نجات دلانے والے اَعمال کی تعریفات، حاصل کرنے کے طریقوں ودیگر مفید معلومات پر مبنی ایک رہنما کتاب

 

نجات دِلانے

والے اَعمال کی معلومات

(مع41حکایات)

 

 

پیش کش

مجلس المدینۃ العلمیۃ (دعوتِ اسلامی)

شعبۂ بیاناتِ دعوتِ اِسلامی

 

 

 

 

ناشر

مکتبۃ المدینہ باب المدینہ کراچی


اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہ                                                          وَ عَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحٰبِکَ یَاحَبِیْبَ اللہ

نام کتاب :                  نجات دلانے والے اَعمال کی معلومات (مع 41حکایات)

پیش کش           :                  مجلس المدینۃ العلمیۃ (شعبۂ بیاناتِ دعوتِ اسلامی)

سن طباعت        :                  جمادی الثانی۱۴۳۸ہجری بمطابق مارچ 2017ء

تعداد              :                 

ناشر               :                  مکتبۃ المدینہ باب المدینہ (کراچی)

 

تاریخ:۸ربیع الثانی۱۴۳۸ھ                                                                      حوالہ:۲۱۲

تصدیق نامہ

الحمد للّٰہ رب العٰلمین والصلٰوۃ والسلام علٰی سید المرسلین وعلی اٰلہ واصحا بہ اجمعین

تصدیق کی جاتی ہے کہ کتاب

’’نجات دلانے والے اَعمال کی معلومات‘‘(مع 41حکایات)

(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ ) پر مجلسِ تفتیشِ کتب ورَسائل کی جانب سے نظرثانی کی کوشش کی گئی ہے۔مجلس نے اسے عقائد،کفریہ عبارات اورفقہی مسائل وغیرہ کے حوالے سے مقدور بھر ملاحظہ کر لیا ہے،البتہ کمپوزنگ یا کتابت کی غلطیوں کا ذمہ مجلس پر نہیں۔

                                       مجلس تفتیشِ کتب و رسا ئل (دعوتِ اسلامی)

                                                     14 - 05 - 2012Email: ilmia@dawateislami.net

مدنی التجاء: کسی اور کو یہ کتاب چھاپنے کی اجازت نہیں۔


یادداشت

(دورانِ مطالعہ ضرورتاً انڈر لائن کیجئے، اِشارات لکھ کر صفحہ نمبر نوٹ فرمالیجئے۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ علم میں ترقی ہوگی۔)

عنوان

صفحہ

عنوان

صفحہ

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

عنوان

صفحہ

عنوان

صفحہ

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


 

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط

اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط  بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط

’’نجات دِلانے والے اَعمال‘‘ کےاٹھارہ حُروف کی نسبت سے اِس کتاب کو پڑھنے کی ’’ 18نیّتیں‘‘

فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم : نِیَّۃُ الْمُؤْمِنِ خَیْرٌ مِّنْ عَمَلِہمسلمان کی نیّت اس کے عمل سے بہتر ہے۔(معجم کبير، یحییٰ بن قیس، ج۶، ص۱۸۵، حدیث: ۵۹۴۲)

          دو مَدَنی پھول:              )۱( بغیر اچھی نیت کے کسی بھی عملِ خیر کا ثواب نہیں ملتا۔

          (2) جتنی اچھی نیتیں زِیادہ، اُتنا ثواب بھی زِیادہ۔

(1)ہر بارحمد و (2) صلوٰۃ اور (3) تعوُّذو (4) تسمیہ سے آغاز کروں گا۔(اسی صفحہ پر اُوپر دی ہوئی دو عَربی عبارات پڑھ لینے سے چاروں نیتوں پر عمل ہوجائے گا)۔ (5)رِضائے الٰہی کیلئے اس کتاب کا اوّل تا آخِر مطالعہ کروں گا۔ (6) حتی الوسع اِس کا باوُضُو اور (7) قبلہ رُو مطالعہ کروں گا(8) قرآنی آیات اور (9) اَحادیث مبارَکہ کی زِیارت کروں گا (10) جہاں ’’اللہ‘‘کا نام پاک آئے گا وہاں  عَزَّ وَجَلَّ اور (11)  جہاں ’’سرکار‘‘ کا اِسم مبارَک آئے گا وہاں صَلَّی اللّٰہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پڑھوں گا۔ (12)شرعی مسائل سیکھوں گا۔ (13) کوئی بات سمجھ نہ آئی تو علمائے کرام سے پوچھ لوں گا۔ (14)(ذاتی نسخے پر) ’’یادداشت‘‘ والے صفحہ پر ضروری نِکات لکھوں گا۔ (15) دوسروں کویہ کتاب پڑھنے کی ترغیب دلاؤں گا۔ (16)اس کتاب کے مطالعہ کا ثواب سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی اُمت کو اِیصال کروں گا۔ (17) فرض علوم سیکھوں گا۔ (18)کتابت وغیرہ میں شَرعی غلَطی ملی تو نا شرین کو تحریری طور پَر مُطَّلع کروں گا۔ (مصنّف یاناشِرین وغیرہ کو کتا بوں کی اَغلاط صِرف زبانی بتاناخاص مفید نہیں ہوتا)


اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ

اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

المد ینۃ العلمیۃ

از:بانی دعوتِ اسلامی ،عاشق اعلیٰ حضرت ،شیخِ طریقت، امیرِ اہلسنّت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطاؔر قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی اِحْسَا نِہٖ وَ بِفَضْلِ رَسُوْلِہٖ صَلَّی اللّٰہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم تبلیغِ قرآن و سنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ’’دعوتِ اسلامی‘‘ نیکی کی دعوت، اِحیائے سنّت اور اشاعتِ علمِ شریعت کو دنیا بھر میں عام کرنے کا عَزْمِ مُصَمَّم رکھتی ہے، اِن تمام اُمور کو بحسن و خوبی سر انجام دینے کے لئے مَتَعَدَّدْ مجالس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جن میں سے ایک مجلس ’’المدینۃ العلمیۃ‘‘ بھی ہے جو دعوتِ اسلامی کے علماء و مفتیانِ کرام کَثَّرَ ھُمُ اللہُ تعالٰی پر مشتمل ہے ،جس نے خالص علمی، تحقیقی او راِشاعتی کام کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اس کے مندرجہ ذیل چھ شعبے ہیں:

            (1)شعبہ کتُبِ اعلیٰ حضرت             (2)شعبہ درسی کُتُب         (3)شعبہ اصلاحی کُتُب

          (4)شعبہ تراجمِ کتب                 (5)شعبہ تفتیشِ کُتُب       (6) شعبہ تخریج([1])


’’المدینۃ العلمیۃ‘‘کی اوّلین ترجیح سرکارِ اعلیٰ حضرت اِمامِ اَہلسنّت،عظیم البرکت، عظیم المرتبت، پروانہ شمعِ رِسالت، مجددِ دین و مِلَّت، حامی سنّت ، ماحی بِدعت، عالِمِ شَرِیعت، پیرِ طریقت،باعثِ خیر و بَرکت، حضرتِ علامہ مولانا الحاج الحافظ القاری شاہ اِمام اَحمد رَضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن کی گِراں مایہ تصانیف کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق حتَّی الْوَسع سَہْل اُسلوب میں پیش کرنا ہے ۔تمام اسلامی بھائی اور اسلامی بہنیں اِس عِلمی ،تحقیقی اور اشاعتی مدنی کام میں ہر ممکن تعاون فرمائیں اورمجلس کی طرف سے شائع ہونے والی کُتُب کا خود بھی مطالَعہ فرمائیں اور دوسروں کو بھی اِ س کی ترغیب دلائیں ۔

  اللہ عَزَّ وَجَلَّ’’دعوتِ اسلامی‘‘ کی تمام مجالس بشمول ’’المدینۃ العلمیۃ‘‘ کو دن گیارہویں اور رات بارہویں ترقّی عطا فرمائے اور ہمارے ہر عملِ خیر کو زیورِ اِخلاص سے آراستہ فرماکر دونو ں جہاں کی بھلائی کا سبب بنائے۔ہمیں زیرِ گنبدِ خضرا شہادت، جنّت البقیع میں مدفن اور جنّت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے ۔آمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

                                                         

                                                          رمضان المبارک ۱۴۲۵ھ


اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط

اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط  بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط

نَجات دِلانے والے اَعمال

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! نیک لوگوں کے وہ عمدہ اَخلاق اور اچھی عادات یا وہ بہترین اَعمال جن کے ذریعے بندہ اپنے ربّ عَزَّ وَجَلَّ کا قرب حاصل کرتا اور دُنیوی و اُخروی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے اُنہیں ’’مُنْجِیَاتیعنی نجات دلانے والے اَعمال ‘‘کہا جاتا ہے۔([2]) ایک مسلمان کے لیے ظاہری وباطنی گناہوں سے اپنے آپ کو بچانے اور نیک اَعمال بجالانے کی بڑی اہمیت ہےکیونکہ نیک اَعمال رِضائے الٰہی حاصل کرنے، رحمتِ الٰہی پانے، نجات دلانے اور جنت میں لے جانے کا بہت بڑا سبب ہیں۔جس طرح ’’مُحَرَّمَاتِ بَاطِنِیَّہ (یعنی باطنی حرام چیزیں مثلاً) تکبر ورِیا وعجب(یعنی خوپسندی) وحسد وغیرہا اور اُن کے مُعَالَجَات(یعنی علاج) کا علم ہر مسلمان پر فرض ہے۔‘‘ ویسے ہی ’’مسائل علم قلب یعنی فرائض قلبیہ مثل تواضع واِخلاص وتوکل وغیرہا اور اُن کے طرقِ تحصیل(حاصل کرنے کے طریقوں)کا علم بھی ہر مسلمان پر فرض ہے۔‘‘([3])البتہ اس مسئلے میں کافی تفصیل ہے۔اِسی ضرورت کے پیش نظر مجلسالمدینۃ العلمیۃنے پہلے ’’باطنی گناہوں کی معلومات ‘‘پر مشتمل ایک کتاب بنام ’’باطنی بیماریوں کی معلومات‘‘ مرتب کی جسے اللہ   عَزَّ وَجَلَّکے فضل وکرم سے بہت پذیرائی ملی ، پھر ’’مسائل قلب کی معلومات ‘‘پر مشتمل ایک کتاب مرتب کرنے کا اِرادہ کیا جس میں حتی المقدور ہر عمل کی تعریف، آیت مبارکہ، حدیث پاک، حکم یا


 ترغیب، حکایت اور اُس نیک عمل کو کرنے کا ذہن بنانے اور عمل کرنے کے مختلف طریقوں کا بیان ہو، چنانچہ یہ کام شعبۂ بیاناتِ دعوتِ اسلامی کے سپرد کردیاگیا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اِس عظیم کام کو کم وبیش تین ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا گیا اور شیخ طریقت امیراہلسنت بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ ومولانا ابوبلال محمد اِلیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے اِس کا نام ’’نجات دِلانے والے اعمال کی معلومات‘‘ منتخب فرمایا ہے۔ اِس کتاب پر چھ اسلامی بھائیوں نے کام کرنے کی سعادت حاصل کی، بالخصوص اِن تین اسلامی بھائیوں ناصر جمال عطاری المدنی، علی رضا عطاری المدنی اور عبدالرحمن عطاری المدنی سَلَّمَہُمُ اللّٰہُ الْغَنِینے خوب کوشش کی۔ کام کی تفصیل کچھ یوں ہے:

(1)اِس کتاب میں فقط 39مسائلِ علمِ قلب یعنی فرائضِ قلبیہ مثل تواضع واِخلاص وتوکل وغیرہا اور ان کے طرقِ تحصیل (حاصل کرنے کے طریقوں)کو بیان کیا گیاہے۔

(3) مشکل تعریفات سے اِحتراز کرتے ہوئے مشہور اور عام فہم تعریفات پر ہی اِکتفاء کیا گیا ہے البتہ بعض جگہ ضرورتاً ایک سے زائد تعریفات کو یکجا کرکے حتی المقدور باحوالہ بیان کیا گیا ہے، بصورتِ دیگر وہاں عام فہم تعریف ذکر کردی گئی ہے۔

(4)بعض آیات میں تفسیر کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے،نیز آیات کو قرآنی رسم الخط میں لکھنے کے ساتھ ساتھ ترجمۂ کنزالایمان کا بھی اِلتزام کیا گیا ہے۔

(5)اکثر وہ اَحادیث بیان کی گئی ہیں جن میں اُس عمل کی کسی نہ کسی فضیلت کا بیان ہو، نیز  تمام اَحادیث کی تخریج یعنی مکمل حوالہ بھی ذکر کر دیا گیا ہے اور بعض اَحادیث کے تحت اُن کی شرح بھی ذکر کی گئی ہے۔


(6)جن کا حکم شرعی باآسانی مل گیا اسے باحوالہ ذکر کردیا گیا ہے ، بقیہ کے حوالے سے ترغیبی کلام ڈال دیا گیا ہے، بعض جگہ اَحکام کی مختلف صورتوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔

(7)ہرعمل کو کرنے کا ذہن بنانے یا اُسے بجالانے یا اُسے حاصل کرنے کے بعض مختلف طریقوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اِس کتاب میں جو بھی خوبیاں ہیں وہ یقیناً   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے فضل وکرم ، اُس کے پیارے حبیبصَلَّی اللّٰہُ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی عطا، صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان، اہل بیت عظام، اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام  کی عنایتوں اور امیر اہلسنتدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی شفقتوں کا نتیجہ ہیں اور بتقاضائے بشریت جو بھی خامیاں ہوں اُن میں ہماری کوتاہ فہمی کو دخل ہے۔   اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہماری اس سعی کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، اس میں سرزد ہونے والی غلطیوں کو معاف فرمائے ،اِسے عوام وخواص کے حق میں نافع بنائے، ہم سب کو اِخلاص کے ساتھ دِین کا کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے، شیخ طریقت امیر اہلسنتدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہکی غلامی اور دعوتِ اسلامی میں اِستقامت عطا فرمائے، حضورنبی رحمت شفیع اُمت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے وسیلہ سے مدینہ منورہ میں شہادت کی موت، جنت البقیع میں مدفن اور جنت الفردوس میں آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکا پڑوس نصیب فرمائے۔ آمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

بنا دے مجھے نیک نیکوں کا صدقہ

گناہوں سے ہر دم بچا یاالٰہی

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد


نجات دِلانے والے اَعمال کی تعریفات

(1)نیت کی تعریف:

’’نیت لغوی طورپردل کے پُختہ (پکے) اِرادے کو کہتے ہیں اور شَرعاً عبادت کے اِرادے کو نیت کہا جاتا ہے۔‘‘([4])

(2)اِخلاص کی تعریف:

’’کسی بھی نیک عمل میں محض   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رضا حاصل کرنے کا ارادہ کرنا اِخلاص کہلاتا ہے۔ ‘‘([5])

(3)شکر کی تعریف:

تفسیر صراط الجنان میں ہے: ’’شکر کی تعریف یہ ہے کہ کسی کے اِحسان و نعمت کی وجہ سے زبان، دل یا اعضاء کے ساتھ اس کی تعظیم کرنا۔‘‘([6])

(4)صبر کی تعریف:

’’صبر‘‘ كےلغوی معنى ركنے،ٹھہرنے یا باز رہنے کے ہیں اور نفس کو اس چیز پر روکنا (یعنی ڈٹ جانا) جس پر رکنے (ڈٹے رہنے کا) کا عقل اور شریعت تقاضا کررہی ہو یا نفس کو اس چیز سے باز رکھنا جس سے رکنے کا عقل اور شریعت تقاضا کررہی ہو صبر کہلاتا ہے۔ بنیادی طور پر صبر کی دو قسمیں ہیں: (۱) بدنی صبر جیسے بدنی مشقتیں برداشت کرنا اوران پر ثابت قدم رہنا۔ (۲) طبعی خواہشات اور خواہش کے تقاضوں سے صبر کرنا۔ پہلی قسم کا صبر جب شریعت کے موافق ہوتو قابل تعریف ہوتا ہے لیکن مکمل طور پر تعریف کے قابل صبر کی دوسری قسم ہے۔([7])

(5)حسن اَخلاق کی ایک پہلو کے اعتبار سے تعریف:

’’حسن‘‘ اچھائی اور خوبصورتی کو کہتے ہیں، ’’اَخلاق‘‘ جمع ہے ’’خلق‘‘ کی جس کا معنی ہے ’’رویہ، برتاؤ، عادت‘‘ یعنی لوگوں کے ساتھ اچھے رویے یا اچھے برتاؤ یا اچھی عادات کو حسن اَخلاق کہا جاتا ہے۔

امام غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: ’’اگر نفس میں موجود کیفیت ایسی ہو کہ اس کے باعث عقلی اور شرعی طور پر پسندیدہ اچھے اَفعال ادا ہوں تو اسے حسن اَخلاق کہتے ہیں اور اگر عقلی اور شرعی طور پر ناپسندیدہ برے اَفعال ادا ہوں تو اسے بداَخلاقی سے تعبیر کیاجاتا ہے۔‘‘([8])


(6)محاسبۂ نفس کی تعریف:

محاسبہ کا لغوی معنی حساب لینا، حساب کرناہے اور مختلف اعمال کرنے سے پہلے یا کرنے کے بعد ان میں نیکی وبدی اور کمی بیشی کے بارے میں اپنی ذات میں غور وفکر کرنا اور پھر بہتری کے لیے تدابیر اختیار کرنا محاسبۂ نفس کہلاتا ہے۔حجۃ الاسلام امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: ’’اعمال کی کثرت اور مقدار میں زیادتی اور نقصان کی معرفت کے لیے جو غور کیا جاتا ہے اسے محاسبہ کہتے ہیں، لہٰذا اگر بندہ اپنے دن بھر کے اعمال کو سامنے رکھے تاکہ اسے کمی بیشی کا علم ہو (کہ آج میں نے نیک اعمال زیادہ کیے یا کم کیے)تو یہ بھی محاسبہ ہے۔‘‘ ([9])

(7)مراقبہ کی تعریف:

مراقبہ کے لغوی معنی نگرانی کرنا، نظر رکھنا، دیکھ بھال کرنا کے ہیں،اس کا حقیقی معنی اللہ عَزَّ وَجَلَّکا لحاظ کرنا اور اس کی طرف پوری طرح متوجہ ہونا ہے۔ اور جب بندے کو اس بات کا علم (معرفت) ہوجائے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے،   اللہ عَزَّ وَجَلَّ دل کی باتوں پر مطلع ہے، پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے، بندوں کے اعمال کو دیکھ رہا ہے اور ہر جان کے عمل سے واقف ہے، اس پر دل کا راز اس طرح عیاں ہے جیسے مخلوق کے لیے جسم کا ظاہری حصہ عیاں ہوتا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ عیاں ہے، جب اس طرح کی معرفت حاصل ہوجائے اور شک یقین میں بدل جائےتو اس سے پیدا ہونے والی کیفیت کو مراقبہ کہتے ہیں۔([10])

(8)مجاہدہ کی تعریف:

مجاہدہ جہد سے نکلاہے جس کا معنی ہے کوشش کرنا، مجاہدے کا لغوی معنی دشمن سے لڑنا، پوری طاقت لگادینا، پوری کوشش کرنااور جہاد کرنا ہے۔ جبکہ نفس کو ان غلط کاموں سے چھڑانا جن کا وہ عادی ہوچکا ہے اورعام طور پر اسے خواہشات کے خلاف کاموں کی ترغیب دینا یا جب محاسبۂ نفس سے یہ معلوم ہوجائے اس نے گناہ کا ارتکاب کیا ہے تو اسے اس گناہ پر کوئی سزا دینا مجاہدہ کہلاتا ہے۔([11])

(9)قناعت کی تعریف:

٭قناعت کا لغوی معنی قسمت پر راضی رہنا ہے اور صوفیاء کی اصطلاح میں روز مرہ استعمال ہونے والی چیزوں کے نہ ہونے پر بھی راضی رہنا قناعت ہے۔([12]) ٭حضرت محمد بن علی ترمذی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں: ’’قناعت یہ ہے


کہ انسان کی قسمت میں جو رزق لکھا ہے اس پر اس کا نفس راضی رہے۔‘‘([13])  ٭‏ اگر تنگدستی ہونے اور حاجت سے کم ہونے کے باوجود صبر کیا جائے تو اسے بھی قناعت کہتے ہیں۔([14])

(10)عاجزی وانکساری کی تعریف :

لوگوں کی طبیعتوں اور ان کے مقام ومرتبے کے اعتبار سے ان کے لیے نرمی کا پہلو اختیار کرنا اور اپنے آپ کو حقیر وکمتر اور چھوٹا خیال کرنا عاجزی وانکساری کہلاتا ہے۔([15])

(11)تذکرۂ موت کی تعریف :

 خوفِ خداپیدا کرنے، سچی توبہ کرنے، ربّ  عَزَّ وَجَلَّسے ملاقات کرنے، دُنیا سے جان چھوٹنے، قربِ الٰہی کے مراتب پانے، اپنے محبوب آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی زیارت حاصل کرنے کے لیے موت کو یاد کرنا تذکرۂ موت کہلاتا ہے۔

(12)حسن ظن کی تعریف :

‏ کسی مسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا ’’حسن ظن ‘‘کہلاتا ہے۔

(13)توبہ کی تعریف:

جب بندے کو اس بات کی معرفت حاصل ہوجائے کہ گناہ کا نقصان بہت بڑا ہے، گناہ بندے اور اس کے محبوب کے درمیان رکاوٹ ہے تو وہ اس گناہ کے ارتکاب پر ندامت اختیار کرتا ہے اور اس بات کا قصد واِرادہ کرتا ہے میں گناہ کو چھوڑ دوں گا، آئندہ نہ کروں گا اور جو پہلے کیے ان کی وجہ سے میرے اعمال میں جو کمی واقع ہوئی اسے پورا کرنے کی کوشش کروں گا تو بندے کی اس مجموعی کیفیت کو توبہ کہتے ہیں۔ علم ندامت اور اِرادے ان تینوں کے مجموعے کا نام توبہ ہے لیکن بسا اوقات ان تینوں میں سے ہر ایک پر بھی توبہ کا اطلاق کردیا جاتا ہے۔([16])

(14)صالحین سے محبت کی تعریف:

  اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رضاکے لیے اس کے نیک بندوں سے محبت رکھنا،ان کی صحبت اختیار کرنا، ان کا ذکر کرنا اور ان کا ادب کرنا ’’صالحین سے محبت ‘‘کہلاتا ہے کیونکہ محبت کا تقاضا یہی ہے جس سے محبت کی جائے اس کی دوستی وصحبت کو محبوب رکھا جائے، اس کا ذکر کیا جائے، اس کا ادب واحترام کیا جائے۔


(15)اللہ ورسول کی اطاعت کی تعریف:

  اللہ عَزَّ وَجَلَّاو راس کے رسو ل صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے جن باتوں کو کرنے کا حکم دیا ہے ان پر عمل کرنا اور جن سے منع فرمایا ان کو نہ کرنا ’’اللہ ورسول کی اطاعت‘‘ کہلاتا ہے۔

(16)دل کی نرمی کی تعریف:

دل کا خوفِ خدا کے سبب اِس طرح نرم ہونا کہ بندہ اپنے آپ کو گناہوں سے بچائے اور نیکیوں میں مشغول کرلے، نصیحت اُس کے دل پر اَثر کرے، گناہوں سے بے رغبتی ہو، گناہ کرنے پر پشیمانی ہو، بندہ توبہ کی طرف متوجہ ہو، شریعت نے اس پر جو جو حقوق لازم کیے ہیں ان کی اچھے طریقے سے ادائیگی پرآمادہ ہو، اپنے آپ، گھربار، رشتہ داروں وخلق خدا پر شفقت ورحم و نرمی کرے، کلی طور پر اس کیفیت کو ’’دل کی نرمی‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

(17)خلوت وگوشہ نشینی کی تعریف :

٭خلوت کے لغوی معنیٰ ’’تنہائی ‘‘ کے ہیں اور بندے کا   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رضا حاصل کرنے، تقویٰ وپرہیزگاری کے درجات میں ترقی کرنے اور گناہوں سے بچنے کے لیے اپنے گھر یا کسی مخصوص مقام پر لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ ہو کر اس طرح معتدل انداز میں نفلی عبادت کرنا ’’خلوت وگوشہ نشینی‘‘کہلاتا ہے کہ حقوقُ اللہ (یعنی فرائض وواجبات وسنن مؤکدہ) اور شریعت کی طرف سے اس پر لازم کیے گئے تمام حقوق کی ادائیگی، والدین، گھروالوں، آل اَولاد ودیگر حقوق العباد (بندوں کے حقوق)کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ ٭ صوفیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام  کے نزدیک لوگوں میں ظاہری طور پر رہتے ہوئے باطنی طور پر ان سے جدا رہنا یعنی خود کوربّ تعالٰی کی طرف متوجہ رکھنا خلوت وگوشہ نشینی ہے۔

(18)توکل کی تعریف:

٭توکل کی اِجمالی تعریف یوں ہے کہ اسباب وتدابیر کو اختیار کرتے ہوئے فقط اللہتبارَک وتعالٰی پر اِعتماد وبھروسہ کیاجائے اور تمام کاموں کو اُس کے سپرد کر دیا جائے۔

(19)خشوع کی تعریف:

بارگاہِ اِلٰہی میں حاضری کے وقت دِل کا لگ جانا یا بارگاہِ اِلٰہی میں دلوں کو جھکا دینا ’’خشوع‘‘ کہلاتا ہے۔([17])

(20)ذِکرُ اللہ کی تعریف :

٭ذِکرکے معنٰی یاد کرنا،یاد رکھنا،چرچا کرنا،خیرخواہی عزت و شرف کے ہیں۔ قرآنِ کریم میں ذِکر اِن تمام معنوں میں آیا ہوا ہے۔   اللہ عَزَّ وَجَلَّکو یادکرنا، اُسے یاد رکھنا، اس کا چرچا کرنا اور اس کا نام لیناذِکرُاللہ کہلاتا ہے۔([18])


(21)راہِ خدا میں خرچ کرنے کی تعریف :

  اللہ عَزَّ وَجَلَّاور اس کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی رِضا اور اَجروثواب کے لیے اپنے گھروالوں، رشتہ داروں، شرعی فقیروں، مسکینوں، یتیموں، مسافروں، غریبوںو دیگر مسلمانوں پر اور ہرجائز ونیک کام یا نیک جگہوں میں حلال وجائز مال خرچ کرنا ’’راہِ خدا میں خرچ کرنا‘‘ کہلاتا ہے۔

(22)اللہ کی رضا پر راضی رہنے کی تعریف :

خوشی، غمی، راحت، تکلیف، نعمت ملنے ،نہ ملنے، الغرض ہراچھی بری حالت یا تقدیر پر اس طرح راضی رہنا، خوش ہونا یا صبر کرنا کہ اس میں کسی قسم کا کوئی شکوہ یا واویلا وغیرہ نہ ہو ’’  اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رضا پر راضی رہنا‘‘ کہلاتا ہے۔

(23)خوفِ خدا کی تعریف :

خوف سے مرادہ وہ قلبی کیفیت ہے جو کسی ناپسندیدہ امر کے پیش آنے کی توقع کے سبب پیدا ہو، مثلاً پھل کاٹتے ہوئے چھری سے ہاتھ کے زخمی ہوجانے کا ڈر۔ جبکہ خوفِ خدا کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالٰی کی بے نیازی، اس کی ناراضگی، اس کی گرفت اور اس کی طرف سے دی جانے والی سزاؤں کا سوچ کر انسان کا دل گھبراہٹ میں مبتلا ہوجائے۔([19])

(24)زُہد کی تعریف :

دنیا کو ترک کرکے آخرت کی طرف مائل ہونے یا غیرُاللہ کو چھوڑ کر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف متوجہ ہونے کا نام زُہد ہے۔([20])اور ایسا کرنے والے کو زاہد کہتے ہیں۔زُہد کی مکمل اور جامع تعریف حضرت سیدنا ابوسلیمان دارانی قُدِّسَ سِرُّہُ النّوْرَانِی کا قول ہے، آپ فرماتے ہیں: ’’زُہد یہ ہے کہ بندہ ہر اس چیز کو ترک کردے جو اسے   اللہ عَزَّ وَجَلَّسے دور کرے۔‘‘([21])

(25)اُمیدوں کی کمی کی تعریف :

 نفس کی پسندیدہ چیزوں یعنی لمبی عمر،صحت اور مال میں اضافے وغیرہ کی امید نہ ہونا’’اُمیدوں کی کمی‘‘ کہلاتا ہے۔([22])اگر لمبی عمر کی خواہش مستقبل میں نیکیوں میں اضافے کی نیت کے ساتھ ہوتو اب بھی ’’اُمیدوں کی کمی‘‘ہی کہلائے گی۔([23])

(26)صدق کی تعریف :

حضرت علامہ سید شریف جرجانی قُدِّسَ سِرُّہُ النّوْرَانِی صدق یعنی سچ کی تعریف بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:


’’صدق کا لغوی معنی واقع کے مطابق خبر دینا ہے۔‘‘([24])

 (27)ہمدردیٔ مسلم کی تعریف:

کسی مسلمان کی غمخو اری کرنا اور اس کے دکھ درد میں شریک ہونا ’’ہمدردیٔ مسلم‘‘ کہلاتاہے۔ہمدردیٔ مسلم کی کئی صورتیں ہیں، بعض یہ ہیں:(۱)بیمار کی عیادت کرنا (۲)انتقال پر لواحقین سے تعزیت کرنا (۳)کاروبار میں نقصان پر یا مصیبت پہنچنے پر اِظہارِ ہمدردی کرنا (۴)کسی غریب مسلمان کی مدد کرنا (۵)بقدرِ استطاعت مسلمانوں سے مصیبتیں دور کرنا اور اُن کی مدد کرنا(۶)علم دِین پھیلانا (۷)نیک اَعمال کی ترغیب دینا (۸) اپنے لیے جو اچھی چیز پسند ہو وہی اپنے مسلمان بھائی کے لیےبھی پسند کرنا۔ (۹)ظالم کو ظلم سے روکنا اور مظلوم کی مدد کرنا (۱۰) مقروض کو مہلت دینا یا کسی مقروض کی مدد کرنا(۱۱) دکھ درد میں کسی مسلمان کو تسلی اور دلاسہ دینا۔ وغیرہ

