟
جواب مردے زندہ کرنا ،اندھے اور بَرص والے کو اچھا کرنا ،پرند پیدا کرنا ،غیب کی خبر دینا وغیرہ۔ ([284])
سوال کن باتوں کو دنیا وآخرت کے بہتر اخلاق فرمایا گیا ہے ؟
جواب حدیثِ مبارکہ میں ہے کہ حضور نبیِّ مکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:”کیا میں تمہیں دنیا وآخرت کے اچھے اخلاق نہ بتاؤں؟ صحابۂ کرامعَلَیْہِمُ الرِّضْوَان نے عرض کی: ضرور بتائیے۔ارشاد فرمایا:”جو تم سے تعلق توڑے اس سے تعلق جوڑو ، جو تمہیں محروم کرے اسے عطا کرو اور جوتم پر ظلم کرے اسے معاف کردو۔“([285])
سوال اخلاقِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے متعلق حدیث شریف میں کیا آیا ہے؟
جواب ایک مرتبہ کسی نے اُمُّ المومنین سَیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا سے حضورنبیِّ
پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے اخلاقِ کریمہ کے بارے میں پوچھاتو ارشاد فرمایا:” آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا خلق قرآن ہے([286]) ۔ کیا تم نے قرآن میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا یہ فرمان نہیں پڑھا( (وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴) ((پ۲۹، القلم:۴) ترجمۂ کنزالایمان: اور بے شک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔“ ([287])
سوال حُسنِ اخلاق کا سرچشمہ کیا ہے؟
جواب اُمُّ المومنین سَیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَاکا فرمان ہے:رَأْسُ مَکَارِمِ الْاَخْلَاقِ الْحَیَاءُ یعنی حُسْنِ اَخلاق کا سرچشمہ حیا ہے۔ ([288])
سوال اچھے اخلاق گناہوں پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟
جواب رحمتِ عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:”اچھے اخلاق گناہوں کو ایسے پگھلا دیتے ہیں جیسے سورج کی حرارت برف کو پگھلا دیتی ہے۔“ ([289])
سوال حُسْنِ اخلاق والا مؤمن کس کے درجہ کو پہنچ جاتا ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:”مؤمن اچھے اخلاق کی بدولت دن کو روزہ رکھنےاور رات کو عبادت کرنے والے کا درجہ پالیتا ہے۔“([290])
سوال خادموں کو روزانہ کتنی بار معاف کردینا چاہیے ؟
جواب بارگاہِ رسالت میں عرض کی گئی:یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم!ہم خادم کو کتنی بار معاف کردیا کریں تو حضور نبیِّ پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:دن میں 70مرتبہ معاف کردیاکرو(یعنی ہر دن اسے بہت دفعہ معافی دو)۔([291])
سوال کیا اخلاق کے اچھا ہونے کے لیے کوئی دعا بھی ہے؟
جواب جی ہاں،حُسنِ اخلاق کے پیکر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم یہ دعا فرمایا کرتے تھے: اَللّٰهُمَّ اَحْسَنْتَ خَلْقِي فَاَحْسِنْ خُلُقِي۔اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! تو نے میری صورت کو اچھا کیا پس میرے اخلاق کو بھی اچھا فرما۔([292])
سوال انسان کودی گئی سب سے بہترین چیزکیا ہے؟
جواب بارگاہِ رسالت میں عرض کی گئی: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم!انسان کودی گئی سب سے بہتر ین چیز کیا ہے؟ ارشاد فرمایا:”اچھے اَخلاق۔“([293])
سوال سب سے زیادہ جنت میں داخل کرنے والا عمل کون سا ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں فرمایا گیا کہ سب سے زیادہ جنت میں داخل کرنے والا عمل تقویٰ اورحُسْنِ اخلاق ہے۔([294])
سوال کونسی چار خوبیاں ہوں تو کسی دنیاوی محرومی کا نقصان نہیں پہنچتا؟
جواب حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے حضرت سَیِّدُنَا عبداللہ بن عَمرو
رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے ارشاد فرمایا:”اگر تم میں چار خوبیاں ہوں تو دنیا کی کسی شے کا فوت ہونا تمہیں نقصان نہیں دے گا:(۱)امانت کی حفاظت (۲)سچ بولنا (۳) حسن اخلاق اور (۴)پاکیزہ کھانا۔“([295])
سوال حدیثِ پاک میں میزان عمل میں سب سے وزنی عمل کسے کہا گیا ہے؟
جواب حُسْنِ اخلاق۔([296])
سوال حُسنِ اخلاق کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟
جواب ایک شخص نے بارگاہِ رسالت میں عرض کی: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم!میرےحُسنِ اخلاق کا زیادہ حق دار کون ہے؟ ارشادفرمایا:”تمہاری ماں۔“ دوبارہ عرض کی:پھر کون؟ارشاد فرمایا:”تمہاری ماں۔“تیسری بارعرض کرنے پربھی یہی ارشاد فرمایا۔ چوتھی مرتبہ عرض کی: پھر کون؟تو ارشاد فرمایا: ’’تمہارا باپ، پھر قریب والے کا زیادہ حق ہے پھر جو اس کے بعد قریبی ہو۔“([297])
سوال خوفِ خدا کا مطلب کیا ہے؟
جواب اللہ تعالٰی کی بے نیازی ،اس کی ناراضی، اس کی گرفت اور اس کی طرف سے دی جانے والی سزاؤں کا سوچ کر انسان کا دل گھبراجائے تو اُسے خوفِ خدا کہتے ہیں۔([298])
سوال جوبارگاہِ الٰہی میں کھڑاہونے سے ڈرے اُس کے لیے کیا انعام ہے؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشا دفرماتا ہے: (وَ لِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهٖ جَنَّتٰنِۚ(۴۶))(پ۲۷، الرحمٰن: ۴۶) ترجمۂ کنزالایمان:اور جو اپنے رب کے حضور کھڑے ہونے سے ڈرے اس کے لئے دو جنّتیں ہیں۔
سوال حکمت کا سرچشمہ کیا ہے ؟
جواب حدیث پاک میں ہے:”حکمت کا سرچشمہ خوفِ خدا ہے۔“([299])