(28)رجا کی تعریف:

آئندہ کے لئے بھلائی اور بہتری کی اُمید رکھنا’’ رَجَا‘‘ہے۔مثلاً اگر کوئی شخص اچھا بیج حاصل کرکے نرم زمین میں بودے اور اس زمین کو گھاس پھوس وغیرہ سے صاف کردے اور وقت پر پانی اور کھاد دیتا رہے پھر اس بات کا امیدوار ہوکہ   اللہ  عَزَّ وَجَلَّاس کھیتی کو آسمانی آفات سے محفوظ رکھے گا تو میں خوب غلہ حاصل کروں گا تو ایسی آس اور امید کو ’’رَجَا‘‘ کہتے ہیں۔([25])

(29)محبت الٰہی کی تعریف:

طبیعت کا کسی لذیذ شے کی طرف مائل ہوجانا محبت کہلاتا ہے۔([26]) اور محبت الٰہی سے مراد اللہ  عَزَّ وَجَلَّکا قرب اور اس کی تعظیم ہے۔([27])

(30)رضائے الٰہی کی تعریف:

  اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رضا چاہنا رضائے الٰہی ہے۔

(31)شوقِ عبادت کی تعریف:

عبادت میں سستی کو ترک کرکے شوق اور چستی کے ساتھ   اللہ  عَزَّ وَجَلَّکی عبادت کرنا شوقِ عبادت ہے۔


(32)غنا کی تعریف:

جو کچھ لوگوں کے پاس ہے اُس سے نااُمید ہونا غنا ہے۔([28])

(33)قبول حق کی تعریف:

باطل پر نہ اَڑنا اور حق بات مان لینا قبولِ حق ہے۔

(34)مال سے بے رغبتی تعریف:

مال سے محبت نہ رکھنا اور اس کی طرف رغبت نہ کرنا مال سے بے رغبتی کہلاتا ہے۔

(35)غبطہ(رَشک) کی تعریف:

کسی شخص میں کوئی خوبی یا اس کے پاس کوئی نعمت دیکھ کر یہ تمنا کرنا کہ مجھے بھی یہ خوبی یا نعمت مل جائے اور اس شخص سے اس خوبی یا نعمت کے زوال کی خواہش نہ ہو تو یہ غبطہ یعنی رشک ہے۔([29])

(36)محبت مسلم کی تعریف:

’’کسی بندے سے صرف اس لیے محبت کرے کہ ربّ تعالٰی اس سے راضی ہوجاوے، اس میں دنیاوی غرض ریا نہ ہو اس محبت میں ماں باپ، اولاد اہل قرابت مسلمانوں سے محبت سب ہی داخل ہیں جبکہ رضائے الٰہی کے لیے ہوں۔‘‘([30])

(37)اللہ کی خفیہ تدبیر سے ڈرنے کی تعریف:

اللہ عَزَّ وَجَلَّکے پوشیدہ اَفعال سے واقع ہونے والے بعض اَفعال کو اس کی خفیہ تدبیر کہتے ہیں اور اس سے ڈرنا اللہکی خفیہ تدبیر سے ڈرنا کہلاتا ہے۔([31])

(38)اِحترامِ مسلم کی تعریف:

مسلمان کی عزت و حرمت کا پاس رکھنا اور اسے ہر طرح کے نقصان سے بچانے کی کوشش کرنا اِحترامِ مسلم کہلاتا ہے۔

(39)مخالفت شیطان کی تعریف:

اللہ تعالٰی کی عبادت کرکے شیطان سے دشمنی کرنا، اللہ تعالٰی کی نافرمانی میں شیطان کی پیروی نہ کرنا اور صدقِ دِل سے ہمیشہ اپنے عقائدو اَعمال کی شیطان سے حفاظت کرنا مخالفت شیطان ہے۔([32])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 


(1)نیت‏

نیت کی تعریف:

شیخ طریقت امیر اہلسنت بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رَضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنی مایہ ناز تصنیف ’’نیکی کی‏دعوت‘‘صفحہ۹۲ پر نیت کی تعریف کرتے ہوئے اِرشاد فرماتے ہیں: ’’نیت لغوی طورپردل کےپُختہ (پکے) اِرادے کوکہتے ہیں اور شَرعاًعبادت کے اِرادے کو نیت کہاجاتاہے۔‘‘([33])

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآن میں اِرشاد فرماتا ہے: ) وَ مَنْ اَرَادَ الْاٰخِرَةَ وَ سَعٰى لَهَا سَعْیَهَا وَ هُوَ مُؤْمِنٌ فَاُولٰٓىٕكَ كَانَ سَعْیُهُمْ مَّشْكُوْرًا(۱۹) ( (پ۱۵،بنی اسرائیل: ۱۹) ترجمۂ کنز الایمان:’’اور جو آخرت چاہے اور اس کی سی کوشش کرے اور ہو ایمان والا تو انھیں کی کوشش ٹھکانے لگی۔‘‘اس آیت کے تحت صدر الافاضل حضرت مولانا مفتی نعیم الدین مراد آبادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی فرماتے ہیں: ’’اس آیت سے معلوم ہوا کہ عمل کی مقبولیت کے لئے تین چیزیں درکار ہیں: ایک تو‏طالب آخرت ہونا یعنی نیت نیک ، دوسرے سعی یعنی عمل کو باہتمام اس کے حقوق کے ساتھ ادا کرنا،‏تیسری ایمان جو سب سے زیادہ ضروری ہے ۔‘‘([34])

اَحادیث مبارکہ:

(۱)’’اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور ہر شخص کے لئے وہی ہے جس کی وہ نیت


 کرے۔‘‘([35]) ‏(۲) ’’مؤمن کی نیت اس کے عمل سے بہتر ہے۔‘‘([36])(۳) ’’اچھی نیت بندے کو جنت میں داخل کردیتی ہے۔‘‘([37])

نیت کے متفرق احکام:

نیت کے بہت سے اَحکام ہیں:(1)عباداتِ مقصودہ یعنی وہ عبادات جو خود بالذات مقصود ہوںکسی دوسری عبادت کے لیے وسیلہ نہ ہوں۔([38]) ان میں نیت ہونا ضروری ہے کہ بغیر نیت کے وہ عبادت ہی نہ پائی جائے گی جیسا کہ نماز کہ اگر کوئی شخص نماز جیسے افعال کرے مگر مطلق نماز کی نیت نہ ہو تو اسے نماز ہی نہ کہا جائے گا۔ پھر فرض نماز میں فرض کی نیت بھی ضروری ہے۔ مثلاً دل میں یہ نیت ہو کہ آج کی ظہر کی فرض نماز پڑھتا ہوں۔اصح (یعنی درست ترین) یہ ہے کہ نفل، سنت اور تراویح میں مطلق نماز کی نیت کافی ہے مگر احتیاط یہ ہے کہ تراویح میں تراویح یا سنت وقت کی نیت کرے اور باقی سنتوں میں سنت یا سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی متابعت (یعنی پیروی) کی نیت کرے، اس لیے کہ بعض مشایخ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِم  اِن میں مطلق نماز کی نیت کو ناکافی قرار دیتے ہیں۔([39])

(2)عباداتِ غیرمقصودہ یعنی وہ عبادات جوخودبالذات مقصودنہ ہوںبلکہ کسی دوسری عبادت کے لیے وسیلہ ہوں۔ان میں نیت کرنا ضروری نہیں کہ بغیر نیت کے بھی وہ عبادت


 

 پائی جائے گی البتہ اس کا ثواب نہیں ملے گا۔ مثلاً وضو کہ اس میں نیت کرنا سنت ہے، اگر کوئی شخص بغیر نیت کے اعضائے وضو کو دھولے یا دھل گئے تو اس کا وضو تو ہو جائے گا لیکن نیت نہ ہونے کی وجہ سے اسے ثواب نہیں ملے گا۔([40])

(3)مباح کام اچھی نیت سے مستحب ہوجاتا ہے۔یعنی ہروہ جائز عمل یافعل جس کا کرنا اورنہ کرنایکساں ہو کہ ایسا کام کرنے سے نہ ثواب ملے نہ گناہ۔ مثلاً کھانا پینا، سونا، ٹہلنا، دولت اِکٹھی کرنا،تحفہ دینا،عمدہ یا زائد لباس پہننا وغیرہ۔اعلیٰ حضرت،امامِ اہلسنّت، مجددِ دین وملّت،مولانا شاہ امام احمد رضاخان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں: ’’ہرمباح نیت حسن(یعنی اچھی نیّت) سے مستحب ہو جاتاہے۔‘‘([41])فقہائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام  فرماتے ہیں:’’مباحات(یعنی ایسے جائز کام جن پر نہ ثوا ب ہو نہ گناہ ان) کاحکم الگ الگ نیتوں کے اِعتبار سے مختلف ہوجاتاہے،اس لئے جب مباح سے عبادات پر قوت حاصل کرنا یاعبادات تک پہنچنا مقصود ہو تو یہ مُباحات یعنی جائز چیزیں بھی عبادات ہوں گی۔ مثلاً کھانا پینا،سونا،حُصولِ مال اور وَطی کرنا۔‘‘([42])

(4)مناسب یہی ہے کہ بندہ ہرچیز میں کچھ نہ کچھ نیت کرے حتی کہ کھانے، پینے، پہننے، سونے اور‏نکاح میں بھی نیت کرے کیوں کہ ان تما م کا تعلق ان اعمال سے ہے کہ جن کے بارے میں بروزِ‏قیامت پوچھا جائے گا۔اگر نیت رِضائے الٰہی کی ہو تو یہ ہی عمل نیکیوں


 

 کے میزان میں وزنی ہوگا۔([43])

)1((حکایت) اچھی نیت کی وجہ سے بخشش ہوگئی:

خلیفہ ہارون الرشید کی زوجہ زبیدہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہَا  کوکسی نے خواب میں دیکھ‏کر پوچھا:’’مَا فَعَلَ اللہُ بِکِیعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّنے آپ کے ساتھ کیامعاملہ فرمایا؟‘‘کہا: ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے مجھے بخش دیا۔‘‘پوچھا:’’ کیامغفرت کاسبب وہ راستہ بنا جسے آپ نے بہت زیادہ مال خرچ کرکے مکہ مکرمہ زَادَہَااللّٰہُ شَرَفًاوَّتَعْظِیْمًا کی طرف بنوایا تھا؟‘‘کہا: ’’نہیں،اس راستے کا ثواب توکام کرنے والوں کوملا،مجھے تو   اللہ عَزَّ وَجَلَّنے اچھی نیت کی وجہ سے بخش دیا۔‘‘([44])

’’عامل نیت‘‘ بننے کے آٹھ (8)طریقے:

(1)اچھی نیتیں کرنے کی نیت کرلیجیے:‏جس کام کی عادت نہ ہوتو اس کو معمولات ِزندگی میں شامل کرنا اَوّلاًدشوار ضرورہوتاہے لیکن ناممکن نہیں، یہی معاملہ جائز کاموں سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کابھی ہے، لیکن بندہ اگرکسی جائزکام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا پختہ عزم کرلے تو پھر اس کے اِرادوں کو کمزور کرنا بہت مشکل ہے، لہٰذا اپنے جائزاعمال کو اچھی اچھی نیتوں کے ذریعے عبادات بنانے اور اس پر رحمت الٰہی سے اجر وثواب پانے کی یوں نیت کرلیجئےکہ ’’آئندہ ہر جائز کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کروں گا۔اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ ‘‘

‏(2)نیت کی اہمیت ہمیشہ اپنے پیش نظر رکھیے :کہ کسی بھی چیز کی اہمیت اور فوائد اگر پیش نظر ہوں تو اس پر عمل کرنا آسان ہوجاتا ہے، علمائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام  اچھی نیت کی


 

 ترغیب دلایا کرتے تھے۔حضرت سیدنا یحییٰ بن کثیر عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْعَزِیز فرماتے ہیں:’’علم نیت حاصل کرو کیوں کہ نیت کی اہمیت عمل سے کئی گنا زیادہ ہے۔‘‘([45]) حضرت سیدنا فضیل بن عیاض رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں:’’اچھی نیت کے‏بغیرگفتگو بھی نہ کرو۔‘‘([46])  حضرت سیدنا داود طائی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: میںنے تمام بھلائیوںپر غور کیا، صرف اچھی نیت کو ان کا جامِع پایا۔‘‘([47])

(3)دن کی ابتداء اچھی اچھی نیتوں سے کیجئے: شیخ طریقت، امیراہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں: ’’ہرصبح یہ نیت کرلیجئے :آج کا دن آنکھ، کان ، زبان اور ہر عضو کو گناہوں اور فضولیات سے بچاتے ہوئے، نیکیوں میں گزاروں گا۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ ‘‘

‏(4)عاملین نیت کی صحبت اختیار کیجیے:‏کہ صحبت اثر رکھتی ہے،اچھوں کی صحبت اچھا اور بروں کی صحبت برا بنادیتی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ شیخ طریقت، امیراہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہکو دیکھا گیا ہے کہ آپ ہر جائز اور نیک کام سے قبل اچھی اچھی نیتیں کرنے کے نہ صرف خود عامل ہیں بلکہ دیگر اسلامی بھائیوں کو ترغیب بھی دلاتے رہتے ہیں، لہٰذاعامل نیت بننے میں آپ کی صحبت اختیار کرنا بہت معاون ہے۔

‏(5)نیت سے متعلقہ کتب ورسائل کا مطالعہ کیجئے: اس سلسلے میں حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد بن محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کی مایہ ناز تصنیف ’’احیاء العلوم‘‘، علامہ ابن حاج مکی رَحمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کی کتاب ’’المدخل‘‘ اور امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کتب ورسائل،


 

خصوصاً رسالہ’’ثواب بڑھانے کے نسخے‘‘کا مطالعہ بہت مفید ہے کہ اس میں نیت کی دیگر معلومات کے ساتھ ساتھ کم وبیش72جائز کاموں کی اچھی اچھی نیتوں کا تفصیلی بیان موجود ہے، اس کے علاوہ آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مدنی مذاکروں کو سننا بھی بہت مفید ہے۔

(6)نیتیں لکھنے کی عادت بنالیجیے:‏کئی جائز کام ایسے بھی ہیں جنہیں روزانہ کیا جاتا ہے، بعض کام ایسے بھی ہیں جنہیں کبھی کبھی سرانجام دیاجاتا ہے، اگر دونوں طرح کے کاموں کی کچھ نہ کچھ نیتیں لکھنے کی عادت بنالی جائے تو یہ امر بھی عامِلِ نیت بننے میں بہترین معاون ہوسکتا ہے، شیخ طریقت امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو بھی دیکھا گیا ہے کہ کئی جائز کاموں کی اچھی اچھی نیتیں کرنے کے بعد آپ نے انہیں لکھ کر محفوظ فرمالیا ہےاور دوبارہ انہیں پڑھ کر نیتیں فرماتے رہتے ہیں۔

(7)ہر جائز اور نیک کام سے پہلے نیتوں پر غور کرلیجئے:کہ اس کام میں کوئی اچھی نیت ہوسکتی ہے یا نہیں، اگر ہوسکتی ہے تو پہلے نیت کرلیجئے اور پھر اس کام کو کیجئے، یہ عمل بھی عامل نیت بننے میں بہت معاون ہے بلکہ بزرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن  بھی ایسا کیا کرتے تھے۔ چنانچہ ایک بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  اپنے بالوں میں کنگھی کرنا چاہتے تھے،اپنی اہلیہ کو آواز دی اور فرمایا: ’’کنگھی لے آؤ۔‘‘ انہوں نے پوچھا: ’’عالی جاہ! شیشہ بھی لاؤں؟‘‘ اس پر وہ بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کچھ دیر خاموش رہے، پھر فرمایا: ’’ہاں لے آؤ۔‘‘ اس تاخیر کے بارے میں پوچھا گیا تو جواب دیا کہ ’’کنگھی کے لئے تو میری نیت موجود تھی لیکن شیشے کے بارے میں اُس وقت کوئی اچھی نیت موجودنہیں تھی، چنانچہ میں شیشہ منگوانے سے باز رہا پھر جب اللہ عَزَّ وَجَلَّنے شیشے کیلئے میری اچھی نیت کو حاضر فرمادیا تو میں نے منگوا لیا۔‘‘([48])


 

(8)بدنیتی کی ہلاکتوں پر غور کیجیے :‏کہ جس طرح اچھی نیت کا پھل اچھا ہوتا ہے اسی طرح بری نیت کا انجام بھی برا ہوتا ہے ،اچھی نیت دنیاو آخرت میں ذریعۂ نجات ہے تو بر ی نیت سبب ہلاکت و آفات بن سکتی ہے ۔منقول ہے کہ اِبنِ مُقْلَہ نامی ایک خطاط اپنے فن میں مہارت کی وجہ سے کافی مشہور تھا،بادشاہِ وقت بھی اُس کے فن کو دیکھ کر متاثر ہوا تو اسے اپنا وزیر مقرر کرلیا، کچھ عرصے کے بعد تاج وتخت کے معاملے میں اس کی نیت خراب ہونے لگی،جو اسے تاج و تخت کے حصول کے لیے سازشوں پر اُکساتی، کسی طرح ان سازشی منصوبوں کی بھنک بادشاہ کو پڑگئی فوراً اسے اپنے دربار میں طلب کیا اور قید کروادیا۔ کچھ عرصے بعد بادشاہ نے رحم دلی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اسے قید سے آزاد کرکے منصب پر دوبارہ بحال بھی کردیا لیکن پھر اس کی بدنیتی نے اسے منصب کے حصو ل کے لیے سازشوں پرمجبور کردیا،اس باربھی بادشاہ کو پتہ چل گیا اور اس نے بطورِ سزا اس کا ہاتھ اور زبان کاٹ دی اور ہزاروں دینار کا جرمانہ عائد کر کے دوبارہ جیل میں قید کروادیا ۔ آخر کا ر ایک تاریک جیل میں یہ ماہر خطاط فسادِ نیت کی آفت میں گرفتار ہوکرعبرت ناک موت کا شکار ہوگیا۔ ([49])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 (2)اِخلاص

اِخلاص کی تعریف:

’’کسی بھی نیک عمل میں محض رضائے الٰہی حاصل کرنے کا اِرادہ کرنا اِخلاص کہلاتا ہے۔‘‘([50])


 

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآنِ پاک میں ارشاد فرماتا ہے:( وَ مَاۤ اُمِرُوْۤا اِلَّا لِیَعْبُدُوا اللّٰهَ مُخْلِصِیْنَ لَهُ الدِّیْنَ ﳔ حُنَفَآءَ وَ یُقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ یُؤْتُوا الزَّكٰوةَ) (پ۳۰، البینۃ: ۵)  ترجمۂ کنزالایمان: ’’اور ان لوگوں کو تو یہی حکم ہوا کہ اللہ کی بندگی کریں نرے اسی پر عقیدہ لاتےایک طرف کے ہو کر اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں ۔‘‘

اِس آیت مبارکہ میں اِخلاص کے ساتھ شرک ونفاق سے دور رہ کر   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی بندگی کرنے اور تمام دینوں کو چھوڑ کر خالص اسلام کے متبع (پیروکار)ہو کر نماز قائم کرنے اور زکوٰۃ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔([51])

(حدیث مبارکہ) اِخلاص کے ساتھ تھوڑا عمل بھی کافی:

حضورنبی کریم عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَالتَّسْلِیْمنے حضرت مُعاذ بن جبل رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے فرمایا: ’’اِخلاص کے ساتھ عمل کرو کہ اِخلاص کے ساتھ تھوڑا عمل بھی تمہیں کافی ہے۔‘‘([52])

اِخلاص کاحکم:

کسی عمل میں فقط اِخلاص ہونے یااس کے ساتھ کسی اور غرض کی آمیزش ہونے کے اعتبار سے اَعمال کی تین صورتیں ہیں: (۱) جس عمل سے مقصود صرف ریاکاری ہو اس کا قطعی طور پر گناہ ہوگا اور وہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی ناراضی اور عذاب کا سبب ہے۔ (۲) جو عمل خالصتاً   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے لیے ہوگا تو وہ رِضائے الٰہی اور اجرو ثواب کا سبب ہے۔ (۳) جوعمل خالصتاً 


 

 اللہ عَزَّ وَجَلَّکے لیے نہ ہو بلکہ اس میں ریاکاری اور نفسانی اَغراض کی آمیزش ہو تو قوت کے اعتبار سے اس کی تین قسمیں ہیں: ٭اگر رِضائے اِلٰہی اور دوسری غرض دونوں قوت میں برابر ہو ں تو دونوں ایک دوسرے کے مقابل ہوکر ساقط ہوجائیں گی اور اس عمل کا نہ تو ثواب ہوگا نہ ہی عذاب اور٭اگر ریاکی قوت زیادہ ہوتو یہ عمل کچھ نفع نہ دے گا بلکہ الٹا نقصان اور عذاب کو لازم کرے گا، البتہ اس میں رِضائے اِلٰہی کا جتنا عنصر ہوگا اتنا عذاب میں کمی ہوجائے گی اوراِس عمل کا عذاب اُس عمل کے عذاب سے ہلکا ہوگاجو خالص ریاکاری کے ساتھ ہواور جس میں رِضائے اِلٰہی بالکل نہ ہو اور ٭ اگر رِضائے اِلٰہی کا عنصر غالب ہو تو یہ جس قدر قوی ہوگا اُسی قدر ثواب زیادہ ہوگااور جتنا ریا ہوگا اتنا ثواب کم ہوجائے گا۔([53])

(2)(حکایت)اِخلاص کے ساتھ عبادت کرنے والاغلام:

ایک شخص نے ایک غلام خریداتواس غلام نے اس سے عرض کیا:’’اے میرے آقا! میری تین شرائط ہیں:(۱)آپ مجھے فرض نمازسے منع نہیں کریںگےجب اس کاوقت آ جائے۔ (۲)دن کو جو چاہیں حکم دیں،رات کو کوئی حکم نہیں دیں گے۔ (۳) اپنے گھر میں میرے لئے ایک کمرہ جدا کر دیں جس میں میرے سوا کوئی دوسرا داخل نہ ہو ۔‏‘‘آقانے کہا: ’’مجھے یہ شرائط قبول ہیں۔‘‘ پھر اس نے کہا کہ ’’تم اپنے لئے کوئی بھی کمرہ پسند کر لو۔‘‘‏ چنانچہ غلام نے ایک خراب سا ٹوٹا پھوٹاکمرہ پسند کر لیا۔ اس پر آقانے کہا:’’اے غلام!تو نے خراب کمرہ کیوں پسند کیا؟‘‘ غلام نے جواب دیا: ’’میرے آقا !کیا آپ نہیں جانتے کہ ٹوٹا پھوٹا کمرہ بھی   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی یاد اوراُس کے ذکر کی برکت سے باغ بن جاتا ہے۔‘‘


 

چنانچہ وہ غلام دن کو اپنے آقا کی خدمت کرتا اور رات کو   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی اِخلاص کے ساتھ عبادت کرتا ۔ کچھ عرصے کے بعد ایک رات آقا گھر میں چلتے چلتے غلام کے کمرے تک پہنچ گیا تو کیا دیکھتا ہے کہ کمرہ روشن ہے، غلام اللہ تعالٰی کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہے،اس کے سر پر آسمان وزمین کے درمیان ایک روشن قندیل لٹکی ہوئی ہے اوروہ اللہربُّ العَالَمِیْن کی بار گاہ میں عاجزی و انکساری کے ساتھ یوں مناجات کررہا ہے: اے   اللہ عَزَّ وَجَلَّ! تو نے مجھ پر میرے آقا کا حق اور دن کو اس کی‏خدمت لازم کردی ہے، اگر یہ مصروفیت نہ ہوتی تو میں دن رات صرف تیری ہی عبادت میں مصروف رہتا، اے میرے ربّ  عَزَّ وَجَلَّ!میرا عذر قبول فرما لے۔‘‘ آقا اسے دیکھتا رہا یہاں تک کہ صبح ہوگئی،وہ قندیل واپس چلی گئی اور مکان کی چھت مل گئی۔یہ منظر دیکھنے کے بعد آقا واپس آگیا اور سارا ماجرا اپنی زوجہ کو سنایا۔ دوسری رات وہ اپنی زوجہ کو بھی ساتھ لے کر غلام کے دروازے پر آیا تو دیکھا کہ غلام سجدے میں پڑا ہے اور نورانی قندیل اس کے سر پر ہے، دونوں یہ منظر دیکھتے رہے  اور روتے رہے۔ صبح ہوئی تو انہوں نے غلام کو بلا کر کہا:’’تم   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی خاطر آزاد ہو تاکہ تم جو عذر پیش کر رہے تھے وہ دور ہوجائے اور یکسوئی کے ساتھ اللہ تعالٰی کی‏عبادت کر سکو۔‘‘ غلام نے یہ سنا تواپنا سر آسمان کی طرف اٹھایا اور عرض کرنے لگا: ’’اے صاحبِ راز عَزَّ وَجَلَّ!راز تو کھل گیا،اب راز کھلنے کے بعد میں زندہ نہیں رہنا چاہتا۔‘‘ پس اسی وقت وہ مخلص وعبادت گزار غلام گرا اور اس کی رُوح قفس عنصری سے پرواز کر گئی۔([54])

مِرا ہر عمل بس تِرے واسطے ہو …  کر اِخلاص ایسا عطا یاالٰہی


 

اِخلاص پیدا کرنے کے گیارہ (11)طریقے:

(1)اپنی نیت درست کیجیے :‏کہ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے،جب تک نیت خالص نہ ہوگی عمل میں اِخلاص پیدا نہیں ہوگا کیونکہ نیت کے خالص ہونے کا نام ہی تو اِخلاص ہے۔ بعض اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام  فرماتے ہیں:’’اپنے اَعمال میں نیت کو خالص کرلو، تمہیںتھوڑا عمل بھی کفایت کرے گا۔‘‘([55])لہٰذا خود کو اچھی اچھی نیتوں کا عادی بنائیے ۔

(2)دُنیوی اَغراض کو دُور کیجئے:‏ایسی دُنیوی اَغراض جن سے مقصود آخرت کی تیاری ومُعاوَنت نہ ہو اگر ہر عمل سے اُن کو دُور کردیا جائے اور صرف رِضائے اِلٰہی پیش نظر ہو تو اَعمال میں رِیاکاری یعنی دِکھاوے کے اِمکانات کا فی کم ہوجاتے ہیں۔

البتہ اللہ عَزَّ وَجَلَّکے نیک بندوں کا عسرت وتنگی کے ایام میں قرآنی سورتیں و وظائف وغیرہ اس نیت سے پڑھنا کہ اللہ تعالٰی انہیں قناعت عطا کرے اور اتنی مقدار میں روزی عطا کرے جس سے عبادتِ الٰہی بجالاسکیں اور درس وتدریس وغیرہ کی قوت بحال رہے تو اِس طرح کا اِرادہ نیک اِرادہ ہے دنیا کا اِرادہ نہیں۔([56])

(3)اللہ عَزَّ وَجَلَّکی خفیہ تدبیر سے ڈرتے رہیے:‏کیونکہ اَعمال وہی قبول ہوں گے جو ریاکاری سے بچتے ہوئے اخلاص کے ساتھ کیے ہوں گے اور اعمال کو ریاکاری جیسی موذی بیماری سے بچانے کا ایک بہت مفید حل یہ ہے کہ بندہ خود کو ہر وقت اللہ  عَزَّ وَجَلَّکی خفیہ تدبیر سے ڈراتا رہے کہ جس قدر خوفِ خدا نصیب ہوگا اتنا ہی عمل میں ریاکاری سے بچے گا اور


 

 اخلاص کی دولت نصیب ہوگی۔

(4)نفسانی خواہشات کو ختم کیجیے:کہ اِخلاص میںبہت بڑی رکاوٹ نفسانی خواہشات ہیں کیوں کہ ہر عمل پرچند تعریفی کلمات سن کر نفس بے حد سکون محسوس کرتا ہے اور یہی سکون نفس کو ریاکاری پر اُبھارتا ہے جو اِخلاص کی دشمن ہے اور یوں اُخروی فائدے کے لیے کیا جانے والا عمل نقصان کا سبب بن جاتا ہے۔لہٰذا نفسانی خواہشات پر قابو پائیے اور اَعمال میں اِخلاص حاصل کیجئے۔

(5)خلوت و جلوت میں یکساں عمل کیجیے:‏نفس لوگوں کے سامنے تو مشقت سے بھرپور عبادت کرنے پر رضامند ہوجاتا ہے کیوں کہ اِس طرح اُسےشہرت، تعریف اور واہ واہ جیسے میٹھے زہر ملتے ہیں، لیکن تنہائی میں رِضائے الٰہی کے لیے خشوع وخضوع کے ساتھ دو رکعت پڑھنا اُس کے نفس پر نہایت گراں ہے۔خلوت و جلوت کا یہ تضاد بندے کے عمل سے اِخلاص کو ختم کردیتا ہے۔ لہٰذا اپنے اَعمال میں اخلاص پیدا کرنے کے لیے خلوت وجلوت دونوں میں رضائے الٰہی کی نیت سے خشوع وخضوع کے ساتھ نیک اَعمال بجا لائیے۔

(6)اپنے گناہوں کو یاد رکھیے:‏عموماً لوگ اپنی نیکیوں کو یاد رکھتے اور گناہوں کو بھول جاتے ہیں جس سے وہ ریاکاری اور خود پسندی جیسی موذی بیمار ی میں مبتلا ہوجاتے ہیں جو اِخلاص کی سخت دشمن ہیں، لہٰذا اپنے گناہوں کو یاد رکھیے، نفس کو اُن پر ملامت کرتے رہیے کہ تو فلاں فلاں گناہوں کا مجموعہ ہے پھر کسی نیک عمل پر اِترانے کا کیا معنی؟ یوں کافی حد تک اسے تکبر وریاکاری سے دور رکھنے میں معاونت ملے گی اور اعمال میں اخلاص پیدا کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔


 