سوال خوف کا کم سے کم درجہ کون سا ہے ؟
جواب خوف کا کم سے کم درجہ جس کا اثر اعمال میں ظاہر ہویہ ہے کہ بندہ ان تمام کاموں سے باز آجائے جو شرعاً ممنوع ہیں۔ ([300])
سوال سب سےکامل عقل والا کون ہے؟
جواب حضورنبیٔ مُکَرَّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:”سب سے کامل عقلمند وہ ہے جو سب سے زیاہ اللہ عَزَّ وَجَلَّکا خوف رکھنے والا ہو اور اللہ عَزَّوَجَلَّ نے جن چیزوں کے کرنے کا اور جن سے بچنے کا حکم دیا ہے ان میں سب سے اچھی طرح غور کرنے والا ہو۔“([301])
سوال جو دنیا میں بے خوف رہا آخرت میں اس کے ساتھ کیا ہوگا؟
جواب حدیث ِپاک میں ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے: میں اپنے بندے کے دل
میں دو خوف اوردو اَمن جمع نہیں کروں گا،اگروہ دنیا میں مجھ سے بے خوف رہا تو میں اُسے قیامت کے دن ڈراؤں گا اور اگر وہ دنیا میں مجھ سے ڈرا تومیں اُسے قیامت کے دن بے خوف کردوں گا۔([302])
سوال خوفِ خدا سے رونگٹے کھڑے ہونے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:جب اللہ عَزَّ وَجَلَّکے خوف سے بندے کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں تو اُس کے گناہ ایسے جھڑتے ہیں جیسے خشک درخت کے پتے جھڑتے ہیں ۔([303])
سوال وہ کون ہیں کہ خوفِ خدا کے سبب اُن کے سینے کی گڑگڑاہٹ ایک میل سے سنائی دیتی تھی؟
جواب حضرت سیِّدُناابودرداءرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں:حضرت سیِّدُناابراہیم خَلِیْلُ اللہ عَلَیْہِ السَّلَام جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو خوفِ خدا کے سبب گِریہ وزاری سے سینے میں ہونے والی گڑگڑاہٹ ایک میل کے فاصلے سے سنائی دیتی۔([304])
سوال وہ کون ہیں کہ خوفِ خدا میں بکثرت رونے کے سبب اُن کالقب ہی اُن کا نام ہوگیا؟
جواب حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام۔حکیم الامت مفتی احمد یارخان نعیمیرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:اپنے گناہوں پر نوحہ کرنا(رونا) عین عبادت ہے ،حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام خوفِ
خدا میں اتنا روتے تھے کہ آپ کا لقب ہی نوح ہوگیاورنہ آپ کا نام یَشْکُرہے۔([305])
سوال خوفِ خدا کے سبب رونے کی کیا فضیلت بیان ہوئی ہے؟
جواب حضور سَرْوَرِ کَونَین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:”جس مؤمن بندے کی آنکھ سے خوفِ خدا کے باعث مکھی کے پَر برابر آنسو چہرے پر بہہ نکلے تواللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کو دوزخ پر حرام فرما دیتا ہے۔“([306])
سوال اللہ عَزَّ وَجَلَّکو کون سے دو قطرے سب سے زیادہ پسندیدہ ہیں؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:”اللہ عَزَّ وَجَلَّکو خوفِ خدا میں بہنے والے آنسوکا قطرہ اورراہِ خدا میں بہنے والے خون کا قطرہ سب سے زیادہ پسند ہے۔“([307])
سوال قیامت میں کونسی چار آنکھیں نہیں روئیں گی؟
جواب مَروی ہے کہ قیامت میں چارآنکھوں کے سوا تمام آنکھیں روئیں گی:(۱)وہ آنکھ جو دنیا میںاللہ عَزَّ وَجَلَّ کے خوف سے روئی (۲)وہ آنکھ جو جہاد میں زخمی ہوئی ۔ (۳)وہ آنکھ جواللہ عَزَّ وَجَلَّکی حرام کردہ چیزوں سے جھکی رہی اور(۴)وہ آنکھ جو (عبادت میں) راتوں کوجاگتی رہی۔([308])
سوال صلۂ رحمی کیا ہے؟
جواب صلۂ رحم کے معنی رشتہ کو جوڑنا ہے یعنی رشتہ والوں کے ساتھ نیکی اورسلوک کرنا۔([309])
سوال قرآنِ کریم میں صلۂ رحمی سے متعلق کیا ارشاد ہوا؟
جواب اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشادفرماتاہے: ( وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-) (پ۴، النساء:۱)ترجمۂ کنزالایمان:اوراللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو۔
سوال صلۂ رحمی اور قطعِ رحمی کا شریعت میں کیا حکم ہے ؟
جواب صلۂ رحم واجب ہے اور قطعِ رحم حرام ہے۔([310])
سوال صلۂ رحمی کرنے کی بعض صورتیں بیان کیجئے ؟
جواب رشتہ داروں کو ہدیہ و تحفہ دینا اور اگر ان کو کسی بات میں تمہاری اِعانت درکار ہو تو اس کام میں ان کی مدد کرنا، انہیں سلام کرنا، ان کی ملاقات کو جانا، ان کے پاس اٹھنا بیٹھنا، ان سے بات چیت کرنا ان کے ساتھ لطف و مہربانی سے پیش آنا۔([311])
سوال رشتہ داری توڑنے والے کی کیا سزا ہے؟
جواب رشتہ داری کو کاٹنے والا جنت میں(ابتداءً) داخل نہیں ہوگا۔([312])
سوال حدیثِ قُدسی میں صلۂ رحمی کے متعلق کیا آیا ہے؟
جواب حدیثِ قُدسی میں ہے:اللہ عَزَّ وَجَلَّنے رحم (یعنی رشتہ داری)سےفرمایا: جو تجھے
ملائے گا میں اسے ملاؤں گا اور جو تجھے کاٹے گا میں اسے کاٹوں گا۔([313])
سوال حدیث پاک میں صلۂ رحمی کی کیا فضیلت آئی ہے؟
جواب حضور تاجدارِ نبوت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:جسے پسند ہو کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی عمردراز کرے،اُس کے رزق میں اضافہ کرے اور اُس سے بُری موت کو دور فرمائے تواُسے چاہئے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے ڈرے اور صلۂ رحمی (رشتہ داروں سے حُسنِ سلوک)کرے۔([314])
سوال رشتہ دار کو صدقہ دینے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے فرمایا:رشتہ دار پر کئے جانے والے صدقے کا ثواب دوگُنا کردیا جاتاہے۔([315])
سوال صلۂ رحمی کے فائدے بیان کیجئے؟
جواب (۱)اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رضا حاصل ہوتی ہے (۲)لوگوں کی خوشی کا سبب ہے (۳) مسلمان اس شخص کی تعریف کرتے ہیں (۴)شیطان کو اس سے رنج پہنچتا ہے (۵) عمر بڑھتی ہے (۶)رزق میں برکت ہوتی ہے اور(۷)آپس میں محبت بڑھتی ہے۔ ([316])
سوال کیا بدلے کے طور پر حُسنِ سلوک کرنے والابھی صلۂ رحمی کرنے والا ہے ؟
جواب جی نہیں،حدیثِ پاک میں ہے : بدلہ دینے والا صلۂ رحمی کرنے والا نہیں بلکہ صلۂ
رحمی کرنے والا وہ ہے کہ جب اس سے رشتہ توڑا جائے تو وہ اسے جوڑے۔([317])
سوال کیا قطعِ رحمی کرنے والا قوم کے لئے بھی نقصان دِہ ہوتا ہے؟
جواب جی ہاں،مَروی ہے:اس قوم پر رحمتِ الٰہی کا نزول نہیں ہوتا جس میں قاطعِ رحم ہو۔([318])
سوال جن رشتہ داروں کے ساتھ صلۂ رحمی واجب ہے وہ کون ہیں ؟
جواب بعض علما نے فرمایا: وہ ذُو رحم مَحرم ہیں اور بعض نے فرمایا: ”اس سے مراد ذو رحم([319])ہیں ،محرم ہوں یا نہ ہوں۔“اور ظاہر یہی قولِ دوم ہے۔([320])
سوال صبرکسے کہتے ہے ؟
جواب نفس کو اس چیز پر روکنا جس پر رکنے کا عقل اور شریعت تقاضا کررہی ہو یا نفس کو اس چیز سے باز رکھنا جس سے رکنے کا عقل اور شریعت تقاضا کررہی ہو صبر کہلاتا ہے۔([321])
سوال صبر کی کتنی اَقسام ہیں ؟
جواب بنیادی طور پر صبر کی دو قسمیں ہیں :(۱)بدنی صبرجیسے بدنی مشقتیں برداشت کرنا اور ان پر ثابت قدم رہنا۔(۲)طبعی خواہشات اوراُن کے تقاضوں سے صبر کرنا۔پہلی قسم کا صبر جب شریعت کے موافق ہوتو قابلِ تعریف ہوتا ہے لیکن مکمل طور پر تعریف کے قابل صبر کی دوسری قسم ہے۔([322])
سوال کس صبر کو شریعت نے حرام قرار دیا ہے؟
جواب تکلیف دِہ فعل جو شرعاً ممنوع ہے اس پر صبرکی ممانعت ہے۔ مثلاً کسی شخص یا اس کے بیٹے کا ہاتھ ناحق کاٹا جائے تو اس شخص کا خاموش رہنا اور صبر کرنا، یونہی کوئی شخص شہوت سے مغلوب ہوکر بُرے ارادے سے اس کے گھر والوں کی طرف بڑھے تو اس کی غیرت بھڑک اٹھے لیکن غیرت کا اظہار نہ کرے اور گھروالوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس پرصبرکرے، شریعت نے اس صبر کو حرام قرار دیا ہے۔([323])
سوال کس چیز سے صبر کرنا ہر آدمی پر فرض ہے؟
جواب ممنوعاتِ شرعیہ سے صبر کرنا (رُکنا) ہر آدمی پر فرض ہے۔([324])
سوال شُکر کسے کہتے ہیں؟
جواب کسی کے احسان و نعمت کی وجہ سے زبان، دل یا اَعضاء کے ساتھ اس کی تعظیم کرنا شکر کہلاتا ہے۔([325])
سوال نعمتوں پر شکرادا کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنا واجب ہے۔([326])
سوال شکر کرنے پر اللہتعالٰی نے بندوں سے کیا وعدہ فرمایا ہے؟
جواب اللہ تعالٰی نے بندوں کے شکر پر نعمت میں اضافے کاوعدہ فرمایا۔ارشادِ باری تعالٰی ہے: (لَىٕنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّكُمْ) (پ۱۳،ابراھیم:۷)ترجمۂ کنزالایمان:اگر احسان مانو گے تو میں تمہیں اور دوں گا۔
سوال اہلِ جنت اپنی گفتگوکاآغاز کس بات سے کریں گے ؟
جواب حجۃ الاسلام امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ الِیفرماتےہیں:اللہ عَزَّ وَجَلَّ نےجنت والوں کی گفتگو کے آغاز میں ”شکر“کو رکھاہے،ارشادِ باری تعالٰی ہے: (وَ قَالُوا الْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْ صَدَقَنَا وَعْدَهٗ)(پ۲۴،الزمر:۷۴)ترجمۂ کنزالایمان: اوروہ کہیں گے سب خوبیاں اللہ کو جس نے اپنا وعدہ ہم سے سچا کیا۔([327])
سوال نعمت کا اظہار کرنا کیسا ہے؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نعمت کا اِظہار اِخلاص کے ساتھ ہو تو یہ بھی شکر ہے۔حضور نبی ٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ارشاد فرماتے ہیں : اللہ کو پسند ہے کہ بندے پر اُس کی نعمت ظاہر ہو ۔([328])
سوال کیا عیدِ میلاد النبی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم منانا بھی شکر گزاری ہے؟
جواب جی ہاں،صدرُالافاضل نعیم الدین مرادی آبادیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْھَادِی فرماتے ہیں: عیدِ میلاد منانا جائز ہے کیونکہ یہ اللہ تعالٰی کی سب سے بڑی نعمت کی یادگار و شکر گزاری ہے ۔([329])
سوال بندے کو کب ”شکرکرنے والا“ کہا جائے گا ؟
جواب بندہ اللہ عَزَّ وَجَلَّکی نعمتوں کا استعمال فرمانبرداری میں کرے توشکر کرنے والا ہو گاکیونکہ اپنے مالک ومولاعَزَّ وَجَلَّکی مرضی کے موافق کام کیااور اگر اس کی نافرمانی میں استعمال کرے تو ناشکرا کہلائے گا۔([330])
سوال حدیثِ پاک میں کھاکر شکر اداکرنے والے کے لئے کیا فرمایا گیا ہے؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:کھاکرشکر ادا کرنے والا صبر کرنے والے روزہ دار کی طرح ہے۔([331])
سوال توبہ کس چیز کا نام ہے ؟
جواب توبہ گناہوں سےاللہ تعالٰی کی بارگاہ میں رجوع کا نام ہے ۔([332])
سوال توبہ کا کیا حکم ہے؟
جواب جُوں ہی گناہ صادِر ہو فوراً توبہ کر لینا واجِب ہے خواہ صغیرہ گُناہ ہی کیوں نہ ہو۔ ([333])
سوال کفر سے توبہ کب تک قبول ہے؟
جواب جب تک روح گلے تک نہ آجائے قبول ہے ۔([334])
سوال توبہ کے ارکان کتنے ہیں ؟اُن کی وضاحت کیجئے ؟