(7)اپنی نیکیوں کو چھپائیے :‏کہ نیکیوں کا چرچا ہی نفس کوریاکاری، حب مدح اور طلب شہرت جیسی باطنی بیماریوں میں مبتلا کردیتا ہے جو اخلاص کو دیمک کی طرح چاٹ لیتی ہیں، بزرگانِ دِین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن  بھی اپنی نیکیوں کو چھپایا کرتے تھے، چنانچہ حضرت سیدنا تمیم داری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکی بارگا ہ میں عرض کی گئی:’’رات میں آپ کی نماز کی کیفیت کیا ہوتی ہے؟‘‘آپ اس بات سے سخت ناراض ہوئے اور ارشاد فرمایا: ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّکی قسم! رات کا ایک حصہ چھپ کر نماز پڑھنا مجھے بہت محبوب ہے اس بات سے کہ میں ساری رات نماز ادا کروں، پھر لوگوں میں اسے بیان کرتا پھروں۔‘‘([57]) اسی طرح حضرت سیدنا ابو بکر مروزی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  فرماتے ہیں: ’’میں چار ماہ حضرت سیدنا امام احمد بن حنبل رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کی صحبت میں رہا، آپ نہ تو رات کا قیام چھوڑتے، نہ ہی دن کی قراءت چھوڑتے، اس کے باوجود اُسے چھپا لیا کرتے۔‘‘([58])

(8) اِخلاص کے فضائل کو پیش نظر رکھیے:٭اِخلاص کے ساتھ عمل کرنا مؤمن کی نشانی ہے۔٭جو بندہ چالیس دن خالص رِضائے الٰہی کے لیے عمل کرتا ہے تو اُس کے دل سے اُس کی زبان پر حکمت کے چشمے جاری ہوجاتے ہیں۔٭جو شخص خالص رِضائے الٰہی کے لیے عمل کرتا ہے وہ شیطان کے مکروفریب سے بچ جاتاہے۔ ٭ اِخلاص کے ساتھ مانگی جانے والی دعائیں مقبول ہوتی ہیں۔٭بعض بزرگانِ دِین کے نزدیک اِخلاص کے ساتھ کیا جانے والا عمل ستر حج سے بڑھ کر ہے۔٭ایک بزرگ فرماتے ہیں:’’خلوت میں


 

اِخلاص کے ساتھ دو رکعت پڑھنا ستر یا سات سو اَحادیث عالی سند کے ساتھ لکھنے سے بہتر ہے۔‘‘٭ایک بزرگ فرماتے ہیں: ’’گھڑی بھر کے اِخلاص میں اَبدی نجات ہے۔‘‘ ٭اخلاص نیکیوںپراُبھارتا ہے۔([59])مزید تفصیل کے لیے اِحیاء العلوم،ج۵ ، ص ۲۵۵ سے اِخلاص کے باب کا مطالعہ بہت مفید ہے۔

(9)مخلص کی تعریف کا علم حاصل کیجئے:کیونکہ جب اس بات کا علم ہی نہیں ہوگا کہ مخلص کسے کہتے ہیں تو خود کیسے مخلص بنیں گے؟ ٭حضرت سیدنا یعقوب مکفوف رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’مخلص وہ ہے جو اپنی نیکیوں کو ایسے چھپائے جیسے اپنے گناہوں کو چھپاتا ہے۔‘‘٭حضرت سیدنا ابو سلیمان دارانی قُدِّسَ  سِرُّہُ النّوْرَانِی فرماتے ہیں: ’’سعادت مند ہے وہ شخص جس کا ایک قدم بھی صحیح ہوجائے کہ اس میں   اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے سوا کسی اور کی نیت نہ ہو۔‘‘([60])٭ حضرت سیدنا ابو علی دقاق  عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الرَّزَّاق فرماتے ہیں: ’’اخلاص مخلوق کی نگاہوں سے بچنے کا نام ہے۔‘‘٭حضرت سیدنا ذوالنون مصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  فرماتے ہیں: ’’اخلاص کی علامت یہ ہے کہ بندے کے لیے لوگوں کی طرف سے کی جانے والی تعریف اور مذمت دونوں ایک جیسی ہوں۔‘‘([61])

(10)اِخلاص نہ ہونے کے اُخروی نقصانات پر غور کیجئے: مثلاً کل بروزِ قیامت ایسے اَعمال منہ پر ماردیے جائیں گے جو اِخلاص کے ساتھ نہ کیے ہوں گے، چنانچہ کل بروزِ قیامت ایک شہید سے فرمایا جائے گا کہ تونے اس لیے قتال کیا تاکہ تجھے بہادر کہا


 

جائے، سو تجھے کہہ لیا گیا، ایک عالم سے فرمایا جائے گا کہ تونے علم اس لیے حاصل کیا کہ تجھے عالم کہا جائے، تجھے قاری کہا جائے، سو تجھے کہہ لیا گیا، ایک مال دار سے فرمایا جائے گا کہ تو نے اس لیے مال خرچ کیا تاکہ تجھے سخی کہا جائے سو تجھے کہہ لیا گیا، پھر ان سب کو جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔([62])

(11)اخلاص سے متعلق اقوالِ بزرگانِ دِین کا مطالعہ کیجئے:٭حضرت سیدنا سہل تستری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  فرماتے ہیں: ’’اخلاص یہ ہے کہ بندے کا ٹھہرنا اور حرکت کرنا سب خالصتاً اللہ عَزَّ وَجَلَّکے لیے ہو۔‘‘٭حضرت سیدنا ابو عثمان نیشاپوری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَلِی فرماتے ہیں: ’’اخلاص یہ ہے کہ فقط خالق کی طرف ہمیشہ متوجہ رہنے کی وجہ سے مخلوق کو دیکھنا بھول جائے۔‘‘ ٭حضرت سیدنا جنید بغدادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی فرماتے ہیں: ’’اِخلاص   اللہ عَزَّ وَجَلَّاور بندے کے درمیان ایک راز ہے، اسے فرشتہ نہ جانے کہ لکھ لے اور شیطان بھی نہ جانے کہ خرابی پیدا کرے اور خواہش نفس کو بھی اس کا علم نہ ہو کہ اسے اپنی طرف مائل کرے۔ ٭حضرت سیدنا عیسیٰ روحُ اللہ عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کے حواریوں نے آپ کی بارگاہ میں عرض کی: ’’اَعمال میں خالص کون ہے؟‘‘ فرمایا: ’’جو   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے لیے عمل کرتا ہےاور پسند نہیں کرتا کہ اس پر کوئی اس کی تعریف کرے۔‘‘([63])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد


 

(3)…شکر

شکر کی تعریف:

’’شکر کی حقیقت نعمت کا تصور اور اُس کا اظہار ہے، جبکہ ناشکری نعمت کو بھول جانا اور اس کو چُھپاناہے۔‘‘([64])تفسیر صراط الجنان میں ہے: ’’شکر کی تعریف یہ ہے کہ کسی کے اِحسان و نعمت کی وجہ سے زبان، دل یا اَعضاء کے ساتھ اس کی تعظیم کرنا۔‘‘([65]) خوشحالی میں شکر کرنے والا شاکر ہے جب کہ مصیبت میں شکر کرنے والا شکور ہے۔عطاء (یعنی دینے) پر شکر کرنے‏والا شاکر ہے جبکہ منع (یعنی نہ دینے)پر شکر کرنے والا شکور ہے۔([66])

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے:( لَىٕنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّكُمْ وَ لَىٕنْ كَفَرْتُمْ اِنَّ عَذَابِیْ لَشَدِیْدٌ(۷)) (پ۱۳، ابراھیم: ۷)ترجمۂ کنزالایمان: ’’ اگر احسان مانو گے تو میں تمہیں اور دوں گااور اگر ناشکری کرو تو میرا عذاب سخت ہے ۔‘‘

صدر الافاضل حضرتِ علامہ مولانا سید محمد نعیم الدین مراد آبادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی خزائن العرفان میں اس آیت مبارکہ کے تحت فرماتے ہیں: ’’اس آیت سے معلوم ہوا کہ شکر سے نعمت زیادہ ہوتی ہے ۔ شکر کی اصل یہ ہے کہ آدمی نعمت کا تصوّر اور اس کا اظہار کرے اور حقیقت شکر یہ ہے کہمُنْعِم  (یعنی نعمت دینے والے)کی نعمت کا اس کی تعظیم کے ساتھ اِعتراف کرے اور نفس کو اس کا خُوگر بنائے ۔ یہاں ایک باریکی ہے وہ یہ کہ بندہ


 

 جب   اللہ تعالٰی کی نعمتوں اور اس کے طرح طرح کے فضل و کرم و اِحسان کا مطالعہ کرتا ہے تو اس کے شکر میں مشغول ہوتا ہے اس سے نعمتیں زیادہ ہوتی ہیں اور بندے کے دل میں اللہتعالٰی کی محبت بڑھتی چلی جاتی ہے۔ یہ مقام بہت برتر (اونچا)ہے اور اس سے اعلیٰ مقام یہ ہے کہ مُنْعِم کی محبت یہاں تک غالب ہو کہ قلب کو نعمتوں کی طرف التفات باقی نہ رہے، یہ مقام صدیقوں کا ہے ۔ اللہ تعالٰی اپنے فضل سے ہمیں شکر کی توفیق عطا فرمائے ۔ (آمین) ([67])

(حدیث مبارکہ)دنیا وآخرت کی بھلائیاں:

حضرتِ سیدنا ابن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے روایت ہے کہ حسنِ اخلاق کے پیکر، نبیوں کے تاجور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:’’ جسے چار چیزیں مل گئیں اسے دنیاوآخرت کی بھلائی مل گئی: (۱)شکر کرنے والادل (۲)ذکر کرنے والی زبان  (۳) آزمائش پر صبر کرنے والا بدن اور (۴)اپنے آپ اور شوہر کے مال میں خیانت نہ کرنے والی بیوی۔‘‘([68])

شکر کے مختلف اَحکام:

(۱)’’اللہ عَزَّ وَجَلَّکی نعمتوں پر شکر ادا کرنا واجب ہے۔‘‘(یعنی دِل واِعتقاد میں اللہ کی طرف نعمت کی نسبت کرے اور نافرمانی میں خرچ نہ کرے۔)([69])اِنعاماتِ الٰہیہ (اللہ تعالٰی کی نعمتوں) پر شکر ادا کرنا مؤمنین کا طریقہ اور ان کی ناشکری کرنا کفار و منافقین کا طریقہ ہے۔شکر ادا کرنا رِضائے الٰہی اور جنت میں لے جانے والا کام ہے جبکہ ناشکری کرنا ربّ تعالٰی کی


 

 ناراضی اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔

(۲)انبیاء کرام پرجوانعامِ الٰہی ہو اس کی یادگار قائم کرنا اور شکر بجا لانا (متعدد صورتوں میں)مسنون (یعنی سنت) ہے اگر کفار بھی قائم کرتے ہوں جب بھی اس کو چھوڑا نہ جائے گاجیسا کہ محرم الحرام کی دسویں تاریخ کو حضرت سیدنا موسیٰ عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  اور ان کی قوم کو   اللہ عَزَّ وَجَلَّنے فرعون سے نجات دلائی، وہ اس کے شکرانے میں عاشوراء کا روزہ رکھتے تھے، سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے بھی اس دن کا روزہ رکھا اور فرمایا: ’’حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی فتح کی خوشی منانے اور اس کی شکر گزاری کرنے کے ہم یہود سے زیادہ حق دار ہیں ۔ ‘‘([70])

(۳)جس روز اللہ تعالٰی کی خاص رحمت نازل ہو اس دن کو عید بنانا اور خوشیاں منانا، عبادتیں کرنا ، شکرالٰہی بجا لانا طریقۂ صالحین ہے اور کچھ شک نہیں کہ سیدعالم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمکی تشریف آوری اللہ تعالٰی کی عظیم ترین نعمت اور بزرگ ترین رحمت ہے، اس لئے حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کی ولادتِ مبارکہ کے دن عید منانا اور میلاد شریف پڑھ کر شکرالٰہی بجا لانا اور اظہارِ فرح اور سرور (خوشی)کرنا مستحسن (اچھا)و محمود (قابل تعریف)اور اللہکے مقبول بندوں کا طریقہ ہے ۔([71])

(3)(حکایت)معذوری میں بھی شکر ادا کرنے والانیک شخص:

حضرت سیدنا امام اَوزاعی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں : مجھے ایک بزرگ نے یہ


 

 واقعہ سنایا کہ میں اولیاء کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ تَعَالٰی  کی تلاش میں ہر وقت سر گرداں رہتا اور ان کی قیام گاہوں کو ڈھونڈنے کے لئے صحراؤں ، پہاڑوں اور جنگلوں میں پھرتا تا کہ ان کی صحبت سے فیض یاب ہوسکوں ۔ ایک مرتبہ اسی مقصد کے لئے مصر کی طر ف روانہ ہوا ، جب میں مصر کے قریب پہنچاتوویران سی جگہ میں ایک خیمہ دیکھا،جس میں ایک ایسا شخص موجود تھاجس کے ہاتھ، پاؤں اور آنکھیں (جذام کی) بیماری سے ضائع ہوچکی تھیں لیکن اس حالت میں بھی وہ مردِعظیم اِن الفاظ کے ساتھ اپنے رب  عَزَّ وَجَلَّکی حمد وثناء وشکراداکررہا تھا: ’’اے میرے پروردگار عَزَّ وَجَلَّ!میں تیری وہ حمد کرتا ہوں جو تیری تمام مخلوق کی حمد کے برابر ہو۔ اے میرے پروردگار عَزَّ وَجَلَّ! بے شک تُو تمام مخلوق کا خالق ہے اور تو سب پر فضیلت رکھتاہے، میں اس انعام پر تیری حمد کرتا ہوں کہ تُو نے مجھے اپنی مخلوق میں کئی لوگوں سے افضل بنایا۔‘‘

وہ بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ جب میں نے اس شخص کی یہ حالت دیکھی تو میں نے کہا :’’خدا  عَزَّ وَجَلَّکی قسم! میں اس شخص سے یہ ضرور پوچھوں گا کہ کیا حمد کے یہ پاکیزہ کلمات تمہیں سکھائے گئے ہیں یا تمہیں الہام ہوئے ہیں؟‘‘ چنانچہ اسی اِرادے سے میں اس کے پاس گیا اور اسے سلام کیا ، اس نے میرے سلام کا جواب دیا۔ میں نے کہا:’’اے مرد ِصالح !میں تم سے ایک چیز کے متعلق سوال کرنا چاہتا ہوں کیا تم مجھے جواب دو گے؟‘‘ وہ کہنے لگا:’’اگر مجھے معلوم ہوا تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ ضرور جواب دو ں گا۔‘‘میں نے کہا:’’وہ کونسی نعمت ہے جس پر تُم   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی حمد کررہے ہو اور وہ کونسی فضیلت ہے جس پر تُم شکر ادا کر رہے ہو؟ ‘‘(حالانکہ تمہارے ہاتھ، پاؤں اور آنکھیں وغیرہ سب ضائع ہوچکی ہیں پھربھی تم کس نعمت پر حمدبجا لارہے ہو ؟)


 

  وہ شخص کہنے لگا :’’کیا تُو دیکھتا نہیں کہ میرے رب عَزَّ وَجَلَّنے میرے ساتھ کیا معاملہ فرمایا؟‘‘ میں نے کہا :’’کیوں نہیں، میں سب دیکھ چکاہوں۔‘‘ پھر وہ کہنے لگا: ’’دیکھو!اگر   اللہ عَزَّ وَجَلَّچاہتا تو مجھ پر آسمان سے آگ بر سادیتا جو مجھے جلاکر راکھ بنا دیتی، اگر وہ پر وردگار  عَزَّ وَجَلَّچاہتا تو پہاڑوں کو حکم دیتا اور وہ مجھے تباہ وبر باد کر ڈالتے، اگر   اللہ  عَزَّ وَجَلَّچاہتا تو سمندر کو حکم فرماتا جو مجھے غرق کردیتا یا پھر زمین کو حکم فرماتا تو وہ مجھے اپنے اندر دھنسا دیتی لیکن دیکھو،   اللہ عَزَّ وَجَلَّنے مجھے ان تمام مصیبتوں سے محفوظ رکھا پھر میں اپنے رب  عَزَّ وَجَلَّکا شکر کیوں نہ ادا کروں، اس کی حمد کیوں نہ کروں اور اس پاک پرور دگار  عَزَّ وَجَلَّسے محبت کیوں نہ کروں؟‘‘

پھر مجھ سے کہنے لگا:’’ مجھے تم سے ایک کام ہے، اگر کر دو گے تو تمہارا احسان ہو گا۔‘‘ چنانچہ وہ کہنے لگا:’’میرا ایک بیٹا ہے جو نماز کے اوقات میں آتا ہے اور میری ضروریات پوری کرتا ہے اور اسی طرح افطاری کے وقت بھی آتا ہے لیکن کل سے وہ میرے پاس نہیںآیا، اگر تم اس کے بارے میں معلومات فراہم کردو تو تمہارا احسان ہوگا۔‘‘ میں نے کہا: ’’میں تمہارے بیٹے کو ضرور تلاش کرو ں گا اور پھر میں یہ سوچتے ہوئے وہاں سے چل پڑا کہ اگر میں نے اس مردِ صالح کی ضرورت پوری کردی تو شاید اسی نیکی کی وجہ سے میری مغفرت ہوجائے۔‘‘ چنانچہ میں اس کے بیٹے کی تلاش میں ایک طر ف چل دیا ، چلتے چلتے جب ریت کے دو ٹیلوں کے درمیان پہنچا تو وہاں کا منظر دیکھ کر میں ٹھٹھک کر ُرک گیا۔میں نے دیکھا کہ ایک درندہ ایک لڑکے کو چیر پھاڑ کر اس کا گو شت کھا رہا ہے، میں سمجھ گیا کہ یہ اسی شخص کا بیٹا ہے، مجھے اس کی موت پر بہت افسوس ہوا اور میں نے اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَکہا اور واپس اسی شخص کے خیمے کی طر ف چل دیا ۔ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اگر میں


 

نے اس پر یشان حال شخص کو اس کے بیٹے کی موت کی خبر فوراً ہی سنادی تووہ یہ خبر سن کر کہیںمر ہی نہ جائے، آخرکس طرح اسے یہ غمناک خبر سناؤں کہ اسے صبر نصیب ہو جائے۔ چنانچہ میں اس شخص کے پاس پہنچا، اسے سلام کیا، اس نے جواب دیا ، پھر میں نے اس سے پوچھا: ’’میں تم سے ایک سوال کرنا چاہتا ہوں کیا تم جواب دو گے ؟‘‘ یہ سن کرو ہ کہنے لگا کہ اگر مجھے معلوم ہوا تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ ضرور جواب دو ں گا۔میں نے کہا :’’تم یہ بتاؤ کہ اللہ  عَزَّ وَجَلَّکے ہاں حضرت سیدنا ایوب عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا مقام ومرتبہ زیادہ ہے یا آپ کا؟‘‘ یہ سن کر وہ کہنے لگا :’’یقینا حضرت سیدنا ایوب عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکا مرتبہ ومقام ہی زیادہ ہے ۔‘‘ پھر میں نے کہا :’’جب آپ علیہ السلام کو مصیبتیں پہنچیں تو آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے ان بڑ ی بڑی مصیبتوں پر صبر کیا یا نہیں؟‘‘وہ کہنے لگا:’’ حضرت سیدنا ایوب عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے کما حقُّہ، مصیبتوں پر صبر کیا۔ ‘‘پھر میں نے کہا: ’’ان کو تو اس قدر بیماری اور مصیبتیں پہنچیں کہ جو لوگ ان سے بہت زیادہ محبت کیا کرتے تھے انہوں نے بھی آپ عَلَیْہِ السَّلَام سے دوری اختیار کرلی۔کیا آپعَلَیْہِ السَّلَام  نے ایسی حالت میں صبر سے کام لیا یا نہیں؟‘‘وہ شخص کہنے لگا:’’آپ عَلَیْہِ السَّلَامنے ایسی حالت میں بھی صبر وشکر سے کام لیا اور صبر وشکر کا حق ادا کیا۔‘‘ یہ سن کر میں نے اس شخص سے کہا: ’’پھر تم بھی صبر سے کام لو، سنو!اپنے جس بیٹے کاتم نے تذکرہ کیا تھا اس کو درندہ کھا گیا ہے۔‘‘

یہ سن کر اس شخص نے کہا: ’’تمام تعریفیں  اللہ  عَزَّ وَجَلَّ کے لئے ہیں جس نے میرے دل میں دنیا کی حسرت ڈالی۔‘‘پھر وہ شخص رو نے لگا اور رو تے روتے اس نے جان دے دی۔ میں نے اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ کہااو رسوچنے لگا کہ میں اس جنگل بیابان میں اکیلے اس


 

کی تجہیز وتکفین کیسے کرو ں گا؟ یہاں اس ویرانے میں میری مدد کو کون آئے گا؟ ابھی میں یہ سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک ایک سمت مجھے دس بارہ سواروں کا قافلہ نظر آیا۔ میں نے انہیں اشارے سے اپنی طر ف بلایا تو وہ میرے پاس آئے اور مجھ سے پوچھا:’’ تم کون ہو اور یہ مردہ شخص کون ہے؟‘‘ میں نے انہیں سارا واقعہ سنایا تو وہ وہیں رُک گئے اور اس شخص کو سمندر کے پانی سے غسل دیااور اسے وہ کفن پہنایا جو اُن کے پاس تھا ۔پھر مجھے اس کی نماز جنازہ پڑھانے کو کہا تو میں نے اس کی نماز جنازہ پڑھائی اور انہوں نے میری اِقتداء میں نمازِ جنازہ ادا کی۔

پھر ہم نے اس عظیم شخص کو اسی خیمہ میں دفن کر دیا۔ ان نورانی چہروں والے بزرگوں کا قافلہ ایک طر ف روانہ ہوگیا، میں وہیں اکیلا رہ گیا ،رات ہوچکی تھی لیکن میرا وہاں سے جانے کو دل نہیں چاہ رہا تھا ،مجھے اس صابر وشاکر انسان سے محبت ہوگئی تھی، میں اس کی قبر کے پاس ہی بیٹھ گیا، کچھ دیر بعد مجھ پر نیند کاغلبہ ہوا تو میں نے خواب میں ایک نورانی منظر دیکھا کہ میں اور وہ شخص ایک سبز قبے میں موجود ہیں او روہ سبز لباس زیب تن کئے کھڑے ہوکر قرآنِ حکیم کی تلاوت کر رہا ہے۔ میں نے اس سے پوچھا: ’’کیا تُومیراوہی دوست نہیں جس پر مصیبتیں ٹو ٹ پڑی تھیں اور وہ اِنتقال کرگیا تھا؟‘‘اس نے مسکراتے ہوئے کہا:’’ہاں!میںوہی ہوں۔‘‘پھر میں نے پوچھا: ’’تمہیں یہ عظیم الشان مرتبہ کیسے ملا اور تمہارے ساتھ کیا معاملہ پیش آیا؟‘‘یہ سن کر وہ کہنے لگا:’’اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ !مجھے میرے رب  عَزَّ وَجَلَّنے اُن لوگو ں کے ساتھ جنت میں مقام عطا فرمایا ہے جو مصیبتوں پر صبر کرتے ہیں اور جب انہیں کوئی خوشی پہنچتی ہے تو شکر ادا کرتے ہیں ۔‘‘(  اللہ عَزَّ وَجَلَّکی اُن پر رحمت


 

 ہواور اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین) ([72])

شکر کی عادت اپنانے کے سات (7)طریقے:

(1)شکر کےفضائل وواقعات کا مطالعہ کیجیے:‏کہ فضائل پڑھنے سے شکر کرنے کا مدنی ذہن بنے گا،   اللہ عَزَّ وَجَلَّاور اس کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے مبارک فرامین سہارا دیں گے اور بندہ شکر کی طرف مائل ہوگا اور شکر سے متعلق واقعات پڑھنے سے یہ ذہن بنے گا کہ دنیا میں اللہ عَزَّ وَجَلَّکے کئی ایسے نیک بندے بھی ہیں جن پر مصائب و آلام کے پہاڑ ٹو ٹے لیکن اس کے باوجود ان کی زبا ن پر ناشکری کا ایک کلمہ بھی نہ آیا، انہوں نے ہرحال میں ربّ تعالٰی کا شکر ہی ادا کیا۔ شکر کے فضائل پڑھنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کا مطبوعہ رسالہ ’’شکر کے فضائل ‘‘ اور امام غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کی مایہ ناز تصنیف ’’احیاء العلوم‘‘ جلدچہارم، صفحہ ۲۳۹سے مطالعہ بہت مفید ہے۔

(2)اپنے سے کم تروادنیٰ پر نظر کیجئے:مثلاً: یوں غور کیجئے کہ ہمارے پاس رہنے کے لیے اپنا مکان ہے مگر کئی لوگ ایسے ہیں جن کے پاس اپنا مکان نہیں، بلکہ بعضوں کے پاس تو مکان ہی نہیں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ان کے شب وروز بسر ہورہے ہیں، ہمیں صبح دوپہر شام تین وقت کا پرتکلف کھانا میسر ہےمگر کئی لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں دو وقت کی روٹی میسر نہیں، ہمارے لیے میٹھے مشروبات موجود ہیں مگر کئی لوگوں کو تو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ امید ہے اس طرح ربّ تعالٰی کی عطا کردہ نعمتوں پر شکر کرنے کا مدنی ذہن بنے گا۔


 

‏(3)ربّ تعالٰی کی نعمتوں پر غور کیجئے:‏کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّنے بے شمار مخلوقات کو پیدا فرمایا لیکن ہمیں اَشرف المخلوقات پیدا فرمایا، پھر مسلمان پیدا فرمایا، نبی آخر الزماں صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی اُمت میں پیدا فرمایا، ہوا کی نعمت عطا فرمائی، پانی کی نعمت عطا فرمائی، دھوپ کی نعمت عطا فرمائی، اپنے جسم میں غور کیجئے کہ دیکھنے کے لیے دو آنکھیں عطا فرمائیں، سننے کے لیے دو کان عطا فرمائے، پکڑنے اور چھونے کے لیے دو ہاتھ عطا فرمائے، سونگھنے کے لیے ناک عطا فرمائی، چلنے کے لیے پاؤں عطا فرمائے، کھانے کے لیے منہ عطا فرمایا، پھر سخت چیزیں چبانے کے لیے دانت عطا فرمائے، الغرض ربّ تعالٰی کی نعمتوں کا شمار نہیں مگر جتنی بھی نعمتوں میں غور کریں گے اتنا ہی بارگاہ الٰہی میں شکر بجالانے کا مدنی ذہن بنتا ہی جائے گا۔نعمتوں کی مختلف اَقسام اور ان کے تفصیلی بیان کے لیے احیاء العلوم، جلد۴ سے شکر کے باب کا مطالعہ کیجئے۔

(4)نعمتوں کے زوال کا خوف کیجئے:کیونکہ نعمتوں پر شکر ادا کیا جائے تو ان میں اضافہ ہوتاہے اور اگر ان کی ناشکری کی جائے تو وہ نعمتیں چھینی جاسکتی ہیں، جب بندے کو نعمتوں کے زوال کا خوف ہو گا تو خود بخود اس کا ذہن نعمتوں کے شکر کی طرف مائل ہوگا کہ کہیں میری پاس موجود نعمت زائل نہ ہوجائے۔ایک بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’نعمتیں وحشی جانوروں کی طرح ہیں، انہیں شکر کے ذریعے قید میں رکھو۔‘‘([73])

(5)شکرگزاروں کی صحبت اِختیار کیجیے :‏کہ صحبت اثر رکھتی ہے، جو بندہ جیسی صحبت اختیار کرتا ہے وہ ویسا ہی بن جاتا ہے، ناشکروں کی صحبت اختیار کریں گے تو ناشکری کی


 

 عادت پڑجائے گی اور اللہ عَزَّ وَجَلَّکے شکرگزار بندوں کی صحبت اختیار کریں گے تو شکر ادا کرنے والے بن جائیں گے۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ

(6)مختلف اَعضاء سے شکر ادا کیجئے: دل کے ساتھ اس طرح کہ بھلائی کا ارادہ کیجئے،  زبان کے ساتھ اس طرح کہ شکر کا اظہار کرتے ہوئے   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی حمد کیجئے اور اعضاء کے ساتھ اس طرح کہ اس نعمت کو اللہ عَزَّ وَجَلَّکی اطاعت وفرمانبرداری کے لیے استعمال میں  لائیے اور اس کی نافرمانی والے کاموں میں اس سے مدد نہ لیجئے۔ آنکھوں کے شکر میں سے یہ بھی ہے کہ مسلمان کا جو بھی عیب دیکھیں اسے چھپائیں، کانوں کا شکر یہ ہے کہ کسی کا عیب سن لیں تو اُسے چھپائیں، اپنی زبان کو بھی ہر وقت شکر الٰہی سے تر رکھیں۔اعضاء کے شکر میں صرف مثالیں ذکر کی ہیں ورنہ شکر کی متعدد صورتیں ہوسکتی ہیں۔

(7)مصیبتوں پر بھی شکر کیجئے: کہ بندہ جب مصیبتوں پر شکر کی عادت بنالے گا تو خود بخود نعمتوں پر بھی شکر بجالائے گا، مصیبتوں پر شکر کے امام غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی نے پانچ پہلو بیان فرمائے ہیں: ٭ہر مصیبت اور بیماری کے بارے میں یہ تصور کرے کہ اس سے بھی بڑھ کر بیماری اور مصیبت موجود ہے اگراللہ عَزَّ وَجَلَّاس میں اضافہ فرما دے تو کیا میں روک سکتا ہوں، اسے دور کرسکتا ہوں؟ ہرگز نہیں! پس اللہ عَزَّ وَجَلَّکا شکر ہے کہ اس نے بڑی مصیبت وبیماری نہیں بھیجی۔٭یہ تصور کرکے شکر ادا کرے کہ ہوسکتا ہے اس مصیبت کے بدلے کوئی دینی مصیبت دور کردی گئی ہو۔ایک شخص نے سیدنا سہل بن عبداللہ تستری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  سے کہا: ’’چور میرے گھر میں داخل ہو اور سامان لے کر چلا گیا۔‘‘ فرمایا: ’’  اللہ عَزَّ وَجَلَّکا شکر ادا کرو اگر شیطان تمہارے دل میں داخل ہو کر ایمان لوٹ لیتا تو کیا کرتے؟‘‘ ٭یہ