جواب توبہ کے تین رکن ہیں:(۱)اعتِرافِ جرم(۲)نَدامت(۳)عزمِ ترک (یعنی اِ س گناہ کو ترک کر دینے کا پکّا ارادہ)اگر گُناہ قابلِ تَلافی ہو تو اِس کی تَلافی(یعنی نقصان کا بدلہ)بھی لازِم مَثَلاً تارِکُ الصَّلوٰۃ(یعنی بے نَمازی)کیلئے پچھلی نَمازوں کی قَضا بھی لازِم ہے۔([335])
سوال توبہ میں تاخیر کا کیا نقصان ہے؟
جواب آدمی گناہ کو مقدّم کرتا ہے اور توبہ کو مؤخر ، یہی کہتا رہتا ہے: اب توبہ کروں گا، اب عمل کروں گا،یہاں تک کہ موت آجاتی ہے اور وہ اپنی بدیوں میں مبتلا ہوتا ہے۔([336])
سوال حضرتِ لقمان رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے بیٹے کو توبہ کے متعلق کیا نصیحت فرمائی ؟
جواب حضرتِ سیدنا لقمان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْمَنَّاننے اپنے بیٹے سے فرمایا:اے جانِ پدر! توبہ میں تاخیر نہ کرنا کیونکہ موت اچانک آجاتی ہے جو توبہ کی طرف سبقت نہیں کرتا اور آج کل پر ٹالتا رہا وہ بڑے خطرات میں مبتلا ہوگا ۔([337])
سوال توبہ کس پرلازم ہے؟
جواب توبہ ہر فردِ بشر پرلازم ہے۔([338])
سوال ہر فردِ بشر کوتوبہ کا حکم کیوں ہے؟
جواب کیونکہ کوئی آدمی قصور سے خالی نہیں،جب آدمی اعضاء کے گناہ سے محفوظ رہے تو دل کے ارادے سے نہیں بچتا ،اگر دل میں بھی ارادہ نہ ہو تو وسوسۂ شیطان سے نہیں بچ پاتا کہ وہ خیالات دل میں ڈالتا رہتا ہے جن سے یادِ الہی میں غفلت ہوتی ہے وغیرہ وغیرہ یہ سب نقصان ہی ہیں، اصلِ نقصان کسی طریقے سے ہو ہر ایک میں موجود ہے،البتہ مقدارِ نقصان میں فرق ہے۔([339])
سوال بابرکت جگہوں میں جا کر توبہ کرنا کیسا ہے ؟
جواب مقاماتِ متبرکہ جو رحمتِ الٰہی کے مُورِد(اترنے کی جگہ) ہوں وہاں توبہ کرنا اور طاعت بجالانا ثمراتِ نیک(اچھا نتیجہ)اورسرعتِ قبول(جلدی قبول ہونے) کا سبب ہوتا ہے۔([340])
سوال کیا توبہ سے تمام چھوٹے بڑے گناہ معاف ہو جاتے ہیں ؟
جواب جی ہاں ! گناہ خواہ صغیرہ ہوں یا کبیرہ، جب بندہ ان سے توبہ کرتا ہے تو اللہ تبارَکَ و تعالٰی اپنے فضل و رحمت سے ان سب کو معاف فرماتا ہے۔([341])
سوال کیا توبہ و استغفار سے عمر بڑھتی اور رزق وسیع ہوتا ہے؟
جواب جی ہاں!اخلاص کے ساتھ توبہ و استِغفار کرنا درازیٔ عمر (لمبی زندگی)و کشائشِ رزق(رزق میں وسعت) کے لئے بہتر عمل ہے ۔([342])
سوال سچی توبہ کی علامت کیا ہے ؟
جواب سچی توبہ وہ ہےجس کا اثر توبہ کرنے والے کے اعمال میں ظاہر ہو اوراس کی زندگی طاعتوں اور عبادتوں سے معمور ہوجائے اور وہ گناہوں سے مُجتَنِب(بچا) رہے۔([343])
سوال حدیث شریف میں علم کی کیا اہمیت بیان ہوئی ہے ؟
جواب حضرت انس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے حضورنبیٔ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔([344])
سوال ہر مسلمان پر کتنا علم سیکھنا فرض ہے؟
جواب ہر مسلمان عاقل و بالغ مردو عورت پر اُس کی موجودہ حالت کے مطابق مسئلے سیکھنا فرضِ عَین ہے۔ اِسی طرح ہر ایک کیلئے مسائلِ حلال و حرام بھی سیکھنا فرض ہے۔نیز مسائلِ علمِ قلب یعنی فرائضِ قَلْبِیَہ(باطِنی فرائض) مثلاً عاجزی و اِخلاص اور توکُّل وغیرہا اوران کو حاصل کرنے کا طریقہ اور باطِنی
گناہ مثلاًتکبُّر،ریاکاری،حسد وغیرہا اوران کا علاج سیکھنا ہرمسلمان پر اہم فرائض سے ہے۔([345])
سوال علم حاصل کرنے کی بہترین عمر کیا ہے؟
جواب علم حاصل کرنے کی بہترین عمر جوانی ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں: اللہ تعالٰی کسی نبی کو نہیں بھیجتا مگر اس حال میں کہ وہ جوان ہوتا ہے اور کسی کو جو علم دیاجاتا ہے اس کے لئے بہتر زمانہ یہ ہے کہ وہ جوان ہو۔([346])
سوال علم کی طلب میں نکلنے والے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حبیب، حبیبِ لبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: جو علم کی تلاش میں نکلا وہ اپنے لَوٹنے تک راہِ خدا میں ہے۔([347])
سوال انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کی میراث کیا ہےاور اُن کے وارث کون ہیں؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے :بے شک علما حضراتِ انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کے وارث ہیں اورحضراتِ انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَامدرہم ودینار کا نہیں علم کا وارث بناتے ہیں تو جس نے اسے لیا اُس نے بہت بڑا حصہ پالیا۔([348])
سوال عالمِ دین کی توہین کرنےکاشرعی حکم کیا ہے؟
جواب اگر عالِم کو اس لئے برا کہتاہے کہ وہ عالِم ہے جب تو صریح کافر ہے اور اگر بوجہ علم اس کی تعظیم فرض جانتاہے مگر اپنی کسی دُنْیَوی خُصُوْمَت کے باعث برا کہتاہے گالی دیتاتحقیر کرتاہے تو سخت فاسق فاجر ہے اگر بے سبب رنج رکھتاہے تو مریضُ القلب خبیثُ الباطن ہے اور اس کے کفر کا اندیشہ ہے۔([349])
سوال حدیثِ پاک میں عالِم کی گستاخی پر کیا وعید آئی ہے؟
جواب حضورمُعَلِّمِ کائنات،شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: تین آدمیوں کی تحقیر نہیں کرتا مگر منافق:ایک وہ جسے اسلام میں بڑھاپا آیا، دوسراعلم والااورتیسرا عادل بادشاہِ اسلام۔([350])
سوال کس کی تعظیم اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی تعظیم ہے؟
جواب حضور تاجدارِرسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشادفرمایا:بوڑھےمسلمان، قرآن میں تجاوُز نہ کرنے والے عالِم اور انصاف کرنے والے بادشاہِ اسلام کی تعظیم اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی تعظیم کا ایک حصہ ہے ۔([351])
سوال کس علم کی آرزو کرنی چاہئے؟
جواب حضورِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:علمِ نافع کی آرزو کرو اور بےفائدہ علم سے پناہ مانگو۔([352])
سوال عالِم کی عابد پر فضیلت کے بارے میں کوئی روایت بیان کریں؟
جواب نبیٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: عالِم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسی میری فضیلت تمہارے ادنیٰ شخص پرہے۔([353])
سوال کونساعلم مرنے کے بعد فائدہ دیتا ہے؟
جواب حضورِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:جب آدمی مرجاتا ہے تو اس کے عمل کا سلسلہ مُنْقَطع ہوجاتا ہے لیکن تین عمل منقطع نہیں ہوتے صدقۂ جاریہ، علمِ نافع اور نیک اولاد جو اس کے لئے دعا کرتی ہے۔([354])
سوال عالِم کی زیارت کرنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حضور نبیٔ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: عالِم کی زیارت کرنا، اس کے پاس بیٹھنا، اس سے باتیں کرنا اوراس کے ساتھ کھانا عبادت ہے۔([355])
سوال حدیث شریف میں والدین سے حُسنِ سلوک کی اہمیت کیا بیان ہوئی ہے؟
جواب مروی ہے کہ ایک شخص نے عرض کی: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! والدین کا اولاد پر کیا حق ہے؟ حضور تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا :وہ دونوں تیری جنت ودوزخ ہیں۔ ([356])یعنی ان کو راضی رکھنے
سے جنت ملے گی اور ناراض رکھنے سے دوزخ کے مستحق ہوگے۔([357])
سوال باپ کی نافرمانی کرنےکی کیا وعید ہے ؟
جواب باپ کی نافرمانی کرنا ایسا ہے جیسا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نافرمانی کرنا۔حدیث پاک میں ہے:”مَعْصِیَۃُ اللہِ مَعْصِیَۃُ الوَالِدِیعنی باپ کی نافرمانی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نافرمانی ہے۔“([358])
سوال اولاد پر ماں باپ میں سےکس کا حق زیادہ ہے ؟
جواب اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں:باپ کا حق نہایت عظیم ہے اور ماں کا حق اس سے بھی عظیم۔ماں باپ کے حق کے حوالے سے علمائے کرام نے یوں تقسیم بیان فرمائی ہے کہ”خدمت میں ماں کو ترجیح حاصل ہے اور تعظیم میں باپ کو۔“([359])
سوال ماں باپ میں اگر جھگڑا ہو تو اولاد کس کا ساتھ دے؟
جواب ماں باپ میں اگر لڑائی ہو تو نہ ماں کا ساتھ دے نہ باپ کا،ان دونوں میں سے جو معصیت(یعنی گناہ وخطاء) پر ہواسے سمجھائے اگر وہ مان لیں تو ٹھیک ورنہ سکوت(یعنی خاموشی اختیار) کرے اور ان کے لیے دعا کرے۔([360])
سوال والدین کے وصال کے بعد اولاد پر اُن کے کیا حقوق ہیں؟
جواب (۱)سب سے پہلا حق ان کا غسل وکفن اور نمازِ جنازہ ودفن ہے (۲) اُن کے لیے ہمیشہ دعاواستغفار کرنا (۳)صدقہ وخیرات واَعمالِ صالحہ کا ثواب انہیں پہنچاتے رہنا (۴) ان پر کسی کا قرض ہو تو ادا میں انتہائی جلدی کرنا اور اس کام کو اپنے دین ودنیا کیلئے باعثِ سعادت سمجھنا (۵) اُن کا کوئی فرض رہ گیا ہو توبقدرِاستطاعت اس کی ادائیگی کی کوشش کرنا (۶) اُن کی طرف سے کی گئی ایسی وصیت جوشرعاًجائزہواوراسے پورا کرنا اس پر لازم نہ ہو اگرچہ اس پر گراں ہو پھر بھی اسے پورا کرنے کی بھر پور کوشش کرنا (۷)اگر کوئی شرعی ممانعت نہ ہو توان کے انتقال کے بعد بھی ان کی مرضی اور خوشی کا خیال رکھنا (۸) ہر جمعہ کو ان کی قبر پرجاکر اتنی آواز سے 8 شریف کی تلاوت کرنا کہ وہ سنیں پھر انہیں ایصالِ ثواب کرنا جمعہ کے علاوہ بھی جب ان کی قبر کے پاس سے گزرے تو انہیں سلام کرنا اور ان کے لئےفاتحہ خوانی کرنا (۹)اُن کے رشتہ داروں کے ساتھ عمر بھر نیک سلوک کرتے رہنا (۱۰) اُن کے دوستوں کے ساتھ دوستی نباہنا اور ان کے ساتھ ہمیشہ عزت وتکریم سے پیش آنا (۱۱) کسی کے والدین کو بُرا کہہ کر جواباًاُنہیں بُرانہ کہلاوانا (۱۲) سب سے اہم حق جس کی ہر ایک کوہمیشہ سختی کے ساتھ تاکید ہے وہ یہ ہے کہ کبھی کوئی گناہ کرکے انہیں قبر میں ایذا نہ پہنچانا کیونکہ والدین کو اس کے تمام اعمال کی خبر پہنچتی ہے۔([361])
سوال والدین سے لڑنے ، انہیں مارنے اور بُرا بھلا کہنے والے کا کیا حکم ہے ؟
جواب ایسا شخص بہت بڑا فاسق، بڑا ہی بدبخت اور اللہ ربُّ العالمین کے سخت غضب اور بڑے عذاب کا مستحق اوردوزخ کی آگ کا حقدار ہے۔([362])
سوال اگر بیٹا ملک سے باہر ہواور والدین اسے بلائیں تو اس کیلئے کیا حکم ہے ؟
جواب اگر بیٹا ملک سے باہر ہواور والدین اسے بلاتے ہیں تو آنا ہی ہوگا،صرف خط لکھنا کافی نہ ہوگا،اسی طرح اگر والدین کو اس کی خدمت کی حاجت ہو تو آئے اور ان کی خدمت کرے۔([363])
سوال والدہ کے پاؤں چومنے کی حدیث میں کیا فضیلت آئی ہے ؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:”جس نے اپنی والدہ کا پاؤں چوماتو ایسا ہے جیسے جنت کی چوکھٹ کو بوسہ دیا۔“ ([364])
سوال والدین کو نظر رحمت سے دیکھنے کا کیا ثواب ہے ؟
جواب حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:جب اولاد اپنے والدین کی طرف نظرِرحمت کرے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے لیے ہر نظر کے بدلے حج ِمبرور کا ثواب لکھتا ہے۔ ([365])
سوال کیا کافر والدین کے ساتھ بھی صلہ رحمی کی جائے گی؟