 

تصور کرے کہ ہوسکتا ہے کوئی اخروی سزا دنیا میں ہی دے دی گئی ہو اور یہ بھی   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی بہت بڑی نعمت ہے کیونکہ جسے کسی عمل کی دنیا میں سزا دے دی گئی تو اب اسے اس عمل کی آخرت میں سزا نہیں ملے گی، فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہے: ’’بندہ اگر کوئی گناہ کرے پھر اسے دنیا میں کوئی تکلیف یا مصیبت پہنچ جائے تو   اللہ عَزَّ وَجَلَّاسے دوبارہ سزا نہیں دے گا۔‘‘([74]) ٭یہ مصیبت وتکلیف تو بندے کے لیے لوحِ محفوظ میں لکھی ہوئی تھی جو لازماً اس کو پہنچنی تھی، جب دنیا میں پہنچ چکی اور اس کے بعض یا کل سے فراغت اور راحت حاصل کرلی تو یہ بھی اس کے حق میں نعمت ہے لہٰذا اس پر شکر ادا کرے۔ ٭ جس طرح دوا مریض کے لیے ناپسندیدہ ہوتی ہے مگر اس کے حق میں مفید ہوتی ہے اسی طرح مؤمن کو پہنچنے والی تکلیف بھی ناپسندیدہ ہوتی ہے لیکن اس کے حق میں بہتر ہوتی ہے لہٰذا اس پر شکر ادا کرے، مہلک(ہلاک کرنے والے) گناہوں کی بنیاد دنیا کی محبت ہے اور دنیا سے دل کا اُچاٹ ہوجانا اُخروی نجات کا باعث ہے، تکلیفوں مصیبتوں کی وجہ سے بندے کا دل دنیا سے اُچاٹ ہوجاتا ہے تو یہ بذاتِ خود ایک نعمت ہے لہٰذا اِس پر شکر ادا کرنا چاہیے۔([75])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 (4)صبر‏

صبر کی تعریف:

’’صبر‘‘ كےلغوی معنى ركنے،ٹھہرنے یا باز رہنے کے ہیں اور نفس کو اس چیز پر روکنا (یعنی


 

ڈٹ جانا) جس پر رکنے (ڈٹے رہنے کا)کا عقل اور شریعت تقاضا کررہی ہو یا نفس کو اس چیز سے باز رکھنا جس سے رکنے کا عقل اور شریعت تقاضا کررہی ہو صبر کہلاتا ہے۔ بنیادی طور پر صبر کی دو قسمیں ہیں: (۱) بدنی صبر جیسے بدنی مشقتیں برداشت کرنا اوران پر ثابت قدم رہنا۔ (۲) طبعی خواہشات اور خواہش کے تقاضوں سے صبر کرنا۔ پہلی قسم کا صبر جب شریعت کے موافق ہوتو قابل تعریف ہوتا ہے لیکن مکمل طور پر تعریف کے قابل صبر کی دوسری قسم ہے۔([76])

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآنِ مجید فرقانِ حمید میں ارشاد فرماتاہے:) وَ اصْبِرُوْاؕ-اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَۚ(۴۶) ((پ۱۰، الانفال: ۴۶)ترجمۂ کنزالایمان:’’اور صبر کرو بیشک اللہ صبر والوں کے ساتھ ہے۔‘‘‏

(حدیث مبارکہ) صابرکے لیے اُخروی انعام:

حضور نبی رحمت شفیعِ اُمت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکا فرمانِ جنت نشان ہے کہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّارشاد فرماتا ہے: ’’جب میں اپنے کسی بندے کو اُس کے جسم، مال یا اولاد کے ذریعے آزمائش میں مبتلا کروں، پھر وہ صبر جمیل کے ساتھ اُس کا استقبال کرے تو قیامت کے دن مجھے حیا آئے گی کہ اس کے لیے میزان قائم کروں یا اس کا نامۂ اعمال کھولوں۔‘‘([77])

صبر کرنے کے مختلف اَحکام:

٭شریعت نے جن کاموں سے منع کیا ہے اُن سے صبر (یعنی رکنا) فرض ہے۔٭


 

 ناپسندیدہ کام (جو شرعاً گناہ نہ ہو اس) سے صبر‏مستحب ہے۔٭ تکلیف دہ فعل جو شرعاً ممنوع ہے اس پر صبر(یعنی خاموشی) ممنوع ہے۔ مثلاً کسی شخص یا اس کے بیٹے کا ہاتھ ناحق کاٹا جائے تو اس شخص کا خاموش رہنا اور صبر کرناممنوع ہے، ایسے ہی جب کوئی شخص شہوت کے ساتھ بُرے اِرادے سے اس کے گھروالوں کی طرف بڑھے تو اس کی غیرت بھڑک اٹھے لیکن غیرت کا اِظہار نہ کرے اور گھروالوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس پر‏صبرکرے اور قدرت کے باوجود نہ روکے تو شریعت نے اس صبر کو حرام قرار دیا ہے۔([78])

٭صبر جمیل یعنی سب سے بہترین صبر یہ ہے کہ مصیبت میں مبتلا شخص کو کوئی نہ پہچان سکے، اس کی پریشانی کسی پر ظاہر نہ ہو۔([79])

٭ صبر کا اعلیٰ ترین درجہ یہ ہے کہ لوگوں کی طرف سے پہنچنے والی تکالیف پر صبر کیا جائے۔ فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہے: ’’جو تم سے قطع تعلق کرے اس سے صلہ رحمی سے پیش آؤ، جو تمہیں محروم کرے اسے عطا کرو اور جو تم پر ظلم کرے اسے معاف کرو۔‘‘ اور حضرت سیدنا عیسیٰ رُوحُ اللہ عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامنے ارشاد فرمایا: ’’میں تم سے کہتا ہوں کہ برائی کا بدلہ برائی سے نہ دو بلکہ جو تمہارے ایک گال پر مارے اپنا دوسرا گال اس کے آگے کردو، جو تمہاری چادر چھینے تم کمربند بھی اسے پیش کردو اور جو تمہیں ایک میل ساتھ چلنے پر مجبور کرے تم اس کے ساتھ دو میل تک چلو۔‘‘ ان تمام ارشادات میں تکالیف پر صبر کرنے کا فرمایا گیا ہے اور یہی صبر کا اعلیٰ مرتبہ ہے۔([80])


 

(4)(حکایت) بچھو کے کاٹنے پر صبر:

دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۶۵۶صفحات پر مشتمل کتاب ’’فیضانِ ریاض الصالحین‘‘ جلداول، صفحہ۳۱۶ پر ہے: حضرت سیدنا سری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَلِی سے صبر کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے صبر سے متعلق بیان شروع کر دیا۔ اسی دوران ایک بچھو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کی ٹانگ پر مسلسل ڈنک مارتا رہا لیکن آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  پرسکون رہے۔ آپ سے پوچھا گیاکہ اس موذی (یعنی تکلیف دینے والے)  کو ہٹایا کیوں نہیں؟ فرمایا: ’’مجھے   اللہ عَزَّ وَجَلَّسے حیا آرہی تھی کہ میں صبر کا بیان کروں لیکن خود صبر نہ کروں۔‘‘([81])

صبر کی عادت بنانے کے سات (7)طریقے:

(1)صبر کے فضائل کا مطالعہ کیجئے:‏کیونکہ کسی بھی نیک کام یا اچھے عمل کے فضائل پیش نظر ہوں تو اس پر عمل کرنے کا جلدی ذہن بن جاتاہے، صبر تو وہ‏باطنی خوبی ہے کہ جس کے فضائل قرآن و حدیث میں بکثرت بیان فرمائے گئے ہیں۔صبر کی معلومات، اَقسام، آیات، فضائل وتفصیلی روایات کے لیے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتب اِحیاء العلوم(جلدچہارم)، فیضانِ ریاض الصالحین(جلد اول)، مکاشفۃ القلوب، منہاج العابدین، جنت میں لے جانے والے اَعمال وغیرہ کامطالعہ بہت مفید ہے۔

(2)بارگاہِ اِلٰہی میں صبر کی دعا کیجیے:‏ دعا مؤمن کا ہتھیار ہے، جب مؤمن اپنا ہتھیار ہی استعمال نہیں کرے گا تویقیناً اس کے خطرناک دشمن نفس وشیطان اس پر حملہ آور ہوتے


 

 رہیں گے اور مصیبتوں پر صبر وشکر کی بجائے ناشکری وبے صبری جیسے مذموم اَفعال صادر ہوتے رہیں گے۔

‏ (3)اپنی ذات میں عاجزی پیدا کیجئے:‏کہ کسی کی طرف سے ملنے والی تکلیف پر بے صبری اور انتقامی کاروائی کا ایک سبب تکبر بھی ہے، جب بندہ اپنی ذات میں عاجزی وانکساری پیدا کرے گا تو انتقامی کاروائی کا ذہن ختم ہوجائے گا اور لوگوں سے ملنے والی تکالیف پر صبر نصیب ہوگااور رحمت الٰہی سے اس صبر پر اجر ملے گا۔اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ

(4)جلد بازی نہ کیجئے:‏ہماری زندگی میں کئی کام ایسے ہیں جن میں جلدبازی کی وجہ سے صبر رخصت ہوجاتا ہے، بلکہ اس جلد بازی کی وجہ سے بسا اوقات شدید نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے، لہٰذا جلد بازی کی عادت کو دور کیجئے، صبر سے کام لیجئے۔

(5)معاف کرنے کی عادت اپنائیے:جب کسی کی طرف سے کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو نفس اس سے بدلہ لینے پر اُبھارتا ہے جس کی ضد عفوو درگزر یعنی معاف کردینا ہے، جب بندہ معاف کردینے کی عادت اپنائے گا تو تکالیف پہنچنے پر اسے خود بخود صبر بھی نصیب ہوجائے گا۔

(6)مصیبت میں نعمتوں کو تلاش کیجیے:‏ یہ بزرگان دین کا طریقہ ہے اور اس سے صبر کرنے میں معاونت ملتی ہے، ہر مصیبت میں کوئی نہ کوئی نعمت مخفی(چھپی) ہوتی ہے، مثلاً بسا اوقات ایک چھوٹی مصیبت کسی بڑی مصیبت کو ٹالتی ہے، کوئی مصیبت کسی گناہ کے لیے کفارہ بن جاتی ہے، مصیبتیں درجات میں بلندی کا باعث بھی ہوتی ہے، دُنیوی مصیبتیں اُخروی مصیبتوں سے نجات بھی دلاتی ہیں، یقیناً یہ تمام صورتیںربّ تعالٰی کی بڑی نعمتیں ہیں جو مصیبت میں پوشیدہ ہیں۔امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی


 

عَنْہفرماتے ہیں: ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّنے مجھے جس مصیبت میں بھی مبتلا کیا اس میں مجھ پر چار نعمتیں تھیں: (۱) وہ آزمائش میرے دین میں نہ تھی۔ (۲) اس سے بڑھ کر مصیبت نہ آئی۔ (۳) میں اس پر راضی ہونے کی دولت سے محروم نہ ہوا۔ (۴) مجھے اس پر ثواب کی امید رہی۔‘‘([82])

(7)اپنے سے بڑی مصیبت والے کو دیکھیے:کیونکہ جسے کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو وہ یہی سمجھتا ہے شاید مجھے سب سے زیادہ یا بڑی مصیبت پہنچی ہے اور یہی بات بسا اوقات اسے بے صبری میں مبتلا کردیتی ہے، جب وہ اپنے سے بڑی مصیبت والے کو دیکھے گا تو شکر کرے گا اور اسے صبر کی نعمت نصیب ہوگی۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 (5)…حُسنِ اَخلاق

حسن اَخلاق کی ایک پہلو کے اعتبار سے تعریف:

’’حسن‘‘ اچھائی اور خوبصورتی کو کہتے ہیں، ’’اَخلاق‘‘ جمع ہے ’’خلق‘‘ کی جس کا معنی ہے ’’رویہ، برتاؤ، عادت‘‘۔یعنی لوگوں کے ساتھ اچھے رویے یا اچھے برتاؤ یا اچھی عادات کو حسن اَخلاق کہا جاتا ہے۔امام غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: ’’اگر نفس میں موجود کیفیت ایسی ہو کہ اس کے باعث عقلی اور شرعی طور پر پسندیدہ اچھے اَفعال ادا ہوں تو اسے حسن اَخلاق کہتے ہیں اور اگر عقلی اور شرعی طور پر ناپسندیدہ برے اَفعال ادا ہوں تو اسے بداَخلاقی سے تعبیر کیاجاتا ہے۔‘‘([83])


 

حسن اَخلاق میں شامل نیک اعمال:

حقیقت میں حسن اَخلاق کا مفہوم بہت وسیع ہے، اس میں کئی نیک اعمال شامل ہیں چند اعمال یہ ہیں:معافی کو اختیار کرنا، بھلائی کا حکم دینا، برائی سے منع کرنا،جاہلوں سے اعراض کرنا، قطع تعلق کرنے والے سے صلہ رحمی کرنا،محروم کرنے والے کو عطا کرنا،ظلم کرنے والے کو معاف کردینا،خندہ پیشانی سے ملاقات کرنا،کسی کو تکلیف نہ دینا،نرم مزاجی، بردباری، غصے کے وقت خود پر قابو پالینا، غصہ پی جانا، عفو ودرگزر سے کام لینا، لوگوں سے خندہ پیشانی سے ملنا، مسلمان بھائی کے لیے مسکرانا، مسلمانوں کی خیر خواہی کرنا، لوگوں میں صلح کروانا، حقوق العباد کی ادائیگی کرنا، مظلوم کی مدد کرنا، ظالم کو اس کے ظلم سے روکنا، دعائے مغفرت کرنا، کسی کی پریشانی دور کرنا، کمزوروں کی کفالت کرنا، لاوارث بچوں کی تربیت کرنا، چھوٹوں پر شفقت کرنا، بڑوں کا احترام کرنا، علماء کا ادب کرنا، مسلمانوں کو کھانا کھلانا، مسلمانوں کو لباس پہنانا، پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنا ، مشقتوں کو برداشت کرنا، حرام سے بچنا، حلال حاصل کرنا، اہل وعیال پر خرچ میں کشادگی کرنا۔ وغیرہ وغیرہ۔مزید تفصیل کے لیے دعوت اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کا مطبوعہ رسالہ ’’حسن اخلاق‘‘ اور ’’احیاء العلوم‘‘جلدسوم، صفحہ۱۵۳ تا ۱۶۴ کا مطالعہ کیجئے۔

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآنِ مجید فرقانِ حمید میں ارشاد فرماتا ہے: (وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴))(پ۲۹، القلم: ۴)ترجمۂ کنزالایمان: ’’اور بے شک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے ۔‘‘اس آیت مبارکہ کے تحت تفسیر خزائن العرفان میں ہے:حضرت اُمُّ المومنین عائشہ


 

صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا سے دریافت کیا گیا تو آپ نے فرمایا کہ سیّدِ عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکا خُلْق قرآن ہے ۔ حدیث شریف میں ہے سیّدِ عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ اللہ تعالٰی نے مجھے مَکارِمِ اَخلاق و محاسنِ افعال کی تکمیل وتتمیم (مکمل وپورا کرنے)کے لئے مبعوث فرمایا ۔([84])

ترے خُلْق کو حق نے عظیم کہا…تر ی خِلْق کو حق نے جمیل کیا

کوئی تجھ سا ہوا ہے نہ ہوگا شہا!…تیرے خالق حسن و ادا کی قسم

(حدیث مبارکہ) میزان عمل میں سب سے وزنی شے:

حضرتِ سیِّدُناابودَرْداء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے روایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ، راحت قلب وسینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کافرمانِ باقرینہ ہے: ’’ قیامت کے دن مؤمن کے میزان میں حسنِ اَخلاق سے زیادہ وزنی کوئی شے نہیں ہو گی۔‘‘([85])

حسن اَخلاق کا حکم:

حسن اخلاق کے مختلف پہلو ہیں اسی وجہ سے بعض صورتوں میں حسن اخلاق واجب، بعض میں سنت اور بعض صورتوں میں مستحب ہے۔

(5)(حکایت)نوا سۂ رسول کا کمال حسن اَخلاق :

ایک شامی کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ میں مدینہ منورہ زَادَہَااللّٰہُ شَرَفًاوَّتَعْظِیْمًاحاضر ہوا تو میں نے خچر پر سوار ایک ایسے شخص کو دیکھا کہ اس جیسا خوبصورت، پروقاراورخوش لباس شخص


 

 میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھااورنہ ہی اس کی سواری سے عمدہ سواری کبھی دیکھی تھی،میرا دل اس شخص کی جانب کھنچا جارہا تھا۔جب میں نے ان کے متعلق دریافت کیا تو پتہ چلا کہ یہ امیر المؤمنین حضرت سیدنا علی المرتضی شیرخدا کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْمکے بڑے فرزند حضرت سیدناامامِ حسن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہہیں۔ میرا دل آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکے‏بغض و عداوت سے بھر گیا، مجھے مولا علی شیرخدا کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْمسے حسد ہو گیا کہ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کا بیٹا بھی(شان و‏شوکت کے لحاظ سے) آپ ہی کی مثل ہے۔میں نے آگے بڑھ کر پوچھا:’’کیا تم فرزند ِعلی ہو؟‘‘ امام حسن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہنے جواب دیا:’’جی ہاں! میں سیدنا علی المرتضی شیرخدا کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم  کا بیٹا ہوں۔‘‘یہ سنتے ہی میں آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہاور آپ کے والد ماجد حضرت سیدنا علی المرتضی شیرخدا کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم  کو سب وشتم کرنے (یعنی برا بھلا کہنے)لگا۔

جب میں خاموش ہوا توسیدنا امامِ حسن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہنے مجھے کچھ کہنےیا میری سرزنش کرنے کی بجائے حُسنِ اَخلاق کا بہترین مُظَاہَرہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’لگتا ہے تم حاجت مند ہو؟‘‘میں نے کہا:’’جی ہاں! میں حاجت مند ہوں۔‘‘ فرمایا: ’’ہمارے پاس آجاؤ، اگر تمہیں رہائش کی حاجت ہوئی تو ہم تمہارے قیام کا انتظام کر دیں گے،اگر مال کی حاجت ہوئی تو مالی اعتبار سے خیر خواہی میں ذرہ بر ابر کمی نہیں چھوڑیں گے، اس کے علاو ہ بھی تمہیں کسی چیز کی ضرورت پڑی تو تمہارے ساتھ ضرور تعاون کریں گے۔‘‘ حضرت سیدنا امامِ حسن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکے اس کمالِ حسن اَخلاق کو دیکھ کر اس شامی کے دل میں آپ کی محبت گھر کرگئی۔ وہ شامی شخص کہتا ہے: ’’جب میں حضرت سیدنا امامِ حسن


 

رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے جدا ہوا تو روئے زمین پر آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے بڑھ کر مجھے کوئی محبوب نہ تھا۔آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکے حسن اَخلاق نے مجھے بہت متاثر کیا ، آپ کا شکریہ ادا کرنے کے سوا میرے لیے کوئی چارہ نہ رہا اور مجھے اپنے بُرے رویے پر انتہائی شرمندگی ہوئی۔([86])

حسن اَخلاق اپنانے کے دس (10)طریقے:

(1)اچھی صحبت اِختیار کیجئے:کہ صحبت اثر رکھتی ہے، جو بندہ جیسی صحبت اختیار کرتا ہے ویسا ہی بن جاتا ہے، اچھوں کی صحبت اچھا اور بروں کی صحبت برا بنادیتی ہے، بداَخلاقوں کی صحبت بدخلق اور حسن اَخلاق والوں کی صحبت حسن اَخلاق والا بنادیتی ہے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی بھی اچھا ماحول فراہم کرتی ہے، دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں حسن اَخلاق سکھایا جاتا ہے، بداَخلاقی سے بچایا جاتا ہے، ہزاروں ایسے لوگ جو اپنی بداَخلاقی کی وجہ سے معاشرے میں بدنام تھے، دعوت اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہوئے، حسن اَخلاق کا تاج سر پر سجایا اور آج وہی لوگ دوسروں کو حسن اَخلاق کا درس دیتے نظر آتے ہیں، آپ بھی دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہوجائیے، حسن اَخلاق کو اپنائیے، بداَخلاقی کو دور بھگائیے اور رحمت الٰہی سے اجرکثیر پائیے۔

(2) حسن اَخلاق کے فضائل کا مطالعہ کیجئے: جب کسی چیز کے فضائل پیش نظر ہوں تو اسے اپنانا آسان ہوجاتا ہے، حسن اخلاق کی معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتب علامہ طبرانی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی کی کتاب مکارم الاخلاق ترجمہ بنام حسن اَخلاق، حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِیکی مایہ ناز تصانیف احیاء العلوم، جلدسوم


 

اور مکاشفۃ القلوب کا مطالعہ بہت مفید ہے۔

(3)بداَخلاقی کی دُنیوی واُخروی برائیوں پر غور کیجئے:کہ بداَخلاق شخص سے لوگ نفرت کرتے ہیں، اُس سے دور بھاگتے ہیں، اُسے دُنیوی معاملات میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہ خود بھی پریشان رہتا ہے اور لوگوں کو بھی پریشان کرتا ہے، بداَخلاق شخص کے دشمن بھی زیادہ ہوتے ہیں، بندہ بُرے اَخلاق کے سبب جہنم کے نچلے طبقے میں پہنچ سکتاہے، بداَخلاق شخص اپنے آپ کو دنیاوی مصیبت میں بھی مبتلا کرلیتا ہے، بداَخلاق شخص ٹوٹے ہوئے گھڑے کی طرح ہے جو قابل استعمال نہیں ہوتا۔([87])

(4)حسن اَخلاق میں شامل نیک اَعمال کی معلومات حاصل کیجئے: جب تک بندے کو ایسے نیک اعمال کی معلومات نہیں ہوگی جو حسن اَخلاق میں شامل ہیں تو اس وقت تک حسن اَخلاق کو اختیار کرنا دشوار ہوگا۔ اوپر حسن اَخلاق کی تعریف کے بعد تقریباً تیس (۳۰)سے زائد ایسے نیک اعمال بیان کیے گئے ہیں جو حسن اَخلاق میں شامل ہیں۔

(5)دِل میں احترامِ مسلم پیدا کیجئے: جب بندے کے دل میں مسلمانوں کا احترام پید اہوگا تو خو د بخود اُن کے ساتھ حسن اَخلاق سے پیش آئے گا، اِحترامِ مسلم پیدا کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے بندہ خود سے تمام لوگوں کو اچھا جانے، اپنے آپ کو بڑا گنہگار سمجھے، عاجزی واِنکساری اختیار کرے، یوں احترامِ مسلم پیدا ہوگا اور حسن اَخلاق کی دولت نصیب ہوگی۔اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ

(6)نفسانی خواہشات سےپرہیز کیجیے:‏بسا اوقات ذاتی رَنجش، ناپسندیدگی اور


 

ناراضی کی بناء پرنفس اپنے غصے کا اِظہار غیبت، گالی گلوچ ،چغلی وغیر ہ جیسی بداَخلاقی  کی بدترین قسموں سے کرواتا ہے جو حسن اَخلاق کی بدترین دشمن ہیں، لہٰذا نفسانی خواہشات سے پرہیز کیجئے تاکہ حسن اَخلاق کی دولت نصیب ہو۔

(7)حسن اَخلاق کی بارگاہِ اِلٰہی میں دعا کیجئے:کہ دعا مؤمن کا ہتھیار ہے، حضور نبی رحمت شفیع اُمت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی دو دعائیں پیش خدمت ہیں: ٭ ’’اَللّٰھُمَّ حَسَّنْتَ خَلْقِیْ فَحَسِّنْ خُلُقِیْ یعنی اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! تو نے میری صورت اچھی بنائی ہے پس میرے اخلاق کو بھی اچھا کردے۔‘‘([88])٭’’اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الصِّحَّۃَ وَالْعَافِیَۃَ وَ حُسْنَ الْخُلُق یعنی اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! میں تجھ سے صحت، عافیت اور اچھے اخلاق کا سوال کرتا ہوں۔‘‘([89])

(8)بُرائی کا جواب اچھائی سے دیجیے:‏ برائی کا جواب بھلائی سے دینے کوافضل اَخلاق میں شمار کیا گیا ہے، چنانچہ فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہے": ’’دنیا و آخرت کے افضل اَخلاق میں سے یہ ہے کہ تم قطع تعلق کرنے والے سے صلہ رحمی کرو، جو تمہیں محروم کرے اسے عطا کرو اور جو تم پر ظلم کرے اسے معاف کردو۔‘‘([90])

(9)بد اَخلاقی کے اَسباب کو دُور کیجئے: بداَخلاقی حسن اَخلاق کی ضد ہے، جب بداَخلاقی دور ہوجائے گی تو حسن اَخلاق خود ہی پیدا ہوجائے گا۔ ٭بداَخلاقی کا ایک سبب گھر کا ماحول اچھا نہ ہونا ہے اس کا علاج یہ ہے کہ دعوت اسلامی سے وابستہ ہوجائیے، حکمت عملی کے ساتھ گھر میں مدنی ماحول بنائیے، فحاشی وعریانی والے چینلز کو بند کرکے مدنی


 

 چینل کو بسائیے، اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ مدنی چینل آپ کی آپ کے گھر والوں کی، بچوں کی، والدین اور دیگر رشتہ داروں کی ایسی مدنی تربیت کرے گا، جس سے حسن اَخلاق پیدا کرنے میں آسانی ہوگی۔٭بداَخلاقی کا ایک سبب منصب یا عہدے کا چھن جانابھی ہے کہ جب بندے سے کوئی منصب یا عہدہ چھین لیا جائے تو بسااوقات وہ بداَخلاق ہوجاتا ہے، اس کا علاج یہ ہے کہ بندہ کسی بھی منصب کو مستقل اور دائمی نہ سمجھے ، بلکہ اپنا یوں مدنی ذہن بنائے کہ مجھے تو دنیا میں بھی مخصوص مدت تک رہنا ہے تو یہ منصب ہمیشہ کیسے رہے گا، جب پہلے سے ہی منصب کے ہمیشہ نہ رہنے کا ذہن ہوگا تو اس کے چھن جانے پر افسوس بھی نہ ہوگا اور بداَخلاقی بھی پیدا نہ ہوگی۔اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ ٭بسا اَوقات ضرورت سے زائد مالداری بھی بداَخلاقی کا سبب بن جاتی ہے، لہٰذا بندے کو چاہیے کہ جتنا دنیا میں رہنا ہے اتنا دنیا کے لیے کمائےاور جتنا آخرت میں رہنا ہے اتنا آخرت کی تیاری کرے، اَعمالِ صالحہ بجالائے، رضائے الٰہی والے کام کرے۔

(10)بلا وجہ غصہ چھوڑ دیجیے:بلا وجہ غصہ بہت ساری برائیوں کی جڑ اورکئی خامیوں کی بنیا د ہے، جب بندہ بلا وجہ غصہ کرتا ہے تو بداَخلاقی کا شکار ہوجاتا ہے، بلا وجہ غصے کو چھوڑ دینا ہی اچھے اخلاق کی علامت ہے۔ حضرتِ سیدنا عبداللہ بن مبارک رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  سے عرض کی گئی کہ ’’ایک جملے میں بتائیے کہ اچھے اَخلاق کیا ہیں؟‘‘ ارشاد فرمایا:’’(بلا وجہ) غصے کو چھوڑدینا ۔‘‘([91])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد


 

 (6)مُحَاسَبَۂ نفس(فکرِمدینہ)

محاسبۂ نفس کی تعریف:

محاسبہ کا لغوی معنی حساب لینا، حساب کرناہے اور مختلف اعمال کرنے سے پہلے یا کرنے کے بعد ان میں نیکی وبدی اور کمی بیشی کے بارے میں اپنی ذات میں غور وفکر کرنا اور پھر بہتری کے لیے تدابیر اختیار کرنا محاسبۂ نفس کہلاتا ہے۔حجۃ الاسلام امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: ’’اَعمال کی کثرت اور مقدار میں زیادتی اور نقصان کی معرفت کے لیے جو غور کیا جاتا ہے اسے محاسبہ کہتے ہیں، لہٰذا اگر بندہ اپنے دن بھر کے اعمال کو سامنے رکھے تاکہ اسے(نیک اعمال کی) کمی بیشی (کم یا زیادہ ہونے)کا علم ہوتو یہ بھی محاسبہ ہے۔‘‘([92])

اَعمال سے قبل اور بعد محاسبہ کی نفیس وضاحت:

حضرت سیدنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْغَنِیفرماتے ہیںکہ مؤمن کے دل میں اچانک کوئی پسندیدہ خیال پیدا ہوتا ہے تو مؤمن کہتا ہے: ’’خدا کی قسم! تو مجھے بہت پسند ہے، تو میری ضرورت بھی ہے، لیکن افسوس! تیرے اور میرے درمیان ایک رُکاوٹ ہے۔ ‘‘یہ کہہ کر مؤمن اس پسندیدہ خیال کو ترک کردیتا ہے، اسی کا نام عمل سے پہلے محاسبہ ہے۔ پھر فرمایا کہ بعض اوقات مؤمن سے کوئی خطا ہوجاتی ہے تو وہ نفس کو مخاطب کرکے کہتا ہے: ’’تونے کیا سوچ کر ایسا کیا؟‘‘ خدا کی قسم! ایسی خطا میں میرا کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔ خدا کی قسم! آئندہ میں اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کبھی ایسی خطا نہیں کروں گا۔‘‘([93])


 

محاسبۂ نفس ،فکرمدینہ، دعوتِ اسلامی:

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! نیک اعمال میں کمی بیشی کے اعتبار سے محاسبۂ نفس کرنے کو تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کی اصطلاح میں ’’فکرمدینہ کرنا‘‘ کہتے ہیں۔ شیخ طریقت، امیراہلسنت بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہنے اپنے مریدین، طالبین، متعلقین، بلکہ دعوتِ اسلامی سے محبت کرنے والے تمام مسلمانوں کو محاسبۂ نفس یعنی فکرمدینہ کرنے کے لیے ’’مدنی انعامات‘‘ کا تحفہ عطا فرمایا ہے۔ ’’مدنی انعامات‘‘ دراصل مختلف سوالات پر مشتمل نیک اعمال کی معلومات وترغیبات کا ایسا مجموعہ ہے جس پر عمل کرکے دنیا وآخرت کی ڈھیروں بھلائیاں حاصل کی جاسکتی ہیں، آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اسلامی بھائیوں، اسلامی بہنوں، مدنی منوں، خصوصی اسلامی بھائیوں، مدارس المدینہ اور جامعات المدینہ کے طلبا، اِن تمام کے لیے علیحدہ مدنی انعامات رسائل کی صورت میں مرتب فرمائے ہیں، آپ بھی نیک اَعمال کو بجالانے، اُن پر استقامت اختیار کرنے، اپنی اور اپنے گھر والوں کی دینی وشرعی واخلاقی تربیت کرنے کے لیے مدنی انعامات کے رسائل حاصل کیجئے، اِن پر عمل کیجئے اور ڈھیروں ثواب کمائیے۔

آیت مبارکہ:

  اللہ عَزَّ وَجَلَّاِرشاد فرماتا ہے:( وَ لَاۤ اُقْسِمُ بِالنَّفْسِ اللَّوَّامَةِؕ(۲))(پ۲۹، القیامۃ: ۲)ترجمۂ کنزالایمان:’’اور اس جان کی قسم جو اپنے اوپر بہت ملامت کرے۔‘‘ اس آیت مبارکہ کے تحت حضرت سیدنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْغَنِی فرماتے ہیں : ’’مؤمن ہمیشہ


 

 نفس کو جھڑکتا رہتا ہے کہ تونے فلاں بات کیا سوچ کر کہی؟ فلاں کھانا تونے کس لیے کھایا؟ فلاں مشروب تونے کس لیے نوش کیا؟ جبکہ کافر زندگی بسر کرتا رہتا ہے لیکن کبھی اپنے نفس کو نہیں جھڑکتا (یعنی اس کا محاسبہ نہیں کرتا)۔‘‘ ([94])

(حدیث مبارکہ)سمجھدار کون؟

سروَرِ عالم ،نورِ مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا : ’’سمجھ دار وہ شخص ہے جو اپنا محاسبہ کرے اور آخرت کی بہتری کے لئے نیکیاں کرے اور عاجزوہ ہے جو اپنے نفس کی خواہشات کی پیروی کرے اور اللہ تعالٰی سے آخرت کے اِنعام کی امید رکھے۔‘‘([95])

محاسبۂ نفس کا حکم:

حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی نقل فرماتے ہیں: ’’ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ اور آخرت پر ایمان رکھنے والے ہر عقل مند شخص پر لازم ہے کہ وہ نفس کے محاسبہ سے غافل نہ ہو اور نفس کی حرکات وسکنات اور لذات وخیالات پر سختی کرے کیونکہ زندگی کا ہر سانس اَنمول ہیرا ہے جس سے ہمیشہ باقی رہنے والی نعمت (یعنی جنت) خریدی جاسکتی ہے تو اِن سانسوں کو ضائع کرنا یا ہلاکت والے کاموں میں صَرف کرنا بہت سنگین اور بڑا نقصان ہے جو سمجھدار شخص کا شیوہ نہیں۔‘‘([96])

(6)(حکایت)محاسبۂ نفس کرنے والاخوش نصیب:

دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۶۴۹صفحات پر مشتمل


 

کتاب ’’حکایتیں اور نصیحتیں‘‘ص۵۲پر ہے:حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر کَتَّانِی قُدِّسَ سِرُّہُ النّوْرَانِی  فرماتے ہیں: ایک شخص برائیوں اور خطاؤں پر اپنے نفس کا محاسبہ کیاکرتا تھا۔ ایک دن اس نے اپنی زندگی کے سالوں کا حسا ب لگا یا تو سا ٹھ(60) سال بنے، پھر دنوں کا حسا ب کیا تو اکیس ہزار پانچ سو (21500)دن  بنے تو اس نے ایک زوردار چیخ ماری اوربے ہو ش ہو کر گر پڑا، جب ہوش میں آیا تو کہنے لگا: ’’ہائے افسوس! اگر روزانہ ایک گناہ بھی کیا ہو تو اپنے ربّ  عَزَّ وَجَلَّکے حضور اِکیس ہزار پانچ سو (21500)گناہ لے کر حا ضر ہوں گا تو ان گناہوں کا کیا حال ہوگا جن کا شمار ہی نہیں؟ ہائے افسوس! میں نے اپنی دنیاآباد کی اور آخرت برباد کی اور اپنے پروردگار عَزَّ وَجَلَّکی نافرمانی کرتا رہا، میں دنیا میں تو آبادی سے بربادی کی طرف منتقل ہونا پسند نہیں کرتا تو بروزِقیامت بغیر ثواب وعمل کے حساب و کتاب کیسے دوں گا؟ اور عذاب کا سامنا کیسے کروں گا؟‘‘ پھر اس نے ایک زوردار چیخ ماری اورزمین پرگر گیا، جب حرکت دی گئی تو اس کی جان جانِ آفریں کے سپرد ہو چکی تھی۔

محاسبہ کرنے اور اس کا ذہن بنانے کے بارہ (12)طریقے:

(1) محاسبۂ نفس کی معرفت حاصل کیجئے:کہ جب تک کسی چیز کی معلومات نہ ہوں اس چیز تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے، جب محاسبۂ نفس کی معرفت ومعلومات حاصل ہوں گی تو محاسبۂ نفس کرنا بہت آسان ہوجائے گا، اس کے لیے حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِیکی مایہ ناز تصنیف ’’احیاء العلوم‘‘ جلد۵، صفحہ۳۱۱سے مطالعہ بہت مفید ہے۔

(2)خوف خدا کے واقعات ملاحظہ کیجئے: کہ بندہ جب   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے نیک بندوں کے خوفِ خدا سے بھرپور واقعات کا مطالعہ کرتا ہے تو اس کا یہ مدنی ذہن بنتا ہے کہ وہ لوگ نیک


 

 پرہیزگار ہونے کے باوجود   اللہ عَزَّ وَجَلَّسے اتنا ڈرتے تھے، میں تو بہت ہی گنہگار ہوں مجھے تو ربّ تعالٰی سے بہت زیادہ ڈرنا چاہیے یوں رحمت الٰہی سے اسے محاسبۂ نفس نصیب ہو جائے گا۔ اِنْ شَآءَاللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ، اللہ عَزَّ وَجَلَّکے نیک بندوں کے خوفِ خدا سے متعلق واقعات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۱۶۰صفحات پر مشتمل کتاب ’’خوفِ خدا‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔

(3)بزرگانِ دِین کے محاسبہ کے واقعات کا مطالعہ کیجئے:٭حضرت سیدنا ابوطلحہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکے بارے میں مروی ہے کہ کسی پرندے نے ان کی توجہ نماز سے ہٹا کر باغ کی جانب مبذول کروادی تو آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہنے غوروفکر کیا اور اپنے فعل پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے بطورِ کفارہ اپنا باغ راہ خدا میں صدقہ کردیا۔ ٭ حضرت سیدنا عبداللہ بن سلام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہنے لکڑیوں کا ایک گٹھا اٹھایا تو کسی نے کہا: ’’اے ابویوسف! آپ کے بیٹے اور غلام اس کام کے لیے کافی تھے۔‘‘ فرمایا: ’’میں نفس کا امتحان لینا چاہتا تھا کہ کہیں وہ انکار تو نہیں کرتا۔‘‘٭سیدنا فاروق اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہرات کے وقت پاؤں پر درہ مار کرنفس سے پوچھتے: ’’آج تونے کیا عمل کیا؟‘‘([97])

(4) اپنے آپ کو بے باک اور جری ہونے سے بچائیے:کہ یہ چیزبندے کو تکبر وسرکشی پر مجبور کردیتی ہے اور بندہ کبھی بھی اپنا محاسبہ نہیں کر پاتا۔ عموماً دین کا علم نہ ہونا بے باک اور جری ہونے پر اُبھارتا ہے لہٰذا بندے کو چاہیے کہ علمائے اہلسنت ومفتیانِ عظام سے رابطے میں رہے، ہر معاملے میں ان سے شرعی رہنمائی حاصل کرے، دینی علوم حاصل کرنے کے لیے دینی کتب ورسائل کا مطالعہ کرے، اسلامی عقائد ، نماز ، روزہ، حج، زکوۃ وروز مرہ کے


 

 کثیر معاملات کے مختلف مسائل جاننے کے لیے ’’بہارِشریعت‘‘ کا مطالعہ بہت مفید ہے۔

(5)حسابِ قیامت کو یاد کیجئے:کہ آج اگر میں نے دنیا میں اپنا محاسبہ کرکے نیک اَعمال کرنے اور برے اَعمال سے بچنے کی کوشش نہ کی تو کل بروزِ قیامت بارگاہِ الٰہی میں کیسے حساب دوں گا؟ امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ نے ارشاد فرمایا: ’’اپنے نفس کا محاسبہ کرو اس سے پہلے کہ تمہارا حساب لیا جائے اور وزن کیے جانے سے پہلے اپنے عمل کا خود وزن کرو اور بہت بڑی پیشی کے لیے تیار ہو جاؤ۔‘‘(1) حضرت سیدنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْغَنِی فرماتے ہیں: ’’دنیا میں نفس کا محاسبہ کرنے والوں کا حساب آخرت میں آسان ہوگا جبکہ محاسبہ نہ کرنے والوں کا حساب بروز قیامت سخت ہوگا۔‘‘([98])

(6) ہر کام کے کرنے سے قبل غور کیجئے: کہ یہ اچھے اور برے عمل کو پرکھنے کے لیے ایک بہترین محاسبہ ہے، ایک شخص نے رسول اکرم شاہ بنی آدم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی خدمت میں عرض کی کہ مجھے نصیحت فرمائیے تو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ’’جب کسی کام کا ارادہ کرو تو اس کے انجام میں غور وفکر کرلو، اگر انجام اچھا ہو تو اسے کرلو اور اگر برا ہو تو نہ کرو۔‘‘([99])

(7)محاسبۂ نفس کے لیے وقت مقرر کرلیجئے:محاسبۂ نفس کی عادت بنانے کا ایک بہترین طریقہ یہ بھی ہے کہ اس کے لیے وقت مقرر کرلیا جائے، کیونکہ جس کام کے لیے کوئی وقت مقرر کرلیا جائے تو اسے کرنے میں آسانی ہوجاتی ہے۔


 

(8) ہر صبح اور رات محاسبۂ نفس کیجئے:صبح اس طرح محاسبہ کیجئے:’’اے نفس! یاد رکھ میری تمام جمع پونجی یہی زندگی ہے اگر یہ ضائع ہوگئی تو میرا تمام مال ضائع ہوجائے گا اور مجھے اخروی تجارت اور اس کے نفع سے محروم ہونا پڑے گا، اے نفس! تو یہ سمجھ کہ تجھے موت آگئی تھی لیکن تجھے دوبارہ دنیا میں بھیج دیا گیا ہے لہٰذا اسے غنیمت جان اور آج کسی گناہ میں مشغول نہ ہونا، اللہ عَزَّ وَجَلَّاور اس کے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی اطاعت میں گزارنا۔‘‘ رات کو سونے سے قبل دن بَھر کیے جانے والے تمام اَعمال پر غوروفکر کیجئے کہ آج میں نے کون کون سے نیک اعمال کیے؟ نیز نفس وشیطان کے بہکاوے میں آکر کون کون سے گناہ کیے؟ پھرنیک اعمال میں کمی ہو تو نفس سے اس بات کا عہد لیجئے کہ اب اِن نیک اَعمال میں اضافہ کروں گا، اسی طرح اگر گناہ کیے ہیں تو اُن سے سچی پکی توبہ کیجئے، ہوسکے تو صلاۃ التوبہ بھی ادا کیجئے، پھر نفس سے اس بات کا عہد لیجئے کہ آئندہ ان گناہوں سے بچنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

(9) محاسبہ کرنے کے فوائد،نہ کرنے کے نقصانات پر نظر رکھیے: اپنا یوں مدنی ذہن بنائیے کہ میرے ربّ  عَزَّ وَجَلَّسے کچھ پوشیدہ نہیں، عنقریب مجھ سے حساب ہوگا، مجھے تمام خیالات ولمحات کا بھی حساب دیناہے، بہتر یہی ہے کہ میں اپنی ہر سانس وحرکت اور ہر لحظہ ولمحہ نفس پر کڑی نظر رکھوں کیونکہ جس نے حساب وکتاب سے پہلے خود اپنا محاسبہ کرلیا بروز قیامت اس کا حساب آسان ہوگا اور سوال کے قت وہ جواب دے سکے گا نیز اس کا انجام وٹھکانہ بھی اچھا ہوگا اور جو آدمی اپنا محاسبہ نہیں کرتا اسے حشر کے میدان میں زیادہ دیر رکنا پڑسکتا ہے نیز اس کی برائیاں اسے غضب ورُسوائی میں مبتلا کردیں گی۔


 

(10)اچھی باتوں کی سوچ اور بری باتوں پر ندامت اختیار کریں: کہ اس طرح اچھی باتوں پر عمل کی ترغیب اور بُری باتوں کو چھوڑنے کی توفیق ملتی ہے۔ حضرت سیدنا ابن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں:’’بھلائی میں غوروفکر کرنا اس پر عمل کرنے کی دعوت دیتا ہے اور برائی پر نادم ہونا برائی چھوڑنے پر ابھارتا ہے۔‘‘([100])

(11)مشاہدات سے عبرت حاصل کیجئے:دن بھر ہماری نظروں سے کئی مناظر گزرتے ہیں، ہم کئی مشاہدات کرتے ہیں، اگر اِ ن‏مشاہدات سے عبر ت حاصل کرنے کا ذہن بن جائے تو محاسبہ کرنے میں کافی آسانی ہوجائے گی۔مثلاً کوئی حادثہ دیکھ کر یہ سوچیں کہ خدانخواستہ اگر حادثہ میرے ساتھ پیش آجاتا تو میرا کیا بنتا؟ کیا میں نے قبر میں جانے کی تیاری کرلی تھی؟ کیا میں نے اپنے آپ کو حساب وکتاب کے لیے تیار کرلیا تھا؟ حضرت سیدنا سفیان بن عیینہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ    اپنی گفتگو میں اکثر ایک شعر سے مثال دیا کرتے تھے جس کا ترجمہ یوں ہے کہ ’’جب اِنسان غوروفکر کرتا ہے تو اسے ہر شے سے عبرت حاصل ہوتی ہے ۔‘‘([101])

(12)محاسبہ کی عادت بنانے کے لیےمشق کیجیے:‏مشق کا مطلب ہے ایک کام کو باربار کرنا اور جب کسی کام کو باربار کیا جاتا ہے تو وہ قرار پکڑ جاتا ہے، اُس پر استقامت نصیب ہوجاتی ہے۔کبھی کبھار علیحدگی میں آنکھیں بند کرکے اپنے روز مرہ کے معمولات کے محاسبہ کی یوں مشق کیجیے: ’’بھولے سے یا جان بوجھ کر صادر ہونے والے گناہوں کو یاد کیجئے کہ کل صبح سے لے کر اب تک جس اَنداز سے میں اپنا وَقت گزارچکا ہوں، کیا یہ


 

اندازایک مسلمان کو زیب دیتا ہے ؟افسوس!٭نماز فجر باجماعت ادا کرنے میں سستی کی ٭رسولُ اللہصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی میٹھی میٹھی سنت داڑھی بھی منڈائی٭ والدین کی بے ادبی کی، ان کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آیا٭دن بھر بدنگاہی کی٭ جھوٹ، دھوکہ دہی اور خیانت کرکے مال کمایا ٭ مال کمانے میں اتنا مصروف رہا کہ دیگر نمازوں کا بھی خیال نہ رہا٭آوارہ دوستوں کی مجلس میں بیٹھ کر غیبت، چغلی، حسد، تکبر، بدگمانی جیسے باطنی امراض کا شکار ہوا ٭فلمیں ڈرامے، گانے باجے بھی سنے ٭الغرض یوں سارا وقت   اللہ عَزَّ وَجَلَّاور اس کے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی نافرمانی میں گزار دیا۔اے نادان!تُو کب تک اسی مَنْحوس طرزِ زندگی کواپنائے رکھے گا؟کیا روزانہ یُونہی تیرے نامۂ اعمال میں گُناہوں کی تعداد بڑھتی رہے گی؟کیا تجھے نیکیوں کی بالکل حاجَت نہیں؟کیا تجھ میں دَوْزَخ کے شدید ترین عذابات برداشت کرنے کی ہمت و طاقت ہے؟کیا تُو جنت سے محرومی کا دُکھ برداشت‏کر پائے گا؟یاد رکھ! اگراب بھی تُوخوابِ غفلت سے بیدار نہ ہوا تو اچانک موت کی سختیاں تجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیں گی، لیکن اَفسوس ! اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوگی، پچھتانے کے سِوا کچھ حاصل نہ ہو گا ، لہٰذا اپنی اس قیمتی زندگی کو غنیمت جانتے ہوئے خدائے احکم الحاکمین عَزَّ وَجَلَّکی اطاعت اور مؤمنین پر رحم وکرم فرمانے والے رسولِ کریم رءوف رحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی سنتوں کی اتباع میں لگ جا، تجھے دنیا وآخرت کی بھلائیاں نصیب ہوں گی۔

دل میں ہو یاد تری گوشۂ تنہائی ہو…پھر تو خلوت میں عجب انجمن آرائی ہو

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد


 

 (7)مُرَاقَبَہ کرنا

مراقبہ کی تعریف:

مراقبہ کے لغوی معنی نگرانی کرنا، نظر رکھنا، دیکھ بھال کرنا کے ہیں،اس کا حقیقی معنی اللہ عَزَّ وَجَلَّکا لحاظ کرنا اور اس کی طرف پوری طرح متوجہ ہونا ہے اور جب بندے کو اس بات کا علم (معرفت)ہوجائے کہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے،   اللہ عَزَّ وَجَلَّ دل کی باتوں پر مطلع ہے، پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے، بندوں کے اعمال کو دیکھ رہا ہے اور ہر جان کے عمل سے واقف ہے، اس پر دل کا راز اس طرح عیاں ہے جیسے مخلوق کے لیے جسم کا ظاہری حصہ عیاں ہوتا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ عیاں ہے، جب اس طرح کی معرفت حاصل ہوجائے اور شک یقین میں بدل جائےتو اس سے پیدا ہونے والی کیفیت کو مراقبہ کہتے ہیں۔([102])

واضح رہے کہ عرفِ عام میںخلوت (علیحدگی) میں، یا جلوت (بھیڑ )میں، یا کسی بزرگ کے مزار پر سر جھکا کر دل میں خوفِ خدا کا تصور جمانا، یا فکر آخرت کرنا، یا ذِکرُاللہ کرنا، یا اوراد ووظائف پڑھنا، یا محبت الٰہی میں گم ہوجانا، یا اپنے شیخ کی باطنی توجہ کے ذریعے قلب کو زندہ کرنا، یا دل کی صفائی کرنا، یا بذیعہ استخارہ ربّ تعالٰی سے کسی معاملے میں معاونت چاہنا وغیرہ۔ اِن تمام صورتوں کو بھی مراقبہ سے ہی تعبیر کیا جاتا ہےلیکن یہاں یہ مراقبہ مراد نہیں ہے۔

آیت مبارکہ:

  اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے: (وَ كَانَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ رَّقِیْبًا۠(۵۲)) (پ۲۲،


 

الاحزاب: ۵۲)ترجمۂ کنزالایمان: ’’اور اللہ ہر چیز پر نگہبان ہے۔‘‘

(حدیث مبارکہ)مراقبہ کی مبارک تعلیم:

حضرت سیدنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے ایک طویل حدیث پاک مروی ہے کہ حضرت جبریل امین عَلَیْہِ السَّلَام بارگاہ ِرِسالت میں حاضر ہوئے اور چند سوالات کیے، اُن میں سے ایک سوال یہ تھا کہ ’’یارسولَ اللہصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! اِحسان کیا ہے؟‘‘ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ’’تم اللہ عَزَّ وَجَلَّکی اس طرح عبادت کرو کہ گویا تم اسے دیکھ رہے ہو اور اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو وہ تمہیں ضرور دیکھ رہا ہے۔‘‘([103])علامہ ابوالقاسم عبد الکریم ھوازن قشیری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں: ’’حضور نبی کریم عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَالتَّسْلِیْمکا یہ فرمانا کہ اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو وہ تمہیں ضرور دیکھ رہا ہے۔مراقبہ کی طرف اشارہ ہے کیونکہ مراقبہ بندے کے اس بات کو جاننے (اور یقین رکھنے) کا نام ہے کہ ربّ تعالٰی اسے دیکھ رہا ہے۔‘‘([104])

مراقبہ کا حکم:

’’مراقبہ ‘‘یعنی اس بات کا علم اور یقین رکھنا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے ہر مسلمان پر ضروری ہے اور یہ تمام نیکیوں کی اصل ہے، مراقبہ کے بغیر کسی عمل میں اخلاص نہیں ہو سکتا، حضرت سیدنا ابن عطا رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  سے پوچھا گیا کہ افضل عبادت کیا ہے؟ تو ارشاد فرمایا: ’’مُرَاقَبَۃُ الْحَقِّ عَلٰی دَوَامِ الْاَوْقَاتیعنی ہر وقت مراقبہ یعنی اس بات کا علم اور یقین


 

 رکھنا کہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے۔‘‘([105])

(7)(حکایت)مراقبہ کرنے والاشاگرد:

ایک بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کے بہت سے شاگرد تھے، وہ ان تمام شاگردوں میں سے ایک شاگرد کے ساتھ بہت امتیازی سلوک کرتے اور اس پر زیادہ توجہ دیا کرتے تھے۔ جب ان سے ایک ہی شاگرد کے ساتھ اس امتیازی سلوک کی وجہ دریافت کی گئی تو انہوں نے فرمایا کہ میں ابھی تم لوگوں پر ظاہر کرتا ہوں کہ میں اس شاگرد پر زیادہ توجہ اور اس کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں کرتا ہوں۔پھر انہوں نے اس شاگرد سمیت دیگر تمام شاگردوں کو بلایا اور سب کو ایک ایک پرندہ دے کر حکم دیا کہ اس پرندے کو لے جاکر ایسی جگہ ذبح کرکے لاؤ جہاں تمہیںکوئی نہ دیکھ رہا ہو۔تمام شاگرد چلے گئے اور جب واپس آئے تو اس ایک شاگرد کے علاوہ سب نے اپنے پرندے ذبح کیے ہوئے تھے۔ ان بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے اس شاگرد سے پوچھا کہ ’’تم نے اپنا پرندہ کیوں ذبح نہ کیا؟‘‘ تو اس نے عرض کی: ’’عالی جاہ! آپ نے فرمایا تھا کہ یہ پرندہ ایسی جگہ ذبح کرنا جہاں کوئی نہ دیکھ رہا ہو، مجھے کوئی بھی ایسی جگہ نہیں ملی جہاں کوئی نہ دیکھ رہا ہو۔‘‘ (کیونکہ میں جہاں بھی گیا وہاں میرا رب مجھے دیکھ رہا تھا۔)اِس مراقبہ کرنے والے شاگرد کا یہ عالیشان جواب سن کر اُن بزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے اِمتیازی سلوک اور زیادہ توجہ کے بارے میں پوچھنے والوں سے ارشاد فرمایا: ’’یہ وجہ ہے جس کے سبب میں اس پر زیادہ توجہ کرتا اور اس کے ساتھ امیتازی سلوک کرتا ہوں۔‘‘([106])


 

مراقبہ کرنے کےپانچ (5) طریقے:

(1) مراقبہ کی معلومات حاصل کیجئے: اس سلسلے میں علامہ ابوالقاسم عبد الکریم ھوازن قشیری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  کی کتاب ’’رسالہ قشیریہ‘‘ اور حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کی مایہ ناز کتاب ’’احیاء العلوم‘‘ جلدپنجم کا مطالعہ بہت مفید ہے۔

(2) مراقبہ کے فوائد پر غور کیجئے: کہ مراقبہ تمام نیکیوں کی اصل ہے، مراقبہ کے بغیر کسی عمل میں اخلاص پیدا نہیں ہوسکتا، مراقبہ تمام برائیوں سے بچانے میں معاون ہے، مراقبہ نیک اعمال میں رغبت کو بڑھاتا ہے، مراقبہ دل میں خوفِ خدا کو پیدا کرتا ہے، مراقبہ ظلم سے بچاتا ہے، مراقبہ کی تعلیم خود رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے عطا فرمائی ہے، مراقبہ کرنا بزرگانِ دِین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن کا مبارک طریقہ ہے۔ وغیرہ وغیرہ

(3) ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے‘‘نمایاں جگہ پر لکھ کر لگادیجئے:گھر، دکان، آفس وغیرہ میں ایسی جگہ جہاں ہروقت یا اکثر نظر پڑتی ہے وہاں یہ جملہ لکھ کر لگادینے سے مراقبہ کرنے میں آسانی پیدا ہوگی۔امیراہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو دیکھا گیا ہے کہ آپ بسا اوقات اپنے سینے پر ایسا کارڈ آویزاں فرماتے ہیں جس پر واضح اور جلی (یعنی بڑے )حروف میں لکھا ہواتا ہے : ’’  اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے۔‘‘

(4) اپنے بچوں کو مراقبہ کی تربیت دیجئے:انہیں یہ سکھائیے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے۔ بچپن کی تربیت پوری زندگی اثر کرے گی اور جب وہ بچہ اَحکامِ شرعیہ کا مکلف ہوگا تو اِنْ شَآءَاللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ مراقبہ کی یہ تربیت اسے نیک اعمال کے بجالانے اور گناہوں سے بچنے میں بہت معاون ثابت ہوگی۔


 

(5) کوئی بھی کام کرنے سے پہلے ایک منٹ مراقبہ کیجئے: کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّدیکھ رہا ہے، اگر اس میں اخروی فائدہ ہوتو بجالائے ورنہ ترک کردے، یوں مراقبہ کی عادت بھی بنے گی اور نیک اَعمال بجالانے، گناہوں سے بچنے میں آسانی بھی ہوگی۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(8)مُجَاہَدَہ کرنا

مجاہدہ کی تعریف:

        مجاہدہ جہد سے نکلاہے جس کا معنی ہے کوشش کرنا، مجاہدے کا لغوی معنی دشمن سے لڑنا، پوری طاقت لگادینا، پوری کوشش کرنااور جہاد کرنا ہے۔ جبکہ نفس کو ان غلط کاموں سے چھڑانا جن کا وہ عادی ہوچکا ہے اورعام طور پر اسے خواہشات کے خلاف کاموں کی ترغیب دینا یا جب محاسبۂ نفس سے یہ معلوم ہوجائے اس نے گناہ کا ارتکاب کیا ہے تو اسے اس گناہ پر کوئی سزا دینا مجاہدہ کہلاتا ہے۔([107])

آیت مبارکہ:

  اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآنِ مجید فرقانِ حمید میں ارشاد فرماتا ہے: (وَ الَّذِیْنَ جَاهَدُوْا فِیْنَا لَنَهْدِیَنَّهُمْ سُبُلَنَا١ؕوَاِنَّ اللّٰهَ لَمَعَ الْمُحْسِنِیْنَ۠۝۶۹) (پ۲۱،العنکبوت: ۶۹) ترجمۂ کنزالایمان: ’’اور جنہوں نے ہماری راہ میں کوشش کی ضرور ہم انہیں اپنے راستے دکھا دیں گے اور بیشک اللہ نیکوں کے ساتھ ہے۔‘‘حضرت سیدنا استاذ ابوعلی دقاق  عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَہَّاب اِس آیت مبارکہ کے ضمن میں ارشاد فرماتے ہیں: ’’جس شخص نے اپنے ظاہر کو مجاہدہ


 

 کے ساتھ مزین کیا   اللہ عَزَّ وَجَلَّاس کے باطن کو مشاہدہ کے ساتھ حسین بنادیتا ہے۔‘‘([108])

(حدیث مبارکہ)مجاہدہ نفس کرنے والے صحابی:

حضرت سیِّدُنا طلحہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ ایک دن ایک شخصزائد کپڑے اتار کر باہر نکلا اور گرم ریت پر خوب لوٹ‏کر خود کو مخاطب کرکے کہنے لگا: ’’اے رات کے مردار اور دن کے بیکار!یہ ذائقہ چکھ، کیونکہ جہنم کی آگ اس سے بھی زیادہ گرم ہے۔‘‘اس دوران اچانک اس کی نگاہ حضورِ اکرم نورِمُجَسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی جانب گئی کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمایک درخت کے سائے میں تشریف فرماہیں۔ وہ خدمت اَقدس میں حاضر ہوکر عرض گزارہوا:’’میرا نفس مجھ پرغالب ہوگیا ہے۔‘‘رسولِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:’’سنو!تمہارے لئے آسمانی دروازے کھول دئیے گئے ہیں،   اللہ عَزَّ وَجَلَّفرشتوں کے سامنے تم پر فخر فرما رہا ہے۔‘‘پھر آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَانسے ارشاد فرمایا:’’اپنے بھائی سے توشَۂ آخرت لو۔‘‘ ایک شخص نےکہا:’’اے فلاں! میرے لئے دعا‏کرو۔‘‘رَسولِ اَکرم،شاہِ بنی آدم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:’’ان سب کے لئے دعا کرو۔‘‘چنانچہ اُس نےیوں دعا مانگی:’’اَللّٰھُمَّ اجْعَلِ التَّقْوٰی زَادَھُمْ وَاجْمَعْ عَلَی الْھُدٰی اَمْرَھُمْ یعنی اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! ان سب کا زاد ِ راہ تقویٰ بنادے اوران سب کے معاملے کو ہدایت پر جمع فرما۔‘‘ پھر رحمت عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے اس شخص کے لئے دعا فرمائی: ’’اے   اللہ عَزَّ وَجَلَّ!اس کو راہِ راست پرثابت رکھ۔‘‘ اس شخص نے کہا:’’اے   اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمارا ٹھکانا جنت بنادے۔‘‘([109])