جواب جی ہاں! حضرت سیدتنا اسماء بنت ابو بکر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتی ہیں کہ زمانہ نبوی میں میرے پاس میری والدہ آئی جبکہ وہ مشرکہ تھی۔ میں نے بارگاہِ رسالت میں عرض کی:میری ماں آئی ہے حالانکہ وہ مسلمان نہیں تو کیا پھر بھی میں اس سے صلہ رحمی کروں؟ رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: اپنی ماں سے صلہ رحمی کرو۔([366])
سوال کیا والدین کا خلافِ شرع دیاگیا حکم ماننا پڑے گا ؟
جواب نہیں۔حضورنبیِّ محترم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:”لَا طَاعَۃَ فِیْ مَعْصِیَۃ ِ اللہِ“یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نافرمانی میں کسی کی اطاعت جائز نہیں۔([367])
سوال اگر والدین ناراضی کی حالت میں فوت ہوجائیں تو اولاد کیا کرے؟
جواب ان کے لیے بکثرت دعائے مغفرت کرے،اولاد کی طرف سے مسلسل نیکیوں کے تحائف پہنچیں گے تو امید ہے کہ مرحوم والدین راضی ہو جائیں۔سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:کسی کے ماں باپ دونوں یا ایک کا انتقال ہوگیا اور یہ ان کی نافرمانی کرتا تھاتواب ان کے لیے ہمیشہ دعاواستغفار کرتا ر ہتا ہے حتی کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کو (والدین کے ساتھ) حسن سلوک کرنے والالکھ دیتا ہے۔([368])
سوال لڑکی پیدا ہونے پرغم و رنج کا اظہارکرنا کس کا طریقہ ہے؟
جواب قرآنِ کریم میں اِس کوکفار کا طریقہ قراردیا گیا ہے۔اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے: (وَ اِذَا بُشِّرَ اَحَدُهُمْ بِالْاُنْثٰى ظَلَّ وَجْهُهٗ مُسْوَدًّا وَّ هُوَ كَظِیْمٌۚ(۵۸))(پ۱۴، النحل: ۵۸)ترجمۂ کنز الایمان: اورجب ان میں کسی کوبیٹی ہونے کی خوشخبری دی جاتی ہے تودن بھراس کامنہ کالارہتاہے اوروہ غصہ کھاتاہے۔
سوال اہل ایمان کے لیے کس طرح کی بیویاں اور اولاد دشمن ہیں؟
جواب وہ جوانہیں نیک کاموں سے روکیں۔ارشادِ باری تعالٰی ہے: ( یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنَّ مِنْ اَزْوَاجِكُمْ وَ اَوْلَادِكُمْ عَدُوًّا لَّكُمْ فَاحْذَرُوْهُمْۚ-) (پ۲۸، التغابن:۱۴)ترجمۂ کنز الایمان: اے ایمان والو تمہاری کچھ بیبیاں اور بچے تمہارے دشمن ہیں تو ان سے احتیاط رکھو‘‘ اس آیت کے تحت صدر الافاضل مفتی نعیم الدین مرادآبادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْہَادِی لکھتے ہیں: (اس لئے)کہ(وہ) تمہیں نیکی سے روکتے ہیں اور ان کے کہنے میں آکر نیکی سے باز نہ رہو ۔([369])
سوال عورت کی پہلی اولاد لڑکی ہونے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حضور نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:عورت کے لیے یہ بہت ہی مبارک ہے کہ اس کی پہلی اولاد لڑکی ہو۔([370])
سوال کونسے انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کی صرف بیٹیاں ہی تھیں؟
جواب حضرت سَیّدنا لوط اور حضرت سَیّدنا شعیب عَلَیْہِمَا السَّلَام ۔([371])
سوال امامِ اہلسنّت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے بیان کردہ اولاد کے حقوق میں سے کوئی پانچ بیان کیجئے ؟
جواب (۱)بچہ کو پاک کمائی سے پاک روزی کھلائے(۲)اولاد کو چھوڑ کر اکیلے نہ کھائے بلکہ اپنی خواہش کو ان کی خواہش کے تابع رکھے(۳)چند بچے ہوں تو سب کو برابر و یکساں دے، ایک کو دوسرے پر دینی فضیلت کے علاوہ ترجیح نہ دے (۴) بہلانے کیلئے جھوٹا وعدہ نہ کرے اور(۵)وہ بیمار ہوں توان کا علاج کروائے۔([372])
سوال اولاد کوکتنی عمر میں نماز کا حکم دیا جائے؟
جواب حضور رحمتِ عالَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: اپنی اولاد کو نماز کا حکم دو جب وہ سات سال کے ہوں اورانہیں نماز پر مارو جب وہ دس سال کے ہوں۔ ([373])
سوال کتنی عمر میں بچوں کے بستر الگ کردینے کا حکم ہے ؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:دس سال کی عمر میں بچوں کے بستر الگ کردو۔([374])
سوال بچوں کو خوش کرنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب جنابِ صادق و امین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:بے شک جنت
میں ایک گھر ہے جسےدارُ الفَرح (خوشی کا گھر) کہا جاتا ہے۔اس میں وہی لوگ داخل ہوں گے جو بچوں کو خوش کرتے ہیں ۔([375])
سوال اپنے بچے کو قرآن پاک سکھانے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب حضورِپاک،صاحبِ لَولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جس شخص نے دنیا میں اپنے بچے کو قرآنِ کریم پڑھنا سکھایابروزِ قیامت اُسے جنت میں ایسا تاج پہنایا جائے گا جس کے سبب اہل ِ جنت جان لیں گے کہ اس شخص نے دنیا میں اپنے بیٹے کو قرآن کریم کی تعلیم دی تھی۔([376])
سوال اولاد کو ادب سکھانے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکا فرمانِ عالیشان ہے: انسان کا اپنے بچے کو ادب سکھانا ایک صاع (تقریباً چار کلو اورسو گرام)صدقہ کرنے سے بہتر ہے۔ ([377])
سوال بیٹے کے نکاح میں تاخیر کرنے پرکیا وعیدآئی ہے؟
جواب حضور نبیٔ مُحترم،رسولِ مُحْتَشَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےارشاد فرمایا: اگر بالغ ہونے کے بعد نکاح نہ کیا اورلڑکا گناہ میں مبتلاہوا تو اس کا گناہ والد کے سر ہوگا ۔([378])
سوال اپنی بیٹی کا نکاح فاسق سے کرنا کیسا ہے؟
جواب حضورِاکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشادفرمایا: جس نے اپنی بيٹی کا نکاح
کسی فاسق سے کيا ا س نے قطعِ رحمی کی۔([379])
سوال غیبت کی تعریف کیا ہے ؟
جواب صدرُالشریعہ حضرت مفتی امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے غیبت کی تعریف یہ فرمائی ہے کہ’’کسی شخص کے پوشیدہ عیب کو اس کی برائی کرنے کے طور پر ذکر کرنا۔‘‘([380])
سوال قرآنِ کریم میں غیبت سے کس طرح روکا گیا ہے ؟
جواب اللہ تعالٰی ارشاد فرماتا ہے: (وَ لَا یَغْتَبْ بَّعْضُكُمْ بَعْضًاؕ-اَیُحِبُّ اَحَدُكُمْ اَنْ یَّاْكُلَ لَحْمَ اَخِیْهِ مَیْتًا فَكَرِهْتُمُوْهُؕ-) (پ۲۶، الحجرات:۱۲)ترجمۂ کنزالایمان: اور ایک دوسرے کی غیبت نہ کرو۔کیا تم میں کوئی پسند رکھے گا کہ اپنے مَرے بھائی کا گوشت کھائےتو یہ تمہیں گوارا نہ ہوگا۔
سوال شبِ معراج پیٹھ پیچھے برائی کرنے والوں کا کیا عذاب دکھایا گیا؟
جواب شب اِسرا کے دولہا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم فرماتے ہیں : معراج کی رات میرا گزر ایسی عورتوں اور مَردوں کے پاس سے ہواجو اپنی چھاتیوں کے ساتھ لٹک رہے تھے۔میں نے کہا:جبرائیل !یہ کون لوگ ہیں ؟عرض کی:یہ منہ پر عیب لگانے والے اور پیٹھ پیچھے برائی کرنے والے لوگ ہیں ۔([381])
سوال غیبت اور بہتان میں کیا فرق ہے؟
جواب حضور تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:(غیبت یہ ہے کہ)تم اپنے بھائی کا اِس طرح ذکر کرو جسے وہ ناپسند کرتاہے۔عرض کی گئی:اگر وہ بات اس میں موجود ہو تو؟ارشادفرمایا:جو بات تم کہہ رہے ہو اگر وہ اُس میں موجود ہو تو تم نے اس کی غیبت کی اور اگر اس میں نہ ہو تو تم نے اُس پر بہتان باندھا۔([382])
سوال کونسا دوزخی ہے جسے جہنم میں مُردار کھانا پڑے گا؟
جواب حدیث ِپاک کے مطابق غیبت کرنے والے کو جہنم میں مُردار کھاناپڑے گا۔([383])
سوال غیبت کرنے والا قیامت میں کس شکل میں اُٹھے گا؟
جواب غیبت کرنے والا روزِ محشرکتے کی شکل میں اُٹھایا جائے گا۔([384])
سوال لوگوں کی عزت خراب کرنے والوں کی کیا سزا ہے؟
جواب حضور نبیٔ غیب داں صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم شبِ معراج ایسے لوگوں کے پاس سے گزرے جو اپنے چہروں اور سینوں کو تانبے کے ناخنوں سے نوچ رہے تھے، آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے جبرائیل عَلَیْہِ السَّلَام سے پوچھا:یہ کون لوگ ہیں؟عرض کی :یہ لوگوں کا گوشت کھاتے(یعنی غیبت کرتے)تھے اور اُن کی عزّت خراب کرتے تھے۔([385])
سوال کسی مسلمان کی بے عزّتی کرنا کیسا؟
جواب حدیثِ پاک میں ہے:حضور نبیٔ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ارشاد فرماتے ہیں:بے شک کسی مسلمان کی ناحق بے عزتی کرنا کبیرہ گناہوں میں سے ہے۔([386])
سوال حدیث شریف میں کامل مسلمان کسے فرمایا گیا ہے؟
جواب حضور تاجدار دوجہاں صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے:کامل مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔([387])
سوال کونسے تین لوگوں کی دعا قبول نہیں ہوتی؟
جواب حضرت سَیِّدنا فقیہ ابُو اللَّیث سمرقندی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : تین لوگوں کی دعا قبول نہیں ہوتی:(۱) حرام کھانے والا(۲)بکثرت غیبت کرنے والا اور (۳) مسلمانوں سے حسد رکھنے والا۔([388])
سوال کیا غیبت کی کوئی جائز صورت بھی ہے؟
جواب جی ہاں !غیبت کی مُباح(جائز) صورت یہ ہے کہ فاسقِ مُعْلِن(عَلانیہ گناہ کرنے والا) یا بدمذہب(بُرے عقائد رکھنے والے) کی برائی بیان کرےجبکہ لوگوں کو اس کے شر سے بچانا مقصود ہو تو ثواب ملنے کی امید ہے۔ ([389])
سوال کیا غیبت سے بچنے کاکوئی وظیفہ بھی ہے؟
جواب جی ہاں !وہ آسان ترین وِرد یہ ہے: بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمْ وَصَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّدْ۔([390])
سوال شگون کی اقسام بتائیے اور ان کی وضاحت کیجئے ؟
جواب شگون کی دو قسمیں ہیں:(۱)اچھاشگون (۲)برا شگون ۔ اچھا یہ ہے کہ جس کام کا ارادہ کیا ہو اس کے بارے میں کوئی اچھا کلام سن کر دلیل پکڑنا ،اگر برا کلام ہو تو بدشگونی ہے ۔حکم شرع یہ ہے کہ انسان اچھا شگون لے کر خوش ہو اور اپنا کام خوشی خوشی مکمل کرے اوربُرا کلام سن کراس کی طرف توجہ نہ کرے اور نہ ہی اس کے سبب اپنے کام سے رکے۔([391])
سوال کسی کام سے نکلتے وقت حضورنبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو کیا سننا پسند تھا؟
جواب کسی کام سے نکلتے وقت حضور نبیِّ محترم ،رسول محتشم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو ”یاراشدُ(اے ہدایت یافتہ )،یانجیح(اےکامیاب)“سننا پسند تھا۔([392])
سوال کسی شے کو منحوس جاننے کے بارے میں اسلام کیافرماتا ہے؟
جواب کسی شخص ،جگہ ،چیز یا وقت کومنحوس جاننے کا اسلام میں کوئی تصور نہیں یہ محض وہمی خیالات ہوتے ہیں۔([393])
سوال اچھا شگون لینے اور بدشگونی کا شریعت میں کیا حکم ہے؟
جواب مفسر شہیر حکیمُ الاُمت مفتی احمدیارخان نعیمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: اسلام میں نیک فال لینا جائز ہے۔ بدفالی بدشگونی لینا حرام ہے۔([394])