 

مجاہدہ کا حکم:

ہر مسلمان کو چاہیے کہ مجاہدہ نفس کرے کہ یہ عمل نجات کا باعث ہے، اگر نفس محاسبہ کے باوجود حقوق اللہ میں کوتاہی اور گناہ کرنے سے باز نہ آئے تو اسے کھلی چھٹی نہیں دینی چاہیے کیونکہ اس طرح اس کے لیے گناہ کرنا آسان ہوجاتا ہے اور نفس کو گناہوں کی لَت پڑجاتی ہے، پھر گناہوں سے بچنا مشکل ہوجاتا ہے اور یہ چیز ہلاکت کا سبب بن جاتی ہے لہٰذا نفس کو خبردار کرتے رہنا چاہیے۔ مثلاً آدمی جب نفسانی خواہش کے سبب کوئی مشتبہ لقمہ کھالے تو نفس کو بھوکا رکھ کر سزا دے اور اگر کسی غیر محرم کو دیکھ لے تو آنکھ کو یہ سزا دے کہ کسی چیز کی طرف نہ دیکھے۔ اسی طرح جسم کے ہر عضو کو کوتاہی کرنے پر خواہشات کی تکمیل سے روک کر سزا دے، راہِ آخرت کے مسافروں کی یہی عادت ہے۔([110])

(8)(حکایت)سستی دلانے پر نفس کو انوکھی سزا:

سید الطائفہ حضرت سیدنا جنید بغدادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی بیان کرتے ہیں کہ ایک بار شیخ ابن کریبی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِینے فرمایا کہ رات کا وقت تھا، مجھے غسل کی ضررت پیش آئی تو میں نے ارادہ کیا کہ اسی وقت غسل کرلوں مگرسخت سردی کے سبب نفس نے سستی دلائی اور مشورہ دیا کہ ’’صبح تک غسل مؤخر کردو، بعد میں پانی گرم کرکے غسل کرلینا یا حمام چلے جانا، خواہ مخواہ خود کو کیوں مشقت میں ڈال رہے ہو؟‘‘ میں نے کہا: ’’بڑی عجیب بات ہے جو حقوق مجھ پر واجب تھے اس کی ادائیگی میں پوری زندگی   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی فرمانبرداری کرتا رہا تو آج عمل کرنے میں جلدی کی بجائے سستی اور تاخیر کیسے کرسکتا ہوں؟‘‘ لہٰذا میں نے


 

نفس کو انوکھی سزاد ینے کے لیے قسم کھائی کہ میں اسی لباس میں غسل کروں گانیز اسے اتار کر نچوڑوں گا بھی نہیں بلکہ بدن ہی پر خشک کروں گا۔([111])

مجاہدہ کرنے اور اس کا عادی بننے کے چھ (6)طریقے:

(1) مجاہدہ کرنے کے فوائد پر غور کیجئے: کہ مجاہدہ یعنی غلطی کرنے پر نفس کو سزا دینا گناہوں سے بچنے میں معاون ہے کہ ایک بار نفس کو سزا ملے گی تو دوبارہ گناہ میں مبتلا ہونے سے پہلے وہ ضرور سوچے گا، مجاہدہ کرنے سے بندہ اپنے آپ کو چھوٹے بڑے تمام گناہوں سے بچاسکتا ہے، ظلم وستم سے بچ سکتا ہے، دل آزاری سے بچ سکتا ہے، مسلمانوں کی حق تلفی سے بچ سکتا ہے، مجاہدہ کرنے سے نفس بے باک اور جری ہونے سے بچ جاتا ہے، مجاہدہ کرنے سے نفس کنٹرول میں رہتا ہے، مجاہدہ کرنے سے نیکیوں میں اضافہ ہوتا ہے، کئی ایسے بڑے بڑے نیک کام جو پہلے بندہ نہیں کرسکتا تھا مجاہدہ کرنے کے بعد ان نیک کاموں کو بجالانا بہت آسان ہوجاتا ہے، مجاہدہ   اللہ  عَزَّ وَجَلَّکی رضا کا سبب ہے، مجاہدہ آخرت کی منزلوں کو آسان کرتا ہے، مجاہدہ مغفرت کا سبب اور جنت میں لے جانے والا کام ہے۔وغیرہ وغیرہ

(2) مجاہدہ کرنے والے بزرگوں کے واقعات کا مطالعہ کیجئے: اس سلسلے میں حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کی مایہ ناز تصنیف ’’احیاء العلوم‘‘ جلد ۵، صفحہ ۳۵۴ تا ۳۶۳تک مطالعہ بہت مفید ہے۔

(3)ظاہری اور باطنی گناہوں کی معلومات حاصل کیجئے: کیونکہ گناہوں کی معلومات


 

 نہ ہونے کی صورت میں نفس کو کسی گناہ پر سزا دینا بہت دشوار ہے، اس سلسلے میں مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ اِن کتب کا مطالعہ بہت مفید ہے: احیاء العلوم، ج۳، باطنی بیماریوں کی معلومات، جہنم میں لے جانے والے اعمال۔وغیرہ

(4) روزانہ فکر مدینہ کیجئے، مدنی انعامات پر عمل کیجئے: کہ اس سے یہ ظاہر ہوگا کہ آج کون کون سے نیک اعمال کیے ہیں، کن میں سستی ہوئی اور نفس وشیطان نے کون کون سے گناہوں میں مبتلا کیا، پھر ان گناہوں پر نفس کو سزا دے اور آئندہ نہ کرنے کا عہد لے، اِنْ شَآءَ اللّٰہ  عَزَّ وَجَلَّ اس طرح نیکیوں پر معاونت میں خوب مدد ملے گی۔

(5) مدنی قافلوں میں سفر کیجئے:تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی قافلوں میں عملی طور پر مجاہدہ کروایا جاتا ہے کہ وہ نفس جو پہلے فرائض وواجبات کی کوتاہی میں مبتلا تھا مدنی قافلوں میں اس نفس کو فرائض وواجبات کے ساتھ سنن ونوافل بھی ادا کرنے کا عملی طور پر جذبہ ملتا ہے، نمازِ تہجد، اشراق، چاشت، اوابین اور صلاۃ التوبہ کی سعادت نصیب ہوتی ہے، وہ نفس جو پہلے مسجد جانے سے کتراتا تھا اب اسے دن رات مسجد میں ہی گزارنے ہوتے ہیں، جو نفس علم دِین سے گھبراتا تھا اب اسے مختلف اَوقات میں علم دِین حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔وغیرہ وغیرہ

(6)مدنی مذاکروں میں شرکت کیجئے:اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّتبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے بانی شیخ طریقت امیراہلسنت ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ وقتاً فوقتاً مدنی مذاکرے فرماتے ہی رہتے ہیں جن میں آپ لوگوں کے مختلف سوالات کے علمی واصلاحی جوابات عطا فرماتے ہیں، نفس وشیطان


 

 کی حیلہ بازیوں سے آگاہ فرماتے اور ان سے بچنے کے طریقے ارشاد فرماتے ہیں، مجاہدۂ نفس کرواتے ہیں، مدنی ذہن بناتے ہیں، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ ہزاروں ایسے نوجوان جو پہلے نفس وشیطان کے چنگل میں پھنسے ہوئے تھے، طرح طرح کے گناہوں میں مبتلا تھے، مدنی مذاکروں میں شرکت کی برکت سے مجاہدۂ نفس کرکے کثیر گناہوں سے بچنے میں کامیاب ہوگئے، اَلْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ مدنی مذاکرے تحریری طور پر رسائل کی صورت میں، آڈیو ویڈیو سی ڈیز کی صورت میں مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃً بھی طلب کیے جاسکتے ہیں۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

(9)…قناعت‏

قناعت کی تعریف:

٭قناعت کا لغوی معنی قسمت پر راضی رہنا ہے اور صوفیاء کی اصطلاح میں روز مرہ استعمال ہونے والی چیزوں کے نہ ہونے پر بھی راضی رہنا قناعت ہے۔([112]) ٭حضرت محمد بن علی ترمذی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں: ’’قناعت یہ ہے کہ انسان کی قسمت میں جو رزق لکھا ہے اس پر اس کا نفس راضی رہے۔‘‘([113])٭‏ اگر تنگدستی ہونے اور حاجت سے کم ہونے کے باوجود صبر کیا جائے تو اسے بھی قناعت کہتے ہیں۔([114]) ٭قناعت کی تفصیلی تعریف یوں ہے: ’’ہر وہ شخص جس کے پاس مال نہ ہو اور اسے مال کی ضرورت ہو اوراس کی حالت یہ ہو کہ مال میں رَغبت کی وجہ سے اس کی نزدیک مال کا ہونا نہ ہونے کی نسبت


 

زیادہ پسندیدہ ہو لیکن یہ رغبت اس حد تک نہ پہنچی ہو کہ حصولِ مال کے لیے بھاگ دوڑ کرے بلکہ اگر بآسانی حاصل ہوتو خوشی سے لے لے اور اگر حاصل کرنے کے لیے محنت کرنی پڑے تو چھوڑ دے اس حالت کو قناعت اور ایسے شخص کو قانع یعنی قناعت کرنے والے کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔([115])

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: (وَ اَنَّهٗ هُوَ اَغْنٰى وَ اَقْنٰىۙ۝۴۸) (پ۲۷، النجم:  ۴۸) ترجمۂ کنزالایمان: ’’اور یہ کہ اسی نے غنٰی دی اور قناعت دی۔‘‘

مُفَسِّرِشَھِیرحکیمُ الامَّتمفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان اس آیت کے تحت فرماتے ہیں: ’’یعنی امیروں کو غنا، فقیروںکو صبر وقناعت بخشی یا اپنے محبوبوں کا دل غنی بنایا اور ظاہری قناعت عطا فرمائی، بعض امیروں کو غنا کے ساتھ قناعت بھی دی، ہوس سے بچایا۔‘‘([116])

(حدیث مبارکہ)قناعت پسند رب کا محبوب ہے:

حضرتِ سیدنا سعد بن ابی وقاص رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّپرہیزگار، قناعت پسند اور گمنام بندے کو پسند فرماتا ہے۔‘‘([117])

قناعت کا حکم:

قناعت حضور نبی رحمت شفیع اُمت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی سنت، صحابہ کرام عَلَیْہِمُ


 

الرِّضْوَان اور اولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام  کی مبارک سوغات ہے، ہرمسلمان کو چاہیے کہ اس سوغات کو حاصل کرے، قناعت   اللہ عَزَّ وَجَلَّکا محبوب بننے، اس کی رِضا پانے، قبر وحشر میں آسانی فراہم کرنے اور جنت میں لے جانے والا کام ہے۔

(9)(حکایت)روٹی کے ٹکڑے کے سبب قناعت اختیار کرلی:

منقول ہے کہ حضرت سیِّدُناابراہیم بن اَدہم عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْاَکْرَم  خراسان کے مال دار لوگوں میں سے تھے۔ایک دن آپ اپنے محل سے باہردیکھ رہے تھے کہ ایک شخص پر نظر پڑی جس کے ہاتھ میں روٹی کا ایک ٹکڑا تھا جسے وہ کھارہا تھا،کھانے کے بعد وہ سوگیا۔ آپ نے ایک غلام سے فرمایا:’’جب یہ شخص بیدار ہو تو اسے میرے پاس لانا۔‘‘ چنانچہ اس کے بیدار ہونے پر غلام اسے آپ کے پاس لے آیا۔آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے اس سے فرمایا: ’’اے شخص!کیا روٹی کھاتے وقت تم بھوکے تھے؟‘‘ اس نےعرض کی:’’جی ہاں!‘‘ پوچھا:’’ کیا اس روٹی سے تم سیر ہوگئے؟‘‘عرض کی: ’’جی ہاں!‘‘ آپ نے پھر سوال کیا: ’’روٹی کھانے کے بعدتمہیں اچھی طرح نیند آئی؟‘‘ عرض کی: ’’جی ہاں!‘‘اس کی یہ باتیں سن کرحضرت سیِّدُناابراہیم بن اَدہم عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْاَکْرَم نے د ل میں سوچا:’’جب ایک روٹی سے بھی گزارہ ہوسکتا ہے تو پھر میں اتنی دنیالے کر کیا کروں؟‘‘([118])

قناعت کا ذہن بنانے اور اسے اختیار کرنے کے آٹھ (8)طریقے:

(1)قناعت کے فضائل کا مطالعہ کیجئے:قناعت کے فضائل پر مشتمل چھ روایات ملاحظہ کیجئے: ٭اس شخص کے لیے خوشخبری ہے جسے اسلام کی طرف ہدایت حاصل ہوئی


 

 اس کی روزی بقدرِ کفایت ہےاور وہ اس پر قناعت کرتا ہے۔٭اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے نزدیک پسندیدہ بندہ وہ فقیر ہے جو اپنی روزی پر قناعت اختیار کرتے ہوئے اللہ  عَزَّ وَجَلَّسے راضی رہے۔٭قیامت کے دن ہر شخص چاہے امیر ہو یا غریب اس بات کی تمنا کرے گا کہ اسے دنیا میں صرف بقدرِ کفایت روزی دی جاتی۔٭کل بروزِ قیامت اللہ عَزَّ وَجَلَّمنتخب اور چنے ہوئے لوگوں کو طلب فرمائے گا اور وہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے عطا کردہ رِزق پر قناعت کرنے اور اُس کی تقدیر پر راضی رہنے والے ہوں گے۔ ٭ رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے آلِ محمد کے لیے بقدرِ کفایت رِزق (یعنی قناعت) کی دعا فرمائی۔([119])٭قناعت ایسا خزانہ ہے جو فنا نہیں ہوتا۔([120])

(2)قناعت سے متعلق اَقوالِ بزرگانِ دِین کا مطالعہ کیجئے: ٭علامہ ابوالقاسم عبدالکریم بن ھوازن قشیری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  نقل فرماتے ہیں کہ محتاج لوگ مُردہ ہیں سوائے اس شخص کے جسے   اللہ عَزَّ وَجَلَّقناعت کی عزت سے زندہ رکھے۔٭حضرت سیدنا بشر حافی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْکَافِی فرماتے ہیں کہ قناعت ایک فرشتہ ہے جو صرف مؤمن کے دل میں رہتا ہے۔٭حضرت سیدنا ابوبکر مراغی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ عقل مند وہ ہے جو دُنیوی اُمور کی تدبیر قناعت اور لیت ولعل سے کرے اور آخرت کی تدبیر حرص اور جلدی سے کرے اور دینی معاملات کی تدبیر علم اور کوشش سے کرے۔ ٭حضرت سیدنا ابوعبداللہ بن خفیف رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ مفقود چیز کی اُمید کو ترک کرنا اور موجود چیز کے


 

ساتھ مال داری اختیار کرنا قناعت ہے۔ ٭ حضرت سیدنا وہب رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں کہ عزت اور مالداری دونوں دوست کی تلاش میں نکلیں تو دونوں کی قناعت سے ملاقات ہوگئی تو وہ ٹھہر گئیں۔ ٭ حضرت سیدنا ذوالنون مصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی  نے فرمایا کہ جو شخص قناعت اختیار کرتا ہے وہ اہل زمانہ سے آرام پاتا ہے اور تمام لوگوں سے سبقت لے جاتا ہے۔ ٭ حضرت سیدنا کتانی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے فرمایا کہ جو شخص حرص کو قناعت کے بدلے میں فروخت کردے وہ عزت اور مروت کے ساتھ کامیابی حاصل کرتا ہے۔([121])

(3)ربّ تعالٰی پر کامل یقین رکھیے:دنیا و آخرت میں کامیابی کا بنیادی اُصول ’’اللہ عَزَّ وَجَلَّ پر کامل یقین ‘‘ہے،کیوں کہ بے یقینی کا ایک لمحہ کامیابی کے حصول کےلیے سالہا سال کی جانے والی محنت پر پانی‏پھیر دیتا ہے جبکہ بسا اوقات ساری زندگی ناکام ہونے والے شخص کو لمحہ بھر کا یقین کامیابی سے ہمکنا ر کروادیتا ہے لہٰذا   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رحمت پر یقین رکھیے کیوں کہ آپ کے یقین کی قوت قناعت کا جذبہ بیدار کرنے میں بے حدمعاوِن ثابت ہوگی ۔

(4)حسابِ قیامت سے خود کو ڈرائیے:اگرچہ ضرورت وحاجت سے زائد مال کمانا مباح ہے لیکن یاد رکھیے جس کا مال جتنا زیادہ ہوگا بروزِ قیامت اس کا حساب کتاب بھی اتنا ہی زیادہ ہوگا، زیادہ مال ودولت والے کو کل بروزِقیامت دشواری کا سامنا ہوگا، جبکہ قلیل مال والے لوگ جلدی جلدی حساب کتاب سے فارغ ہوجائیں گے، لہٰذا حسابِ قیامت سے خود کو ڈرائیے، اس سے بھی قناعت اختیار کرنے میں بھرپور مدد ملےگی۔

(5)قناعت کی دعا کیجئے: کہ دعا مؤمن کا ہتھیار ہے، دعا عبادت کا مغز ہے، یوں دعا


 

کیجئے: یَااللہ عَزَّ وَجَلَّحضور نبی پاک صاحب لولاک صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی مبارک قناعت کے صدقے مجھے بھی قناعت کی دولت سے مالا مال فرما۔ آمین

(6)قناعت پسند وںکی صحبت اختیار کیجیے:‏کہ صحبت اثر رکھتی ہے، عموماً دیکھا گیا ہے جب بندہ فضول خرچ اور عیاش لوگوں کی صحبت اختیار کرتا ہے تو وہ بھی فضول خرچی جیسی بیماری میں مبتلا ہوجاتا ہے اور پھر اپنی عیاشیاں پوری کرنے کے لیے حرام وناجائز طریقے سے مال کمانے لگ جاتا ہے، جس سے قناعت رخصت ہوجاتی ہے، لہٰذا قناعت پسند لوگوں کی صحبت اختیار کیجئے کہ اس سے آپ کو بھی قناعت کی دولت نصیب ہوگی۔قناعت پسند انسان متقی ہوتا ہے اور متقی کی صحبت نعمت الٰہی ہے جیسا کہ حضرت سیدنا احمد بن رفاعی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’صاحب تقویٰ کی ہم نشینی بندے پر   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی‏نعمتوں میں سے سب سے بڑی نعمت ہے۔‘‘([122])

‏ (7)مال ودولت کی حرص کا خاتمہ کیجیے:‏دنیوی مال ودولت کی حرص مؤمن کے لیے نہایت خطرناک ہے، اگر اس کی روک تھام نہ کی جائے تو بسا اوقات یہ دنیوی بربادیوں کے ساتھ ساتھ اُخروی ہلاکتوں کی طرف بھی لے جاتی ہے، لہٰذا اسے ختم کرنے کے لیے قناعت اختیار کیجئے۔حضرت سیدنا ابراہیم مارستانی رَحمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کا فرمان ہے: ’’جس طرح قصاص کے ذریعے اپنے دشمن سے انتقام لیا جاتا ہے اسی طرح قناعت اِختیار کرکےاپنی حرص سے‏انتقام لو۔‘‘([123])


 

(8) قناعت کے اجزاء کو حاصل کیجئے: جب اس کے اجزاء حاصل ہوجائیں گے تو قناعت بھی خود بخود حاصل ہوجائے گی۔ قناعت تین چیزو ں‏سے مرکب ہے: عمل، صبر، علم۔ (۱)پہلی چیز عمل ہے یعنی معیشت میں اِعتدال او رخرچ میں کفایت اِختِیار کرنا۔ جو شخص قناعت میں بزرگی چاہتا ہے اُسے چاہئے کہ کم خرچ کرے۔ حدیثِ پاک میں ارشاد ہے: ’’اَلتَّدْبِیْرُ نِصْفُ ‏الْمَعِیْشَۃِ یعنی تد بیر سے کام لینا نصف معیشت ہے۔‘‘([124])(۲) دوسری چیز صبر ہے کہ بندہ اپنے نفس پر صبر کرے اور خواہشات کو کم کرے تاکہ وہ کسی دوسرے حال میں بھی حاجت کی وجہ سے پریشان نہ ہو۔(۳)تیسری چیز علم ہے یہ کہ وہ اِس بات کو جان لے کہ قناعت میں عزّت اور سوال کرنے سے بچت ہے جبکہ طمع میں ذِلّت ہی ذِلّت ہے، پس یوں حرص سے جان چھڑالے اور قناعت کو پالے۔([125])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 (10)عاجزی ‏ واِنکساری

عاجزی وانکساری کی تعریف :

لوگوں کی طبیعتوں اور ان کے مقام ومرتبے کے اعتبار سے ان کے لیے نرمی کا پہلو اختیار کرنا اور اپنے آپ کو حقیر وکمتر اور چھوٹا خیال کرنا عاجزی وانکساری کہلاتا ہے۔([126])

آیت مبارکہ:

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآنِ مجید میں اِرشاد فرماتا ہے:( اِنَّ الْمُسْلِمِیْنَ وَ الْمُسْلِمٰتِ


 

وَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتِ وَ الْقٰنِتِیْنَ وَ الْقٰنِتٰتِ وَ الصّٰدِقِیْنَ وَ الصّٰدِقٰتِ وَ الصّٰبِرِیْنَ وَ الصّٰبِرٰتِ وَ الْخٰشِعِیْنَ وَ الْخٰشِعٰتِ وَ الْمُتَصَدِّقِیْنَ وَ الْمُتَصَدِّقٰتِ وَ الصَّآىٕمِیْنَ وَ الصّٰٓىٕمٰتِ وَ الْحٰفِظِیْنَ فُرُوْجَهُمْ وَ الْحٰفِظٰتِ وَ الذّٰكِرِیْنَ اللّٰهَ كَثِیْرًا وَّ الذّٰكِرٰتِۙ-اَعَدَّ اللّٰهُ لَهُمْ مَّغْفِرَةً وَّ اَجْرًا عَظِیْمًا(۳۵)) (پ۲۲، الاحزاب: ۳۵)ترجمۂ کنز الایمان: بیشک مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں اور ایمان والے اور ایمان والیاں اور فرمانبردار اور فرمانبرداریں اور سچے اور سچیاں اور صبر والے اور صبر والیاں اور عاجزی کرنے والے اور عاجزی کرنے والیاں اور خیرات کرنے والے اور خیرات کرنے والیاں اور روزے والے اورروزے والیاں اور اپنی پارسائی نگاہ رکھنے والے اور نگاہ رکھنے والیاں اور اللہ کو بہت یاد‏کرنے والے اور یاد کرنے والیاں ان سب کے لئے اللہ نے بخشش اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے۔

(حدیث مبارکہ)عاجزی کرنے والے کے لیے بلندی:

حضرت سیدنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہِ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلَاۃِ وَالتَّسْلِیْمنے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص اللہ عَزَّ وَجَلَّکے لئے عاجزی کرتا ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے بلندی عطا فرما تا ہے۔‘‘([127])

‏‏عاجزی وانکساری کاحکم:

اپنے آپ کو تکبر سے بچانا اور عاجزی وانکساری اختیار کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے، البتہ دیگر اَخلاق کی طرح عاجزی کے بھی تین درجے ہیں: (۱) اگر عاجزی ایسی ہو جس میں زیادتی کی طرف میلان ہو تو اسے تکبر کہتے ہیں اور یہ ناجائز وحرام وجہنم میں لے جانے والا مذموم کام ہے۔ (۲) اگر عاجزی ایسی ہو جس میں


 

 کمی کی طرف میلان ہو تو اسے کمینگی وذلت کہتے ہیں مثلاً کسی عالم دِین کے پاس کوئی موچی آئے اور وہ اس کے لیے اپنی جگہ چھوڑ دے اور اسے اپنی جگہ بٹھائے، پھر آگے بڑھ کر اس کے جوتے سیدھے کرے اور پیچھے پیچھے دروازے تک جائے تو اس عالم نے ذلت ورسوائی کو گلے لگایا۔یہ ناپسندیدہ بات ہے بلکہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ہاں اعتدال پسندیدہ ہے یعنی ہر حقدار کو اس کا حق دیا جائے۔ اس طرح کی عاجزی اپنے ساتھیوں اور ہم پلہ لوگوں کے ساتھ بہتر ہے۔عام آدمی کے لیے عالم کی طرف سے تواضع اسی قدر ہے کہ جب وہ آجائے تو کھڑے ہو کر اس کا استقبال کرے،خندہ پیشانی سے گفتگو کرے، اس کے سوال کا جواب دینے میں نرمی برتے، اس کی دعوت قبول کرے، اس کی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کرےاور خود کو اس سے بہتر نہ سمجھے، بلکہ دوسروں کی نسبت اپنے بارے میں زیادہ خوف رکھے نیز اسے حقارت کی نظر سے دیکھے نہ ہی چھوٹا سمجھے، کیونکہ اسے اپنے انجام کی خبر نہیں۔(۳) اگر عاجزی ایسی ہو کہ جس میں میانہ روی ہو یعنی اپنے ہم پلہ اور کم مرتبہ لوگوں کے ساتھ برابر کی عاجزی کرے، نہ تو خود کو ذلت وکمینگی والی جگہ پر پیش کرے، نہ ہی بلندی کی طرف میلان ہو تو ایسی عاجزی شرعاً محمود یعنی قابل تعریف، باعث اَجروثواب اور جنت میں لے جانے والا کام ہے۔([128])

(10)(حکایت)سیدنا عمر بن عبدالعزیز کی عاجزی وانکساری:‏

حضرت سیدنا عمر بن عبد العزیز عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْحَسِیْبرات کے وقت کچھ لکھ رہے تھے


 

 اور آپ کے پاس ایک مہمان بھی موجود تھا ۔ جب چراغ بجھنے لگا تو مہمان نے کہا: ’’میں اٹھ کر چراغ درست کردیتا ہوں۔‘‘ تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے ارشاد فرمایا: ’’مہمان سے خدمت لینا شرافت نہیں۔‘‘اس نے عرض کی:’’تو پھر خادم کو بیدار کردیں۔‘‘ ارشاد فرمایا:’’نہیں کیونکہ وہ ابھی ابھی تو سویا ہے۔‘‘پھر آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے خود صراحی سے تیل نکال کر چراغ میں ڈالا۔مہمان نے بڑے تعجب سے عرض کی: ’’اے امیر المؤمنین!آپ بذاتِ خود کیوں اٹھے ؟‘‘ارشاد فرمایا :’’میں اٹھا تب بھی عمر تھا اور واپس آیا ہوں تب بھی عمر ہی ہوں۔‘‘([129])

عاجزی کا ذہن بنانے اور اپنانے کے گیارہ (11)طریقے:

(1) عاجزی کے فضائل کا مطالعہ کیجئے:٭عاجزی کرنے والے کے لیے فرشتے بلندی کی دعا کرتے ہیں۔٭عاجزی کرنے والے کے لیے خوشخبری ہے۔ ٭ عاجزی کرنے والے بروز قیامت منبروں پر بیٹھے ہوں گے۔٭  اللہ عَزَّ وَجَلَّجسے محبوب رکھتا ہے اسے عاجزی بھی عطا فرماتا ہے۔٭عاجزی کرنے والے کو ساتویں آسمان تک بلندی عطا کی جاتی ہے۔٭عاجزی کرنے والے پراللہ عَزَّ وَجَلَّرحم فرماتا ہے۔([130])مزید فضائل کے لیے حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کی مایہ ناز تصنیف ’’اِحیاء العلوم‘‘جلدسوم، ص۹۹۹سے مطالعہ کیجئے۔

(2)عاجزی سے متعلق بزرگانِ دِین کے فرامین کا مطالعہ کیجئے:٭امیر المؤمنین


 

 سیدنا فاروق اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: ’’بندہ جب   اللہ  عَزَّ وَجَلَّکے لیے عاجزی اِختیار کرتا ہے تو  اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کی لگام بلند کرتا ہے اور   اللہ  عَزَّ وَجَلَّکی طرف سے مقرر فرشتہ کہتا ہے :اٹھ کہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّ تجھے بلندی عطا فرمائے۔‘‘ ٭ اُمّ المؤمنین سیدتنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں: ’’تم لوگ افضل عبادت یعنی عاجزی سے غافل ہو۔‘‘ ٭سیدنا  یوسف بن اسباط رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’زیادہ کوشش اور مجاہدے کی بنسبت تھوڑی عاجزی کافی ہے۔‘‘٭سیدنا فضیل بن عیاض رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے فرمایا: ’’عاجزی یہ ہے کہ تم حق کے سامنے جھک جاؤ اور اس کی پیروی کرو اور اگر بچے یا کسی بڑے جاہل سے بھی حق بات سنو تو اسے قبول کرو۔‘‘٭سیدنا عبداللہ بن مبارک رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’اصل عاجزی یہ ہے کہ تم دنیوی نعمتوں میں اپنے سے کمتر کے سامنے بھی عاجزی کا اظہار کرو حتی کہ تم یقین کرلو کہ تمہیں دنیوی اعتبار سے اس پر کوئی فضیلت حاصل نہیں۔‘‘([131])مزید فرامین کے لیے ’’احیاء العلوم‘‘ جلد سوم، ص۱۰۰۲سے مطالعہ کیجئے۔

(3)عاجزی نہ کرنے کے نقصانات پر غور کیجئے:٭حضرت سیدنا قتادہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’جس شخص کو مال، جمال، لباس یا علم دیا گیا پھر اس نے اس میں عاجزی اختیار نہ کی تو یہ نعمتیں قیامت کے دن اس کے لیے وبال ہوں گی۔ ٭ حضرت سیدنا کعب الاحبار عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْغَفَّار فرماتے ہیں: ’’جو بندہ   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی نعمت پر شکر ادا نہ کرے اور نہ ہی عاجزی کرے تو   اللہ عَزَّ وَجَلَّاُس بندے سے اس کا دنیوی نفع بھی روک دیتا ہے اور اس کے لیے جہنم کا ایک طبقہ کھول دیتا ہے، اب   اللہ عَزَّ وَجَلَّچاہے تو اسے عذاب دے اور چاہے