سوال نجومیوں، کاہنوں سے قسمت کا حال معلوم کرنا کیسا؟
جواب کاہنوں اور جوتشیوں سے ہاتھ دکھاکر تقدیر کا بھلا بُرا دریافت کرنا اگر بطورِ اعتقاد ہو یعنی جو یہ بتائیں حق ہے تو کفرِ خالص ہے اور اگر بطورِ اعتقاد وتَیَقُّن(یعنی بطورِیقین) نہ ہو مگر میل ورغبت کے ساتھ ہو تو گناہِ کبیرہ ہے اور اگر بطور ہزل واستہزاء(یعنی ہنسی مذاق کے طور پر) ہو تو عَبَث(یعنی بےکار)و مکروہ و حماقت ہے، ہاں! اگر بقصدِ تعجیز(یعنی اسے عاجزکرنے کے لئے)ہو تو حرج نہیں۔([395])
سوال مکان کی تبدیلی سے بدشگونی لینا کیسا؟
جواب ایک شخص نے بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوکرعرض کی : یا رسو لَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! ہم ایک مکان میں رہتے تھے ،اس میں ہمارے اہل و عیال کثیر اور مال کثرت سے تھا پھر ہم نے مکان بدلا تو ہمارے مال اور اہل و عیال کم ہو گئے ۔حضور تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : چھوڑو ! ایسا کہنا بری بات ہے۔([396])
سوال چھینک سے بدشگونی لینا کس کا طریقہ ہے ؟
جواب مجدِّدِ اعظم ،امام اہلسنّت،اعلیٰ حضرت شاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن نے فرمایا: چھینک اچھی چیز ہے ،اسے بد شگونی جاننا مشرکینِ ہند کا ناپاک عقیدہ ہے۔([397])
سوال فال کھولنا یا فال کھولنے پر اُجرت لینے کا کیاحکم ہے؟
جواب حکیمُ الاُمت حضرت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن لکھتے ہیں : فال کھولنا یا فال کھولنے پر اُجرت لینا یا دینا سب حرام ہے۔([398])
سوال شریعت میں استخارے کی کیا اہمیت ہے؟
جواب حضرت سیدنا جابر بن عبد اللہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہارشاد فرماتے ہیں :رسو لِ اکرم نورِ مجسم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہم کو تمام امور میں استخارہ تعلیم فرماتے جیسے قرآن کی سورت تعلیم فرماتے تھے۔([399])
سوال استخارہ کے کیا معنی ہیں؟
جواب محدِّثِ کبیر، حکیمُ الاُمت حضرت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں : استخارہ کے معنی ہیں: خیر مانگنا یاکسی سے بھلائی کا مشورہ کرنا،چونکہ اس دعا و نماز میں بندہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے گویا مشورہ کرتا ہے کہ فلاں کام کروں یا نہ کروں اسی لئے اسےاستخارہ کہتے ہیں۔([400])
سوال حدیثِ پاک میں استخارے کی کیا فضیلت آئی ہے؟
جواب حضورِ پاک ،صاحبِ لَولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے :جو استخارہ کرے وہ نقصان میں نہ رہے گا،جو مشاورت سے کام کرے وہ پشیمان نہ ہو گا اور جس نے میانہ روی اختیار کی وہ محتاج نہ ہو گا۔([401])
سوال استخارہ چھوڑنے کا کیا نقصان ہے؟
جواب نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : بندے کی بد بختی میں سے ہے کہ وہ اللہ تعالٰی سے استخارہ کرنا چھوڑ دے ۔([402])
3…ردالمحتار،کتاب الحج، مطلب فی دخول مکہ،۳/ ۵۷۹۔
فتاوی ھندیہ،کتاب المناسک،الباب الخامس فی کیفیۃ اداء الحج،۱/ ۲۲۵۔
1…مالکِ نصاب ہونے سے مُراد یہ ہے کہ اُس شخص کے پاس ساڑھے باوَن تولے چاندی یا اُتنی مالیت کی رقم یا اتنی مالیت کا تجارت کا مال یا اتنی مالیت کا حاجتِ اصلیہ کے علاوہ سامان ہو اور اُس پر اللہ عَزَّ وَجَلَّیا بندوں کا اِتنا قَرضہ نہ ہو جسے ادا کر کے ذِکر کَرْدَہ نصاب باقی نہ رہے۔ فُقہائے کرامرَحِمَہُمُ اللّٰہ ُ السَّلَامفرماتے ہیں :حاجتِ اَصْلیہ(یعنی ضروریاتِ زندگی) سے مُراد وہ چیزیں ہیں جن کی عُمُوماً انسان کو ضرورت ہوتی ہے اور ان کے بغیر گزراوقات میں شدید تنگی ودشواری محسوس ہوتی ہے جیسے رہنے کا گھر ، پہننے کے کپڑے، سواری ، علمِ دین سے متعلِّق کتابیں اور پیشے سے متعلِّق اوزار وغیرہ۔(ابلق گھوڑے سوار، ص۶)
5…بدن کا جوحصہ چھپانا فرض ہے اُسے چھپانے کو”سَتْرِعورت“ کہتے ہیں ،مرد کے لیےاس کی مقدارناف کے نیچے سے گھٹنوں کے نیچے تک ہے جبکہ عورت کے لیے سارا بدن چھپانا ضروری ہے سوائے منہ کی ٹکلی ،دونوں ہتھیلیوں اور پاؤں کے تلووں کے نیز سرکے لٹکتے بالوں،گردن اور کلائیوں کا چھپانا بھی فرض ہے۔(بہار شریعت،حصہ ۳،۱/ ۴۸۱ملخصا)
3…شفا ، فصل فی المواطن التی یستحب۔۔۔الخ ،الجزء الثانی، ص ۶۷۔
شرح الشفاء، فصل فی المواطن التی یستحب ۔۔۔ الخ، ۲/۱۱۸۔
5…درودِ غوثیہ یہ ہے :اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَوْلَا نَا مُحَمَّدٍ مَعْدِنِ الْجُوْدِوَ الْکَرَمِ وَ اٰلِہٖ وَ بَارِکْ وَسَلِّمْ۔
3…پ۱۴، الحجر: ۲۹،بخاری، کتاب التفسیر، سورۃ البقرۃ، باب قول اللہ : وعلم ادم ۔۔۔الخ،۳/۱۶۴، حدیث: ۴۴۷۶۔
1… یعنی حضور نبیّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم قرآن کریم میں بیان کردہ تمام آداب واحکام اور اخلاق واچھائیوں کے پیکرتھے۔(النھایۃ فی غریب الحدیث والاثر،باب الخاء مع اللام،۲/۶۷)
2…مسند احمد، مسند عائشۃ،۹/۳۸۰، حدیث:۲۴۶۵۵۔
3…جن کا رشتہ بذریعہ ماں باپ کے ہو اُسے ’’ذِی رِحم ‘‘کہتے ہیں ، یہ تین طرح کے ہیں : ایک باپ کے قرابت دار جیسے دادا، دادی ، چچا، پھوپھی وغیرہ ،دوسرے ماں کے جیسے نانا، نانی، ماموں ، خالہ، اَخیافی بھائی (یعنی جن کا باپ الگ الگ ہو اور ماں ایک ہو) وغیرہ ، تیسرے دونوں کے قرابت دار جیسے حقیقی بھائی بہن۔ (تفسیر نعیمی ، ۱/۴۹۷)