 

 تو معاف کردے۔٭حضرت سیدنا زیاد نمیری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَلِی فرماتے ہیں: ’’زہد و تقویٰ اپنانے والا عاجزی کے بغیر بے پھل درخت کی طرح ہے۔‘‘٭حضرت سیدنا ابوعلی جوزجانی قُدِّسَ  سِرُّہُ النّوْرَانِی فرماتے ہیں: ’’  اللہ  عَزَّ وَجَلَّجس شخص کی ہلاکت کا ارادہ فرماتا ہے اس سے تواضع، خیر خواہی اور قناعت کو روک دیتا ہے۔‘‘([132])

(4)تکبر کے اَسباب وعلاج کی معرفت حاصل کیجئے:کیونکہ تکبر عاجزی کی ضد ہے، جب تک آپ تکبر کے اسباب کی معلومات حاصل کرکے ان کا علاج نہیں کریں گے تب تک آپ کی ذات میں عاجزی پیدا نہیں ہوگی۔تکبر کی تعریف، اَسباب اور علاج جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ۳۵۲ صفحات پرمشتمل کتاب ’’باطنی بیماریوں کی معلومات‘‘ صفحہ۲۷۵اور ۹۷صفحات پر مشتمل کتاب ’’تکبر‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔

(5)تکبر کی علامات سے خود کو بچائیے:کہ اس طرح خودبخود عاجزی پیدا ہو جائے گی۔تکبر کی چند علامات یہ ہیں:٭منہ پھلالینا، ترچھی نظروں سے دیکھنا، سرکو ایک طرف جھکانا، ٭جب تک اس کے پیچھے چلنے والا کوئی نہ ہو وہ نہ چلے۔٭متکبر دوسروں کی ملاقات کے لیے نہیں جاتا۔٭متکبر اپنے قریب بیٹھنے والے سے نفرت کرتا ہے۔ ٭ متکبر مریضوں اور بیماروں کے پاس بیٹھنے سے بھاگتا ہے۔٭متکبر گھر میں اپنے ہاتھ سے کوئی کام نہیں کرتا۔٭متکبر گھرکا سودا خود نہیں اٹھاتا۔٭ متکبر ادنیٰ لباس نہیں پہنتا۔ ٭ متکبر اپنے حسن وجمال اور طاقت وقوت پر فخر کرتا ہے۔ ٭متکبر اپنے علم پر بھی تکبر کرتا ہے۔([133])واضح


 

 رہے کہ یہ تکبر کی علامات ہیں لیکن جس میں یہ علامات پائی جائیں ضروری نہیں کہ وہ متکبر بھی ہو، اِس لیے کسی بھی مسلمان کی ذات میں اِن علامات کے ہوتے ہوئے اسے متکبر سمجھنا یا اسے متکبر کہنا شرعاً ناجائز وحرام ہے۔

(6)اپنے صلاحیتوں کے قصیدے پڑھنے سے بچیے:‏ یہ خود پسندی ہے جو باطنی بیماری ہے، یہ ناجائز وممنوع وگناہ ہے، جب بندہ خود پسندی میں مبتلا ہوجاتا ہے تو پھر عاجزی واِنکساری اس سے رخصت ہوجاتی ہے، لہٰذا خود پسندی سے اپنے آپ کو بچائیے تاکہ عاجزی وانکساری پیدا ہوا۔ خود پسندی کی معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۳۵۲صفحات پر مشتمل کتاب ’’باطنی بیماریوں کی معلومات‘‘ صفحہ ۴۲ کا مطالعہ کیجئے۔

(7)محاسبۂ نفس کیجئے:عموماً بندے کے سامنے جب اس کی خوبیاں ہی بیان ہوں تو وہ تکبر میں مبتلا ہوجاتا ہے اور عاجزی نہیں کرتا کیونکہ عاجزی تو اپنی خوبیوں کو کم جاننے اور خامیوں کو زیادہ جاننے کا نام ہے۔لہٰذا محاسبۂ نفس کرے کہ اِس طرح اس کی خامیاں سامنے آجائیں گی اور اس کے لیے عاجزی کرنا آسان ہوجائے گا۔ حضرت سیدنا ابو سلیمان دارانی قُدِّسَ  سِرُّہُ النّوْرَانِی فرماتے ہیں: ’’بندہ اس وقت تک عاجزی نہیں کرسکتا جب تک اپنے آپ کو پہچان نہ لے۔‘‘([134])

(8)ہرمسلمان کو اپنے سے اعلیٰ وبرتر جانیے: جب بندہ اپنے آپ کو کسی سے اعلیٰ وبرتر جانتا ہے تو تکبر میں مبتلا ہوجاتا ہے، عاجزی اختیار نہیں کرسکتا، لہٰذا ہرمسلمان کو اپنے سے اعلیٰ وبرتر جانیے کہ اس طرح دل میں عاجزی وانکساری پید ا ہوگی۔حضرت سیدنا حسن


 

 بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِینے فرمایا: ’’کیا تم جانتے ہو عاجزی کیا ہے؟ عاجزی یہ ہے کہ تم اپنے گھر سے نکلو تو جس مسلمان کو دیکھو اسے اپنے سے اَفضل گمان کرو۔‘‘([135])

(9)زبان کا قفل مدینہ لگائیے:دِل کے جذبات کا اظہار زبان سے ہوتا ہے اسی لیے زبان کو دل کا ترجمان کہتے ہیں، یہی‏وجہ ہے کہ جن اَفراد کے دل عاجزی سے بھرپور ہوتے ہیں وہ زبان کا قفل مدینہ لگاتے ہیں یعنی فضول گفتگو سے بچتے ہوئے فقط کام کی گفتگو ہی کرتے ہیں، جبکہ عاجزی سے خالی دل رکھنے والا شخص سننے سے زیادہ دوسروں کو سنانے کی کوشش کرتا ہے دراصل یہ رویہ اپنی برتری ظاہر کرنے کے لیے اختیار کیا جاتا ہے لہٰذا اگر آپ اپنے اندر عاجزی پیدا کرنا چاہتے ہیں تو زبان کا قفل مدینہ لگائیے۔

(10)شکریہ کے ساتھ غلطی قبول کیجیے:‏عاجزی وانکساری پیدا کرنے میں یہ بات نہایت ہی مددگار ہے، بندہ جب اپنی غلطی کو شکریہ کے ساتھ تسلیم کرتا اور اس کی اصلاح کی کوشش کرتا ہے تو اُس کا نفس خود بخود عاجزی کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے،   اللہ  عَزَّ وَجَلَّ کے نیک بندے کبھی بھی اپنی خامیوں کا دفاع نہیں کرتے بلکہ اپنی غلطی کو قبول کرکے اس کی اصلاح کی کوشش کرتے ہیں، شیخ طریقت اَمیراہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو بھی دیکھا گیا ہے کہ آپ عاجزی وانکساری کے پیکر ہیں، ہرمدنی مذاکرہ کے شروع میں خود اعلان فرماتے ہیں کہ ’’اگر بھول کرتا پائیں تو میری اِصلاح فرمائیں، مجھے آئیں بائیں شائیں کرتا، اپنے مَوقف پر بلا وجہ اَڑتانہیں بلکہ شکریہ کے ساتھ اپنی غلطی کو قبول کرتا پائیں گے۔‘‘ہمیں بھی چاہیے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّکے نیک بندوں کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے غلطی قبول کرنے کی


 

 عادت بنائیں اِس کی برکت سے ہمارے لیے عاجزی کرنا آسان ہوجائے گا ۔

(11)دوسروں میں اچھائیاں ڈھونڈکر عاجزی کیجئے:تکبر سے بچنے اور عاجزی اختیار کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ دوسروں کی ذات میں اچھائیاں ڈھونڈکر دل میں عاجزی پیدا کیجئے، مثلاً:٭کسی جاہل کو دیکھے تو دل میں کہے: اس نے جہالت کی وجہ سے   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی نافرمانی کی ہے اور میں نے علم ہونے کے باوجود اللہ عَزَّ وَجَلَّکی نافرمانی کی ہے لہٰذا میرے مقابلے میں اس کا عذر زیادہ قابل قبول ہے۔ ٭ جب کسی عالم کو دیکھے تو یوں کہے: ’’یہ اُن باتوں کا علم رکھتا ہے جن کا مجھے علم نہیں لہٰذا میں کس طرح اِس کی برابر ی کرسکتا ہوں۔‘‘جب آدمی اپنے خاتمے کو پیش نظر رکھے گا تو اپنے آپ سے تکبر دُور کرنے اور عاجزی پیدا کرنے پر قادر ہوسکے گا۔([136])

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 (11)تَذْکِرَۂ مَوت

تذکرۂ موت کی تعریف :

 خوفِ خداپیدا کرنے، سچی توبہ کرنے، ربّ  عَزَّ وَجَلَّسے ملاقات کرنے، دُنیا سے جان چھوٹنے، قربِ الٰہی کے مراتب پانے، اپنے محبوب آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی زیارت حاصل کرنے کے لیے موت کو یاد کرنا تذکرۂ موت کہلاتا ہے۔

آیت مبارکہ :

اللہ عَزَّ وَجَلَّقرآنِ مجید میںاِرشاد فرماتا ہے: (كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ-) (پ۱۷،


 

الانبیاء:۳۵)‏ ترجمۂ کنز الایمان: ’’ہرجان کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔‘‘

(حدیث مبارکہ)لذتوں کو ختم کرنے والی موت کی یاد :

حضرت سیدناابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے روایت ہے کہ رسولُ ﷲ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:’’لذتوں کو ختم کرنی والی (موت) کو زیادہ یاد کیا کرو۔‘‘([137]) یعنی موت کو یاد کرکے لذتوں کو بدمزہ کردو تاکہ ان کی طرف طبیعت مائل نہ ہو اور تم یکسوئی کے ساتھ   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی طرف متوجہ ہوجاؤ۔([138])

تذکرۂ موت کا حکم:

موت کو یاد کرنے کی چارصورتیں ہیں: (1) اگر کوئی شخص دُنیوی مال ودولت میں مگن ہوکر اس کے چھوٹ جانے کی وجہ سے موت کو یاد کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ موت کی مذمت میں مشغول ہوجاتا ہے اور اِس طرح موت کو یاد کرنا اسے اللہ عَزَّ وَجَلَّسے مزید دُور کردیتا ہے تو یہ تذکرۂ موت ناجائز اور ممنوع ہے۔البتہ اگر وہ اس لیے موت کویاد کرتا ہے تاکہ دنیوی نعمتوں میں اس کی دلچسپی نہ رہے اور لذتیں بدمزہ ہوجائیں تو یہ تذکرۂ موت شرعاًمذموم نہیں بلکہ باعث اجروثواب ہے ۔ (2) اگر کوئی شخص موت کو اس لیے یاد کرتا ہے تاکہ دل میں خوفِ خدا پیدا ہو اور یوں اسے سچی توبہ نصیب ہوجائے تو یہ تذکرۂ موت شرعاً جائز اور باعث اجر و ثواب ہے اور اگر یہ شخص موت کو اس خوف کی وجہ سے ناپسند کرتا ہے کہ کہیں سچی توبہ سے پہلے یا سامانِ آخرت کی تیاری سے پہلے موت نہ آجائے تو ایسا


 

کرنا قابل گرفت نہیں۔ (3)اگر کوئی شخص موت کو اس لیے یاد کرتا ہے کیونکہ موت اپنے محبوب ربّ  عَزَّ وَجَلَّسے ملاقات کا وعدہ ہے اور محبت کرنے والا محبوب سے ملنے کا وعدہ کبھی نہیں بھولتا اور عام طور پر یہی ہوتا ہے کہ موت دیر سے آتی ہے لہٰذا یہ شخص موت کی آمد کو پسند کرتا ہے تاکہ نافرمانی کے اس گھر سے جان چھوٹے اور قربِ اِلٰہی کے مرتبہ پر فائز ہوسکے تو یہ تذکرۂ موت بھی جائز، شرعاً محمود یعنی قابل تعریف اور باعث اجرو ثواب ہے۔([139]) (4) اگر اَحکامِ شرعیہ کے موافق زندگی گزارنے والا، فرائض وواجبات وسنن کا پابند کوئی شخص اس لیے موت کو یاد کرتا اور اس کی تمنا کرتا ہے کہ موت کے وقت یا قبر میں میٹھے میٹھے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی زیارت نصیب ہوگی تو یہ تذکرۂ موت بھی شرعاً محمود یعنی قابل تعریف اور باعث اجرو ثواب ہے۔

سکرات میں گر روئے محمد پہ نظر ہوہر موت کا جھٹکا بھی مجھے پھر تو مزہ دے

نبی کے عاشقوں کو موت تو انمول تحفہ ہےکہ اُن کو قبر میں دیدارِ شاہِ انبیاء ہوگا

ہے تمنا ئے عطار یا ربّ ان کے جلوؤں میں یوں موت آئے

جھوم کر جب گرے میرا لاشہ تھام لیں بڑھ کے شاہ مدینہ

(5)حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: ’’ہرحال میں موت کو یاد کرنے میں ثواب اور فضیلت ہےاور یہ ثواب اور فضیلت دنیا میں مگن شخص بھی موت کو یاد کرکے پاسکتا ہے اس طرح کہ دنیا سے الگ تھلک رہے تاکہ دنیاوی نعمتوں میں دلچسپی نہ رہے اور لذتیں بدمزہ ہوجائیں کیونکہ ہر وہ لذت وخواہش جو انسان کے لیے


 

بدمزہ ہو وہ اسبابِ نجات میں سے ہے۔‘‘([140])

(11)(حکایت)موت کی یاد:

حضرتِ سیِّدُناسالم عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْحَاکِمفرماتے ہیں: ایک مرتبہ مُلکِ روم سے کچھ قاصد حضرتِ سیِّدُنا عمر بن عبدالعزیز عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْحَسِیْبکے پاس آئے توآپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے فرمایا :’’جب تم لوگ کسی کو اپنا بادشاہ بناتے ہو تو اس کاکیا حال ہوتا ہے؟‘‘ کہا:جب ہم کسی کو اپنا بادشاہ بناتے ہیں تواس کے پاس ایک گَورکن (یعنی قبر کھودنے والا) آکر کہتا ہے:’’اے بادشاہ !  اللہ عَزَّ وَجَلَّتیری اِصلاح فرمائے !جب تجھ سے پہلا بادشاہ تخت نشین ہو ا تو اس نے مجھے حکم دیا: میری قبر اس اس طرح بنانا اور مجھے اس طرح دفن کرنا۔‘‘ چنانچہ قبرتیار کرلی گئی۔پھر اس کےپاس کفن فروش آکر کہتا ہے: اے بادشاہ! اللہتیری اصلاح فرمائے !جب تجھ سے پہلا بادشاہ تخت نشین ہوا تواس نے مرنے سے قبل ہی ا پنا کفن ،خوشبو اورکافور وغیرہ خریدلیا پھر کفن کو ایسی جگہ لٹکا دیا گیا جہاں ہروقت نظر پڑتی رہے اور موت کی یاد آتی رہے۔‘‘ اے مسلمانوں کے امیر !ہمارے بادشاہ تو اس طرح موت کو یاد کرتےہیں۔رومی قاصد کی یہ بات سن کر حضرتِ سیدنا عمر بن عبدالعزیز عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَدِیْر نے فرمایا: ’’دیکھو! جو شخص   اللہ  عَزَّ وَجَلَّسے ملنے کی امید بھی نہیں رکھتاوہ موت کو کس طرح یاد کرتا ہے، اسے بھی موت کی کتنی فکر ہے؟‘‘ اس واقعہ کے بعد آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  بہت زیادہ بیمار ہوگئے اوراسی بیماری کی حالت میں آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کا انتقال ہو گیا۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّکی اُن پر رحمت ہواور اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔ آمین([141])


 

تذکرۂ موت کا ذہن بنانے اور کرنے کے گیارہ (11)طریقے:

(1)موت سے متعلق روایات کا مطالعہ کیجئے:چندروایات یہ ہیں:٭اگر جانور موت کے بارے میں وہ کچھ جان لیتے جو انسان جانتا ہے تو تمہیں کھانے کے لیے کوئی موٹا جانور نہ مل پاتا۔٭جو دن رات میں بیس مرتبہ موت کو یاد کرے اسے شہیدوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔٭موت مؤمن کے لیے تحفہ ہے۔٭موت ہرمسلمان کے لیے کفارہ ہے۔٭موت کو زیادہ یاد کرو کہ یہ گناہوں کو مٹاتی اور دنیا سے بے رغبت کرتی ہے۔ ٭جدائی ڈالنے کے لیے موت ہی کافی ہے۔٭نصیحت کے لیے موت ہی کافی ہے۔ ٭موت کو زیادہ یاد کرنے اور اس کی زیادہ تیاری کرنے والے لوگ عقل مند ہیں۔([142])

(2) موت سے متعلق اقوالِ بزرگانِ دِین کا مطالعہ کیجئے:چند اقوال یہ ہیں:٭ حضرت سیدنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں: ’’موت نے دنیا کو رسوا کر کے کسی عقل مند کے لیے کوئی خوشی نہ چھوڑی۔‘‘٭حضرت سیدنا ربیع بن خثیم رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’مؤمن موت سے بہتر کسی غائب چیز کا انتظار نہیں کرتا، نیز فرمایا کرتے کہ میری موت کی خبر کسی کو مت دینا اور مجھے تیز تیز میرے ربّ  عَزَّ وَجَلَّکی طرف لے چلنا۔‘‘ ٭حضرت سیدنا محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْنکے سامنے جب موت کا ذکر کیا جاتا تو آپ کے جسم کا ہرحصہ سن ہوجاتا۔٭حضرت سیدنا عمر بن عبد العزیز عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْحَسِیْب روزانہ رات کے وقت علماء کو جمع کرتے پھر آپس میں مل کر قبروآخرت اور موت کے بارے میں گفتگو کرتے پھر سب یوں روتے گویا ان کے سامنے جنازہ موجود ہے۔


 

٭حضرت سیدنا ابراہیم تیمی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  فرماتے ہیں: ’’دو چیزوں نے مجھ سے دنیا کی لذتیں چھڑادیں، ایک موت کی یاد نے اور دوسرا بارگاہِ الٰہی میں کھڑنے ہونے نے۔‘‘ ٭حضرت سیدنا کعب الاحبار عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْغَفَّار فرماتے ہیں: ’’جو شخص موت کو پہچان لیتا ہے اس پر دنیا کی مصیبتیں اور غم ہلکے ہو جاتے ہیں۔‘‘([143])

(3)موت کو اپنے سامنے سمجھتے ہوئے یاد کیجئے:امام غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں: ’’موت کو یاد کرنے کا فائدہ اس طریقے سے پہنچ سکتا ہے کہ موت کو اپنے سامنے سمجھتے ہوئے یاد کرے اور اس کے علاوہ ہرچیز کو اپنے دل سے نکال دے جیسے کوئی شخص خطرناک جنگل میں سفر کا ارادہ کرے یا سمندری سفر کا ارادہ کرے تو بس اسی کے بارے میں غور وفکر کرتا رہتا ہے، لہٰذا جب موت کی یاد کا تعلق دل سے براہِ راست ہوگا تو اس کا اثر بھی ہوگا اور علامت یہ ہوگی کہ دنیا سے دل اتنا ٹوٹ چکا ہوگا کہ دنیا کی ہر خوشی بے معنی ہو کر رہ جائے گی۔‘‘([144])

(4) موت کی یاد پختہ کرنے والے اَقوال کا مطالعہ کیجئے:تین اقوال یہ ہیں: ٭ حضرت سیدنا ابودرداء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: ’’جب تم مردوں کو یاد کرو تو اپنے آپ کو بھی انہی میں شمار کرو۔‘‘٭حضرت سیدنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: ’’خوش قسمت ہے وہ شخص جو دوسروں سے نصیحت حاصل کرے۔‘‘٭ حضرت سیدنا عمر بن عبد العزیز عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَدِیْر فرماتے ہیں: ’’تم اس بات میں غور و فکر کیوں نہیں کرتے کہ روزانہ صبح شام کسی نہ کسی کو بارگاہِ الٰہی کے لیے تیار کرتے رہو اور اسے گڑھے


 

 میں ڈال دیتے ہو حالانکہ مٹی اس کا تکیہ بن جاتی ہے، دوست احباب پیچھے رہ جاتے ہیں اور اسباب ختم ہوجاتے ہیں۔‘‘([145])

(5)جنازوں میں شرکت کیجئے: یہ بھی موت کو یاد کرنے اور اس کی یاد کو پختہ کرنے نیز آخرت کی تیاری کرنے میں بہت معاون ہے، جب کوئی جنازوں میں شرکت کرتا ہے تو اسے اپنی موت یاد آجاتی ہے، اس کا دل نرم ہوجاتا ہے، دل کی سختی دور ہوجاتی ہے، اسے نیکیوں سے محبت اور گناہوں سے نفرت ہونے لگتی ہے، وہ یہ تصور کرتا ہے کہ آج اس شخص کا جنازہ میں پڑھ رہا ہوں کل میرا جنازہ میرے دوست پڑھ رہے ہوں گے، یوں وہ توفیق الٰہی سے اپنی آخرت کی تیاری میں لگ جاتا ہے۔

جنازہ آگے بڑھ کر کہہ رہا ہے اے جہاں والو!

مرے پیچھے چلے آؤ تمہارا رہنما میں ہوں

(6)قبرستان جانے کی عادت بنائیے:یہ عمل بھی موت کی یاد کو پختہ کرنے میں بہت مفید ہے، خود رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمبھی زیارتِ قبور کے لیے تشریف لے جایا کرتے تھے، زیارتِ قبور سے یہ مدنی ذہن بنتا ہے کہ آج ان لوگوں کا یہ ٹھکانہ ہے، کل میرا بھی یہی ٹھکانہ ہوگا، ان قبروں میں سے کئی ایسی قبریں ہوں گی جو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہوں گی اور کئی جہنم کے گڑھوں میں سے ایک گڑھا، نجانے میری قبر جنت کا باغ ہوگی یا جہنم کا گڑھا؟یوں وہ موت کی یاد اور آخرت کی تیاری کی طرف مائل ہوجاتا ہے۔

(7)موت سے متعلق کتب ورسائل کا مطالعہ کیجئے:موت اور اس کی یاد کو پختہ کرنے،


 

فکر آخرت پیداکرنے، دنیوی لذتوں کو ختم یا کم کرنے ، آخرت کی تیاری کا مدنی ذہن دینے والی مکتبۃ المدینہ کی چند مطبوعہ کتب ورسائل کے نام یہ ہیں: ٭ نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں٭جہنم میں لے جانے والے اعمال ٭ دنیا سے بے رغبتی اور امیدوں کی کمی ٭ احیاء العلوم، جلدپنجم٭جہنم کے خطرات ٭ آئینہ عبرت ٭قبر میں آنے والا دوست٭توبہ کی روایات وحکایات٭خوف خدا ٭قبر کھل گئی٭مردہ بول اٹھا٭بدنصیب دولہا٭برے خاتمے کے اسباب ٭ چار سنسنی خیز خواب٭قبر کی پہلی رات٭قبر والوں کی 25حکایات ٭ قیامت کے امتحان٭قبر کے امتحان٭مردے کے صدمے۔

(8)عبرت ناک واقعات کا مطالعہ یا مشاہدہ کیجئے:اگر ہم معاشرے، شہر، ملک یا دیگر ممالک پر غور کریں یا ان کے متعلق خبریں پڑھیں تو ہم پر ظاہر ہوگا کہ آئے دن کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ پیش آتا ہی رہتا ہے جو ہمیں موت کی یاد دلاتا ہے، روزانہ بیسیوں ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں، کئی لوگوں کی اَموات ہوجاتی ہیں، کئی لوگ معذور ہوجاتے ہیں، قدرتی آفات جیسے طوفان، زلزلے اور سیلاب وغیرہ کے واقعات بھی پیش آتے ہی رہتے ہیں جن میں بسا اوقات ہزاروں لاکھوں لوگوں کی جانیں چلی جاتی ہیں، یہ سب واقعات ہمیں موت کی یاد دلاتے ہیں۔ موت کی یاد اور فکر آخرت پیدا کرنے کے لیے تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حضرت مولانا حاجی محمد عمران عطاری مدَّظِلُّہُ الْعَالِیکے مدنی چینل پر نشر کیے گئے سلسلے’’عبرت ناک خبریں‘‘ کی ویڈیوز دیکھنا بھی بہت مفید ہے۔

(9)موت کے بعد پیش آنے والے حالات پرمشتمل کتب کا مطالعہ کیجئے:اس کے


 

لیے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۳۲۴صفحات پر مشتمل کتاب ’’152رحمت بھری حکایات‘‘ کا مطالعہ بہت مفید ہے، جس میں تقریباً ۹۲ بزرگوں کے موت کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کیا گیا ہے۔

‏(10)موت کے موضوع پر ہونے والے بیانات سنیے : شیخ طریقت، امیر اہلسنت بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہکے درج ذیل آڈیو،ویڈیو بیانات کو سننا بہت مفید ہے:

٭موت کی سختیاں٭بیکسی کی موت٭جوان موت٭اچھی بری موت ٭ موت کی منظر کشی٭موت کی سختی٭موت کا انتظار ہے دنیا٭اموات سے عبرت حاصل کیجئے٭موت آکر رہے گی٭موت سے فرار کہاں؟٭عبرتناک موتیں ٭ بادشاہوں کی موت٭قبر کی پہلی رات٭قبر کی تباہ کاریاں٭قبر کی پکار٭زمین کھاگئی نوجواں کیسے کیسے؟٭ڈھل جائے گی یہ جوانی٭شکستہ کھوپڑی٭قبر کا سلوک٭مردے کی پکار٭اہل قبر کی سرگزشت٭قبر کا اندرونی منظر٭قبر کے شعلے ٭قبروں کے مناظر ٭برے خاتمے کے اسباب٭ملک الموت کے نمائندے ٭بادشاہوں کی ہڈیاں ٭ مردے کے صدمے۔

(11)دنیا سے چلے جانے والے لوگوں کے احوال کو یاد کیجئے:موت کو یاد کرنے کا سب سے مفید طریقہ یہ ہے کہ بندہ اس دنیا سے چلے جانے والےچہروں،صورتوں اوران کے مرنے اور مٹی کے نیچے دفنائے جانے کو یاد کرےنیز ان کے حالات اور عُہدوں کو یاد کرے اور غور کرے کہ کس طرح مٹی میں ان کی حسین صورتیں ملیامیٹ ہوچکی ہیں،کس


 

 طرح قبروں میں ان کےاجزا بکھرچکے ہیں،کس طرح ان کی عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہوگئے،کس طرح ان کا مال خرچ کیا گیا اور ان کی بنائی ہوئی عمارتیں اور بسائی ہوئی محفلیں بے رونق ہوگئیں،کس طرح وہ اپنی جوانی پر بھروسا اور لہوو لعب میں مبتلا ہوکر جلد آنے والی موت سے غافل تھے، وہ جن ہاتھوں اور پاؤں سے دنیا جمع کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے اب ان کے وہی ہاتھ پاؤں اور جوڑ علیحدہ علیحدہ چکے ہیں، جس زبان کے ذریعے وہ گفتگو کیا کرتے تھے اب اس زبان کو کیڑے کھا چکے ہیں، جن دانتوں سے وہ ہنسا کرتے تھے اب مٹی اُن کے دانتوں کو کھا چکی ہے، وہ اپنی موت سے غافل مرنے سے پہلے سالہا سال کی جمع پونجی میں لگے ہوئے تھے کہ خبر ہی نہ ہوئی اور موت آگئی، مَلک الموت عَلَیْہِ السَّلَام کی‏صورت ظاہر ہوئی اور بغیر مہلت دیے اُن کی رُوح قبض کرلی گئی۔یہ سب تصور کرنے کے بعد وہ سوچے گا کہ میں بھی تو ان کے جیسا ہوں اور میری غفلت بھی ان کی غفلت جیسی ہے اور عنقریب میرا بھی وہی انجام ہو گا جو اِن سب کا ہوا ہے۔

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

 (12)…حُسْنِ  ظَنّ

حسن ظن کی تعریف :

‏ کسی مسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا ’’حسن ظن ‘‘کہلاتا ہے۔

آیت مبارکہ :

اللہ عَزَّ وَجَلَّارشاد فرماتا ہے: (لَوْ لَاۤ اِذْ سَمِعْتُمُوْهُ ظَنَّ الْمُؤْمِنُوْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتُ بِاَنْفُسِهِمْ خَیْرًاۙ-وَّ قَالُوْا هٰذَاۤ اِفْكٌ مُّبِیْنٌ(۱۲)) (پ۱۸، النور: ۱۲) ترجمۂ کنزلایمان:


 

’’کیوں نہ ہوا جب تم نے اسے سنا تھا کہ مسلمان مردوں اور مسلمان عورتوں نے اپنوں پرنیک گُمان کیاہوتا اور کہتے یہ کھلا بہتان ہے۔‘‘اس آیت کے تحت تفسیر خزائن العرفان میں ہے: ’’مسلمان کو یہی حکم ہے کہ مسلمان کے ساتھ نیک گُمان کرے اور بدگُمانی ممنوع ہے۔‘‘([146])

(حدیث مبارکہ)مسلمان کے ساتھ حسن ظن رکھنے کی حرمت:

حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور نبی رحمت شفیع امت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکو طواف کرتے ہوئے یہ فرماتے سنا: ’’(اے کعبہ!)تو کتنا پاکیزہ ہے، تیری خوشبو کتنی پاکیزہ ہے، تو کتنا معظم ہے، تیری حرمت کتنی زیادہ ہے، لیکن اس ذات کی قسم! جس کے قبضۂ قدرت میں محمد (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم)کی جان ہے!   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے نزدیک ایک مؤمن، اس کے مال، اس کے خون، اس کے ساتھ حسن ظن رکھنے کی حرمت تیری حرمت سے بھی زیادہ ہے۔‘‘([147])

حسن ظن کا حکم:

مفسر قرآن صدرالافاضل مولانا مفتی نعیم الدین مراد آبادی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی فرماتے ہیں: ’’حُسن ظن کبھی تو وَاجب ہوتاہے جیسے   اللہ عَزَّ وَجَلَّکے ساتھ اچھا گمان رکھنا اور کبھی مستحب جیسے کسی نیک مؤمن کے ساتھ نیک گمان کرنا۔‘‘([148])علامہ عبدالغنی نابلسی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں:’’جب کسی مسلمان کا حال پوشیدہ ہو (یعنی اس کے نیک وبد ہونے کا علم نہ ہو تو)تو اُس سے حُسن ظن رکھنا مستحب اور اُس کے بارے میں بدگمانی کرنا حرام ہے۔‘‘([149])


 

(12)(حکایت)حسن ظن کی برکت سے شفا مل گئی:

منقول ہے کہ ایک بارڈاکوؤں کی ایک جماعت لوٹ مار کے لیے نکلی، اسی دوران اُنہوں نے رات ایک مسافر خانے میں قیام کِیا اور وہاں یہ ظاہر کیا کہ ہم لوگ راہِ خدا کے مسافر ہیں۔مسافرخانے کامالِک نیک آدمی تھا اُس نے رِضائے الٰہی عَزَّ وَجَلَّ پانے کی نیت سے ان کی خوب خدمت کی،صبح وہ ڈاکو کسی طرف روانہ ہوگئے اور لوٹ مار کرکے شام کو واپَس وَہیں آگئے۔ گزشتہ شب مسافر خانے والےکے جس لڑکے کو (اُنہوں نے) چلنے پھرنے سے معذور دیکھا تھاوہ آج بِلا تکلف یعنی بغیر کسی تکلیف کے چل پھر رہا تھا! اُنہوں نے تعجب کے ساتھ مسافر خانے والے سے پوچھا:’’کیا یہ وہی کل والا معذورلڑکانہیں؟‘‘ اُس نے بڑے احترام سے جوابدیا: ’’جی ہاں!یہ وہی ہے۔‘‘ پوچھا:’’یہ کیسے صحت یاب ہوگیا؟‘‘ جواب دیا:’’ یہ سب آپ جیسے راہِ خدا‏کے مسافِروں کی بَرکت ہے، بات یہ ہے کہ آپ لوگوں نے جو کھایا تھا اُس میں سے کچھ بچ گیا تھا، ہم نے آپ حضرات کا جُوٹھا کھانا بہ نیت شِفا اپنے معذور بچے کو کِھلایا اور جھوٹے پانی سے اس کے بدن پر مالش کی،   اللہ عَزَّ وَجَلَّنے آپ جیسے نیک بندوں کے جھوٹے کھانے اورپانی کی برکت سے ہمارے معذور بچے کو شِفاء عطا فرمادی۔‘‘ جب ڈاکوؤں نے یہ سُنا تو ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے، روتے ہوئے کہنے لگے: ’’ یہ سب آپ کے حسنِ ظن کا نتیجہ ہے ورنہ ہم تو سخت گنہگار لوگ ہیں، سنو ہم راہِ خداکے مسافر نہیں ڈاکو ہیں،اللہ عَزَّ وَجَلَّکی اِس کرم نوازی نے ہمارے دلوں کی دُنیا زیر و زبر کردی، ہم آپ کو‏گواہ بنا کر توبہ کرتے ہیں۔‘‘ چنانچہ اُن ڈاکوؤں نے تائب ہو کر نیکی کا راستہ اپنا لیا اور مرتے دم تک توبہ پر ثابت قدم رہے۔([150])


 

حسن ظن کا ذہن بنانے اور حسن ظن قائم کرنے کے نو (9)طریقے:

(1)حسن ظن کے فوائد پیش نظر رکھیے : ٭حسن ظن ایک جائزوحلال، باعث اجر وثواب وجنت میں لے جانے والا کام ہے۔٭حسن ظن سے احترامِ مسلم پیدا ہوتا ہے۔ ٭حسن ظن سے بدگمانی دور ہوجاتی ہے۔٭حسن ظن سے دلی کینہ دور ہوجاتا ہے۔ ٭ حسن ظن سے بغض اور حسد دور ہوتا ہے۔٭حسن ظن سے دل میں مسلمانوں کی محبت پیدا ہوتی ہے۔٭حسن ظن سے ناجائز دشمنی ختم ہوجاتی ہے۔ ٭حسن ظن سے بدلہ لینے کی چاہت ختم ہوتی ہے۔٭حسن ظن سے عفوودرگزرکی سعادت نصیب ہوتی ہے۔٭حسن ظن سے سکونِ قلب نصیب ہوتا ہے۔٭حسن ظن کرنے سے بندہ غیبت سے بچ جاتا ہے۔٭حسن ظن کرنے سے آپس میں محبت برھتی اور نفرت ختم ہوتی ہے۔٭حسن ظن کرنے میں مسلمانوں کی عزت کا تحفظ ہے۔٭حسن ظن کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس میں کوئی نقصان نہیں۔ چنانچہ شیخ طریقت امیر اہلسنّت بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں: ’’حسن ظن میں کوئی نقصان نہیں اور بدگُمانی میں کوئی فائدہ نہیں۔‘‘([151])

(2)بدگمانی کی ہلاکتوں ونقصانات پر غور کیجیے:٭بدگمانی ایک ناجائزوحرام اورجہنم میں لے جانے والا کام ہے۔٭بدگمانی سے احترامِ مسلم ختم ہو جاتا ہے۔ ٭ بدگمانی حسن ظن کی دشمن ہے۔٭بدگمانی برترین جھوٹ ہے۔٭بدگمانی سے دلی کینہ پیداہوجاتا ہے۔٭بدگمانی سے بغض اور حسد پیدا ہوتا ہے۔٭بدگمانی سے دل میں مسلمانوں کی


 

 نفرت پیدا ہوتی ہے۔٭بدگمانی سے ناجائز دشمنی پیداہوجاتی ہے۔ ٭بدگمانی سے بدلہ لینے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔٭بدگمانی عفوودرگزرکی سعادت سے محروم کردیتی ہے۔ ٭جس نے اپنے مسلمان بھائی سے برا گمان رکھا اس نے اپنے ربّ سے برا گمان رکھا۔ ٭ بدگمانی سے سکونِ قلب رفع یعنی ختم ہوجاتا ہے۔ ٭بدگمانی کرنے سے بندہ غیبت میں بھی مبتلا ہو جاتا ہے۔٭بدگمانی کرنے سے آپس میں نفرت بڑھتی اور محبت ختم ہوتی ہے۔ ٭بدگمانی کرنے میں مسلمانوں کی عزت کی پامالی بھی ہے۔٭بدگمانی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ اس میں کوئی فائدہ نہیں۔ چنانچہ شیخ طریقت امیر اہلسنّت بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ فرماتے ہیں: ’’حسن ظن میں کوئی نقصان نہیں اور بدگُمانی میں کوئی فائدہ نہیں۔‘‘([152])

(3) مسلمان بھائیوں کی خوبیوں پر نظر رکھیے:اس سے حسن ظن کی دولت نصیب ہوگی کیونکہ جو بندہ اپنے مسلمان بھائیوں کی خامیوں پر نظر رکھتا ہے وہ عموماً بدگمانی میں مبتلا ہوجاتا ہے، ویسے بھی ایک حقیقی مسلمان کے لیے خوش نظر ہونا سعادت مندی کی بات ہے کہ وہ حتی المقدور مسلمان بھائیوں کی اچھائیوں پر ہی نظر رکھتا ہے۔

عیبوں کو ڈھونڈتی ہے عیب جو کی نظر

جو خوش نظر ہیں وہ ہنر و کمال دیکھتے ہیں

(4)دِل کو وسوسوں سے پاک کیجیے : وسوسے شیطان کی طرف سے ہوتے ہیں اور شیطان کبھی بھی یہ نہیں چاہے گا کہ کوئی مسلمان اپنے دوسرے مسلمان کے بارے میں حُسْنِ


 

ظن کرے بلکہ اس کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ میں کسی طرح اس کے دل میں اس کے بھائی کے متعلق گندے خیالات اور وسوسے پیدا کرکے اسے بدگمانی میں مبتلا کردوں جس کے سبب یہ دیگر باطنی بیماریوں میں مبتلا ہو کر اپنی دنیا وآخرت کو تباہ وبرباد کردے، جب بھی کسی مسلمان کی بدگمانی کا وسوسہ پیداہوتو ’’لَاحَولَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْم‘‘ پڑھیے۔

(5) اپنی اِصلاح کی کوشش جاری رکھیے: جو شخص اپنی اِصلاح کی کوشش جاری رکھتا ہے وہ دیگر مسلمانوں کے بارے میں بدگمانی سے کام نہیں لیتا بلکہ اچھا گمان رکھتا ہے۔ عربی مقولہ ہے: اِذَا سَاءَ فِعْلُ الْمَرْءِ سَاءَتْ ظُنُوْنُہُیعنی جب کسی کے کام برے ہوجائیں تو اس کے گمان بھی برے ہوجاتے ہیں۔‘‘([153])          

(6)اپنے آپ کو تجسس سے بچائیے: تجسس یعنی مسلمانوں کی ٹوہ میں لگے رہنا بھی بدگمانی کی طرف لے جانے والی ایک سیڑھی ہے، جب بندہ ہر وقت اس چکر میں رہے کہ کون کیا کررہا ہے تو پھر شیطان بھی اس کے دل میں طرح طرح کے برے خیالات پیدا کرتا رہتا ہے اوروہ بدگمانی کا شکار ہوکر حسن ظن سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔

(7)بدگمانوں کی صحبت سے دُور رہیے: جب بندہ ایسے لوگوں کی صحبت اختیار کرتا ہے جو دیگر مسلمانوں کے بارے میں بدگمانی سے بھرپور کچھ نہ کچھ اظہار خیال کرتے ہی رہتے ہیں تو ان کا اثر اس پر بھی ہوجاتا ہے اور پھریہ بھی بدگمانی میں مبتلا ہوجاتا ہے، اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ کسی سے گفتگو کرتے ہوئے تیسرے شخص کے بارے میں کلام ہی نہ کیا جائے یا کیا بھی جائے تو اچھا کلام کیا جائے، اسی طرح بے فائدہ کلام یا کام کو ترک کردیا


 

جائے۔فرمانِ مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمہے: ’’اِنسان کے اسلام کی خوبیوں میں سے ہے کہ جو نفع نہ دے اسے چھوڑ دے۔‘‘([154])

(8)بدگمانی سے بچتے ہوئے حسن ظن کے مواقع تلاش کیجئے:چند مواقع یہ ہیں: ٭ آپ کی دعوت میں نہ پہنچنے والے اسلامی بھائی نے ملاقات ہونے پر اپنا کوئی عذر پیش کیا تو حسن ظن سے کام لیتے ہوئے اس کے عذر کو قبول کرلیجئے۔٭آپ نے اپنی اولاد کو کوئی کام بولا وہ نہ کرسکی تو حسن ظن سے کام لیجئے کہ ہوسکتا ہے ان کے ذہن سے نکل گیا ہو۔ ٭ کسی کو فون کیا اور وہ نہ اٹھائے تو حسن ظن سے کام لیجئے کہ ہوسکتا ہے وہ کہیں مصروف ہو۔ ٭اسی طرح آپ کے میسیج کا جواب نہ آئے تو یوں حسن ظن کیجئے کہ ہوسکتا ہے ابھی تک انہوں نے میسیج ہی نہ پڑھا ہو، یا پڑھنے کے بعد ان کے ذہن سے نکل گیا ہو۔٭آپ نگران ہیں، ماتحت نہ آیا یا لیٹ ہوگیا تو حسن ظن سے کام لیجئے کہ بس لیٹ ہوگئی ہوگی، یا ہوسکتا ہے اس کے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آگیا ہو، یاہوسکتا ہے اس کی طبیعت ناساز ہو۔ ٭ آپ نے کسی کو بلایا اس نے توجہ نہ دی تو حسن ظن کرلیجئے کہ ہوسکتا ہے اس تک آپ کی آواز پہنچی ہی نہ ہو۔٭آپ نے کسی کو کھانے کی دعوت دی، اس نے قبول نہ کی تو حسن ظن سے کام لیجئے کہ ہوسکتا ہے اس نے پہلے ہی کھانا کھا لیا ہو، یا ہوسکتا ہے اس کا نفلی روزہ ہو۔ ٭ دو افراد سرگوشی کررہے ہوں تو حسن ظن سے کام لیجئےکہ ہوسکتا ہے کوئی ضروری گفتگو کر رہے ہوں۔٭کسی نے قرض لیا اور رابطے میں نہیں آرہا تو حسن ظن سے کام لیجئے کہ ہو سکتا ہے کہیں مصروف ہوگا۔الغرض والدین و اولاد، بھائی و بہن، زوج و زَوجہ، ساس و بہو،


 

سسر و داماد، نند و بھاوَج بلکہ تمام اہلِ خانہ و خاندان نیز اُستاد و شاگرد، سیٹھ و نوکر، تاجر و گاہک، اَفسرو مزدور، حاکم و محکوم یہ تمام لوگ اپنے اپنے مختلف معاملات میں حسن ظن قائم کرنے کی ترکیب بناسکتے ہیں، واضح رہے کہ بدگمانی کے مواقع تو بہت ہوتے ہیں کیونکہ ان میں شیطان کی معاونت ہوتی ہے لیکن عموماً حسن ظن کے مواقع بہت کم نظر آتے ہیں، حالانکہ بندہ تھوڑا سا غور کرے تو وہ تمام مواقع جہاں شیطان ہم سے بدگمانی کرواتا ہے حسن ظن سے کام لیاجاسکتا ہے، بس کوشش کرنا شرط ہے۔

(9)حسن ظن کی دعا کیجیے:حسن ظن   اللہ عَزَّ وَجَلَّکی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے، حسن ظن کے سبب رحمت الٰہی بندے کی طرف متوجہ ہوجاتی ہے، لہٰذا بارگاہِ الٰہی میں حسن ظن کی دعا یوں کیجئے: ’’  یَااللہ عَزَّ وَجَلَّ! میری سوچ کو پاکیزہ فرماکر مجھے حسن ظن کی دولت عطا فرما، بدگمانی کو مجھ سے دُور فرمادے۔‘‘ آمین

صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!          صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد



...[1] تادم تحریر(جمادی الثانی ۱۴۳۸ھ)مزیدشعبے قائم ہوچکے ہیں: (۷)فیضانِ قرآن (۸) فیضانِ حدیث (۹) فیضانِ صحابہ واہل بیت (۱۰) فیضانِ صحابیات وصالحات (۱۱) شعبہ امیراہلسنت مَدَّظِلُّہُ (۱۲) فیضانِ مدنی مذاکرہ (۱۳) فیضانِ اولیاء وعلماء (۱۴) بیاناتِ دعوتِ اسلامی (۱۵) رسائل دعوتِ اسلامی (۱۶) عربی تراجم۔مجلس المدینۃ العلمیۃ

 

...[2] احیاء العلوم، ۴/۷ماخوذا۔

...[3] فتاویٰ رضویہ،۲۳/ ۶۲۴ملخصا۔

...[4] نزہۃ القاری ، ۱ / ۲۲۴ ملتقطاً۔

...[5] احیاءالعلوم،الباب الثانی  فی الاخلاص ۔۔۔الخ،بیان حقیقۃ الاخلاص، ۵/ ۱۰۷۔

...[6] تفسیر صراط الجنان، پ۱، الفاتحہ: تحت الآیۃ: ۱، ۱/ ۴۳۔

...[7] صراط الجنان، پ۲، البقرہ، تحت الآیۃ: ۱۵۳، ۱/ ۲۴۶۔

...[8] احیاء العلوم، ج۳، ص۱۶۵۔

...[9] احیاء العلوم، ج۵، ص۳۱۹۔

...[10] احیاء العلوم، ۵/ ۳۲۸۔

...[11] احیاء العلوم،۵/۳۵۹۔

...[12] التعریفات للجرجانی، ص۱۲۶۔

...[13] الرسالۃ القشیریۃ، باب القناعۃ، ص۱۹۷۔

...[14] احیاء العلوم،۴/ ۲۰۰۔

...[15] فیض القدیر، حرف الھمزۃ، ۱/ ۵۹۹، تحت الحدیث: ۹۲۵ماخوذا ۔

...[16] احیاء العلوم، ۴/ ۱۱ ملخصا۔

...[17] الحدیقۃ الندیۃ، الخلق الثالث و الاربعون،۲/ ۱۱۷ماخوذا۔

...[18] مرآۃ المناجیح، ۳/۳۰۴ملخصا۔

...[19] احیاء علوم الدین، کتاب الخوف والرجاء، باب بیان حقیقۃ الخوف، ۴/ ۱۹۰ ماخوذا،خوف خدا، ص۱۴۔

...[20] احیاء العلوم، ۴/ ۶۴۷۔

...[21] احیاء العلوم، ۴/ ۶۸۴۔

...[22] فیض القدیر، ۲/ ۷۰۹، تحت الحدیث: ۲۵۵۰ ماخوذا۔

...[23] الحدیقۃ الندیۃ،۲/ ۳۸۳ماخوذا۔

...[24] التعریفات للجرجانی، باب الصاد، ص۹۵۔

...[25] احیاء علوم الدین، کتاب الخوف والرجاء، بیان حقیقۃ الرجا، ۴/ ۱۷۴، ا۷۵ ملخصاً۔کیمائے سعادت،اصل سیم  در خوف ورجاہ، حقیقت رجا،۲/ ۸۱۰ ملخصاً۔

...[26] احیاء العلوم ، ۵/ ۱۶۔

...[27] الرسالۃ القشیریۃ،باب المحبۃ، ص۳۴۸۔

...[28] معجم کبیر، ۱۰/ ۱۳۹، حدیث: ۱۰۲۳۹۔

...[29] بہار شریعت،حصہ شانزدہم،۳/ ۵۴۲ ملخصا۔

...[30] مرآۃ المناجیح، ۶/۵۸۴)

...[31] احیاء العلوم، ۴/ ۵۰۴، ۵۰۵ماخوذا۔

...[32] مکاشفۃ القلوب، ص۱۱۰ماخوذا۔

...[33] نزہۃ القاری، ۱/ ۲۲۴ ملتقطاً۔

...[34] خزائن العرفان، پ۱۵، الاسراء، تحت الآیۃ: ۱۹۔

...[35] بخاری ، کتاب بدء الوحی، باب کیف کان بدء الوحی۔۔۔الخ، ۱/ ۶، حدیث: ۱۔

...[36] معجم کبیر،یحییٰ بن قیس، ۶/ ۱۸۵، حدیث: ۵۹۴۲۔

...[37] مسند الفردوس، باب المیم،۴/ ۳۰۵، حدیث: ۶۸۹۵۔

...[38] بہارشریعت، ۱/ ۱۰۱۵، حصہ پنجم۔

...[39] نماز کے احکام، ص۱۹۹۔

...[40] بہارشریعت، ۱/ ۹۹۲، حصہ دوم، ماخوذا۔

...[41] فتاویٰ رضویہ،۸/ ۴۵۲۔

...[42] فتاوی، رضویہ، ۷/ ۱۸۹۔

...[43] قوت القلوب،الفصل الثامن فی الاخلاص۔۔۔الخ، ۲/ ۲۶۷۔

...[44] الرسالۃا لقشیریۃ، باب رؤیا القوم، ص۴۲۲۔

...[45] حلیۃ الاولیاء، یحی بن کثیر، ۳/ ۸۲، رقم:۳۲۵۷۔

...[46] قوت القلوب،الفصل السابع والثلاثون فی شرح الکبائر۔۔۔الخ، ۲/ ۲۵۶۔

...[47] جامع العلوم و ‏الحکم،الحدیث الاول، ص۲۳۔

...[48] فیضانِ اِحیاء العلوم، ص۳۷ملخصاً۔

...[49] الکامل فی التاریخ، سنۃ۳۲۶، ۷/ ۱۳۷، ۱۳۸۔

...[50] احیاءالعلوم،الباب الثانی  فی الاخلاص ۔۔۔الخ،بیان حقیقۃ الاخلاص، ۵/ ۱۰۷۔

...[51] خزائن العرفان، پ۳۰، البینہ، تحت الآیۃ: ۵ماخوذاً۔

...[52] نوادر الاصول، الاصل السادس، ۱/ ۴۴، حدیث: ۴۵۔

...[53] احیاء العلوم،۵/ ۲۷۹ ملخصاً۔

...[54] مکاشفۃ القلوب،الباب الحادی عشر، فی طاعۃ اللہ ومحبۃ رسولہ،ص۳۹۔

...[55] اتحاف السادۃ المتقین،کتاب النیۃ و الاخلاص، الباب الاول فی النیۃ، ۱۳/ ۲۰۔

...[56] منہاج العابدین، ص۴۴۵ماخوذا۔

...[57] الزھد لاحمد بن حنبل ،اخبار عبد اللہ بن عمر، ص۲۱۵، رقم:۱۱۰۶۔

...[58] صفۃ الصفوۃ،احمد بن محمد بن حنبل، ۲/ ۲۲۳، رقم:۲۶۲۔

...[59] احیاء العلوم، ج۵، ص۲۵۶ تا ۲۶۳ ماخوذا۔

...[60] احیاء العلوم، ج۵، ص۲۶۰ ملخصاً۔

...[61] الرسالۃ القشیریۃ، باب الاخلاص، ص۲۴۳ ماخوذا۔

...[62] مسلم، کتاب الامارۃ، باب من قاتل للریا والسمعۃ استحق النار، ص۱۰۵۵، حدیث: ۱۹۰۵۔

...[63] احیاء العلوم، ۵/ ۲۷۱ تا ۲۷۴ملتقطا، الرسالۃ القشیریۃ، باب الاخلاص، ص۲۴۴۔

...[64] خزائن العرفان، پ۸، الاعراف، تحت الآیۃ: ۱۰۔

...[65] تفسیر صراط الجنان، پ۱، الفاتحہ: تحت الآیۃ: ۱، ۱/ ۴۳۔

...[66] التوقيف على مهمات التعاريف ،ص۲۰۷۔

...[67] خزائن العرفان، پ۱۳، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۷۔

...[68] معجم اوسط، ۵/ ۲۴۴، حدیث: ۷۲۱۲۔

...[69] خزائن العرفان، پ۲، البقرہ، تحت الآیۃ: ۱۷۲۔

...[70] خزائن العرفان، پ۱، البقرہ، تحت الآیۃ: ۵۰ماخوذا۔

...[71] خزائن العرفان، پ۷، المائدہ، تحت الآیۃ: ۱۱۴۔

...[72] عیون الحکایات، حصہ اول، ص۱۴۶۔

...[73] احیاء العلوم، ۴/ ۳۷۳۔

...[74] ترمذی، کتاب الایمان، باب ما جاء لا یزنی الزانی وھومؤمن،۴/ ۲۸۴، حدیث: ۲۶۳۵۔

...[75] احیاء العلوم، ۴/ ۳۷۷ تا ۳۸۲ملخصا۔

...[76] صراط الجنان، پ۲، البقرہ، تحت الآیۃ: ۱۵۳، ۱/ ۲۴۶۔

...[77] نوادر الاصول ، الاصل الخامس والثمانون والمائۃ، ج۲، ص۷۰۰، حدیث: ۹۶۳۔

...[78] احیاء العلوم، ۴/ ۲۰۶۔

...[79] احیاء العلوم، ۴/ ۲۲۱۔

...[80] اِحیاء العلوم، ۴/ ۲۱۵۔

...[81] اِحیاء العلوم، ۴/ ۲۱۵۔

...[82] احیاء العلوم، ۴/۳۷۸۔

...[83] احیاء العلوم، ۳/۱۶۵۔

...[84] خزائن العرفان، پ۲۹، القلم، تحت الآیۃ: ۴۔

...[85] ترمذی،کتاب البر والصلۃ، باب ما جاء فی حسن الخلق، ۳ /۴۰۳،حدیث:۲۰۰۹۔

...[86] وفیات الاعیان، حسن بن علي بن ابي طالب،۲/ ۵۵۔

...[87] احیاء العلوم، ۳/ ۱۶۰ ماخوذا۔

...[88] شعب الایمان، باب فی حسن الخلق، ۶/ ۳۶۴، حدیث: ۸۵۴۲۔

...[89] مجمع الزوائد، کتاب الادعیۃ، باب الاجتھاد فی الدعا، ۱۰/ ۲۷۴، حدیث: ۱۷۳۶۷۔

...[90] شعب الایمان، باب فی صلۃ الارحام،۶/ ۲۲۲، حدیث: ۷۹۵۹۔

...[91] احیاء العلوم،۳/۵۰۸۔

...[92] احیاء العلوم، ج۵، ص۳۱۹۔

...[93] احیاء العلوم، ۵/ ۳۴۹۔

...[94] احیاء العلوم، ۵/ ۳۵۰۔

...[95] ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ، باب:۲۵، ۴/ ۲۰۷، حدیث: ۲۴۶۷۔

...[96] احیاء العلوم، ج۵، ص۳۱۵۔

...[97] احیاء العلوم،۵/ ۳۴۸، ۳۴۹۔

...[98] احیاء العلوم،۵/ ۳۴۸، ۳۴۹۔

...[99] احیاء العلوم،۵/ ۳۴۸، ۳۴۹۔

...[100] احیاء العلوم،۵/ ۴۱۲۔

...[101] احیاء العلوم، ج ۵، ص ۴۱۰۔

...[102] احیاء العلوم، ۵/ ۳۲۸۔

...[103] بخاری، کتاب الایمان، باب سوال جبریل۔۔۔الخ،۱/ ۳۱، حدیث: ۵۰ملتقطا۔

...[104] الرسالۃ القشیریۃ، باب المراقبۃ،۲۲۵۔

...[105] الرسالۃ القشیریۃ، باب المراقبۃ، ص۲۲۶۔

...[106] الرسالۃ القشیریۃ، باب المراقبۃ، ص۲۲۶۔

...[107] احیاء العلوم،۵/۳۵۹۔

...[108] احیاء العلوم، ۵/ ۳۵۹، الرسالۃ القشیریۃ، باب المجاھدہ، ص۱۳۵۔

...[109] جامع الاحادیث، مسند طلحہ بن عبیداللہ، ۹/ ۹،  حدیث: ۸۹۱۷۔

...[110] جامع الاحادیث، مسند طلحہ بن عبیداللہ، ۹/ ۹،  حدیث: ۸۹۱۷۔

...[111] احیاء العلوم،۵/ ۳۵۴۔

...[112] التعریفات للجرجانی، ص۱۲۶۔

...[113] الرسالۃ القشیریۃ، باب القناعۃ، ص۱۹۷۔

...[114] احیاء العلوم،۴/ ۲۰۰۔

...[115] احیاء العلوم، ۴/ ۵۶۳ ماخوذا۔

...[116] نورالعرفان، پارہ۲۷، النجم، تحت الآیۃ: ۴۸۔

...[117] مسلم ،کتاب الزھدو الرقائق، ص ۱۵۸۵،حدیث:۲۹۶۵۔

...[118] احیاء العلوم، ۴/ ۵۹۱۔

...[119] احیاء العلوم،۴/ ۵۸۸۔

...[120] الزھد الکبیر للبیھقی، فصل فی بیان الزھد وانواعہ، ص۸۸۔

...[121] الرسالۃ القشیریۃ، باب القناعۃ، ص۱۹۶ تا ۱۹۸ ملتقطا۔

...[122] الانوار القدسیۃ فی آداب الصحبۃ،ص۱۹۹۔

...[123] نتائج الافکار القدسیۃ،باب القناعۃ، جزء:۳، ۲/ ۷۷۔

...[124] فردوس الاخبار،۱/ ۳۰۷،حدیث:۲۲۴۰۔

...[125] لباب الاحیاء، ص۲۳۸ماخوذا۔

...[126] فیض القدیر، حرف الھمزۃ، ۱/ ۵۹۹، تحت الحدیث: ۹۲۵ماخوذا ۔

...[127] مسلم، کتاب البر والصلۃ۔۔۔الخ ، باب استحباب العفووالتواضع ، ص‏۱۳۹۷، حدیث: ۲۵۸۸۔

...[128] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۸۹ماخوذا ۔

...[129] الرسالۃ القشیر یۃ،باب الخشوع والتواضع، ص۱۸۳۔

...[130] احیاء العلوم، ج۳، ص۱۰۰۱ ماخوذا۔

...[131] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۰۲ملتقطاً۔

...[132] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۰۴تا ۱۰۰۸ملتقطا۔

...[133] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۴۶، ۱۰۴۷ملتقطا۔

...[134] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۰۷۔

...[135] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۰۵۔

...[136] احیاء العلوم،۳/ ۱۰۷۶۔

...[137] ابن ماجۃ، کتاب الزھد، باب ذکر الموت والاستعداد،۴/ ۴۹۵، حدیث: ۴۲۵۸۔

...[138] احیاء العلوم، ۵/ ۴۷۷۔

...[139] احیاء العلوم، ۵/ ۴۷۵ملخصا۔

...[140] اِحیاء العلوم،۵/ ۴۷۷۔

...[141] ون الحکایات، حصہ دوم، ص۳۸۰۔

...[142] احیاء العلوم، ۵/ ۴۷۷ملخصا۔

...[143] احیاء العلوم،۵/ ۴۷۹، ۴۸۰ ملتقطا۔

...[144] احیاء العلوم، ۵/ ۴۸۲۔

...[145] احیاء العلوم،۵/ ۴۸۳۔

...[146] خزائن العرفان، پ۱۸، النور، تحت الآیۃ: ۱۲۔

...[147] ابن ماجہ، کتاب الفتن، باب حرمۃ دم المؤمن ومالہ، ۲/ ۳۱۹، حدیث: ۳۹۳۲۔

...[148] خزائن العرفان، پ۲۶، الحجرات ، تحت الآیۃ ۱۲ ۔

...[149] الحدیقۃ الندیۃ ،  ۲/ ۱۶ملخصا۔

...[150] کتاب القلیوبی، ص۲۰۔

...[151] بدگمانی، ص۴۲۔

...[152] بدگمانی، ص۴۲۔

...[153] بدگمانی، ص۳۳۔

...[154] ترمذی، کتاب الزھد، باب:۱۱، ۴/ ۱۴۲، حدیث: ۲۳۲۴۔